The Latest
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے اسلام پورہ یونٹ کی جانب سے عظمت و تکریم شہداء ِ مکتب اہلبیت علیہ السّلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلہ میں کانفرنس اور قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی، کابینہ ممبران اور یونٹ اراکین سمیت کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک و قرآن خوانی سے کیا گیا۔فرائض ِ نظامت و منقبت خوانی محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے ادا کئے۔
راہ ِ حق پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء مکتب اہلبیت علیہ السّلام کی قربانیوں سے متعلق خصوصی خطاب کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کا کہنا تھا کہ شہدائے انقلاب کے لیے ذاتِ سید الشہداء علیہ السلام چراغِ نور و ہدایت ہے۔ امام حسین علیہ السلام کو سید الشہداء اور بقیہ شہدائے کربلا کو تاریخ شہداء کا سردار کہا جاتا ہے جو سب سے عظیم اور سب سے برتر ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا کا سب سے پہلا سبق دین اور خدا کی راہ میں فدا ہو جانا ہے ۔ امام عالی مقام نے تمام مسلمانوں بلکہ تمام عالم بشریت ، تمام آزاد منش افراد چاہے وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم ، کو یہ درس دیا کہ اگر انسان کا شرف ، اس کی آزادی اور استقلال ، انسانی اقدار اور مسلمانوں کا دین خطرے میں پڑ جائے تو سخت حالات میں بھی دین کا دفاع ایک اسلامی اور انسانی فریضہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مکتب تشیع سے تعلق رکھنے والے ہمارے تمام شہداء بالخصوص شہید عارف حسین الحسینی، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور شہید قاسم کی زندگیاں اسی درسِ کربلا کا عملی مظاہرہ پیش کرتی نظر آتی ہیں۔ یہ زمانہ عصر تحریک اور عصر انقلاب ہے اور مومن کے لیے ذاتِ حسین ابن علی علیہ السّلام ایک ماہتاب عالم تاب ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے انقلاب و مکتب اہلبیت علیہ السّلام نے اپنی زندگیاں عالمی و طاغوتی استعمار کی سازشوں کیخلاف اور محروم و مظلوم طبقات کے حقوق کیلئے جدوجہد میں صرف کر دی ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے شہداء کی زندگیوں کا روشن فکری کیساتھ مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں۔
آخر میں محترمہ حنا تقوی نے محترمہ روبی سیکرٹری شعبہ مالیات اسلام پورہ یونٹ اور محترمہ شہزادی کی اس عظیم اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد کے لیے تمام کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
وحدت نیوز(سکردو) پارلیمانی سیکرٹری برائے وویمن ڈویلپمنٹ و صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کنیز فاطمہ نے کہا ہے کہ معذور افراد معاشرے میں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل پرسنز کے مختلف تنظیمات کی جانب سے گلگت پریس کلب میں جاری احتجاج کے دوران قراقرم ڈس ایبلیٹی فورم کے رہنما حسن بلتی اور ارشاد کاظمی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں معذور افراد کو سپیشل پرسن کی حیثیت حاصل ہے اور ان افراد کو معاشرے کا اہم اور کار آمد فرد بنانے کے لئے گلگت بلتستان حکومت ہر قسم کا تعاون اور ضروری اقدامات کریگی۔حال ہی میں وفاقی حکومت کی جانب سے منظور شدہ اسامیوں میں معزور افراد کے لیے محکمہ تعلیم اور دیگر محکموں میں نشستیں مخصوص کی جائے گی اور صوبائی حکومت سپیشل پرسنز کے مسائل کے حل کے لئے دیگر محکموں کے لئے بھی یکساں فارمولا طے کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند لوگ نعمتوں سے محروم طبقے کی مدد کے لئے آگے آئیں اور انہی نعمتوں کی عطائیگی اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان سمجھیں۔
وحدت نیوز(لاہور)برصغیر کے مسلمان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں متحد تھے۔ وہ حصولِ پاکستان کے لیے بے شمار قربانیوں کے ساتھ سرگرداں تھے۔ ہمارے مخالف ہندو، مسلمانوں پر طنز کے تیر چلاتے تھے کہ پاکستان کے حصے میں جو علاقے آ رہے ہیں وہ انتہائی پسماندہ ہیں۔ جلد ہی پاکستان معاشی طور پر کمزور ہونے کے ناطے ختم ہو جائے گا اور بھارت کی گود میں آن گرے گا۔ اس کا جواب قائد اعظم نے یہ یوں دیا کہ ’’میں کہہ سکتا ہوں ایک عام فرد کے طور پر اور یہ میری پختہ رائے ہے کہ پاکستان کبھی دیوالیہ نہیں ہو گا بلکہ یہ ایک بہت طاقتور ملک ہو گا۔
ان شاءاللہ ۔آج ہمیں اپنے محبوب قائد ؒ کے فرمان کے مطابق ان کا خواب پورا کرنے کی ضرورت ہے ۔آئیں عہد کریں جس طرح قائد اعظمؒ پاکستان کو دیکھنا چاہتے تھےہم ویسے ہی پاکستان کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار پیش کریں ۔ ہم سب کی یہ دلی خواہش ہے کہ ہمیں قائد اعظم ؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کا پاکستان چاہیے ۔ وہ اسی صورت ممکن ہے کہ ہم سب ملکر پاکستان کی خوشحالی اور پیشرفت میں اپنا حصہ ڈالیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے مرکزی وفد نے محترمہ نرگس سجاد جعفری کی سربراہی میں اسلام آبادکے مرکزی چرچ ایف سیون کا دورہ کیا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی ۔ چرچ کی انتظامیہ نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے لئےنیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔
محترمہ نرگس سجاد نے چرچ میں آئے ہوئے مسیحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایات پر آپ کے پاس آئے ہیں ، آپ ہمارے بھائی ہیں اور پاکستان کا ہر شہری ہمارے لئے قابل احترام ہے۔
محترمہ نرگس سجاد نے اپنے خطاب میں قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کو پہلی آئین ساز اسمبلی سے خطاب کی تقریرکا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ “پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں پاکستان کی مذہبی اقلیتوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ میں ہر ایک چاہے وہ کسی رنگ یا نسل یا مذہبی عقیدے سے متعلق ہو، چاہے اس کا تعلق کسی فرقے سے ہی کیوں نہ ہو، وہ اول و آخر جمہوری ریاست کا باشندہ ہوگا۔ آپ سب کے حقوق و مراعات و فرائض و ذمہ داریاں مشترک ہوں گی اور آپ سب ان سب کے برابر کے حصہ دار ہوں گے۔ آپ آزاد ہیں آپ اس لئے آزاد ہیں کہ آپ اپنے مندروں ،گرجہ گھروں میں جائیں آ پ اس لئے آزاد ہیں کہ آپ اپنی مسجد میں جائیں یہاں پاکستان کی حدود میں اپنے مذہبی عقیدے کی کسی بھی عبادت گاہ میں جائیں۔ آپ کا تعلق کسی مذہب کسی عقیدے یا کسی ذات سے ہو اس کا مملکت کے مسائل و معاملات سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ ہر شخص کا انفرادی عقیدہ و عمل ہے بلکہ سیاسی لحاظ سے اس مملکت کے ایک شہری کی حیثیت سے رہے گا۔
آخر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری سیاسیات محترمہ نرگس سجاد صاحبہ نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اگر قائداعظم ؒ کے فرمودات پر من وعن عمل ہوتا تو نہ ہمارے ملک دہشت گردی ہوتی اور نہ ہی فرقہ واریت پروان چڑھتی ۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے وفد محترمہ بیناشاہ مرکزی مسئول آفس ،محترمہ صدیقہ کائنات ضلعی سیکریٹری جنرل ضلع اسلام آباد و ضلعی کابینہ کی خواتین ہمراہ تھیں ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے، الحمد اللہ مجلس وحدت مسلمین سینٹرل لاہور کی جانب سے آج بروز جمعرات ایم ڈبلیوایم پنجاب سیکریٹریٹ سے ضرورت مند اور مستحق خاندانوں میں آٹے کے بیگ تقسیم کیئے گئے۔ اس موقع پر صوبائی عہدیداران حسین زیدی ، رائے ناصر علی ، سیکرٹری جنرل سنٹرل لاہورشیخ عمران و دیگر بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(کراچی )جشن ولادت امام زین العابدین ؑ کے پرمسرت موقع پر المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کراچی کی جانب سے ضرورتمندوں میں راشن بیگز کی تقسیم کیئے گئے۔ اے ڈی ایم سی کراچی کے چیئرمین سید زین رضا رضوی نے کہا کہ الحمد اللہ ایم ڈبلیوایم کا فلاحی ادارہ پورا سال ضرورت مند افراد، خانوادہ اسیران اور خانوادہ شہداء میں راشن بیگز ، ملبوسات، عیدی گفٹس، قربانی کا گوشت اور دیگر اشیاء کی تقسیم کویقینی بناتا رہتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس ماہ یوم ولادت امام زین العابدین ؑ کے بابرکت موقع پر بھی المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کراچی نے درجنوں ضرورت مند خاندانوں میں راشن بیگز کی فراہمی ممکن بنائی ہے ۔ انہوں نے اس کاخیر میں حصہ لینے والے مخیرین کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مشکلات کے خاتمے ، ان کے رزق میں اضافے اور ان کی توفیقات میں اضافے کی دعا کی ہے ۔
وحدت نیوز(لاہور)آغاز ایام شہادت دختر رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت پر مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایام فاطمیہ کو ایام دفاع ولایت سے تعبیر کیا جاتا ہے ان مجالس عزا کے ذریعے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کا روشن و تابناک کردار و اسوہ کاملہ کو اجاگر کریں انہوں نے کہا اگر ہم جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کی زندگی کا بغور مطالعہ کریں تو بی بی دو عالم اپنے چاہنے والوں کو اپنی پاکیزہ سیرت اور گفتار سے ہر دور میں ایک اہم ترین عمل یعنی ولایت سے متسمک رہنےاور ولایت کے دفاع کی خاطر میدان میں رہنے کی دعوت دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا زہرا مرضیہ سلام اللہ علیھا نہ صرف خواتین کے لیے اسوہ ہیں بلکہ کل بشریت کے لیے آپ کی ذات مقدسہ نمونہ عمل ہے آپ سلام اللہ علیھا کی تعلیمات، اقوال اور خطبات قیامت تک کے لیے منبع ھدایت ہیں ان کا مذید کہنا تھا دور حاضر میں ہر ظلم کے خلاف کلمہ حق بلند کرنے کا حوصلہ اور دین اسلام کا دفاع کرنے کی جرات و ہمت ہمیں سیدہ طاہرہ سلام اللہ علیھا کی عظیم شخصیت سے حاصل ہوتی ہے پروردگار ہم سب کو سیرت فاطمی اپنانے کی توفیق عطا فرمائے ۔
وحدت نیوز(سکھر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری سیاسیات وتربیت محترمہ نرگس سجاد جعفری اپنے تین رکنی مرکز ی وفد جس میں محترمہ بیناشاہ مرکزی مسئول آفس و رابطہ سیکریٹری، محترمہ شبانہ میرانی کے ہمراہ، صوبہ بلوچستان ،صوبہ سندھ میں کراچی کا کامیاب دورہ کرنے کے بعد اندرون سندھ سکھر پہنچیں جہاں انہوں ضلع سکھر کی ضلعی سیکریٹری جنرل محترمہ سعیدہ سے ملاقات کی اور مختلف تنظیمی وتربیتی امور پر گفتگو کی ۔
انہوں نے اپنے دورے کے حوالے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک نظریاتی ،سیاسی اور مذہبی تنظیم ہے ۔ اللہ تعالیٰ اسے ایسے ورکرز دیئے ہیں جن میں جذبہ ایمانی کے ساتھ ساتھ خدمت کرنے کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہے جو کہ قابل رشک اور ستائش ہے ۔ اور ہم نے اس دورے کے دوران دیکھا کہ کس طرح خواتین میں کام کرنے کی لگن موجود ہے ۔ مختلف خواتین سے ملنے کے بعد معلوم ہوا کہ اگر انہیں میدان فراہم کیاجائے اور سرپرستی کی جائے تو ان میں کس قدر کام اور خدمت کا شوق پایا جاتاہے ۔
انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہمیں یقین دلایا کہ جب بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کو ان کی ضرورت پڑی وہ میدان میں آئیں گی اور اپنے مردوں کے شانہ بشانہ امام عصر (عج) کے ظہور کے لئے زمینہ ہموار کرنے میں اپنا کردار پیش کریں گی ۔ ہم جس طرح عزاداری سید الشہداء میں اپنے بچوں کے ہمراہ مجالس عزاءکی مجالس و محافل اور جلوسوں میں شرکت کرتی ہیں اسی طرح اپنے وقت کے امام(ع) کےظہور کے لئے زمینہ سازی میں بھی شریک ہونگیں ۔ ہمیں پاکستان میں مجلس وحدت کے قائدین پر پورا یقین ہے کہ وہ ہمیں تنہا نہیں چھوڑیںگے ۔جس طرح پاکستان میں جب بھی مکتب اہلبیت ؑ کو مشکل پیش آئی ہے تو ہماری واحد جماعت(مجلس وحدت مسلمین ) پیش پیش نظر آتی ہے ۔ ہم بھی اپنی توان کے مطابق اپناحصہ ضرور ڈالیں گی ۔ان شاءاللہ ۔
وحدت نیوز :مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی ضلعی سیکریٹری جنرل ضلع اسلام آباد محترمہ صدیقہ کائنات صاحبہ نے افغان مہاجرین کی فیملیز کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت اسلام آباد کے علاقہ بھارکہو میں راشن اور دیگر سامان تقسیم کیا ہے ۔محترمہ خدیجہ کائنات نے اس سے پہلے بھی علاقہ بھارہ کہو ، راولپنڈی کے علاقہ خیابان سر سید میں بھی افغان بے سہارا مہاجرین کی امداد کے طور پر بستر ، لباس ،ادویات اور خواراک تقسیم کی ہیں ۔
ضلع اسلام آباد اور راولپنڈی خواتین برادران کے شابشانہ اس کار خیر سےپیچھے نہیں رہیں بلکہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔ خواہر صدیقہ کائنات کا کہنا تھا کہ آج سے۲۰ دن پہلے راولپنڈی اور اسلام آباد کے پسماندہ شیعہ نشین علاقوں میں افغانستان سے شیعہ فیملی اپنے اہل وعیال کے ہمراہ بے سروسامانی کے عالم میں ہجرت کرکے پہنچیں۔ یہ لوگ چمن اورطورخم باڈر سے آئے ہیں ۔ انہوں نے افغانستان کے اندر بھی ایک طولانی سفر اورصعوبتیں برداشت کیں اور یہاں آکر بھی انہیں ٹرانسپوٹروں نے لوٹا ۔ ۱۵۰۰ روپےکا کرایہ ان سے ۵۰۰۰ ہزار سے ۲۵۰۰۰ ہزار تک لیا گیا ۔
کوئٹہ اور خیبر سے ہوتے ہوئے یہاں کیپیٹل سٹی اسلام آباد پہنچے ۔ زبان انہیں نہیں آتی ۔ شیعہ کے علاوہ کوئی ان کا پرسان حال نہیں ۔ ان خاندانوں میں شہداء اور سادات فیملیز ہیں جن کی حالت نہایت ناگفتہ ہے ۔ ایک ایک خاتوں کے ہمراہ ۵ سے ۸ تک بچے ہیں جن کا سنبھالنا بہت مشکل ہے ۔ ان لوگوں کے پاس رہنے کو کوئی جگہ نہیں تھی ۔ ہمارے مخلص دوستوں نے بندہ حقیر سے ملکر کافی حد ان کی مشکلات کو کم کیا مگر کب تک ۔ کس حد تک ؟ اور کیسے؟ ایک چھوٹے گھر میں ۴سے ۵ فیملیز اور وہ بھی ناکافی وسائل کے ساتھ ۔
پانی کے مسائل،خواراک کا مسئلہ ،لباس کا مسئلہ ، اور بستر ،کمبل تک نہیں ۔اسی گھر میں ایک خاتوں نے اسی گھر کے برآمدے میں چادر لٹکا کر پناہ لی ہوئی تھی ۔ ایک فیملی جس کی خاتون مریض اور بچے بیمار تھے دوکان کے شٹر کے نیچے بیٹھی اپنے بچوں کو تسلیاں دے رہی تھی ۔لہذا ضلع اسلام آباد اور مرکزی خواہران شعبہ خواتین نے مجلس وحدت مسلمین کے برادران کے ہمراہ تعاون کر نا شروع کردیا ہے ۔ جہاں تک ممکن ہوا اس کار خیر سے پیچھے نہیںہٹیں گے ۔ان شاءاللہ
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی کابینہ کی اراکین مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات وتربیت محترمہ نرگس سجاد نے اولڈ رضویہ سوسائٹی کراچی کا دورہ کیا،اس موقع پر انہوں نے سینیئر تنظیمی خواتین کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔ محترمہ نرگس سجاد نے ضلع کو فعل کرنے کے لئے مشاورت کی اورکسی بھی دینی ،سیاسی اورمذہبی جماعت کو مظبوط بنانے اور اس کی ضرورت پر گفتگو کی اورساتھ ہی مجلس وحدت مسلمین کی خدمات اور اہمیت پر روشنی ڈالی ۔
اس موقع پر کراچی ڈویژن کی تمام اراکین نے عزم وحوصلہ سے کام کرنے کی یقین دہانی کروائی، اس نشست میں مرکزی خواتین رہنماؤں کے علاوہ کراچی ڈویژن کی سیکرٹری جنرل محترمہ معصومہ ممتاز ،ڈپٹی سیکریٹری جنرل محترمہ نایاب زہرا،سیکریٹری روابط محترمہ سلمٰی ، سیکر ٹری مالیات محترمہ عتیق اور مختلف یونٹ کی سیکرٹری جنرل خواتین نے شرکت کی
مرکزی سیکریٹری آفس محترمہ بینا شاہ نے تنظیمی ریکارڈ چیک کئے،تنظیمی پیش رفت کے حوالے سے گفتگو کی۔ آخر میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل محترمہ بنین زہرا نے سب کا شکریہ ادا کیا اس نشست کا اختتام دعائے امام زمانہ سے ہوا،اس کے بعد یہ وفد محترمہ نشاد عابدی کی رہائش گاہ پر گیا ان سے ملاقات کی مجلس وحدت کے وسیع اھداف ومقاصد پر بات چیت ہوئی۔