The Latest
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ شہید عارف حسین الحسینی سرزمین پاکستان پر رہبر کبیر بانی انقلاب امام خمینی رہ کے سپاہی اور مبلغ انقلاب تھے، عارف حسین الحسینی شخص نہیں بلکہ فکر کا نام ہے جو آج بھی ملت جعفریہ میں حسینی عزم کے پیکر جوان معاشرے کو آگہی فراہم کر رہی ہے، شہید عارف حسین الحسینی رہ کو پاکستان و اسلام کے دشمن اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کرتے تھے اور یہی وجہ تھی کہ فرزند خمینی عارف حسین الحسینی کو استعماری و استکباری ایجنٹوں نے شہید کر کے ملت جعفریہ کو اپنے جہاندیدہ و زیرک ،شفیق اور ہمدرد قائد سے محروم کر دیا۔
علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ نے شہید حسینی کے بارے میں کہا تھا کہ پاکستان کی ملت شہید قائد کے تفکر کو زندہ رکھے، امام خمینیؒ جانتے تھے کہ شہید قائد کا تفکر، شہید کی فکر، شہید کا نظریہ، شہید کا ویژن اسلام کے لئے، مسلمانوں کے لئے، پاکستان کے لئے نجات دہندہ ہے، صراط مستقیم ہے لہٰذا شہید قائد کا ہم سے بچھڑنا اور ہماری قوم و ملت کا شہید قائد کی قیادت سے محروم ہونا یہ بہت بڑا المیہ تھا اور بہت بڑا نقصان تھا، شاید مدتوں بعد بھی اس خلاء کو پر نہیں کیا جا سکتا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس علماء مکتب اہل بیت کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی وطن عزیز میں اتحاد امت کے ذریعے امن و ترقی لانے کے خواہشمند تھے۔ شہید قائد کو امریکہ کے اشارے پر شہید کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کے موقع پر سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست 1988 کی تاریخ پاکستان کے تمام مسلمانوں اور خاص کر شیعیان حیدر کرار کیلئے یتیمی کا دن ہے۔ جس میں امریکہ کے اشارے پر اس وقت کے ڈکٹیٹر نے علامہ شہید سید عارف حسین الحسینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کو شہید کروایا۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ علامہ عارف حسین الحسینی وطن عزیز میں اتحاد امت کے ذریعہ امن و ترقی اور خوشحالی لانے کے خواہشمند اور شب روز تگ و دو کرنے والے تھے۔ انہوں نے شہید قائد کے ایصال ثواب کیلئے سورہ فاتحہ کی درخواست کی۔
وحدت نیوز(قم) سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان و سربراہ مجلس علماء امامیہ پاکستان حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے یوم شہادت شہید عارف حسین الحسینی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ شہید حسینی کی شہادت کربلائی کرداروں کا تسلسل ہے کیونکہ شہید حسینی نے بھی شہدائے کربلا کی طرح راہ امام حسین علیہ السلام پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ وہ اپنے جد امجد سید الشہداء علیہ السلام کی راہ پر چلتے ہوئے یزیدان عصر کے خلاف ایک توانا آواز تھے۔ شہید مظلوم پاکستان میں وحدت بین المسلمین کے علمبردار تھے۔ انہوں نے ہمیشہ شیعہ سنی وحدت کیلئے عملی اقدامات کیے۔ وہ پاکستان کو آزاد و خود مختار پاکستان بنانے کے خواہاں تھے انہوں نے ہمیشہ بیرونی مداخلت کے خلاف آواز بلند کی۔ شہید حسینی ملت تشیع پاکستان کے حقوق کی جنگ لڑتے لڑتے راہ وفا میں داعی اجل کو پیارے ہوگئے۔ انہوں نے پاکستان میں ملت تشیع کے سیاسی تشخص کی نہ فقط بنیاد رکھی بلکہ سیاسی سوچ و نظریہ بھی دیا۔
علاوہ ازیں سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ شہید عارف حسینی کی شہادت سے سرزمین پاکستان میں پیدا ہونے والا خلا آج بھی شدت سے محسوس ہوتا ہے۔ فرزندان شہید حسینی آج بھی وہی پرچم حریت و ولایت تھامے انکے مشن کی تکمیل کیلئے قائد وحدت کی قیادت میں سرگرم عمل ہیں۔ اور شہید کے سفر کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بقول امام راحل امام خمینی کہ افکار شہید حسینی کو زندہ رکھا جائے۔ لہذا شہید حسینی کے معنوی فرزند روز شہادت شہید قائد یہ عہد کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ ہم شہید کے افکار کو زندہ رکھتے ہوئے راہ شہید حسینی پر کاربند رہیں گے۔ اور آرزوئے شہید کو پورا کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور)مرکزی صدر وحدت یوتھ پاکستان علامہ تصور علی مہدی نے شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کے 35ویں یوم شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شہید قائد بے یارو مددگار محروموں اور مظلوموں کی ایک گونجتی ہوئی آواز تھے، آپ نےسرزمین پاک پرسب سے پہلے عالمی استکباری قوتوں امریکہ اور اسرائیل کو للکارا ۔انہوں نے کہا کہ 35 سال گذر جانے کے باوجود قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے روحانی فرزند حضرت امام خمینی کو ملت جعفریہ پاکستان سے جسمانی طور پر تو چھین لیا لیکن تاریخ گواہ ہے کہ شہید قائد کی شہادت کو 35 سال گزر جانے کے باوجود بھی دشمن ہماری دلوں سے نہیں چھین سکا ہے میں ملت جعفریہ پاکستان کے جوانوں کو تاکید کرتا ہوں کہ آپ زیادہ تر شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی حفظہ اللہ کی زندگی کا مطالعہ کریں اور کو رول ماڈل بنائیں شہید حسینی ایک عظیم شخصیت تھی وہ اتحاد بین المسلمین کے دائی تھے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شہید کے معنوی فرزند علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ قائد شہیدکے موقف کےحقیقی ترجمان ہیں۔
وحدت نیوز(گلگت) اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی گلگت بلتستان اسمبلی میں گھن گرج، حکومتی ممبران کو مہذب انداز میں آڑے ہاتھوں لےلیا۔اپنے خطاب میں کاظم میثم نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے دوران ہمارے منتخب اراکین کو مجبور کرکے انکی توہین کی گئی جس کا دکھ ہے۔
رجیم چینج آپریشن میں پیپلز پارٹی اور نون لیگ بے بسی کی تصویر بنی رہی، دونوں جماعتیں بے بس تھیں۔
رجیم چینج آپریشن میں بے بسی پر پیپلز پارٹی نے تھوڑی سے غیرت کا مظاہرہ کیا لیکن وہ غیرت کراچی یاترا کے بعد ختم ہوگئی۔
حکومتی اراکین میرے لیے قابل عزت ہیں لیکن گزارش کرتا ہوں آپ تکڑے ہوجائیں۔
رولز آف بزنس میں ترمیم کو ختم کرکے موجودہ حکومت کو بے بس کر دیا ہے، موجودہ وزیراعلٰی سے لیکر تمام وزرا سے ایک گریڈ ون تک کو پوسٹ آوٹ کرنے کا اختیار بھی چھین لیا گیا۔
آر او بی میں ترمیم کو بحال نہیں کیا گیا تو آپ لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
حکومتی اراکین جرات و ہمت کریں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں آپ حکمران بنیں۔
حکومتی اراکین ایک پیچ پہ بیٹھیں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی کھینچا تانی میں سیاسی اداروں کا نقصان ہوگا۔ اگر حکومت بااختیار نہیں ہوتا ہے تو خطے کے عوام سے کہیں گے آئندہ کوئی مطالبہ حکومت سے نہ کریں بلکہ اداروں کا رخ کریں جو ناجائز طور پر طاقت اور اختیار کا سرچشمہ بنا ہوا ہے۔
حکومت کے عوام کے حق میں ہر فیصلے کی تائید تو توصیف کریں گے لیکن سستی و غفلت اور عوام دشمن فیصلوں کے آگے بندھ باندھیں گے۔
حکومت بننے سے اب تک کئی بڑے فیصلے ہوئے لیکن ان فیصلوں میں کابینہ، منسٹرز اور ہاوس کو اعتماد میں نہیں لیا گیا جو کہ ہم سب کی توہین ہے۔
لالہ موسی کے غیرمنتخب شخص نے پاور پالیسی 2015 کی توسیع اور پی پی آئی بی کی منظور دی لیکن منسٹری کو علم ہی نہیں تھا۔ اس فیصلے کے بعد ٹیرف کا تعین بھی نیپرا کرے گی یوں گلگت بلتستان کے غریب عوام پر ظلم ہونے جا رہا ہے۔ بجلی کی بلات میں غیرمعمولی اضافہ ہوگا۔
افسوس کی بات ہے کہ ای سی سی کے اجلاس کا جی بی حکومت کو علم ہی نہیں تھا۔ بعد میں منسٹر نے آئی ایم ایف کے قرضوں کو گندم سبسڈی سے جوڑنے کی کوشش کی ہے جو کہ غلط روش ہے۔ جب سات روپے کا اضافہ بھی ہوا تو پی ڈی ایم نے مزید گندم دینے کے لیے قیمتوں میں اضافے کی شرط رکھی تھی۔ اب گندم سبسڈی کے خاتمے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ہم گندم کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہونے نہیں دیں گے۔ امجد ایڈوکیٹ نے بیس لاکھ بوریوں کا جو اعلان کیا ہے اس اعلان پہ عملدرآمد کرائے۔
ہم ابھی ڈیلیورنس اور گورننس پہ موجودہ حکومت کو سوال ہی نہیں کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوامی مسائل حل ہوں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور کی ماہانہ میٹنگ صوبائی سیکرٹریٹ شادمان لاہور میں منعقد ہوئی جس میں لاہور کابینہ کے معزز اراکین نے شرکت کی ، قومی وتنظیمی ایشوز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس میٹنگ جناب سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین، صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب سید آغا حسین زیدی ، اسپیشل سیکرٹری برائے امور عزاداری پنجاب جناب سید خرم عباس نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔
لاہور کابینہ اس اہم میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کیے گئے اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کو سراہا گیا ۔ محرم الحرام اور مجالس عزاء میں عزاداران امام عالی مقام کو درپیش مسائل کا بغور جائزہ لیا گیا ۔ عزاداری کونسل کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا ۔
خرم نقوی اور سید فخر حسنین کے محرم الحرام اور مجالس عزاء کے حوالے سے کردار کو خصوصی طور پر سراہا گیا ۔ لاہور کی موجودہ ٹیم کی کارکردگی کو سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات نے سراہا اور شکریہ ادا کیا ۔سید اسد عباس نقوی نے ضلع لاہور کی ضلعی کابینہ کے معزز اراکین اور ٹاونز کے محترم صدور اور ضلعی صدر جناب مرزا نجم خان صاحب کے اقدامات اور کاوشوں کو بہت سراہا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اسی طرح آپس میں ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں ۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی وناصر رہے گا ۔ ان شاءاللہ۔
وحدت نیوز(گجرات)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی صدرعلامہ سید علی اکبر کاظمی کا گجرات کادورہ۔ گجرات میں محرم الحرام کے ایام میں مختلف مقامات پر بانیان مجالس کے خلاف ٹائم کی پابندی نہ کرنے ، شورٹی بانڈز نہ دینے اور مخالفین کی شکایات کو بہانے بنا کر ایف آئی آر ز درج کی گئی ہیں ۔ علاقے کے مومنین اور بانیان مجالس نے ملکر ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع گجرات سے کہا کہ صوبے یا مرکز کی سطح پر رابطہ کریں تاکہ ان بے بنیاد ایف آئی آرز کاخاتمہ کیا جاسکے۔
ضلعی صدر سید اظہر شاہ جعفری سے جیسے ہی مومنین کرام اور بانیان مجالس نے رابطہ کیا انہوں نے وقت ضائع کیے بغیر رات ہی علامہ سید اکبر علی کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب سے رابطہ کیا ۔ اور گجرات کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔صوبائی صدر نے صوبائی عزاداری سیل کے معزز ممبران سے رابطہ کیا اور مشاورت کی ۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی مورخہ 4 اگست کو صبح ظہیر کربلائی صوبائی آفس سیکرٹری و ممبر عزاداری سیل پنجاب کے ہمراہ گجرات پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے علاقے کے مومنین کرام اور بانیاں مجالس جن کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا تھا سے ملاقاتیں کی اور ساری صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور وہاں پر موجود مومنین کرام سے خطاب فرمایا کہ ہم تو چودہ سو سال سے اپنا حق مانگ رہے ہیں جو نہیں دیا جارہا ۔ نہ یہ پہلی ایف آئی آرز ہیں نہ آخری ۔ جب تک ہم کربلا والوں کا ذکر کرتے رہیں گے اور نواسہ رسول کی مجالس عزاء برپا کرتے رہیں گے ۔ نسل یزید کو تکلیف ہوتی رہے گی ۔ہم گجرات کے مومنین کے ساتھ کھڑے ہیں ہائی کورٹ لاہور کا واضح فیصلہ موجود ہے ۔عزاداری سید الشہداء پر قدغن نہیں لگائی جاسکتی۔ ہم قانونی راستہ اپنائیں گے ۔ تنظیمی سطح پر گجرات کی آواز کو صوبائی سطح پر اٹھائیں گے ۔
پنجاب میں کئی مقامات پر اسی طرح کی ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں ۔ہم ان سب کا کیس لڑیں گے ۔ہم ہمیشہ عزاداروں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ہمیں عزاداری کے راستے میں مختلف حربے بہانے اور رکاوٹیں بالکل قابل قبول نہیں ہیں ۔ ہم مومنین کرام بانیاں مجالس کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی ایف آئی آرز کے سلسلے میں ، علاقے کے مومنین سے ہمدردی کرنے یہاں پر آئے ہیں ۔ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم آخر تک آپ کا ساتھ دیں۔ اس سلسلے میں کچھ مومنین کرام نے قبل از گرفتاری ضمانتیں بھی کروا رکھی ہیں ۔اب سوموار کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی نائب صدر جناب حاجی مشتاق ورک، صوبائی ڈپپٹی جنرل سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم صوبہ پنجاب جناب سید منتظر مھدی ،ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم جناب سید اظہر شاہ جعفری ایک بھاری بھرکم وفد ہمراہ گجرات کے ڈی سی اور ڈی پی او گجرات سے ملے گا ۔
امید ہےعزاداری کے سلسلے میں کی گئی بوگس ایف آئی آرز کا مسئلہ مقامی سطح پر ہی حل کرلیا جائے گا ۔ان شاءاللہ۔علاقے کے مومنین اور بانیان مجالس نے صوبائی وفد مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور قبلہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی صحت وسلامتی کے لئے دعائیں کیں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں عمران خان کی گرفتاری کو سیاسی انتقام کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، اس مضحکہ خیز اقدام سے ملکی عدالتی نظام کی قلعی کھل گئی ہے، قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے برعکس عجلت میں فیصلہ سنایا ہے، جس کا صرف اور صرف مقصد عمران خان کو راستے سے ہٹانے کے سوا کچھ نہیں، 5 اگست جہاں کشمیری عوام کے محاصرے اور استحصال کا دن ہے وہاں پاکستانی عوام کے بنیادی جمہوری و آئینی حقوق کی پامالیوں کا دن بھی ہے، عدالتی فیصلہ آنے سے کئی گھنٹے پہلے پولیس اہلکاروں کا گرفتاری کے لیے زمان پارک پہنچنا ساری منصوبہ سازی کو عیاں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقیوں کی خفت سے بچنے کے لیے انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے، یہ چوروں کا ٹولہ اپنی کرپشن اور لوٹ کھسوٹ پر پردہ ڈالنے کی خاطر مفاد پرستانہ اور بزدلانہ حرکتوں پر اتر آیا ہے، آج انتقام پرست ٹولے نے سابق وزیراعظم کو ذاتی اناء کی بھینٹ چڑھایا ہے، اس بلا جواز گرفتاری کے ملکی معیشت اور سیاست پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، یہ فیصلہ ملکی معیشت کی زبوں حالی کا باعث بنے گا، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جمہوری نظام و اقدار کی کوئی وقعت و اہمیت نہیں، آئندہ شفاف اور بروقت الیکشنز کے انعقاد میں تاخیری حربے استعمال کیے جانے کا قوی امکان ہے، عوامی عدالت میں موجودہ حکمرانوں کو سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا، الیکشنز جب بھی منعقد ہوئے، ذلت آمیز شکست ان کا مقدر ٹھہرے گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 5 اگست 1988ء قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کی 35 ویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں تمام فرزندان اسلام و ولایت کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ سید عارف حسین الحسینی پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے حقیقی داعی اور علمبردار تھے، آپ حقیقی معنوں میں فرزند کربلا تھے، آپ ایک شجاع اور مبارز شخصیت کا متحرک اور عملی نمونہ تھے، شہید قائد نے ہمیشہ اجتماعی زندگی کو اپنی ذاتی زندگی پر ترجیح دی، قوم و ملت کے سچے دردمند ہونے کے ناطے قومی مفادات اور سربلندی کی راہ پر گامزن رہے، دین ناب کی ترویج اور عوامی حقوق کے لیے مسلسل کوشاں رہے, آپ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رح کے سچے عاشق تھے، جن کی شہادت پر امام راحل نے تعزیتی پیغام بھیجا، آپ نے ملت پاکستان کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑا، قوم کے وارث ونگہبان آپ کی محبت ہمارے دلوں کا سرمایہ اور روحوں کی پاکیزگی کا سامان ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی نے ملک کے چپے چپے کے دورے کیئے اور کونے کونے میں لبیک یاحسین ع کی صدائیں گونج اٹھیں، کہ اس وقت کی طاغوتی و استعماری قوتیں بھی آپ کے فکری عزم سے خائف تھیں، شہید قائد بصیرت و شجاعت کا اعلیٰ ترین نمونہ تھے، آپ کا ساڑھے چار سالہ دور قیادت، ملت کے لیے قیمتی سرمایہ ہے، عارف زمان، بابصیرت، شجاع، جذبہ شہادت سے سر شار، مجاہد اور وارث کربلا تھے، جس نے پاکستان کے مظلوم عوام کی قیادت کی اور اسی راستے میں جام شہادت نوش کیا لیکن ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹے، شہید عارف حسین الحسینی نے امام خمینی رح کے پیغام وحدت کا علم اٹھایا شہادت تو قبول کی لیکن اسے جھکنے نہیں دیا، خط ولایت پر عمل پیرا ہو کر استقامت کے ساتھ جد وجہد کی عملی تصویر بن گئے، پیکر تسلیم و رضا، منبع اخلاص، عارف الٰہی، مجسمہ عقیدہ و عمل اور نڈر قائد محبوب علامہ سید عارف حسین الحسینی کی شان میں ہماری زبان بولنے سے قاصر ہے، آپ کی ذات بارے لکھنے کے لیے قلم میں تاب نہیں، لیکن ہمارے دل شہید کی یاد اور محبت سے سرشار ہیں۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی رحمۃ اللہ علیہ کی 35 ویں برسی کی مناسبت سے مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع میں مجلس عزاء منعقد ہوئی۔ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی مجاہد فی سبیل اللہ عابد شب زندہ دار اور محروموں اور مظلوموں کے طرف دار تھے۔ آپ نے اسلام ناب محمدی اور فکر امام خمینی کی روشنی میں پاکستانی قوم کی رہنمائی کی۔ آپ نے عالمی استکباری قوتوں امریکہ اور اسرائیل کو للکارا ۔
انہوں نے کہا کہ 35 سال گذر جانے کے باوجود قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ قائد شہید کے افکار اور تعلیمات آج بھی پاکستانی قوم کے رہبر و رہنما ہیں۔ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے قائد شہید کی شہادت پر پاکستانی قوم کے نام جو پیغام دیا وہ آج بھی ہمارے مسائل کا حل ہے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قائد شہید کے پیروکاروں کی جماعت ہے ہم قائد شہید کے افکار و تعلیمات کو اپنا منشور سمجھتے ہیں۔ اس عظیم قائد کے نظریات کی روشنی میں وطن عزیز پاکستان کی سربلندی اور ملت جعفریہ کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس موقع پر برسی قائد شہید سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنما محترمہ رقیہ سلطانہ نے بھی خطاب کیا۔