The Latest

وحدت نیوز(لاہور) شہادت باب الحوائج امام موسی کاظم علیہ سلام کے موقع پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن صوبائی اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام موسی کاظم علیہ سلام  نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا۔

 انہوں نے کہا کہ امام ہفتم راتوں کو سحر تک بیدار رہتے اور آپ کی شب زندہ داری ہمیشہ استغفار، طویل سجدوں، بہتے آنسووں، کثرتِ مناجات اور دورانِ عبادت مسلسل گریہ و زاری کے ساتھ ہوا کرتی آپ کی مقبولیت سے خائف ہو کر ظالم و جابر حکومت نے طویل عرصہ کیلئے سخت ترین قید و بند میں ڈالا اور بالاخر قید میں ہی زہر دے کر شہید کر دیا۔

 انہوں نے کہا کہ آپ ؑ نے بھی تمام آئمہ معصومین کی طرح اپنی امامت کے ٣٥ برسوں کے دوران دین اسلام کے احیاء اور الہٰی اقدار کے فروغ کے لئے ہر قسم کی مشکلات اور پریشانیوں کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور راہِ اسلام میں صبر و استقامت کو عملی جامہ پہنایا۔

وحدت نیوز (تھرپارکر) مرکزی معاون سیکریٹری تنظیم سازی مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ غزالہ جعفری اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع حیدرآباد کی سیکریٹری نشر و اشاعت محترمہ کنول بتول نےضلع تھرپارکر کا دورہ کیا ۔

اس دورے کا مقصد ایم ڈبلیو ایم کے زیرانتظام چلنے والے مدرسہ حضرت آمنہ سلام اللہ علیہا کو نصابی اور غیر نصابی سامان کی فراہمی کیساتھ ساتھ ضلع تھرپارکر میں تنظیمی سیٹ اپ کی تشکیل تھا جسکے لیے محترمہ رباب کو ضلعی سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری امور تنظیم سازی مولانا سید علی انور جعفری بھی موجود تھے ۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) امامیہ آرگنائزیشن پاکستان شعبہ خواتین کے زیر اہتمام امامیہ سنٹر میںنور ولایت سمینار منعقد ہوا مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ نرگس سجاد جعفری مرکزی سیکریٹری سیاسیات ، محترمہ بینا شاہ مرکزی مسئول آفس اور محترمہ صدیقہ کائنات ضلعی سیکریٹری ضلع اسلام آباد نے شرکت کی ۔

 محترمہ نرگس سجاد جعفری نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے عدل امام علی علیہ السلام پر روشنی ڈالتے ہوئے سمینار میں موجود خواتین کی توجہ ایک واقعہ کی جانب مبذول کرائی جو کوفہ امام علی علیہ السلام میں پیش آیا کہ’’ جارج جرداق اس واقعے کا کو یوں ذکر کرتا ہے، جب امام علی (ع) نے ایک بوڑھے یہودی کو کوفے میں بھیک مانگتے ہوئے دیکھا تھا۔ امام نے سوال کیا کہ یہ میری حکومت میں بھیک کیوں مانگ رہا ہے۔ اس نے کہا یاعلی! کل تک مجھ میں قوت تھی، میں کام کرتا تھا، لیکن اب مجھ میں قوت نہیں رہی۔ امام نے فرمایا اسکی تمام ضرورتوں کو بیت المال کے ذریعہ پورا کیا جائے اور اسے ماہانہ وظیفہ دیا جائے۔ کسی نے کہا یاعلی! یہ یہودی ہے۔ آپ نے فرمایا یہ ایک انسان ہے، جب تک اسکے جسم میں قوت تھی، اس نے معاشرے کی خدمت کی ہے۔ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اسکی ضرورتوں کو پورا کرے۔ یہ علی بن ابی طالب (ع) ہیں، جنہوں نے انسانی بنیادوں پر تقسیم اموال کیا ہے۔ یہ عدالت انسانی کی آواز ہے اور عدالت کی حدود عالمی حدود ہیں۔ اس پر غور و فکر ہونا چاہیئے، اس پر گفتگو اور کام ہونا چاہیئے‘‘

محترمہ نرگس سجاد نے خواتین کے مقام ومنزلت کو بیان کرتے ہوے کہا کہ آج جو لوگ آزادی نسواں کا نعرہ لگا کر عورت کی آبرو کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ 8 مارچ آزادی نسواں کی بجائےیوم حجاب کی تجویز کا خیر مقد م کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کسی ملک یا قوم کی ترقی اور فلاح و بہبود ميں برابر کردار ادا کر سکتی ہيں ۔کسی بھی ملک کی تعمير و ترقی ميں عورتوں کا مردوں کے برابر حصہ ہوتا ہے ، مردوں کے ساتھ عورتيں بھی سماجی اور اقتصادی ميدان ميں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کرکے آگے بڑھ سکتی ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر معاشرے میں عورت علم و معرفت اور روحانی و اخلاقی کمالات پرفائز ہو جائے جو اللہ تعالی اور ادیان الہی نے تمام انسانوں، بشمول مرد و زن، کے لئے یکساں طور پر معین کئے ہیں تو بچوں کی بہتر تربیت ممکن ہو سکے گی، گھر کی فضا زیادہ پاکیزہ اور محبت آمیز ہو جائے گی، معاشرہ زیادہ ترقی کر سکے گا۔

وحدت نیوز(چنیوٹ) شعبہ خواتین ضلع چینیوٹ کی سیکرٹری جنرل محترمہ عابدہ عرفان کی زیر سرپرستی فاطمہ کالونی رجوعہ سادات میں یونٹ تشکیل دیا گیا ۔اس موقع پر جامعہ بعثت کے مسئول تبلِیغات علامہ عقیل سیال صاحب نے خطاب کیا اور معاشرے میں خواتین کے کردار کی اہمیت کیساتھ ساتھ تنظیم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا ۔محترمہ ریحانہ اقبال کو یونٹ کا سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا نشست میں علاقے کی خواتین نے بھرپور شرکت کی ۔

وحدت نیوز (لاہور) رکن پنجاب اسمبلی اور مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کی آڑ میں ملک میں فحاشی، عریانی اور بے حیائی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اسلام میں یہ عمل حرام ہے، اس کیخلاف ہر سطح پر مخالفت کی جانی چاہیے۔

لاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عورت حیا اور عفت کی علامت ہے، پاکستانی خواتین عورت مارچ جیسے غیر ملکی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنیں گی، کیونکہ عورت مارچ کی شرکاء کا عورتوں کے حقیقی مسائل سے دور دور کا تعلق نہیں ہوتا۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستانی خواتین اپنے حقیقی مسائل کو اجاگر کریں اور ان کا حل بھی تلاش کرنے کی کوشش کریں تاکہ این جی اوز مافیا اور مادر پدر آزادی کے حامی ٹولے کو حقیقت بے نقاب کی جا سکے۔

وحدت نیوز(لاہور) لاہور الفاطمہ مسجد و امام بارگاہ واپڈا ٹاؤن میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین مرکز کی جانب سے تیرہ ، چودہ اور پندرہ رجب کی تاریخوں میں خواتین کے لیے سالانہ اعتکاف ِ علوی ؑکا اہتمام مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی کی زیر سرپرستی کیا گیا ۔

معنویت سے بھرپور اس اعتکاف کی محفل میں خواتین نے تلاوت قرآن ، دعا و مناجات اور ذکر خداوندی کیساتھ ساتھ مختلف معلمات اور علماے کرام کے دروس سے بھی استفادہ کیا ۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی ، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی و رکن قرآن بورڈ محترمہ معصومہ نقوی ،جناب مولانا حسن مھدی کاظمی اور خانم اقصی ذاکر نے معتکفین سے مختلف موضوعات پر خطاب کیا ۔

اعتکاف کے تیسرے اور آخری روز مجلس شہادت جناب زینب الکبری سلام اللہ علیھا سے خانم اقصی ذاکر نے خطاب کیا ، نماز ظہرین کے بعد اعمال ام داود کا اہتمام کیا گیا جس میں معتکفین کے ساتھ ساتھ لاہور کے دیگر علاقوں سے بھی خواتین نے شرکت کی۔

 اس موقع پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے بھی شرکت کی اور تمام معتکفین خواہران میں خاک شفا و تسبیح بطور تبرک تقسیم کیا ْ

آخر میں منتظمین کی جانب سے اعتکاف میں شرکت کرنے والی خواہران کا شکریہ ادا کیا گیا، اس موقع پر محترمہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ محترمہ صبا رضا اور محترمہ زیدی اور ان کی پوری ٹیم  اور الفاطمہ مسجد و امام بارگاہ انتظامیہ کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے اس نورانی اعتکاف کے انتظامات کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی کابینہ سے بھرپور تعاون کیا۔

وحدت نیوز(گلگت) امیر المومنین حضرت علی ان ابی الطالب علیہ السلام کے یوم ولادت بسعادت کے موقع پر تربیت گاہ زینب کبریؑ  ( یتیم خانہ ) کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔جشن کی تقریب سے مرکزی سیکٹرٹری یوتھ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سائرہ ابراہیم نے بھی خطاب کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی الطالبؑ کائنات کی ایک ایسی عظیم الشان ہستی ہیںجن کی سیرت پاک میں انسان اور انسانیت کی بقا اور آزادی کا راز مضمر ہے ۔حضرت علی علیہ السلام کی شان اور فضیلتوں کا احاطہ کرنا ناممکن ہے بلکہ قرآن و علم پر مکمل دسترس رکھنے والے ہی کسی حد تک ان کی معرفت حاصل کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات فقط کسی خاص مسلک،ملت یا مذہب سے وابسطہ نہیں بلکہ آپ کائنات کے ذرہ ذرہ کا سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابدی زندگی اور دنیوی کامیابی حاصل کرنے کے لئے معرفت امام کی ضرورت ہے ۔تقریب سے منتظم مدرسہ خانم نور جہاں (فارغ التحصیل قم المقدس ) نے بھی خطاب کیا اور معاشرہ سازی اور یتیموں کے لئے کی گئیں مجلس وحدت مسلمین کی کوششوں کو سراہا اختتام پر بچوں میں عیدی کے طور پر نقدی تقسیم کی گئی۔

وحدت نیوز(لاہور) تیرہ رجب یوم ولادت با سعادت امیرالمومنین،  شیر خدا ، وصی رسول اللہ ، مولائے کائنات حضرت علی علیہ سلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن صوبائ اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں  کہا پروردگار کا لاکھ لطف و احسان ہے کہ اس نے اپنے محبوب نبی کے بعد ہمیں امام علی علیہ جیسا رہبر و رہنما عطا کیا آپ کی ذات فضائل و کمالات کا ایسا مجموعہ ہے کہ کوئی دانشور مفکر نکتہ داں اس کا احاطہ نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ امیرالمومنین ایسی شخصیت ہیں جن کے اندر متضاد صفات پائی جاتی ہیں۔ جو شخص جنگجو ہوتا ہے وہ اہل عبادت نہیں ہوتا، جو طاقت کے بل بوتے پر زندگی بسر کرتا ہے وہ زاہد و پرہیزگار نہیں ہو سکتا، جو ہمیشہ تلوار چلاتا ہو اور منحرف افراد کو سیدھے راستے پر لگاتا ہو وہ لوگوں پر مہربان نہیں ہو سکتا لیکن حضرت امیر المومنین علیہ السلام اس ذات کا نام ہے جس میں متضاد صفات پائی جاتی تھیں۔ وہ دنوں کو روزے رکھتے تھے اور راتوں کو عبادت میں مصروف رہتے انہوں نے کہا کہ آج تیرہ رجب  ایسا دن ہے جس میں رسول اسلام صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کو قرآن کریم اور اپنی سنت کا مفسّر ملا ہے اور دین اسلام کو اس دن حامی و مددگار ملا ہے، اس عظیم مولود کے وجود سے بعثت رسول اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پایہ تکمیل تک پہنچی اور دین کامل ہوا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امام علی علیہ سلام کی محبت و ولایت ہمارا ایمان ہے اسکے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوتا پیروان امیرالمومنین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عظیم الہی نعمت کی قدر کریں اور ان کے سیرت و کردار کو مشعل راہ بنا کر دنیا و آخرت میں نجات کا سامان کریں۔

وحدت نیوز(اٹک)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع اٹک کے زیر اہتمام بھارت کی ظالم جابر مودی سرکار کی ہندوستان کے مسلمانوں کے خلاف مسلم اقدامات اور حالیہ دنوں حجاب کی پابندی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا گیا جس میں تینوں یونٹس کی خواہران کے علاؤہ اہلسنت والجماعت کی خواہران نے شرکت کی ۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواہر چمن نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں کردار زینبی ع ادا کرنا چاہیے جیسے بی بی زینب ع نے مشرک فاسق یزید کے سامنے کلمہ حق کہا اور اپنے پردہ کی حفاظت کی  اسی طرح جہاں پر ظلم ہو اسی طرح حق کے سامنے ڈٹ جانا چاہیے چاہے آپ تعداد میں کم کیوں نہ ہو حق ہمیشہ غالب آتا ہے اور مسکان خان کے ساتھ ہماری پوری مسلم امت کھڑی ہے ۔

خواہر زینب بنت الہدی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری سوشل میڈیا نے بھی حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کا ساتھ دینا اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ایک مؤمن کی نشانی ہے اور اس پر خاموشی اختیار کرنا ظلم کے ساتھ دینے کے مترادف ہے۔احتجاج میں مرکزی مسئول مالیات خواہر قراةالعین اور ضلعی سیکرٹری جنرل خواہر نزہت نقوی اور ضلعی مسئول مالیات خواہر عاصمہ نوید اور ایکس سیکرٹری جنرل خواہر زینب رباب کے علاؤہ پی ٹی آئی اٹک کینٹ کی صدرماریہ نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے زیر اہتمام اسلام آباد،لاہور،کراچی،کوئٹہ، پشاوراور آزادکشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں "یوم حجاب" منایا گیا جس کا مقصد بھارت اور دنیا کے دیگر ممالک میں حجاب پر پابندی کے خلاف اپنے ردعمل کا اظہار کرنا تھا۔اس  سلسلے میں اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

مقررین نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مودی حکومت کے متعصبانہ اقدامات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نے ہندوستان میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔مودی کے سطحی اقدامات ریاست ہند کے ٹکروں میں تقسیم کا راہ ہموار کریں گے۔بھارت کی ظالم، جابر اور فاشسٹ مودی حکومت کے  مسلم کش اقدامات، حجاب پر پابندی کا حالیہ فیصلہ اور مسلم خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور امت مسلمہ کو آواز بلند کرنی چاہیے۔

اسلام اباد میں ہونے والے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے خواہر قندیل زہرا کاظمی نے کہا مغرب کی پیروی کرتے ہوئے  بھارتی حکومت حجاب کے خلاف نہ صرف قانون سازی کر رہی ہے بلکہ خواتین کو حجاب اتارنے اور عملی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات میں آئے دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔حجاب فقط ہندوستان میں بسنے والی خواتین کا حق نہیں بلکہ تمام کلمہ گو خواتین  کا شرعی فریضہ ہے۔ ہندوستان کے اندر  مسلمانوں پر جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور مسئلہ حجاب کے خلاف جو سازشیں کی جارہی ہیں اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ہندوستان کروڑوں مسلمانوں کا مسکن ہے ۔ یہ کہاں کی جمہوریت ہے کہ کروڑوں انسانوں کے بنیادی حقوق کو پائمال کرتے ہوئے ان کے خلاف قانون پاس کرایا جائے ۔بھارت میں مذہبی جنونیوں کے سامنے نعرہ توحید بلند کرنے والی بیٹی مسکان تنہا نہیں ہم سب مائیں، بہنیں ،بیٹیاں ان کے ساتھ ہیں ۔آر ایس ایس کے غنڈوں کے ناروا رویے کے خلاف ہم سراپا احتجاج ہیں ۔ 

مودی حکومت ہوش کے ناخن لے.حجاب محض عورت سے منسوب نہیں بلکہ یہ مکمل نظام اخلاق اور نظام عفت و عصمت ہے ۔ حجاب کو مسلم خواتین کی پسماندگی کی علامت قرار دینے والے اس کی طاقت سے آگاہ نہیں۔ مغرب اور بھارت کی حجاب دشمنی دراصل اسلام دشمنی اور ان کے  دوہرے معیار پر دلالت کرتا ہے۔ مغرب نے عسکری و ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے مسلم معاشرے کی ثقافت و روایات کو مسخ کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم مسلم خواتین اسلامی تعلیمات کے دفاع میں کبھی پیچھے نہیں رہیں گی۔

حجاب کے دفاع میں ان گنت قربانیاں دی گئی ہیں۔ مسلم خواتین کے حجاب کے حوالے سے مغرب کا رویہ  نفرت آمیز، پر تعصب اور عدم برداشت کا ہے۔عدالت میں مروا شیربینی کا حجاب کی وجہ سے قتل ،اور مجمع عام میں مسکان جیسی نہتی لڑکی کے خلاف ہجوم کی نعرہ بازی نام نہاد مہذب طبقے کی اصلیت کو واضح کرتا ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے محترمہ قندیل زہراء مرکزی سیکریٹری خواہران زینب (زینبیہ گائیڈ ) ، محترمہ خدیجہ کائنات ضلعی سیکریٹری جنرل ضلع اسلام آباد ۔ محترمہ بینا شاہ مرکزی آفس مسئول شعبہ خواتین اور محترمہ بتول صاحبہ یونٹ آرگنائزر علی پور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین نے بھی خطاب کیا ۔

Page 24 of 113

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree