The Latest
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گلگت کی سیکرٹری جنرل اور مرکزی سیکرٹری شعبہ جواں محترمہ سائرہ ابراہیم نے ہنزہ کے اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے جاری بیان میں کہا کے ہم ہنزہ و گلگت بلتستان کے اسیروں سمیت پورے پاکستان میں بے گناہ اسیران کے ساتھ کھڑے ہیں اس میدان حق وباطل میں جتنی بھی تکلیف آئے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کے یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں ہے سب اپنے حصے کا فرض ادا کریں ہم جتنی دیر سے ظلم کے خلاف اٹھیں گے اتنی ہی ذیادہ قربانیاں دینی پڑیں گی ہماری منزل خطہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں عدل و انصاف کا قیام ہے ہم کسی طور اپنے اہداف و مقاصد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں ۔
انھوں نے کہا دشمن ہم سے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے تقسیم در تقسیم کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے لیکن یہ دشمن کی بھول ہے ظالم و جابر حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے اس کے لئے اسمبلیوں میں ان لوگوں کو پہنچائیں جو آپ کے حق کے لئے آواز اٹھا سکیں۔مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ سے ہر ظلم کے خلاف میدان عمل میں موجود ہے چاہیے مظلوم کا تعلق کسی بھی فرقہ سے ہو انسانیت پر جہاں بھی ظلم ڈھایا جائے گا ایم ڈبلیو ایم اپنی آواز بلند کرے گی۔
محترمہ سائرہ ابراہیم نے کہا خطے کے لئے دی گئی قربانیوں کو نہیں بھولا جائے گا ہم ہمیشہ اپنے اسیروں اور شہیدوں کے خانوادوں کے ساتھ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کے کربلائے کوئٹہ ہو یا پارا چنار گلگت بلتستان ہو یا کراچی ایم ڈبلیو ایم ہمیشہ ظالم کے خلاف میدان میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہے گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی کابینہ کا دو روزہ اجلاس سینٹرل سیکرٹیریٹ ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد میں مرکزی سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔
اجلاس میں صوبہ پنجاب کی مرکزی نمائندگان جن میں مرکزی سیکرٹری سیاسات محترمہ نرگس سجاد ، سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی ، سیکرٹری آفس محترمہ بینا شاہ ، سیکرٹری ورکنگ وومن محترمہ ڈاکٹر ردا فاطمہ ، سیکرٹری مالیات محترمہ قراةالعین ، سیکرٹری شماریات محترمہ فرح دیبا ، سیکرٹری تعلیم محترمہ گلشن , میڈیا سیکرٹری عرفاعباس ، معاون میڈیا سیکرٹری محترمہ زینب بنت الھدی اور ضلع اسلام آباد کی سیکرٹری جنرل محترمہ صدیقہ بتول اور ضلعی میڈیا سیکرٹری محترمہ فروا نے شرکت کی۔
اجلاس میں شعبہ خواتین سے متعلق اہم فیصلہ جات کیے گئے نیز شعبہ تنظیم سازی کے لیے قوائد و اصول معین کیے گئے اور شعبہ تربیت کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی کونسل تشکیل دینے پر اتفاق ہوا۔
اجلاس کے دوسرے روز مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے اہم موضوعات اور تنظیمی امور سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی۔ علامہ راجا ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے معاشرے میں تربیت کے امور میں خواتین کو بھرپور کام اور فعالیت انجام دینے کی ھدایات کیں۔
وحدت نیوز(لاہور) لاہور میں منعقدہ "دختران پاکستان پیس کنونشن" میں خواتین پر ظلم اور جنسی تشدد کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کے عنوان سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ ایسے افراد جو زمانہ جاہلیت کی مانند آج کے دور میں بھی خواتین پر ظلم و ذیادتی روا رکھتے ہیں اور انھیں جنسی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں ملک کی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور معاشرے میں اعلی اقدار و اخلاق کی پامالی کا باعث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تدبر کرنا چاہیے کہ آخر کیا وجوہات ہیں کہ معاشرے میں جنسی تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں اور عورت غیر محفوظ ہوری ہے خواتین کی اپنی اولاد کی تربیت میں کوتاہی برتنا ایک بنیادی وجہ ہے اگر ہمارے معاشرے کی خاتون علم وآگہی اور فہم و شعور کی مالگ ہو تو وہ اپنے بیٹوں کی تربیت اس نہج پر کریں کہ وہ معاشرے کے مہذب ، با کردار اور مفید رکن ثابت ہوں ایک خاتون اپنی پرورش اور تربیت سے مرد کو عورت کی عزت کرناسکھاتی ھے اور وہ مقام جو اسلام نے عورت کو دیا ھے ، اس مقام سے آشنائی دیتی ہیں ۔
سیدہ زھرا نقوی نے کہا کہ خواتین اپنے بچوں کی تربیت پر توجہ دیں تاکہ وہ ان اخلاقی برائیوں کا شکار نہ ہوں اور ایسے مرد جو اس فعل قبیح کے مرتکب ہوتے ہیں انھیں قانونی و شرعی سزائیں دی جائیں تاکہ معاشرہ فلاح کی طرف گامزن ہو سکے ۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر استعماری دشمن کے آلہ کار ہیں ، پاکستان فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا ملک کے استحکام اور امن و امان میں ہی ھم سب کی بقا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب نے مسجد ابوتراب فیصل آباد میں منعقدہ مجلس عزا سے کیا ۔ان کا کہنا تھا پاکستان شیعہ سنی نے مل کر بنایا تھا اور اس کی حفاظت کے لیے بھی ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے علماۓ کرام کی تعلیمات کے مطابق ایک دوسرے کے مسلمہ مقدسات کا احترام کرنا چاہیے اور کسی بھی شخص کی دل آزاری سے گریز کرنا چائیے ۔محترمہ فرحانہ گلزیب نے مزید کہا کہ ہم ایک پُر امن قوم ہیں اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے امن کے خواہاں ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہاکہ گزشتہ شب مری کے علاقے تریٹ سیداں میں ہونے والی اشتعال انگیزی اور امام بارگاہ پر فائرنگ اور دربار کی بے حرمتی کی مذ مت کرتے ہیں۔یہ واقعہ ملک میں حالات خراب کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکتب تشیع کے نزدیک کسی بھی مذھب و مسلک کے مقدسات حرام ہے کچھ صہیونی ، امریکی اور بھارتی ایجنٹ فرد واحد کے ایک عمل کو ملت تشیع کے اجتماعی موقف کا رنگ دے کر حالات خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ملک کے طول عرض میں عظمت صحابہ رضوان اللہ علیھم اجمعین کے نام پر منعقدہ اجتماعات میں توہین اہلبیت علیہ السلام اور کافر کافر کے نعروں پر ریاستی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔
اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ حالیہ واقعہ میں علاقہ پولیس کا بروقت اقدام نہ کرنا قابل غور ہے۔ ہماری امن پسندی کو ہرگز ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ تکفیری دہشت گردوں کی کالعدم جماعتوں کے پرچموں سمیت مری روڈ جیسی مصروف شاہراہ پر نقل و حمل مقامی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم احکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے بصورت دیگر ڈویژن بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی (شعبہ خواتین )کی سیکرٹری جنرل سیدہ قندیل کاظمی نے کہا ہے کہ موٹر وے زیادتی کیس کے ملزمان سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔ایسے عناصر کو جب تک عبرت کا نشان نہیں بنایا جاتا تب تک معاشرے سے ایسی درندگی کا خاتمہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہ ملک میں جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنجز بنتے جا رہے ہیں۔عدم تحفظ اور لاقانونیت کی اس فضا نے سارے معاشرے کو دہشت زدہ کر کے رکھ دیا ہے۔حکومت نے جس تبدیلی کاوعدہ کر رکھا تھا اس کا دور دور تک نام ونشان نہیں۔ملک میں بڑھتی ہوئی انارکی عوام کی امیدوں کو مایوسی میں بدل رہی ہے۔صاحبان اختیار عوامی مسائل سے دانستہ طور پر لاعلم بنے بیٹھے ہیں۔مذہب کی آڑ میں فرقہ واریت پھیلانے کے لیے کالعدم جماعتوں کی سرگرمیوں میں بھی یکدم تیزی آگئی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کی چشم پوشی وطن عزیز کو سنگین خطرات کی طرف لے جا رہی ہے۔ریاستی اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا درک کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جنسی جرائم کے حوالے سے قانون تو موجود ہے لیکن اس پر عملدرآمد کی رفتاراس قدر سست ہے جس کا تمام تر فائدہ ملزمان کو مل جاتاہے۔ ایسے گھناؤنے جرم کے مرتکب کا کیس دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جانا چاہئے تاکہ ذمہ دار جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچے۔
وحدت نیوز(لاہور) لاھور موٹروے پر خاتون کی عصمت دری کے بدترین واقعہ کے ملزمان کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور نے پریس کلب لاھور کے سامنے شدید احتجاج کیا اس احتجاج میں ایم ڈبلیو ایم کی درجنوں کارکنان کے علاوہ دیگر خواتین کی بھی کثیر تعداد شریک تھی ۔
اس موقع پر ایم ڈبلیوایم وومن ونگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے خطاب کرتے ہوۓ شدید غم و غصے کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ آے روز ملک میں اس قسم کے شرمناک واقعات رونما ہو رہے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ حیوانوں سے بھی بدتر ان مجرموں کو سزا نہیں دی جاتی اگر ملک میں عدل و انصاف کے تقاضے پورے کیے جاتے تو آج ہماری خواتین اور بچے اس درندگی کا شکار نہ ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ تیزی سے بے راہ روی کا شکار ہو رہا ہے جس کی ایک بڑی وجہ تربیت کا فقدان ھے انھوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوۓ کہا کہ وہ اس واقعے کا از خود نوٹس لیں اور مجرموں کو جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جاۓ۔
محترمہ سیدہ زھرا نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ُمجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایاجاے گا ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاھور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے اپنے خطاب میں کہا ایسے مجرم معاشرے کا ناسور ہیں قانونی اداروں کو جلد از جلد ان درندہ صفت مجرموں کو آڑے ہاتھوں لینا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس گھناونے فعل کے مرتکب افراد کو ایسی عبرتناک سزا دی جاے جو دیکھنے والوں کے لیے باعث عبرت ہو اور معاشرہ اصلاح کی طرف گامزن ہو۔
وحدت نیوز (لاہور) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر رکن پنجاب اسمبلی و مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین سیدہ زھرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا محمد علی جناح جیسے عظیم سیاستدان ، ممتاز قانون دان اور فقید المثال رہنما نے منتشر قوم کو ایک پرچم تلے اکھٹا کرکے وہ تاریخی کارنامہ انجام دیا جس کی مثال نہیں ملتی۔
انھوں نے کہا کہ ایک ایسی بکھری ہوئ شکستہ قوم کوجو مدتوں سے اپنا الگ تشخص کھو چکی تھی یکجا کرنا آسان کام نہ تھا لیکن قائداعظم محمد علی جناح کی بابصیرت قیادت نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان مخلص، انتھک کام کرنے والے تھے، بظاہر فولادی مگر درد مند دل رکھنے والے ، قول کے سچے، بات کے پکے اور اصولوں کے پابند تھے ان کا دل برصغیر کےمسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا تھا۔
سیدہ زھرا نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظم ملک پاکستان کو ایک آزاد فلاحی و اسلامی مملکت بنانا چاہتے تھے ایک ایسی خود مختار ریاست جسکے اختیارات میں سامراجی قوتیں مداخلت نہ کریں۔ سیدہ زھرا نقوی نے کہا کہ ہم اپنے عظیم رھبر و رہنما بانی پاکستان محمد علی جناح کی روح سے تجدید عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی سلامتی و خود مختاری اور اسکے نظریاتی تحفظ کی خاطر تا دم مرگ جدوجہد کرتے رہیں گے اور اپنے عظیم قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوۓ کبھی کسی سامراجی و طاغوتی طاقت کے آگے نہیں جھکیں گے ۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے گزشتہ شب موٹروے پر خاتون کے ساتھ ہونے والی مبینہ ذیادتی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ملک میں تسلسل کے ساتھ جنسی زیادتی کے ہولناک واقعات کا رونما ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ درندہ صفت وحشی مجرموں کو جب تک اسلام و شریعت کے مطابق سزائیں نہیں دی جائیں گی معاشرے میں یہ درندگی بڑھتی چلی جاۓ گی۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کے سامنے خاتون کی عصمت دری کا واقعہ انتہائی وحشت ناک ہے جس پر مجرموں کے خلاف سخت کاروائی کے بجاے خاتون کے اکیلے سفر کرنے پر بے جا سوال اٹھاے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا ملک میں امن و امان ، عوام کا تحفظ اور فوری انصاف کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے قیام کے لیے مدینہ کی طرز کا نظام عدل و انصاف قائم کرنا ہی معاشرے میں بڑھتی ہوئی برائیوں کا سد باب کر سکتی ہے ۔رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زھرا نقوی نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مضبوط اقدامات کیے جائیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے پنجاب اسمبلی میںامن وامان کی صورتحال پر جنرل ڈسکشن سیشن میں خطاب کرتے ہوئے ایوان کی توجہ عزاداران سید الشہداءکے خلاف جاری اقدامات کی جانب مبذول کروائی۔
انہوں نے کہاکہ محرم الحرام میں عزاداروں،بانیان مجالس اور جلوس اور ذاکرین پر جھوٹے مقدمات کے اندراج باعث تشویش ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے ایک تین سالہ معصوم بچے پر بھی گھرمیں مجلس منعقد کرنے پر ایف آئی آر درج کردی گئی جوکہ انتہائی قابل مذمت اقدام ہے۔
زہر انقوی نے کہاکہ حکومت کو اس جانب خصوصی توجہ دینا ہوگی کہ جب آئین تمام مذاہب کو اپنی رسومات کی ادائیگی کی مکمل اجازت فراہم کرتا ہے تو مجالس وجلوس پر مقدمات کا اندراج کس قانون کے تحت کیا جارہاہے ۔