The Latest
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر "یوم مادر"کے عنوان سے ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد مقامی ہوٹل میں ہوا۔سمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اہلیہ بیگم پروین سرور نے کہا کہ جگر گوشہ رسول ﷺ حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ذات مقدسہ خواتین کے لیے رول ماڈل ہے۔ ہم زندگی کے تمام پہلوؤں میں اس عظیم ہستی سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ہمیں اپنی نسلوں کو سنوارنے کے لیے اس ذات مقدسہ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانا ہو گا جنہیں نبی کریمﷺ نے اپنے جگر کا ٹکڑا قرار دیا ہے۔یہ وہ ذات ہیں جو رحمت اللعالمین ﷺ کے لیے بھی رحمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکباز معاشرے کی تشکیل کے لیے پاکیزہ تربیت اولین شرط ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب ان ہستیوں سے فیض حاصل کیا جائے جن کی پاکیزگی کا گواہ خود اللہ تعالٰی کا پاک کلام ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل،ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ سیدۃ النسا العالمین حضرت فاطمۃ الزہرا محسنہ اسلام ہیں۔ان کی صداقت و عصمت پر خالق کائنات خود گواہ ہیں۔دین اسلام کے خلاف یزید لعین کے منصوبوں کو خاک میں ملانے والے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی تربیت و پرورش اس عظیم ماں کی آغوش میں ہوئی۔جناب سیدہ سلام اللہ علیہا وہ برگزیدہ ہستی ہیں جن کے احترام میں سردار الانبیاء کھڑے ہو جاتے تھے۔دختر رسول ﷺ کا احترام سنت رسول ﷺ ہے اور ہر کلمہ گو ہر واجب ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خاتون جنت کی زندگی کے مختلف پہلوؤں اور اعلی کردار کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم لاہور کی سیکرٹری جنرل خانم سیدہ حنا رضا تقوی نے کہا کہ خاتون جنت ام الائمہ ہیں۔ان کی اولاد میں وہ آئمہ برحق ہیں جو اپنے اپنے عہد میں استکبار کے خلاف ایک جرات مند للکار تھے۔ دور عصر کے طاغوت و استکبار کا اگر جم کر مقابلہ کرنا ہے تو اہلبیت اطہار علیہم السلام کے در پر آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ رسولﷺ کی شفاعت صرف اسی کے حصہ میں آئے گی جس سے نبی زادی (س) راضی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ولایت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے دفاع میں پہلی مدلل اور بھرپور آواز حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی تھی۔آغوش رسالت میں پلنے والی اس عظیم ہستی کو فاطمہ (س)کہتے ہیں جس کے کردار و گفتار سے نبی کریم ﷺ کا عکس جھلکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ثقافتی یلغار کے ہتھیار سے دشمن ہماری نسلوں کے فکر و کردار پر حملہ آور ہے۔غیر محسوس انداز میں ہمیں حقیقی اسلام سے دور کیا جا رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں خواتین کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے ان نسلوں کی تربیت کرنی ہے جو خود کو اہلبیت ع کا پیروکار سمجھتے ہیں۔ہمیں سیدۃ النساء العالمین کی تعلیمات و کردار کی معرفت حاصل کرنا ہو گی تاکہ دجالی فتنوں کا مقابلہ کر سکیں۔
ایم پی اے اُم البنين پی ٹی آئی، مسز جمیل، ڈاکٹر نگین نقوی،سائرہ جعفری ممبر متحدہ علماء بورڈ،خانم سکینہ مہدوی، خانم ہما تقوی، سلمیٰ بخاری، سیدہ کرن اصغر، عروج ناصر اور خانم رباب نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا ۔
اس پرشکوہ کانفرنس کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے سیکرٹری جنرل لاہور محترمہ حنا تقوی کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شیلڈ پیش جبکہ ڈپٹی سیکریٹری جنرل محترمہ عظمی تقوی سیمت تمام کابینہ اراکین کو اعزازی اسناد کیساتھ نوازا اور ان کے ٹیم ورک کو سراہا ۔
علاوہ ازیں بہترین سیمینار کے انعقاد پر ضلعی مسئول و ایونٹ آرگنائزر محترمہ روزی رضوی صاحبہ کو محترمہ سیدہ زہرا نقوی اور بیگم گورنر پنجاب محترمہ پروین سرور کی جانب سے حرم امام رضا علیہ سلام کا تبرک بطور انعام پیش کیا گیا سیمینار کے اختتام پر تمام حاضرین محفل میں ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین لاہور کی طرف سے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کی ولادت باسعادت کی خوشی میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
وحدت نیوز(لاہور)خاتون جنت ، دختر رسول گرامی ، ام الحسنین ، زوجہ علی مرتضی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے کہا کہ سیدہ کائنات فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیھا کی ذات اقدس ہر حوالے سے ایک کامل خاتون ہیں عورت ایک عظیم بیٹی، قابل رشک بیوی اور قابل فخر ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء علیہ السلام کی صورت میں نظر آئی جس کے لئے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی نشست مبارک سے کھڑے ہوکر استقبال کیا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا بی بی دو عالم س حجاب و عفت اور حيا كا مكمل نمونہ تهيں، آپ تمام دينی و سياسی و اجتماعی ميدانوں ميں حجاب كامل كے ساتھ حاضر ہوئيں، آپ نے اپنے حجاب كے ذريعے معاشرے كو يہ پيغام ديا كہ حجاب كی وجہ سے عورت محدود اور مقيد نہيں ہوتی اسلام اور حق و حقیقت كے دفاع کے لئے عورت بہترين انداز ميں اپنا رول ادا كر سكتی ہے۔
انہوں نے کہا یہ بات ہمارے لیے باعث سعادت اور دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کا باعث بنے اگر ہم ایسی با عظمت اور عصمت و طہارت کے اعلی ترین درجے پر فائز خاتون کی روشن سیرت اور مجاہدانہ کردار کو اپنی زندگی کا اسلوب اور اسوہ بنا لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت کو جو شرف عزت اور بلند ترین مقام دین اسلام نے عطا کیا وہ جناب سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے طفیل حاصل ہے اسی لیے بیس جمادی الثانی کو سرکاری طور پر یوم خواتین و یوم مادر کے عنوان سے منانا چاہیئے تاکہ خواتین نہ صرف اپنی بلکہ اپنی نسلوں کی تربیت جناب زہرا سلام اللہ علیھا کی تعلیمات اور سیرت کے مطابق کر سکیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے حرم امام رضا علیہ سلام کی زیارت کے لیے پانچ خوش نصیب خواتین کے نام کا اعلان کر دیا گیا ولادت با سعادت دختر رسول اللہ ص ، زوجہ امیرالمومنین امام علی علیہ السلام، مادر حسنین علیھما السلام جناب سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیھا کے پر مسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے یوم مادر کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کے دوران مشہد مقدس حرم امام رضا علیہ سلام کے سفر زیارت کے لیے پانچ خوش نصیب خواتین کا نام بذریعہ قرعہ اندازی منتخب ہوئیں اس موقع پر محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ بہت بڑی سعادت اور اعزاز کی بات ہے کہ جناب سیدہ دوعالم سلام اللہ علیھا کے توسل سے ہم ان خوش نصیب خواتین کیساتھ رخت سفر باندھیں گے اور جلد اپنے آقا و مولا امام علی ابن موسی الرضا ع کی زیارت سے شرفیاب ہونگے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) روز مادر ، ولادت باسعادت حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیھا کی مناسبت سے خانہ فرہنگ اسلام آباد کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں خانہ فرہنگ اسلام آباد کی خصوصی دعوت پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے وفد نے شرکت کی وفد میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات و تربیت محترمہ نرگس سجاد ، مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ اور ضلعی سیکرٹری جنرل اسلام آباد محترمہ صدیقہ کائنات نے شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و تربیت مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین محترمہ نرگس سجاد نے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کی سیرت اور ان کے آہنی و مجاہدانہ کردار پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا جناب سیدہ سلام اللہ علیھا وہ ہیں کہ جنکی عظیم شخصیت انسان کو ہدایت کی طرف گامزن کرتی ہے ، بی بی کی ولادت و شہادت ایک ہی ماہ میں ہوتی ہے آپ سلام اللہ علیھا تنہا محافظہ ولایت ہیں کہ جب دیکھا کہ امام وقت پر مشکل آن پڑی تو ایک آہنی خاتون بن کر محافظہ و مدافعہ ولایت بن گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بی بی کی سیرت طاہرہ پر عمل کرنے والے ہیں وہ آج بھی حق کے دفاع کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)20 جمادی الثانی یوم ولادت دختر رسول خداؐ ، خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو یوم خواتین کے طور پر منایا جانے کے مطالبہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔ قرارداد رکن پنجاب اسمبلی ومرکزی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے جمع کروائی ۔
انہوں نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک پاکستان میں 20 جمادی الثانی کو یوم خواتین کے طور پر منایا جائے۔خاتون جنت سیدہ النساءالعالمین بی بی فاطمہ الزھرا سلام اللہ علیہا کی سیرت عالمین کی تمام خواتین کے لئے مشعل راہ ہے ۔
بی بی سلام اللہ علیہاکی زندگی ایک مثالی ماں، مثالی بیٹی اور مثالی زوجہ کی حیثیت سے نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لئے اسوہ حسنہ ہے ۔حضرت فاطمہ الزھرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کو یوم خواتین کے طور پر منانے کا رواج عام کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی خواتین کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا گلگت بلتستان سی پیک میں نہایت اہم کردار رکھتا ہے خطے کے مسائل کا حل مجلس وحدت مسلمین کی ترجیح ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان گلگت بلتستان کی حکومت میں شامل ہوکر خطے کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی خطے کی قسمت بدلنے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی تاریخ گواہ ہے ہر مشکل وقت میں ایم ڈبلیو ایم کی قیادت جی بی کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ چاہے آئینی حقوق کی جنگ ہو یا گندم کی سبسڈی کا مسئلہ ہو مجلس کی قیادت ہمیشہ صف اول میں نظر آئی۔
خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری کا کہنا تھا کہ خواتین معاشرے کا اہم جزو ہے مجلس وحدت مسلمین ان کے سیاسی کردار کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ ہم اسمبلی سے بلدیات تک نمائندگی کیلئے خواتین کو آگے لے کر آرہے ہیں۔ نشست میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی پروفیشنل خواتین کا وفد شریک ہوا اس۔ موقع پرایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی دفتر کی مسئول خواہر بینا شاہ اور ضلع اسلام آباد کی جنرل سیکرٹری خواہر صدیقہ کائنات بھی موجود تھیں۔
وحدت نیوز(اٹک)امام ِ وقت عج کو بھی ویسے ہی ناصرین کی ضرورت جیسے امام حسین علیہ السلام کے تھے بلکہ جیسے پاک بی بی سیدہ ع نے قیام کیا اور وہ پہلی شخصیت تھیں جو دفاع امامت کے لیے کھڑی ہوئی ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امام وقت کے دفاع کے لیے آمادہ ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار محترمہ فائزہ نے مجالس خمسہ جو کہ ایام فاطمیہ کے سلسلے میں امام بارگاہ حسینیہ کامپور سیداں میں ہوئی جن کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے کیا گیا تھا اس میں بیان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہاگر ہم راہ راست پر عمل پیرا ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں سچوں کے ساتھ ہوجانا چاہیے بے شک اس میں ہی ہماری نجات ہےآخری مجلسِ سے خواہر خشنودہ نے خطاب کیا جس میں انہوں نے جنا ب سیدہ کے فضائل بیان کیے اورآخر میں بی بی کا تابوت بھی برآمد کیا گیا۔
وحدت نیوز(اٹک) اگر زندگی بہترین انداز میں گذارنا چاہتے ہیں تو بی بی سیدہ ع کی زندگی کو مشاہدہ کریں تو ایک اچھی بیٹی ،ایک اچھی بیوی اور ایک اچھی والدہ کیسے بنتے ہیں تو آپ سب کی زندگی آسان اور آسودہ ہو جائے گی ۔نیز امام وقت کے دفاع کے لیے کس طرح اپنی اولاد کو آ مادہ کرسکتے یہ تمام چیزیں بی بی سیدہ ع کی زندگی نے ہمیں سیکھائیں ہیں۔ان خیالات کا اظہار محترمہ نورین نے بی بی سیدہ ع کی شہادت کی مجلس سے شین باغ امام بارگاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا۔مجلس کے اختتام پر تابوت بی بی سیدہ ع بھی برآمد کیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات لاہور کی جانب سے منعقدہ اجلاس عمومی میں مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات کی رکن مرکزی نظارت محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے شرکت کی اور تنظیمی خواہران سے خطاب کیا اپنے خطاب میں جناب سیدہ دوعالم بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی ذات بابرکت کو خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوے سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ خداوند عالم نے عورت کی شخصيت كو انسانی معاشره ميں مزید اجاگر كرنے كیلئے اپنے حبيب كو ايک ايسی بيٹی عطا کی، جس كے ساتھ رسول اكرم كا رھن سہن اور سيده كونين كی عملی زندگی ديكھ كر اسلامی اور انسانی معاشره ان سے درس لے اور انكو اپنی زندگی كیلئے نمونہ عمل قرار دے۔
ان کا کہنا تھا حضرت فاطمه زہرا (ع) کی زندگی كا ہر پہلو الٰہی اقدار سے عبارت تها اور اسلامی تعليمات كا ایک مجسمہ جناب زہرا (ع) کی شكل ميں خداوند متعال نے عطا کیا، جو علم و دانش، حجاب و عفت، ازدواج اور شوہر كے انتخاب، فن شوہر داری اور اولاد کی تربيت، گهريلو اقتصاد کی مدد، اسلام كیلئے عورتوں كا سياسی اور اجتماعی ميدان ميں آج كی خواتين كیلئے ایک مكمل نمونہ عمل ہے انہوں نے مزید کہا کہ آج معاشرے میں شعور بصیرت اور بیداری لانے کے لئے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کہ مبارزاتی اور جہادی پہلوؤں کو زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہےتاکہ لوگ اپنی دینی ذمہ داریوں سے لاتعلق نہ رہیں۔
شہیدوں کا لہو طاقتور ہے مگر اس کے لئے ہمیں بیداری ،آگاہی اور بصیرت کی ضرورت ہے،محترمہ سائرہ ابراہیم
وحدت نیوز(گلگت) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان شعبہ طالبات گلگت کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک پروقار مجلس عزاء منعقد کی گئی جس میں عالمات اور ذاکرات کے علاوہ مختلف تنظیموں اور انجمنوں کی سرکردہ خواتین نے شرکت کی ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری یوتھ محترمہ سائرہ ابراہیم نے آئی ایس او طالبات کی دعوت پر اس مجلس عزاء میں خصوصی طور پر شرکت کی اور خطاب بھی کیا ۔ خواتین کی ایک کثیر تعداد اس مجلس عزاء میں شریک تھی ۔
محترمہ سائرہ ابراہیم نے شہدائے ملت ،شہدائے وطن ،شہدائے گلگت وبلتستان ،شہدائے پشاور ،شہدائے کوئٹہ ،شہدائے مچھ ،شہدائے کراچی ،شہدائے شکارپور ،شہدائے لاہور ،شہدائے بابوسر ،شہدائے اورکزئی ،شہدائے پاراچنار ،شہدائے چلاس ،شہدا ملتان ،شہدائے امامیہ اسٹوڈنٹس اور شہید علامہ ضیاءالدین موسوی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہم ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں ۔ ہم پاکستان میں شہیدوں کے وارث ہیں یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم سے پوچھے بغیر کوئی شہداء کے قاتلوں سے مذاکرات کرے ؟ شہیدوں کا لہو طاقتور ہے مگر اس کے لئے ہمیں بیداری ،آگاہی اور بصیرت کی ضرورت ہے جیسا کہ قرآن نے کہا کہ تمہیں شعور نہیں وہ شہداء کیسے زندہ ہیں ؟ پس شہداء کے لہو سے وفا ! اسی صورت ممکن ہے کہ ہم بیدار ہوں ،آگاہی اور بصیرت حاصل کرلیں ! جب ہم اس مقام پر پہنچ جائیں گے تو ہم شہداء کے اصلی قاتلوں کو پہنچان لیں گے اور جب قاتلین عاشقان خدا کو پہنچان لیا تو کبھی بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ ھیھات من الذلہ ۔