The Latest

وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کے مسئول ڈاکٹر علامہ شفقت حسین شیرازی نے میڈیا کے نمائندوں اور ایم ڈبلیو ایم کے سینئر اراکین کے ساتھ آج خصوصی نشست میں نام نہاد ناموس صحابہ بل کے مضرات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بیدار اور ہوشیار رہنا چاہیئے، تاکہ دشمن ہماری صفوں میں کوئی دراڑ نہ ڈال سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے والے اکثریتی سنی و شیعہ مسلمان ایک اقلیتی گروہ کو دین اسلام کے ساتھ کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ ان کے مطابق مٹھی بھر استعمار کے آلہ کار شدت پسندوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے باہمی اتحاد اور وحدت کو وقت کی سب سے بڑی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے سب سے اپیل کی کہ کوئی بھی ایسا بیان نہ دیں یا ایسی تحریر نہ لکھیں، جس سے اتحاد اور وحدت کی موجودہ فضا کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری شرافت کو ہماری کمزوری سمجھا گیا تو یکم ربیع الاول کو ہم سب مل کر اپنی عوامی و جمہوری اور قانونی طاقت کا بھرپور اظہار کریں گے۔ انہوں نے مسئلہ تفتان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر پر سرکاری مامورین کو زائرین کو اذیت کرنے سے اجتناب کرنا چاہیئے۔ متعلقہ ادارے شکایات کا نوٹس لیں۔ زائرین ہمارے لئے بہت محترم ہیں۔ ہم زائرین کے حوالے سے لاتعلق اور خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے تفتان کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے تفتان بارڈر پر دینی طلباء اور یونیورسٹیز کے اسٹوڈنٹس اور زائرین کے ساتھ پاکستانی امیگریشن پر مامور بعض متعصب افراد کا غیر اخلاقی سلوک و نازیبا گفتگو اور مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کو ناقابل قبول قرار دیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ یورپ میں توہین قرآن کریم کے واقعات تسلسل کے ساتھ رونماء ہو رہے ہیں۔ حالانکہ یورپی اپنے آپ کو مہذب اور باشعور انسان کہلاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں انچارج پاسبان بیت ایل میموریل میتھوڈیسٹ چرچ کے پادری سائمن بشیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پادری سائمن بشیر مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں سے ملاقات کیلئے آئے تھے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یورپی ممالک میں قرآن کریم کی توہین کے واقعات افسوسناک ہیں۔ ان واقعات کے سدباب کے لئے تمام مذاہب اور ادیان کے علماء و اکابرین کو کوششیں کرنی چاہئیں۔ یورپ میں توہین قرآن کریم کے واقعات تسلسل کے ساتھ رونماء ہو رہے ہیں۔ حالانکہ یورپی اپنے آپ کو مہذب اور باشعور انسان کہلاتے ہیں۔ جبکہ آج تک ایشیا میں انبیاء کرام یا کسی مقدس کتاب کی توہین کا اس نوعیت کا واقعہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کے درمیان بھائی چارے اور مختلف ادیان اور مذاہب کے درمیان رواداری کا فروغ چاہتے ہیں۔

فیصل آباد میں مسیحی افراد اور عبادت گاہ چرچ میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ دین اسلام عدل و انصاف کی تاکید کرتا ہے۔ بے گناہ انسانوں پر حملہ کرنے والے اور عبادت گاہوں میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پادری سائمن بشیر نے کہا کہ یورپ میں قرآن مجید کی توہین قابل مذمت عمل ہے۔ بدقسمتی سے یورپ میں دین گریزی کا عمل بدترین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ ہم جنس پرستی جیسے غیر انسانی فعل اور بغیر نکاح کے ناجائز تعلقات جیسے قابل نفرت عمل یورپی شہریوں کی دین گریزی اور اخلاقی پستی کی دلیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد واقعہ قابل مذمت ہے۔ علماء کرام کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے توہین صحابہ بل نہ توہین صحابہ کو روکنے کیلئے ہے اور نہ ہی توہین اہل بیتؑ کو روکنے کیلئے ہے۔ اسلام آباد میں علماء و ذاکرین کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں اہل تشیع اور اہل تسنن کی طرف سے یہ بات کررہا ہوں کہ وہ جنہوں نے صحابہ کی بھی توہین کی، وہ جنہوں نے اہل بیتؑ کی بھی توہین کی، وہ جنہوں نے قرآن کی بھی توہین کی، وہ جنہوں نے اسلام کی بھی توہین کی، وہ جنہوں نے نبی اکرمؐ کے نواسےؑ کے گلے پر خنجر چلایایہ ان کو بچانے کا بل ہے، ہم اس کے نام سے نہیں اس کے کام سے اس کو جانتے ہیں، بات شروع تم نے کی ہے ختم ہم کریں گے، تم نے چور دروازے سے داخل ہوکر اس کہانی کا آغاز کیا ہے، علیؑ کے شیعہ میدان میں آکر بتائیں گے کہ یہ صحابہ کا بل نہیں بلکہ پاکستان توڑنے کا بل ہے، ہمیں حکومتیں گرانی پڑیں تو گرائیں گے مگر اس طرح کے بل کو پاس کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے جڑانوالہ میں چرچ پر حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات برپا کر کے ملک کی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔ملک خداد پاکستان میں بسنے والے مذہب و مسلک کو اپنی عبادات کیلئے آئینی آزادی حاصل ہے ایسی طرح ہر مذہب و مسلک کی عبادت گاہیں قابل احترام ہیں۔مساجد،چرچ اور مختلف مذاہب و مسالک کی عبادت گاہوں کو نقصان پہچانے والے ملک و قوم اور اسلام کی دشمن ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا متنازعہ بل بھی ایسے پر تشدد واقعات کو جنم دے گا ملکی مقتدر اداروں سیاسی و مزہبی جماعتوں کو چایئے اس متنازعہ بل کے خلاف اپنا کردار ادا کریں ۔ِپاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں و مسالک کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ریاست کی طرف سے ان مکمل طور پر تحفظ فراہم ہونا چاہیے جڑانوالہ چرچ واقع کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں واقع میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) شیعہ قومی و ملی تنظیمات کے سربراہوں، ذاکرین اور علمائے کرام کی طرف سے مشترکہ طور پر یکم ربیع الاول کو اسلام آباد کی کال دی گئی ہے۔

سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بزرگ علماء و قائدین کی مشاورت سے ملت تشیع کے جانب سے متنازع بل کے خلاف 1 ربیع الاول کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے گھیراؤ کا اعلان۔

پوری قوم اپنے اپنے انتظامات پر یکم ربیع الاول کو اسلام آباد آئے گی اس وقت تک رہیں گے جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں منعقدہ قومی علماء وذاکرین کانفرنس سے خطاب کے دوران چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، علامہ امین شہیدی سمیت دیگر علماء و ذاکرین کی جانب سے قومی لائحہ عمل اور حتمی اعلان کے مطالبے کیا گیا تھا۔

علامہ سید ساجد نقوی نے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس متنازعہ بل کومنسوخ نا کیئے جانے کی صورت میں پوری قوم کو یکم ربیع الاول بروز اتوار کے دن اسلام آباد میں جمع ہونے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے گھیراؤ کی دعوت دے دی ہے ۔

 متنازعہ بل بنانے والوں، ان کے پشت پناہوں اور اس کی حمایت کرنے والوں کو پوری دنیا میں رسوا کریں گے،علامہ راجہ ناصر عباس

وحدت نیوز(اسلام آباد)علما و ذاکرین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے  کہا ہے کہ ترمیمی بل پاکستان کی سالمیت  اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم سازش ہے جسے  پوری قوم نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔آج کا یہ بھرپور اجتماع واضح کرتا ہے کہ شیعہ قوم بیدار ہے ،کسی ایسے قانون کو اس ملک میں لاگو ہونے کی اجازت نہیں دے گی جس کی آڑ میں دشمنان آل محمد ﷺ کو تحفظ دینے کی کوشش کی  گئی ہو۔علمی و  تاریخی حقائق اور اختلافات کو قانون سازی کے ذریعے  دبایا  یا چھپایا نہیں جا سکتا۔شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں،اور ہم اہل سنت کو اپنی جان اور روح سمجھتے ہیں، بل پیش کرنے اور اس کی حمایت کرنے والوں نے چور دروازے سے ملک کے آئین اور قرآن وسنت پر ضرب لگانے کی کوشش کی ہے۔یہ اجتماع  ایک ایسے  شر انگیز بل کا راستہ روکنے کے لیے ہے جس کا مقصد ملک میں مذہبی منافرت کو  ہوا دینا ہے۔یہ بل عدل و انصاف کا قتل ہے۔اصحاب  رسول اللہ ﷺ اور امہات المومنین  کے نام پر لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے۔ ان عناصر نے تکفیریت او ر دہشت گردی  کے ذریعے ملک کو تباہی میں دھکیلنے کی کوشش جن کو دانش و بصیرت کے ساتھ شکست  دی گئی ۔ میں نے صدر پاکستان سے ملاقات میں واضح کر دیا ہے کہ یہ بل پاکستان کی تباہی کا بل ہے ۔پچیس کروڑ عوام کے ساتھ یہ بدترین خیانت ہے۔کچھ شر پسند طاقتیں  یہ تاثر دے رہی ہیں کہ انہیں اس بل کی منظوری میں عسکری اداروں کی رضامندی حاصل ہے۔  عسکری اداروں کو تکفیری گروہ سے  دور رہنا ہو گا۔باشعور سنی علما بھی اس بل کی مخالفت کر رہے ہیں۔ایسے غیر قانونی اقدامات کا راستہ روکنا ہو گا۔ ہم نے پانچ دن دھرنا دے کر بلوچستان کی فاشسٹ حکومت کو ملیا میٹ کر دیا تھا۔ ہماری قوم بیدار ہے اور قربانی دینا جانتی ہے۔ ہم یہاں جلسہ کرنے نہیں آئے بلکہ یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ ہم قربانی دینا جانتے ہیں ہم اس بل کو پاس نہیں ہونے دیں گے۔ آج پوری قوم اکھٹی ہے۔ بل بنانے والوں، ان کے پشت پناہوں اور اس کی حمایت کرنے والوں کو پوری دنیا میں رسوا کریں گے۔اربعین کے جلوس کو پاکستان کا تاریخی جلوس بنائیں گے۔لبیک یاحسین ؑ کے نعرے کے ساتھ قوم کا ہر بچہ ، بزرگ ، جوان خواتین گھروں سے باہر نکلے گا۔ہمارے شیر خوار بچے بھی اس بل کی راہ میں رکاوٹ  ثابت ہوں گے۔علما ، ذاکرین   اپنے خطبات میں ان ملک دشمن و اسلام دشمنوں کے مذموم عزائم سے قوم کو آگاہی دیں۔ ہم نے شجاعت کربلا سے سیکھی ہے۔وطن عزیر میں بسنے والے تمام شیعہ سنی  بھائیوں کو مل کر ایسی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔جب تک اہل تشیع کی سیاسی طاقت نہیں ہو گی پارلیمنٹ میں ایسے بل پیش کئے جاتے رہیں گے۔ہمیں اپنے عقیدے اور قوم کے دفاع کے لیے سیاسی طور پر مستحکم ہونا ہو گا۔آج کا یہ اجتماع  ہمارے اگلے لائحہ عمل کا مقدمہ ہے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری علامہ سہیل اکبر شیرازی کے ہمراہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار شہید سید مہدی اور شہید محمد جواد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات لمحہ فکریہ ہیں جو دھشت گردوں کے نیٹ ورک کی نشاندھی کرتے ہیں۔ ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کو تحفظ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہزارہ شیعہ نسل کشی میں سینکڑوں خاندان اجڑ چکے ہیں لہٰذا ریاستی ادارے شیعہ نسل کشی کو روکیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالیہ واقعات میں ملوث مجرموں کو بے نقاب کرتے ہوئے قاتل دھشتگردوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان محبان اہلِ بیت کی سرزمین ہے۔ جو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام سے عشق و عقیدت رکھتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سٹی آف نالج پبلک اسکول جیکب آباد میں 14 اگست کے موقع پر یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے انگریز کی غلامی سے آزادی کے لئے قربانیاں دیں۔ ہم تحریک آزادی کے مجاہدوں اور شہدائے پاک وطن کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو حصول تعلیم اور اپنی خود سازی و کردار سازی پر توجہ دینی چاہئے۔

کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی حصول علم و تعمیر کردار پر منحصر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی سے آزادی کا راستہ دکھایا۔ ان کے افکار و تعلیمات ہمارے لئے آج بھی مشعل راہ ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ پاکستان محبان اہلِ بیت کی سرزمین ہے۔ جو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام سے عشق و عقیدت رکھتے ہیں۔ امام حسین علیہ السلام کا پیغام حریت و آزادی اور اغیار کی غلامی سے نجات کا پیغام ہے۔ اس موقع پر اسکول کے طلباء و طالبات نے یوم آزادی کی مناسبت سے قومی ترانا پڑھا اور ملی نغمے پڑھ کر وطن عزیز پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(اصفہان)مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیراہتمام شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی پینتیسویں برسی بعنوان افکار شہید حسینی منعقد کی گئی۔ نظامت کے فرائض حافظ ملک وسیم سجاد نے انجام دیئے جبکہ سید مقبول حسین نے تلاوت کلام مجید کی اور حافظ سلیم شیخ نے ترانہ "شہید قائد سلام تجھ پر" پیش کیا۔ اس موقع پر شہید قائد کے افکار و نظریات کو اجاگر کرنے کے لئے ذوالفقار علی سمیت مختلف تنظیمی برادران نے گفتگو کی۔ اس موقع پر سربراہ مجلس علماء شیعہ پاکستان و سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے اپنے خطاب میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی زندگی کا مطالعہ انسان میں انقلاب برپا کر دیتا ہے۔ شہید قائد نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک شناخت اور مقام رکھتے تھے اور آپ کی شہادت سے پورا عالمِ اسلام متاثر ہوا ہے۔

پاکستان کے معروضی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک شرپسند اقلیتی گروہ، جو قیامِ پاکستان کے ہی خلاف تھا، وہ آج پاکستان کا مالک بن چکا ہے۔ قائد شہید علامہ عاف حسینی ؒ نے بھی اس گروہ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا اور آج ہم سب قائد شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے متحد ہیں اور ساری ملت تشیع متحد ہے، ہم دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ملت تشیع کے تمام علماء و زعماء سب ایک ساتھ ہیں، اس بے بنیاد بل کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور 16 اگست کو اسلام آباد میں منعقدہ علماء و ذاکرین کانفرنس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اس کانفرنس میں تمام علماء سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متنازعہ ترمیمی ایکٹ 2021ء کی پارلیمنٹ سے منظوری کے خلاف علمائے شیعہ پاکستان کی جانب سے سولہ اگست بروز بدھ بلائی گئی ملک گیر علماء و ذاکرین کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مختلف امور کی انجام دہی کے لیے تشکیل پانے والی انتظامی کمیٹیوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، عظیم الشان کانفرنس میں شرکت کے لیے ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے علماء و ذاکرین کے قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کے تمام بزرگ علمائے کرام و اکابرین عظام کے حکم پر بلائی گئی کانفرنس میں ملک بھر سے علماء و ذاکرین کی بڑی تعداد شریک ہو گی، اس عظیم الشان کانفرنس کے توسط سے حکومت وقت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ واضح پیغام دیا جائے گا کہ اس فرقہ وارانہ بل کو فی الفور ختم کیا جائے، یہ متنازعہ ایکٹ قرآن وسنت کے سراسر منافی اور آئین وقانون سے متصادم ہے، پاکستان بنانے میں بنیادی کردار ادا کرنے والے مسلک کے خلاف غیر منصفانہ قانون سازی ناقابل قبول ہے، پی ڈی ایم اور ان کے سرپرستوں کی جانب سے ملت جعفریہ پاکستان کے خلاف اٹھائے گئے متعصبانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں، چھ کروڑ عوام کے ساتھ یہ امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، یہ بل انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، جسے ہم یکسر مسترد کرتے ہیں، اس حوالے سے اسلام آباد کی جانب ملک گیر عوامی مارچ کی کال کے لیے ملت جعفریہ پاکستان کے تمام بزرگ علماء و ذاکرین کرام اور ملی تنظیموں کے سربراہان کی مشاورت جاری ہے، بزرگ علماء کرام کا جو بھی حکم ہو گا اس پر پوری قوم لبیک کہے گی، شیعیان حیدر کرار کو دیوار سے لگانے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا، جس کے لیے تمام تر قانونی راستے اپنائے جائیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree