The Latest
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گلگت بلتستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سابق رُکن گلگت بلتستان اسمبلی محترمہ بی بی سلیمہ صاحبہ نے امام علی رضا علیہ سلام کی ولادت با سعادت کےپرمسرت موقع پر جاری تہنیتی پیغام میں کہا کہ11ذیقعدہ آمدِ نورِ امام رؤف ، ضامن آهو، کریم ابن کریم، ولی ابن ولی، شہنشاہ خراسان، امام علی ابن موسی الرضا علیهما السلام کے موقع پر تمام عالم اسلام بالخصوص امام زمانہ عج کی خدمت اقدس میں ھدیہ تبریک پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امام رضا (ع) کی معنوی ، علمی اور سیاسی شخصیت کا مطالعہ کرتے ہیں تو امام رضا (ع) ایک امتیازی حیثیت کے حامل نظر آتے ہیں وہ اس طرح کہ آئمہ حقہ امامیہ میں حضرت امیر المومنین (ع) کی ظاہری خلافت کے بعد امام رضا (ع) ہی وہ فرد ہیں جنہوں نے اپنے دور امامت میں ولی عہدی کے منصب پر فائز ہوکر قرآنی آیات میں بیان کردہ شرائط کی تکمیل کے ساتھ انتظام مملکت میں اعانت کی عملی مثال قائم کی اور بتایا کہ دین سیاست سے اور سیاست دین سے جدا نہیں بشرطیکہ یہ عمل احکام خداوندی کے تحت بجالایا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں تاجدار امام رضا علیہ سلام کی ولادت با سعادت کے موقع پر جاری تہنیتی پیغام میں کہا کہ ولادت با سعادت امام رؤف امام رضاعلیہ سلام پر مسرت موقع پر تمام عالم اسلام بالخصوص امام زمانہ عج کی خدمت اقدس میں ھدیہ تبریک پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا امام رضا ع بلند و بالا اخلاق اور آداب رفیعہ سے آراستہ تھے آپ سیرت و اخلاق ، گفتار و کردار ، تقوی و عبادات الہی ہر صفت اور پہلو میں اپنے جد رسول خدا صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کے مشابہ تھے ان کا کہنا تھا امام رضا علیہ سلام نے اپنی حکمت وبصیرت کے ساتھ مامون کی شاطرانہ چالوں کا مقابلہ کیا اور اسکے ناپاک ارداوں کو سبکے سامنے آشکار کیا۔
انہوں نے کہا امام رضا ؑ اپنے زمانہ میں سب سے زیادہ اعلم اور افضل تھے اور آپ نے ان اہل زمانہ کو مختلف قسم کے علوم جیسے علم فقہ،فلسفہ ،علوم قرآن اور علم طب وغیرہ کی تعلیم دیا دنیا کے جن علماء کو مامون آپ کا امتحان لینے کے لئے جمع کرتا تھا وہ ان سب سے زیادہ آپ ؑ پر یقین اور آپ کے فضل وشرف کا اقرار کرتے تھے ،کسی علمی وفدنے امام ؑ سے ملاقات نہیں کی مگر یہ کہ اس نے آپ کے فضل کا اقرار کرلیا۔مامون آپ کو لوگوں سے دور رکھنے پر مجبور ہوگیاکہ کہیں آپ کی وجہ سے لوگ اس سے بدظن نہ ہوجائیں۔
وحدت نیوز(سکردو) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین و پارلیمانی سیکرٹری برائے وویمن ڈویلپمنٹ کنیز فاطمہ علی نے گرلز ہائی سکول گمبہ سکردو کا دورہ کیا۔اس موقع پر ہیڈ ماسٹر گرلز ہائی سکول گمبہ سکردو حاجی یوسف نے خوش آمدید کہا اور دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔رکن اسمبلی نے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طالبات کو سکول میں درپیش مسائل سنے۔
پارلیمانی سیکرٹری نے ہیڈ ماسٹر حاجی یوسف کی کوششوں اور تعلیمی خدمات کو سراہا۔انہوں نے سابق ڈائریکٹر مجید خان کی ذاتی کوششوں سے بننے والی زیر تعمیر بلاک کا بھی دورہ کیا اور مجید خان کی ویژن اور فرض شناسی کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اپنے دورے کے موقع پر طالبات کے درپیش لیبارٹری، فرنیچر، عمارت اور اساتذہ کی کمی کے مسائل کے حل کے لئے کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس دوران ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ علی محمد کریمی بھی ہمراہ تھے اور انہوں نے گرلز کالج گمبہ سکردو آمد پر خوش آمدید کہا اور انکی تعلیم دوست کاوشوں کو بھی سراہا۔
وحدت نیوز(تھرپارکر) مرکزی رابطہ سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ سیمی نقوی کی قیادت میں معصومہ قمؑ گرلز گائیڈز نے گوٹھ آدم رند میں سمر پمپ کا افتتاح کیا مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رابطہ سیکرٹری سیدہ سیمی نقوی نے اپنی رضاکار ٹیم معصومہ قم گرلز گائیڈز کے ہمراہ منیر ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے گوٹھ آدم رند تھر پارکر میں سمر پمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر محترمہ سیمی نقوی نے جناب ڈاکٹر منیر صاحب کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل ضلع تھر پارکر میں مخیر حضرات کے تعاون سے تعلیم بالغاں اسکول و مدرسہ کی بنیاد رکھی گئی تھی جس میں درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے وفد نے اسکول کا دورہ کیا اور طلباء سے سوال و جواب کیے اور ان میں انعامات تقسیم کیے علاوہ ازیں معصومہ قم گرلز گائیڈز کی جانب سے پورے گاؤں میں نیاز کی صورت میں طعام تقسیم کیا گیا ۔
وحدت نیوز(حیدرآباد)عشرہ کرامت کے آغاز پر گلشاہ مدرسہ و امامبارگاہ کی انتظامیہ طرف سے خانہ فرہنگ حیدر آباد میں سیرت امام رضاؑ و حضرت معصومہ قمؑ کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت سیدہ عظمی تقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پروگرام سے خطاب کیا ۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع حیدر آباد کی سیکرٹری جنرل محترمہ ارم محسن اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ نزہت حیدر بھی نے بھی شرکت کی،اپنے خطاب میں محترمہ عظمی تقوی نے سیرت جناب معصومہ قم سلام اللہ علیھا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بیبی سلام اللہ علیھا غیر معصوم ہوتے ہوئے بھی عصمت و طہارت کی اس منزل پر فائز ہو چکی تھیں کہ معصوم امامؑ نے انہیں معصومہ کا لقب عطا کیا۔
ان کا کہنا تھا کریمہ اہلبیت نے اپنے بھائی مولا امام رضا علیہ سلام کی محبت میں فقط بہن بن کر نہیں بلکہ اپنے زمانے کے امامؑ کی معرفت رکھتے ہوئے ان کے رخ انور کی دیدار کی خاطر دیار غیر کے لیے رخت سفر باندھا اور راہ امامؑ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا اس محبت کے عوض خداوند عالم نے انہیں وہ مقام و منزلت عطا کی کہ آپ کا حرم اور آپ کا مقدس شہر علم و آگہی کا مرکز شمار ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا روایت میں ملتا ہے کہ آپ سلام اللہ علیھا کے حرم کی زیارت تمام معصومین ع کے حرم کی زیارت کے مانند ہے۔
وحدت نیوز(لاہور)روز ولادت با سعادت دختر امام موسی کاظمؑ ، خواہر امام علی ابن موسی الرضاؑ حضرت فاطمۃ المعصومہ کے پر مسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا میلاد مسعود جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کہ موقع پر تمام اہل اسلام بالخصوص امام زمان عج کی خدمت اقدس میں ھدیہ تبریک پیش کرتی ہوں ۔
انہوں نے کہا کریمان اہلبیت علیھم السلام میں کریمہ اہلبیتؑ کا لقب پانے والی باعظمت بی بی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا فضائل و مراتب و مقامات عالیہ کا مظہر ہیں. معصومین علیہم السلام کی روایات آپ سلام اللہ علیہا کے لئے نہایت اونچے مقامات و مراتب کی دلیل ہیں ۔
انہوں نے کہا بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا نے حضرت زینب علیا سلام اللہ علیہا کی طرح اپنے پر برکت سفر میں حقیقی پیشواؤں کی حقانیت کے سلسلے میں امامت کی سند پیش کردی اور مامون کے چہرے سے مکر و فریب کی نقاب نوچ لی کربلا کی شیر دل خاتون کی طرح اپنے بھائی کے قاتل کی حقیقت کو طشت از بام کردیا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کریمہ اہلبیتؑ کے حرم کی زیارت زمانے کی غبار آلود فضا میں امید کی کرن ہے آپ کے حرم کی زیارت گناہوں سے آلودہ دلوں کے لیے پاکیزگی اور نورانیت کا موجب اور جنت کی ضمانت ہے لاکھوں زائرین آپ کے حرم مقدس کی زیارت کے لیے حاضر ہوتے ہیں اور اپنا دامن مرادوں سے بھر لے جاتے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے یونٹ نیشمن اقبال میں ضلعی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ عالیہ رضوی اور یونٹ سیکرٹری جنرل محترمہ عندلیب کی انتھک کاوشوں کی بدولت ادارہ علوم قرآن و اہلبیتؑ کے عنوان سے بچوں اور بچیوں کے لیے ہفتہ وار دینی و اخلاقی تربیتی کلاسز کا آغاز کر دیا گیا ہے اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے خواہران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام تنظیمی عہدیداران کو دینی ، تربیتی اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصی لینا چاہیے ہمیں بچوں کی تعلیم و تربیت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھنا چاہیے ۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری یوتھ محترمہ سائرہ ابراہیم نے گلگت میں ٹریفک حادثات کی ذیادتی پر حکومت سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گلگت میں خوفناک ٹریفک حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں ان حادثات میں قیمیتی جانوں کا ضیاع حکومتی نا اہلی اور لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلطان آباد موڑ قاتل موڑ بن گیا ہے ہمارے لوگوں کی زندگیوں کو معمولی نہ سمجھا جائے کے۔کے۔ایچ پر گزرنے والی گاڑیوں پرسخت قانونی کاروائی کی جائے سیاحت شروع ہوتے ہی ان راستوں پر رش بڑھ جاتا ہے میدانی علاقوں سے آنے والے سیاح یہاں کے راستے کی ناہمواریوں سے ناواقف ہیں جو حادثات کا باعث بنتے ہیں اگر قوانین کے عمل در آمد میں سختی کی جائے تو ان حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بہترین طبی امداد ، ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کی سہولیات اور آپریشن کی سہولت کو بہتر بنایا جائے علاوہ ازیں نیور ڈیپارٹمنٹ کو تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں کیونکہ ذیادہ تر اموات سر پہ چوٹ لگنے اور بر وقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے ہوتی ہیں ان کا مزید کہنا تھا حکومت اس سنگین معاملے کے حل اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے گھوٹکی میں ٹرینوں کے المناک حادثے میں قیمیتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہولناک سانحے کی فوری تحقیقات کروا کر غفلت برتنے والوں کا محاسبہ کیا جائے اور محکمہ ریلوے کی ناقص کارکردگی پر سخت پکڑ کی جائے تاکہ آئندہ ایسے قومی سانحات پیش نہ آئیں ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے اور جانبحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جاۓ اللہ تعالی تمام جانبحق ہونے والوں کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اس مشکل گھڑی میں لواحقین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔
وحدت نیوز(مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین آقائی عقیل حسین خان نے شہادت امام جعفر صادق علیہ السلام و برسی امام راحل روح اللہ الموسوی الخمینی رضوان اللہ علیہ کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ رئیس مکتب امام جعفر صادق علیہ السلام وہ عظیم ہستی ہیں کہ جنہوں نے ہزاروں شاگردوں کو مختلف علوم کی تعلیم دی، امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی بھلائی اور اسکی نجات کے لئے صرف کی۔
انہوں کہا کہ آج امام جعفر صادق علیہ السلام کے فرزند جسے زمانہ خمینی بت شکن کے نام سے جانتا ہے اس مرد قلندر نے آئمہ کی سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے ظالموں اور جابروں کے خلاف علم جہاد بلند کیا اور ایک عظیم ملت کو ان کے چنگل سے آزاد کرایا، امام خمینی کی حکیمانہ قیادت ہی ہے کہ جس نے ایرانی قوم کو سامراجی طاقتوں کی دلدل اور شہنشاہیت کے غلط بوسیدہ نظام سے نجات دلائی اور ایک عظیم اسلامی حکومت تشکیل دی۔