The Latest
وحدت نیوز(لاہور) نے لاہور پریس کلب کے باہر ملت جعفریہ کے لاپتہ افراد کی بازیابی اور ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوۓ علامتی دھرنا دیا۔ دھرنے میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ حنا تقوی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی، سیکرٹری نشرو اشاعت سیدہ توقیر بتول سمیت خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی محترمہ حنا تقوی نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوۓ وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جمہوری تقاضوں کو پورا کرتے ہوۓ لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ان لا پتہ افراد میں کوئی بھی مجرم ہوا تو ایم ڈبلیو ایم اس کی حمایت نہیں کرے گی۔ لیکن بغیر جرم ثابت ہوۓ اور بغیر قانونی کاروائی کے انسانوں کو گھروں سے اٹھا کر غائب کردینا اور ان کے خانوادہ کو اذیت سے دوچار کرنا جمہوری،آئینی اور انسانی حقوق کی پامالی ہے۔بہت سے بچے اپنے والد اور مائیں اپنے بیٹوں کے لۓ تڑپ رہے ہیں۔حکومت فورا ان کی بازیابی کے لۓ اقدامات کرے۔شیعہ قوم کو دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کی جاۓ۔
وحدت نیوز(سکھر) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری تحفظ عزادری کونسل محترمہ شبانہ میرانی نے تمام خواہران گرامی سے گزارش کی ہے کہ جہاں جہاں ملک بھر میں شیعہ مسنگ پرسن کے حوالے سے دھرنے دیئے جارہے ہیں۔ دھرنوں کے مقامات اپنی فیملیز کے ہمراہ پہنچیں ۔جہاں تک ممکن ہو دیگر خواتین اور فیملیز کو بھی دھرنوں کے مقام پر پہنچنے کی ترغیب دلائیں ۔ اس وقت کراچی میں مزار قائد اعظم کے سامنے تنظیمی برادران ملت تشیع اور مسنگ پرسن کی فیملیز کا مرکزی دھرناجاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت گھر بیٹھنے کا نہیں ایک ملت ہونے کا ثبوت دیں اور اپنے خاندان کے ہمراہ احتجاج والے مقام پر پہنچیں اور برادران کے شانہ بشانہ میدان عمل میں آئیں ،ہمیشہ ملت آپ کے تعاون سے سرخرو ہوئی ہے اور آپ جب بھی میدان میں نکلیں مد مقابل نے گھٹنے ٹیک دیئے ۔ آپ کردار زینبی (س) ادا کرتے ہوئے ۔ حالات حاضرہ سے باخبر رہیں اور جہاں دھرنے دیئے جارہیں وہاں اپنے بچوں ،بچیوں کے ہمراہ پہنچ جائیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج مسنگ پرسن کی فیملیز مشکل میں ہیں اور ہمارے قائدین کا حکم بھی ہے کہ ہم سب اپنا وظیفہ انجام دیتے ہوئے ان متاثرہ فیملیز کا ساتھ دیں ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے ۔ آمین
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے معروف ذاکر اہلبیت سید ریاض حسین رتوال کے انتقال پر رنج و دکھ کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحوم نے ہمیشہ اپنی ذاکری میں فضائل اہلبیت کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات کو بھی اجاگر کیا آپ اتحاد بین المسلمین کے لیے ہمیشہ سرگرم رہے عزاداری سید الشہدا ءع کی تبلیغ و ترویج میں آپ نے احسن خدمات انجام دیں۔
انھوں نے کہا مرحوم کی دینی خدمات کو یاد رکھا جائے گا اور یقیناً ان کی یہ پرخلوص ذاکری انکے لیے توشہ آخرت ثابت ہوگی خداوند کریم مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔ آمین
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے آرگنائزر شعبہ تنظیم سازی مولانامحمدجان حیدری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے زیر اہتمام یوم جوان کا عظیم الشان پروگرام گلگت نومل میں منعقد ہوا اور گلگت بلتستان بھر میں تین ہزار اسٹوڈنٹس کے مابین معرفت امام زمانہ علیہ السلام کے حوالے سے کوئز مقابلہ جات ہوئے۔لیکن گلگت میں سانحہ نلتر کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں خواہران کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن کو ماہ شوال تک کےلئے ملتوی کیاگیاہے۔کیونکہ گلگت،نگر،استور،غذر وغیرہ سے خواتین کا جمع ہونا موجودہ حالات میں قدرے مشکل ہے۔انشاءاللہ ماہ شوال میں یہ پروگرام عظیم الشان طریقے سے منعقد کیاجائے گا۔
وحدت نیوز (گلگت) مرکزی سیکرٹری یوتھ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا کےگلگت کونگ داس دنیود کی مسافر سزوکی پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ حکومت سے پروزور مطالبہ کرتے ہیں کے گلگت شہر کو آگ و خون میں غرق ہونے سے بچانے کے لئے عملی اقدامات فوری اٹھائے جائیں آج اگر 1988 سے لے کے سانحہ کوہستان میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزائیں دی جاتیں تو دوبارہ ایسے سانحات پیش نہ آتے۔
انہوں نے کہا کے دہشت گردوں کی نشان دہی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرہ کا موجود ہونا اہم ہے لیکن شہر کے اکثر سی سی ٹی وی کیمرے خراب اور ناکارہ ہو گئے ہیں متعلقہ حکام نے چپ سادھ لی ہے حکومت جلد از جلد عملی قدم اٹھائے تاکے مزید بیگناہ افراد کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کے ہم سب کو علما کا احترام کرنا چاہیے ان کا تعلق کسی بھی مسلک یا فرقے سے ہو نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مذہبی انتہا پسندوں کو کنٹرول کرے۔
وحدت نیوز(لاہور) پندرہ شعبان روز ولادت با سعادت صاحب العصر والزمان امام مھدی عج کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی راہنما اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ نجات دہندہ عالم بشریت حجت خدا، مھدی برحق امام عصر علیہ الصلواۃ والسلام کی ولادت باسعادت کے پر نور موقع پر اہلبیت اطہار ع و کل عالم انسانیت کو دلی طور پر ھدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا حضرت بقیۃ اللہ عج وہ متفق علیہ ہستی ہیں جن کو تمام اسلامی فرقے تسلیم کرتے ہوۓ آپؑ کے ظہور پر اعتقاد رکھتے ہیں دنیا سے ظلم و ستم ، فساد و تباہی کے خاتمے اور عدل و انصاف مہر و محبت کی فضا قائم ہونے کے سلسلے میں آپؑ کی ذات سے لو لگاتے ہوئے تمام مکاتب فکر اپنے طور پر آپؑ کی آمد کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا مھدی موعود عج عدل الہی کی بنا پر عالمی حکومت قائم کریں گے آپ کے قیام کے بعد عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا اور ظلم و ستم کی جڑیں خشک ہو جائینگی۔
انہوں نے کہا امام مھدی عج کے حقیقی ناصران میں شمار ہونے کے لیے پہلے ہمیں سچا منتظر بننا ہوگا ایسے انتظار کرنے والے افراد جنکے وجود کو ہر ذرہ امام عج کے لیے چشم برآہ ہو اور ہمارا کردار و گفتار قول و فعل تعلیمات اہلبیت ع کے مطابق ہو منتظرین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی اور اپنے معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دیتے ہوئے ظہور امام ع کی زمینہ سازی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہر طبقہ ہر گروہ ہر فرد شعوری یا لا شعوری طور پر کسی نجات دہندہ کی راہ دیکھ رہا ہے جو دنیا میں عدل اور امن قائم کرے گا جو مظلوموں کا دار رس اور ظالموں پر قہر بن کہ ٹوٹے گا اور جس کی حاکمیت میں کل انسانیت سکھ کا سانس لے سکے گی ۔
انہوں نے مذید کہا کہ شب نیمہ شعبان کی عبادات و مناجات میں ہماری سب سے اہم دعا تعجیل ظہور امام زمانہ عج کی ہونی چاہیے کیونکہ آپ عج کے ظہور اور قیام کے ذریعے ہی محرومی ناکامی اور بے چارگی کے راستے بند ہوجائینگے مستکبرین کا تختہ الٹ جائے گا اور مستضعفین اور محروم غالب آجائینگے اور پوری کائنات کے اندر صرف اور صرف توحید کا پرچم سر بلند نظر آے گا ۔ان شاء اللہ ۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) نلتر واقعے کی مذمت میں انتہائی غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رابطہ سیکرٹری محترمہ سیدہ سیمی نقوی نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ نلتر کے دلخراش واقعہ نے انسانیت کو تار تار کردیا ہے، کب تک یہ ظالم ظلم کے ورق ورق کو پلٹ کر تاریخ کے بھیانک باب کو دھراتے رہیں گے۔
ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نلتر واقعے میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اگر ماضی میں دہشتگردانہ واقعات کی روک تھام کے لیے قانونی سزائیں دی جاتیں تو آج نلتر کا واقعہ رونما ناہوتا ، حکمران متاثرین کے زخموں پر صرف لفظی مرہم نہ رکھیں بلکہ ان کے دکھوں کا عملی مداوابھی کیا جائے۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی و روابط محترمہ غزالہ جعفری کی جانب سے ماہ شعبان المعظم کی مناسبت سے غیبت امام زمان عج اور تربیت اطفال کے عنوان پر کوئز پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں بچوں کے ساتھ ان کی ماؤں نے بھی شرکت کی اس پروگرام کا مقصد جہاں بچوں میں امام زمانہ عج کی شخصیت کا تعارف اور قلبی لگاؤ پیدا کرنا تھا وہیں ماؤں میں وقت کے امام عج کی نصرت کے لیے بچوں کی تربیت کے مراحل سے آشنائی کروانا بھی تھا ۔
پروگرام میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی رابطہ سیکرٹری محترمہ سیمی نقوی بھی شریک ہوئیں جبکہ مدرسہ معصومہ کی پرنسپل محترمہ ارم عابدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر محترمہ غزالہ جعفری نے اپنے خطاب میں تربیت اولاد پر زور دیتے ہوۓ کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کی پرورش دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق کریں تاکہ وہ معاشرے کہ مفید رکن بن سکیں ۔
انھوں نے کہا امام زمان عج کی سپاہ یہی بچے ہیں جو ماوں کی گودوں میں ہیں جن کی تربیت اس نہج سے کی جائے کہ وہ اپنے امام وقت کی معرفت اور قربت حاصل کر سکیں انھوں نے کہا کہ ہر منتظر امام عج پر لازم ہے کہ ظہور کی راہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اس موقع پر مرکزی رابطہ سیکرٹری محترمہ سیمی نقوی نے بھی ماہ شعبان کی عبادات کے عنوان پر بچوں سے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(گلگت) ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین وسابقہ ممبر گلگت بلتستان اسمبلی محترمہ بی بی سلیمہ صاحبہ نے نلتر میں پیش آنے والے دلخراش واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے جان بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس دلخراش سانحہ سمیت سابقہ سانحات کے مجرموں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائے تاکہ دہشت گردی پھیلانے والے اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکے اور امن وامان کی فضا برقرار رہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی ضروری سہولیات باہم پہنچائی جائے اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر سابقہ سانحات کے مجرموں کو عبرتناک سزا دی جاتی تو آج یہ سانحہ پیش نہ آتا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری برائے تحفظ عزاداری محترمہ شبانہ میرانی نے کوئٹہ کی ذمہ دار خواتین سےمسلسل رابطے میں رہتے ہوئے اپنے دو روزہ تنظیمی دورہ کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کوئٹہ کا تنظیمی سیٹ اپ تشکیل دیا ۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ محترمہ رقیہ ڈومکی سابقہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل کوئٹہ بھی موجود تھیں، کوئٹہ کی فعال اور تنظیمی تجربہ رکھنے والی خواہران سے ایک نشست رکھی گئی جس میں کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل جناب ارباب لیاقت صاحب بھی شریک تھے۔
اس موقع پر تنظیمی طور پر موجود رکاوٹوں کے حل کا سد باب کیا گیا اور تمام خواہران کی آمادگی کے ساتھ نیا سیٹ اپ تشکیل دیا گیا جس میں محترمہ رقیہ بتول کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا اور اس کے ساتھ باقی کابینہ بھی تشکیل دی گئی نو منتخب کابینہ سے محترمہ شبانہ میرانی نے حلف لیا۔