وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاہور کی جانب سے ہنزہ بلاک اقبال ٹاؤن میں یونٹ سازی کی گئی۔اس موقع پر محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی اور محترمہ نسیم زہرہ بھی موجود تھیں۔
اراکین یونٹ سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو صرف نظام قرآن اور اھل بیت ع کی شریعت ہی اس لبرل یلغار سے نجات دلا سکتی ہے۔
بچوں کے اغواء سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ اس سال لاہور میں 392 بچے اغواء ہوئے جن میں سے 34 ابھی تک بازیاب نہیں ہو سکے یہ حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں انصاف کی فراہمی میں ناکام رہی ہیں سانحہ APS کو پانچ سال بیت گئے لیکن قاتل احسان اللہ احسان کو پھانسی نہ دی جا سکی۔ حکومت اور قانونی ادارے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فی الفور مثبت اقدامات کریں۔
وحدت نیوز(گلگت) متنازعہ خطہ ہونے کے ناطے ٹیکس فری اور سبسڈائز اشیاء ہمارا حق ہے ۔ نہ تو ہم افیون زدہ ہیں اور نہ حقوق کے بدلے سستی گندم کا تقاضا کرتے ہیں ۔ آئینی حقوق کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنما شیخ اصغر طاہری نے وزیر اعلیٰ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں گلگت بلتستان کے بنیادی حقوق کے حوالے سے کچھ کام نہیں کیا ۔ حکومتی مدت جوں جوں قریب آرہی ہے وزیر اعلیٰ اور اس کی ٹیم کو آئینی حقوق یاد آگئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے الیکشن 2015 میں گلگت بلتستان کے عوام سے بنیادی حقوق کے بوگس نعروں سے مینڈیٹ لیا اور چار سال صرف کرپشن میں گزار دئیے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ وفاق سے سینہ تان کر بات کرنے کی بجائے عوامی ملکیتی زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں جبکہ حقیقت حال یہ ہے کہ وز یر اعلیٰ عوامی ملکیتی زمینوں کو خالصہ سرکار قرار دیکر عوام کا بنیادی حق چھین رہے ہیں ۔ گزشتہ روز موضع مناور سے اپنی ملکیتی زمینوں پر کام کرنے والوں کو پابند سلاسل کرکے حفیظ الرحمٰن کس کی نوکری کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی زمینیں یہاں کے عوام کی ملکیت ہیں جن پر غاصبانہ قبضے کی ہر کوشش کو عوام ناکام بنائیں گے ۔ انہوں نے لینڈ ریفارمز کمیشن کے حوالے کہا کہ عدالتوں میں عوام کے ساتھ صوبائی حکومت خود فریق بنی ہوئی اور دوسری جانب لینڈ ریفارمز کا ڈرامہ بھی رچارہی ہے جو کہ سراسر نا انصافی ہے ۔ صوبائی حکومت یا تو عدالتوں میں فریق نہ بنے یا پھر لینڈ ریفارمز کا ڈھنڈور پیٹنا بند کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی راہ میں وزیر اعلیٰ رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف عدالت کا فیصلہ ان سیاسی شخصیات کے لیے بھی پیغام ہے جن پر کرپشن کے بڑے بڑ ے مقدمات ہیں اور جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ خود ساختہ بیماری کی آڑمیں سزا سے جان بچا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس اعتبار سے اہم بھی ہے کہ ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ مستقبل میں مزید سخت اور خلاف توقع فیصلوںسے ثابت کیا جاسکتاہے کہ نئے پاکستان میں کوئی بھی قصوروار رعایت کا قطعاََ مستحق نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کا وقار ملکی سلامتی کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
علامہ اسدی نے کہاکہ دہشت گردی کے عالمی مراکز کسی نہ کسی شکل میں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر کے اسے غیر مستحکم کرنے میں لگے رہتے ہیں۔پاک فوج مادر وطن کا مضبوط دفاع اور سالمیت کی ضمانت ہے۔اگر کوئی بیرونی طاقت یہ سمجھتی ہے کہ وہ سازشوں کے بل بوتے پر فوج کے خلاف کسی مہم میں کامیابی حاصل کر لیں گے تو وہ قطعی مغالطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف نفرت پھیلا کر مذموم مقاصد کی راہ ہموار کرنا اب ممکن نہیں رہا۔عوام باشعور ہو چکی ہے اور اسے قومی اداروں پر پوری طرح اعتماد ہے۔کچھ عالمی طاقتیں اور اسٹیبلشمنٹ میں موجود شخصیات ابھی تک نواز شریف کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔نواز شریف کی ضمانت اور پرویز مشرف کی سزا سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ نواز شریف موجودہ حکومت سمیت دیگر بااختیار اداروں سے بھی زیادہ طاقتور ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف مسلکی سوچ کے مالک ہیں اور پڑوسی ملک بھارت سمیت پاکستان دشمن عالمی لابی کے لیے وہ اہمیت کے حامل ہیں۔اب ان کی پاکستانی سیاست میں کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پرویز مشرف کو سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں کے فیصلے بلاشبہ حاصل شدہ ثبوتوں اور شواہد کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں تاہم عدالتی فیصلے عدلیہ کی ساکھ پر بھی اثرانداز ہوتے ہیں۔ماضی میں عدالتوں پر جانبداری، غیر آئینی اقدامات کی حمایت اور عدالتی قتل جیسے الزامات لگتے آئے ہیں جنہوں دھونے کے لیے مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو سنائی جانے والی سزا کی شفافیت اس وقت مزید نکھر کر سامنے آئے گی جب اس اقدام کی حمایت کرنے والے جسٹس صاحبان کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بااختیار ریاستی اداروں کا ٹکراوکسی بڑے بحران کا سبب بن سکتا ہے۔ملک کی مجموعی صورتحال محتاط روی کا تقاضہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عبوری آئینی حکم نامے کے تحت حلف اٹھانے والے ججوں کی آئینی حیثیت کے حوالے سے بھی تشریح انتہائی ضروری ہے تاکہ ماضی میں کسی آمر کی حمایت کے درست یا غلط ہونے کی وضاحت ہو سکے۔
انہوں نے کہا قومی اثاثوں کی بے دریغ لوٹ مار ایک سنگین جرم اور بددیانتی ہے۔مذکورہ جرائم کے مرتکب کسی بھی سیاسی شخصیت کو اس کے کسی منصب کی بنیاد پر لچک دینا عدلیہ پر انگلی اٹھانے کی دعوت دینے کے مترادف ہے۔اگر ملک کی سرحدوں کے محافظ کسی ریٹائرڈ جنرل کو سنگین غداری کے الزام میں سزا دی جا سکتی ہے تو سیاسی و عدالتی شخصیات کو بھی اس سے مبرّا نہیں ہونا چاہیے۔
وحدت نیوز(کراچی) خیرالعمل ویلفیئراینڈ ڈویولپمنٹ ٹرسٹ کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سید زین رضا رضوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہاکہ مجلس وحدت مسلمین کا فلاحی شعبے خیر العمل ویلفیئراینڈ ڈویولپمنٹ ٹرسٹ کی جانب سےشہر کے تمام اضلاع میں موسم سرما میں سردیوں سے بچنے کے لئےضرورت مند افراد کے لئے جامع و مرکزی مساجد کے باہر کیمپ لگائے جائیں گے۔جہاں مخیر افراد نئے اور استعمال شدہ احسن حالت میں گرم ملبوسات جمع کرواسکتے ہیں ، زین رضوی نے کہاکہ یہ گرم کپڑے و کمبل شہر کے مختلف علاقوں میںموجود ضرورت مندوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید علی حسین نقوی نے کہا کہ16 دسمبر 2014 کی صبح دہشتگردوں نے پشاور میں واقع آرمی پبلک سکول میں داخل ہو کر خون ریزی اور ظلم و بربریت کی وہ داستان رقم کی جس نے ہر انسان کو اشکبار کر دیا، آج اس سانحہ کو پانچ سال گزر گئے ہیں لیکن آج بھی اس سانحے کا غم تازہ ہے ۔ اسی طرح 16دسمبر 1971 سقوط ڈھاکہ بھی ایک سیاہ ترین دن تھا، جب دشمن نے عیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشرقی پاکستان کو ہم سے جدا کیا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایم ڈبلیو ایم صوبائی سیکریٹریٹ کی جانب سے امام بارگاہ شاہ خراساں کے سامنے اے پی ایس (سانحہ پشاور) کے شہداءکی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے پی ایس کے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء پاکستان کی بلندی درجات کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
سید علی حسین نقوی نے مزید کہا کہ دشمن کی جانب سے سانحہ اے پی ایس جیسی دہشت گرد کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس سانحے نے ہمیں نہ صرف یکجااور متحد کیا بلکہ دشمن کے خلاف تمام مکاتب فکر کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنادیا اور کراچی تا خیبر دہشت گردی اور انتہاپسندی کا پاکستانی فوج نے عوام کے ساتھ مل کر قلع قمع کردیا۔عسکری قوتوں کی انتھک محنت قربانیوں لگن اور سیاسی قوتوں کے بہترین فیصلوں کے نتیجے میں آج کراچی سمیت ملک کے طول و عرض میں امن و امان بحال ہوچکا ہے۔اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء میجر قمر عباس رضوی، آل اورنگی مساجد و امام بارگاہ کے صدر مزمل کاظمی سماجی رہنماء رضی رضوی، مولانا سجاد شبیر، ہیت آئمہ مساجد کے رہنماء مولانا نعیم الحسن ، بوہری کمیونٹی کے رہنماء منصور جیک بھائی اور مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنماء مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، صوبائی رہنماء ناصر حسینی سمیت کثیر تعداد میں لوگوں موجود تھے۔