The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) پنجاب سے سینیٹ کی سات جنرل نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ،کل سات نشستوں پر 12امیدواروں کے کاغذات داخل تھے، 5امیدواروں کے کاغذات واپسی لےلیئے جانے کے بعد سات نشستوں پر 7 ہی امیدوار باقی رہ جانے کے سبب تمام کے تمام بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ کامیاب امیدواروں میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سے سینیٹ الیکشن میں تکنیکی طور پر ساتوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے علامہ راجا ناصر عباس اور حامد خان ایڈوکیٹ کامیاب جنرل نشستوں پر تحریک انصاف کے ولید اقبال، شہزاد وسیم ، اعجاز منہاس اور عمر چیمہ جبکہ ن لیگ کے مصدق ملک نے کاغذ واپس لے لیے،ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ن لیگ کے مصطفی رمدے نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔
ٹیکنو کریٹ، اقلیت اور خواتین نشستوں پر انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے۔ن لیگ کے محمد اورنگزیب، مصدق ملک جبکہ سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد میدان میں خواتین کی نشستوں پر سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید، پیپلز پارٹی کے فائزہ ملک جبکہ ن لیگ کی بشریٰ بٹ اور انوشے رحمٰن میدان میں اقلیتی نشست کے لیئے ن لیگ کے طاہر خلیل سندھو اور سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق میدان میںموجود ہیں۔
سینیٹ کے ان الیکشن میں سب سے دلچسپ اور حیران کن بات جودیکھنے میں آئی وہ یہ کہ کامیاب ہونے والے سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری جو کہ خود مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین ہیں،انہیں سنی اتحاد کونسل نے سینیٹر نامزد کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ان کی حمایت کی ، یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ اور قومی اتحاد و وحدت کی بہترین مثال ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی کی جانب سے القدس کانفرنس دعوت افطار کا انعقاد مقامی لان میں کیا گیا جس میں مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور اقلیتی برادری کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ القدس کانفرنس سے خطاب میں مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدے کرنے والے رسوا ہوئے، مذاکرات کرکے اسرائیل کو روکا نہیں جاسکتا، طوفان الاقصیٰ میں فلسطینیوں کو بڑی کامیابی ہوئی اسرائیل جنگ ہار گیا ہے، اقوام متحدہ اسرائیل کو بچانے کیلئے پوری کوشش کررہی ہے، استعماری طاقتوں کا چہرہ پوری دنیا میں عیاں ہوگیا، اسرائیل کو تسلیم کروانے کیلئے ماضی میں جنرل باجوہ نے بڑی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیل کا سپورٹر ہے، عالمی استعماری قوتیں خطے میں بھارت کو سپر پاور بنا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں، خطے میں خود امریکہ کا اولین پلان بھارت کو سپر پاور بنانا ہے، پاکستان کو کمزور ترین کرنے کی سازش کی جارہی ہے، امریکہ افغانسان سے رسوا ہوکر نکلا اور اب افغانسان کو ہم سے لڑانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ تھا، جب کہ 9 فروری کو سسٹم سے اعتماد اٹھ جانے کی سازش کی گئی، اس خطے میں امریکہ و اسرائیل کے خلاف جنگ کرنا جہاد ہے، تمام اسلامی حکومتوں پر مسلمانوں کی حفاظت کی ذمہ داری ہے، حکومت پاکستان نے فلسطین کیلئے صرف زبانی جمع خرچ کیا، فلسطینیوں کی ہر ممکنہ امداد کی جائے، اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ سمیت امریکہ و برطانیہ سے سفارتی تعلقات ختم کرکے فلسطینی عوام سے عملی اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا جائے۔
کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر یہودی مسلمانوں پر بھاری پڑھ رہے ہیں جس کی اصل وجہ امت میں تقسیم ہے، امہ اگرچہ تقسیم ہے مگر انہیں امریکا کے تسلط سے نکلنا ہے، ہم شہدا کی تاریخ کے حامل ہیں جنت ہمارے لئیے لکھ دی گئی ہے پھر ہم خوف زدہ کیوں ہیں، اگر ہم صرف فلسطین کا نوحہ پڑھیں گے تو یہ کافی نہیں، براہ راست جاکر مظلومین کی مدد سے ہی حق ادا ہوسکتا ہے۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ آج جو حالت غزہ کی ہے کسی سے چھپی نہیں اور تبدیلی بھی نظر آرہی ہے، طاقت کا تواز ن بہت بدل گیا، اسرائیل جنگی جرائم انجام دے رہا ہے یہ اس قوم کی عادت ہے، انہوں نے زمینوں پر قبضہ کیا، یہ کینیڈا، امریکا، افریقا میں نسل کشی کرچکے ہیں، وہاں یہ قابض ہوئے اور آج بھی قابض ہیں لیکن فلسطین مختلف جگہ ہے اس نے قبضہ قبول نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اسلحے کی سپلائی اور نام نہاد عرب ممالک کی اسرائیل دوستی کو فلسطین کے مظالم پر شرم نہیں آتی، فلسطین میں بچوں، جوانوں کی قربانیاں دے کر بھی وہ سرزمین چھوڑنے پر تیار نہیں ہیں، یہ جرات انہیں کربلا سے ملی، پاکستان جس مقام پر کھڑا ہے شاید اس کے حالات خراب کئے گئے تاکہ فلسطین کی حمایت نہ کرسکیں، ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیل نے جو جنگی جرائم کئے خدا ان کا بدلہ لینے والا ہے۔
کانفرنس و دعوت افطار میں سہیل عابدی، ثاقب نوشاہی، معاز نظامی، قاری محمد حسین، علامہ مبشر حسن، مولانا تصور علی مہدی، مولانا محمد امین انصاری، ڈاکٹر صابرابو مریم، علامہ کامران حیدر عابدی، علامہ نثار احمد قلندری، مولانا مرزا یوسف حسین، شبر رضا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات، وفد میں ایم ڈبلیو ایم کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی اور سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس سے پہلے ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود جیل سپرنٹینڈنٹ نے ملاقات نہ کروائی جس پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے توہین عدالت کی رٹ دائر کی، عدالت نے سپرنٹینڈنٹ کو بلا کر جواب طلب کیا جس پر اس حیلے بہانوں سے کام لیا لیکن عدالت کو مطمئن نہ کر سکتے ہوئے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی اور آج کے دن عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی حامی بھری تھی،ملاقات میں رہنماؤں نے عمران خان کی خیریت دریافت کی اور صحت کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا، باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملکی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بشام میں حملے کے نتیجے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب کرانے کی سازش کر رہے ہیں لیکن یہ اطمینان بخش ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے مفادات کا خیال رکھتے اور ایک دوسرے کی مجبوریوں کو سمجھتے ہیں، اس سے پہلے بھی متعدد بار حملے ہو چکے ہیں مگر چین نے اپنے جاری منصوبوں کو نہ ختم کیا اور نہ ہی معطل، بھارت اور امریکہ نہیں چاہتے کہ پاکستان کے چین کے ساتھ دوستانہ سفارتی اور تجارتی تعلقات ہوں گے، خاص طور پر سی پیک کے حوالے سے ہونے والی ترقی سے بھارت زیادہ خائف ہے اور دہشت گردی کے مختلف واقعات کروا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل پاک چین دوستی کو ٹھیس پہنچانے کی تاک میں رہتا ہے لیکن ہندوستان بھونڈی اور بہیمانہ کارروائیاں دونوں ممالک کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، اب تک ثابت ہوا ہے کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم میں ناکام رہے گا، پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن چین سمیت متعدد ہمسایہ ممالک کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وسیع تر سکیورٹی منصوبے کی ضرورت ہے، محض بیانات ہی کافی نہیں، اقدامات کی بھی ضرورت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس پر توجہ دے گی۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اور قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے تربت میں نیول ائیر بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں دہشتگردی کی لہر سکیورٹی اداروں کا امتحان ہے، سی پیک کے آغاز و اختتام پر تسلسل کے ساتھ واقعات پیش آرہے ہیں۔ چائینز انجینئرز پر حملہ پاک چین دوستی سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، پاکستان کو سفارتی، سیاسی اور معاشی طور پر تنہا کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں کبھی امریکیوں پر دہشتگردی کا حملہ نہ ہونا بہت معنی خیز ہے۔
اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے دروازہ پر اور شاہراہ قراقرم پر تسلسل کے ساتھ واقعات کسی بڑے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی سکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔ اس سے قبل داسو ڈیم میں چائنیز پر حملے کے ذمہ داروں کا تعین اور سزا نہیں ہوسکی تھی، گلگت بلتستان میں بھی دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو کبھی سزا نہیں دی گئی، ہر دہشتگردی کے بعد مذمت اور دہشتگردوں کی کمر توڑنے کے بیانات کے ساتھ نئے سانحے کا انتظار کیا جاتا ہے۔
وحدت نیوز(سکردو) رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے ضلع شانگلہ میں شاہراہِ قراقرم پر چینی باشندوں کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں اور ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔وفاقی حکومت اور ریاستی ادارے واقعہ کی فوری تفتیش کر کے واقعے میں ملوث کرداروں کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ پاک چین تعلقات اور سی پیک منصوبہ کو متاثر کرنے کی گہری سازش ہے۔
اس پر درد موقع پر ہم چینی حکومت،لواحقین اور عوام سے اس سانحے پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے. اللہ سے دعا ہے کہ رمضان کے اس بابرکت مہینے کے صدقے وطن عزیز پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہو آمین۔
جشن ولادت باسعادت امام حسن مجتبیٰ ؑ کے موقع پر ایم ڈبلیوایم کے تحت لاہور میں افطاردسترخوان کا اہتمام
وحدت نیوز(لاہور) حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور اور وحدت یوتھ پاکستان ضلع لاہور کے باہمی اشتراک سے لبرٹی چوک پر افطار کے وقت عمومی دسترخوان بچھایا گیا ۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور اور وحدت یوتھ پاکستان ضلع لاہور کے باہمی اشتراک سے لبرٹی چوک پر ایک عمومی دسترخوان بچھایا گیا جس سے دسیوں لوگوں نے افطار کیا اس ضیافت میں نجم عباس خان ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ، نقی مھدی ضلعی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ،آفتاب علی ہاشمی سنیئر نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ،رانا کاظم ضلعی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ،فخر حسنین رضوی ضلعی صدر عزاداری ونگ ضلع لاہور ،آقا باقر ،نقی حیدرضلعی صدر وحدت یوتھ ونگ لاہور ،برادر سرفراز ،فراست علی ،شازم حیدر،واصف حیدر،تقی حیدر اور علی وارث کے علاؤہ دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ۔لاہور میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا جسے بہت سراہا گیا ۔ کئی لوگوں بلاتفریق اس دستر خوان سے استفادہ کیا
وحدت نیوز(لاہور)سید یاسر زیدی علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے صدر منتخب ہو گئے ۔ صوبائی صدر مجلس وحدتِ مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی نے ان سے حلف لیا۔ صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب لاہور میں علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے تنظیمی برادران کی ضلعی صدر جناب نجم عباس خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کے فعال تنظیمی برادران نے شرکت کی علامہ اقبال ٹاؤن کے سابقہ صدر مجلس وحدت مسلمین جناب فیضان نقوی کے بیرون ملک چلے جانے کے بعد ٹاؤن صدر کی سیٹ خالی ہوئی تھی اجلاس میں ضلعی اور اقبال ٹاؤن کے فعال تنظیمی برادران نے بھر پور شرکت ۔ صوبائی صدر جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی ، صوبائی آفس سیکرٹری ظہیر کربلائی اور ضلعی نائب صدر آفتاب علی ہاشمی بھی اس اجلاس میں موجود تھے ۔ اکثریت آراء سے برادر یاسر زیدی علامہ اقبال ٹاؤن لاہور صدر منتخب ہوگئے ۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے منتخب ہونے والے ٹاؤن صدر سے حلف لیا اور انہیں مبارک باد پیش کی ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلسِ وحدت مسلمین بلوچستان ضلع کوئٹہ سٹی کا اہم اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ صوبائی سیکریٹریٹ MWM بلوچستان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمانان خاص مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری، صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی ذاکر حسین درانی تھے ۔ضلعی صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے معزز مہمانان گرامیکو خوش آمدید کہتے ہوئے خیر مقدم کیا۔
ابتدائی کلمات میں انہوں کہا کہ ان شاءاللہ دوستوں اور بزرگوں کے تعاون سے ضلع کوئٹہ میں تنظیمی فعالیت کو مزید بہتر اور مضبوط بنائیں گے۔شوری کے ضلعی اجلاس سے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صرف سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ الہی تنظیم ہے جس کا مقصد معاشرے میں حقیقی اسلام یعنی اسلام ناب محمدی کی تعلیمات کو احیاء کرنا ہے ہماری تنظیمی فعالیت تنظیم کے دستور اور قواعد وضوابط کے مطابق ہونی چاہیے ہم سب بلا اختصاص دستورپر عمل کرنے کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان پر ہم بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہما کی عظیم جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کی تعمیر وترقی اور استحکام کا عہد کرتے ہیں۔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں عوامی جمہوری جدوجہد کے ذریعے حاصل کیا گیا اور پاکستان کا استحکام تعمیر و ترقی بھی عوامی رائے کو تسلیم کرنے میں ہے۔ پاکستان کی تعمیر وترقی کے لئے ضروری ہے کہ آئین پاکستان پر مکمل طور پر عمل کیا جائے اور جمہور کی رائے کا احترام کیا جائے۔
اجلاس سے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تنظیم میں یونٹس کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے یونٹس تنظیمی فعالیت کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں یونٹس کی بہتر فعالیت کے لیے مرکز کی ہدایت کے مطابق نو نکاتی پروگرام پر عمل کرکے ہی ایک اچھا یونٹ بناسکتے ہیں ہمیں ضلع کوئٹہ کو مزید یونٹ سازی کرنی ہوگی۔اجلاس میں مختلف یونٹس نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی جبکہ ضلعی جنرل سیکریٹری غلام حسین اخلاقی نے ضلعی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور آیندہ چار ماہ کا پروگرام پیش کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آ باد)اسلام کا پر امن چہرہ قرآنی معاشرے کے فروغ سے ہی ابھر سکتا ہے، آج امت مسلمہ کی تمام مشکلات قرآن کریم سے دوری کی وجہ سے ہیں، اسلامی معاشرے کا قیام قرآنی تعلیمات کی بدولت ہی ممکن ہے، ان خیالات کا اظہار نائب صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان علامہ سید ثمر عباس نقوی نے مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام راولپنڈی کی مساجد کے آئمہ جمعہ و الجماعت کے اجلاس سفیران نور و ماہ خدا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس حوالے سے ماہ رمضان کے آخری عشرے کو محافلِ انس قرآن کے عنوان سے منانے کا اعلان کیا گیا جس کے تحت پورے راولپنڈی اسلام آباد میں محافل و زکر قرآن مجید کا انعقاد کیا جائے گا اور فلسطینی مظلومین کی حمایت میں یوم القدس کو بھرپور تیاری کے ساتھ منایا جائے گا جس کی پروگرام موجود تمام علمائے کرام نے حمایت کی۔
مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ اصغر عسکری نے اسرائیلی سفاکیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بھوک و پیاس کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، فلسطینی عوام پر اسرائیل کی جانب سے جاری ظلم وبربریت پر انسانیت بھی شرمسار ہے، اسرائیل نہتے شہریوں پر میزائل اور ڈرونز کے حملے کر رہا ہے، انسانی حقوق کی اس کھلم کھلا خلاف ورزی پر نام نہاد عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی انتہائی شرمناک ہے، ماہ رمضان میں بحیثیت کلمہ گو ہم سب کا فریضہ ہے کہ فلسطین کے مظلومین کے لیے بھرپور انداز میں صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے اسرائیل کے مظالم کو اجاگر کریں۔