The Latest

وحدت نیوز(جیکب آباد)نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی بے مثال قربانی کی یاد میں مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں (پیغام کربلا کانفرنس) منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی میزبانی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ کانفرنس سے مختلف سیاسی سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

کانفرنس سے ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما انتظار حسین چھلگری ،ممتاز عالم دین علامہ سید اشفاق حسین نقوی، انجمن سپاہ علی اکبر علیہ السلام کے وائس چیئرمین راجہ سید ریاض علی شاہ ،سماجی رہنما محترمہ غلام کبریٰ، ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ ڈویژن لاڑکانہ کے صدر منصب علی بروھی، سید کامران علی شاہ، مسیحی رہنما پادری منیر بشیر، پادری شیرون یوسف، کونسلر دلمراد لاشاری ،خطیب اہل بیت حسین بخش عابدی و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کا قیام اور تحریک کربلا بنی نوع انسان کے لئے عظیم درسگاہ کا درجہ رکھتی ہے اپنے آفاقی پیغام اور ظلم و استکبار سے ٹکرانے کے سبب امام حسین علیہ السلام ہر دور کے اھل حق کے لئے اسوہ حسنہ ہیں۔ اپنی بے مثال قربانی کے سبب امام حسین عالی مقام ہر رنگ نسل اور مذہب کے انسان کے محبوب ہیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی پادری منیر بشیر نے کہا کہ دنیا بھر کے مسیحی حضرت امام حسین علیہ السلام سے محبت کرتے ہیں کربلا میں جناب وھب جناب جون اور دیر راہب کے واقعات میں مسیحیوں کی امام حسین عالی مقام سے محبت کی جھلک نظر آتی ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتظار حسین چھلگری نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمۃ اللہ علیہ نے سرکیڈارو میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کی لازوال قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کانفرنس کے اختتام پر معزز شرکاء کو سیرت و سوانح حضرت امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے کتابوں کے تحفے پیش کئے گئے۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ مظلوم اور محروم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے اور ان کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہوا جائے، کربلاء کے معرکہ نے ہمیں انسانیت کی فلاح، بقاء اور بہترین زندگی گزارنے کا سلیقہ سیکھایا۔

امام بارگاہ سامرہ نیورضویہ سوسائٹی کراچی میں عشرہ محرم کی مجلس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں مسلمان مشکلات اور پریشانی میں مبتلا ہیں اور ہر طرف افراتفری کی سیاست ہے، دنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں لہٰذا ہمیں حسینی افکار اور جرأت و بہادری کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ مسلم امہ بھی عزت و آبرو کے ساتھ جی سکے اور کسی کی حق تلفی نہ ہو۔

علامہ اعجاز بہشتی نے مزید کہا کہ آج مغربی دنیا جس طرح مسلمانوں کی مقدسات کی توہین کررہی ہے اس کے خلاف ہم سب کو آواز اٹھانا ہوگی اور یہ بات واضح کرنا ہوگی کہ اسلام امن و محبت اور رواداری اور احترام انسانیت کا مذہب ہے، اس لئے دوسرے مذاہب کے پیروکاروں کو بھی ہمارا احترام کرنا ہوگا اور عقائد و نظریات کا احترام کرتے ہوئے سب کو جینے کا حق دینا ہوگا۔

وحدت نیوز(لاہور) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کرشن نگر اسلام پورہ میں عشرہ محرم الحرام کی مجالس سے خطاب کے بعد لاہور کے مختلف عزاخانوں کا دورہ کیا ۔

 شب ہفتم محرم الحرام علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے وفد کے ہمراہ چوک رنگ محل اور اندرون لوہاری گیٹ اور دیگر مقامات کا وزٹ کیا ۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع کے ضلعی نائب صدر جناب رانا کاظم ،برادر نقی حیدر ،اور دیگرکارکنان بھی علامہ سید احمد اقبال رضوی کے ہمراہ تھے ۔

 علامہ سید احمد اقبال رضوی نے وزٹ کے دوران عزاداروں اور بانیان مجالس عزاء اور مومنین سے ملاقاتیں کیں اور کہا کہ شہر لاہور کی عزاداری ایک مثالی عزاداری ہے ۔اس کی ایک تاریخ ہے ۔ اہل لاہور بڑے ادب واحترام سے ایام محرم الحرام مناتے ہیں ۔ بانیان مجالس عزاء اور علاقے کے مومنین عزاداروں نے علامہ صاحب کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔۔

وحدت نیوز(لاہور)لاہور میں ہر سال کئی جگہوں پر مجالس عزاء اور جلوس منعقد ہوتے ہیں ۔ جن کی حفاظت کے لئے جوان ہمہ وقت تیار اوراپنے لئے اس کام کو سعادت سمجھتے ہیں ۔ اس کام میں برادر رانا کاظم کا بہت بڑا کردارہے ۔راناکاظم نے اپنی ایک رضا کاروں کی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے جو نہ صرف مجالس ،جلوس عزاء پر مامور ہے بلکہ علماء کرام اور ذاکرین عظام کی حفاظت بھی یہی رضا کار انجام دیتے ہیں ۔ اس رضا کار ٹیم کی خوبی یہ ہے کہ انتہائی بااخلاص اور حضرت امام حسین ؑ سے عشق رکھنے والے جوانوں کوہی اس کام میں لیا جاتا ہے اور یہ جوان فی سبیل اللہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں ۔ مومنین عزاداوں سے یہی درخواست ہوتی ہے کہ ان کے ساتھ تعاون کریں ۔یہ سب جوان آپ کی حفاظت پر کھڑے ہیں ۔ یہ جوان اپنی مدد آپ کے تحت جہاں کہیں عزاداری ہورہی ہوتی ہے پہنچ جاتے ہیں ۔ انہیں کسی قسم کا کوئی لالچ نہیں ہوتا صرف اور صرف اپنے رب کو راضی کرنے اور اہل بیت ؑلیہم السلام کی خوشنودی کے لئے ڈیوٹی انجام دیتے ہیں ۔ اذان صبح سے لیکر رات گئے تک یہ رضا کار آپ کو ہر وقت تیار نظر آئیں گے ۔ ان کے اندر تھکاوٹ کا احساس نہیں ہوتا ، یہ ایک جذبے اور خاص لگائو کے تحت اپنا کام کررہےہوتے ہیں ۔ ہم سب کا سلام ان عزیزان کے لئے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر مولا امام حسین ؑ کے عزاداروں ،بی بی پاک دامن کے زائرین اور جلوسوں میں مومنین کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں ۔

وحدت نیوز(گوجرانوالہ)صوبائی سیکریٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب وصوبائی ممبرعزاداری کونسل پنجاب جناب آغا سید حسین شاہ زیدی کی قیادت میں وفد کا گوجرانوالہ ڈویژن کا دورہ وفد میں مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ کے مرکزی رہنما ، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید حسن ہمدانی اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم جناب برادر منتظر مھدی موجود تھے ۔ صوبائی سیکرٹری سیاسیات نے سب سے پہلے وزیر آباد کا وزٹ کیا جہاں کچھ دنوں سے مرکزی امام بارگاہ کا مسئلہ چل رہا تھا ۔

جناب سید آغا حسین شاہ زیدی نے وزیر پہنچتے ہی مرکزی امام بارگاہ کا مسئلہ حل کروایا ۔جس پر عمائدین شہر نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ محرم الحرام کے حساس ترین دنوں میں یہ مسئلہ گھمبیر ہوتا جا رہا تھا ۔صوبائی سیکریٹری سیاسیات آغاسید حسین شاہ نے اسی مرکزی امام بارگاہ میں وزیر آباد کی ضلعی کابینہ کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں ہدایت کی کہ مسائل کی درست نشاندہی کی جائے اور اس کے بعد ان کے حل کے لئے مناسب اقدامات اٹھائیں جائیں ۔ مقامی لوگوں سے ملکر مسائل کو حل کیا جائے ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اتحاد بین المسلمین سےپہلے اتحاد بین المومنین پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ مجلس وحدت مسلمین کے مسئولین نے ہمیشہ ہر مسئلے اور ایشو میں اپنا مثبت رول ادا کیا ہے ۔

صوبائی سیکریٹری سیاسیات آغا سید حسین شاہ زیدی نے ضلعی وزیر آباد کے عمائدین کی ایک میٹنگ میں شرکت کی اور انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ اگر ہم ملکر سنٹرلائز طریقے سے مسائل حل کریں تو کبھی مشکل پیش نہیں آئے گی ۔لیکن اگر ہم آپس میں الجھ کر ہر کوئی اپنے اپنے طریقے سے حل کرنے لگیں تو مسائل اور مشکلات بجائے حل ہونے کے الجھتے جائیں گے ۔

صوبائی سیکرٹریٹ سیاسیات نے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری سے ملکر وزیر آباد میں خواتین کی مجلس کے حوالے مشکلات کو بھی حل کیا ۔ وزیر آباد کے مومنین نے ہمیشہ ملت کے لئےاپنا مثبت کردار ادا کیا ہے صف اول میںرہ کر اپنی بہترین خدمات پیش کیں ہیں ۔گوجرانوالہ دورے کے آخر میں وحدت یوتھ کے جوانوں سے خصوصی نشست میں شرکت کی اور ان جوانوں کے پاکیزہ جذبوں اور حوصلوں کو سراہا ۔ اور جوانوںکو عزاداری کے حوالے سےمومنین سے ملکر سے عملی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔جوانوں نے صوبائی سیکرٹری سیاسیات کا جوانوں کو شاباش دینے اور حوصلہ افزائی کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

وحدت نیوز(لاہور) عالمی یوم علی اصغر علیہ سلام ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعے کو دنیا بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے ، مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ضلع چینیوٹ، جہلم ، اٹک ، گلگت ، سکھر ، راولپنڈی اور ٹنڈو محمد خان کے مختلف یونٹس میں یوم علی اصغر علیہ سلام منایا گیا جس میں شیر خوار اور کم سن بچوں نے اپنی ماوں کے ہمراہ شرکت کی بچوں نے شہزادہ علی اصغر علیہ سلام کی یاد میں سبز پوشاکیں پہنیں اور ماتھے پر لبیک یا حسین ، لبیک یا مھدی کی سرخ پٹیاں باندھیں مجلس کے اختتام پر تجدید عہد با امام زمان عج کیا گیا جس میں ماوں نے امام مھدی عج کے حضور  سیرت علی اصغر کی پیروی کرتے ہوئے اپنے بچوں کی قربانی پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مدرسہ مظہر الایمان و جامعۃالکوثر اسلام آبادکے فارغ التحصیل و متعلم حوزہ علمیہ نجف اشرف علامہ سید سفیر سجاد شیرازی اور مولانا ناصر حسین گھلو کے تلہ کنگ کے مقام پر ایک ٹریفک حادثے میں میں داعی اجل کو لبیک کہ جانے پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں دعا کی کہ مجالس عزا سے خطاب کیلئے جاتے ہوئے دونوں ذاکرین اہل بیتؑ نے اپنی جان قربان کی اور درجہ شہادت پر فائز ہوئے،پروردگار عالم مرحومین علامہ سید سفیر سجاد شیرازی اور مولانا ناصر حسین گھلو کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان خصوصاََ جامعۃ الکوثر و حوزہ علمیہ نجف اشرف کے اساتذہ اور طلاب کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔الہی آمین

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی توہین کی دوبارہ ناپاک جسارت مسلم امہ کی غیرت و حمیت پر کاری ضرب ہے۔ شیطانی قوتیں امت مسلمہ کے ایمان پر وار کر رہی ہیں۔ان مذموم ہتھکنڈوں کو روکنے کے لیے اسلامی ممالک سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرتے ہوئےسفیر کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کرے۔

ان کاکہنا تھا کہ جو حکمران کتاب الہی کی بجائے یہود و نصاری سے ذاتی تعلقات کو مقدم سمجھتے ہیں انہیں خود کو مسلمان اور رسول اللہﷺ کا امتی کہلانے کا کوئی حق حاصل نہیں۔جمعہ کے روز سویڈن کے خلاف پوری قوم بلاتخصیص مسلک و منبر ملک بھر میں احتجاج کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام امام عالی مقام حضرت حسین علیہ السلام کا مہینہ ہے جنہوں نے دین حق کی حفاظت کے لیے قربانی کی لازوال مثال رقم کی۔ہمیں امام کی راہ پر چلتے ہوئے کلام پاک کے تقدس و عظمت کی حفاظت کرنا ہو گی۔ عالم اسلام کا یہ شرعی ذمہ داری اور اولین فریضہ ہے کہ وہ اظہار آزادی رائے کی آڑ میں دین اسلام کے مقدسات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت فیصلہ کریں۔

وحدت نیوز(سکردو)رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے محرم الحرام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر و برداشت، حق کے لئے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور مشکلات کا مقابلہ کرنے کا پیغام دیتا ہے اور ہمیں اسلام کی خاطر دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا الہیٰ نہضتوں میں سے ایک نہضت ہے، جو امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام نے قائم کی اور بقاء انسانی و بقاء دین مبین کی خاطر کربلا کے صحرا میں قیام کیا۔ میدان کربلا میں نواسہ رسول اور ان کے باوفا اصحاب نے جو قربانیاں پیش کیں ہمارے لیئے اسوہ حسنہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ نواسہ رسولؐ نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اور انسانی اقدار کا تحفظ سکھایا۔حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد ظلم کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔

وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع شکار پور کے ضلعی دفتر میں درگاہ حاجی لطیف شاہ پر تین محرم الحرام کو منعقد ہونے والی مجلس عزا اور علم پاک کے بیرک کی تبدیلی اور اس میں ایک متعصب ملا کی مخالفت اور محکمہ اوقاف کے مینیجرکے متعصبانہ نوٹیفکیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار شیعہ ورکنگ ریلیشن کمیٹی شکار پور کے چیئرمین سید بشارت حسین شاہ ،شیعہ علماء کونسل کے ڈویژنل جنرل سیکریٹری علی احمد برڑو، وارثان شہداء کمیٹی کے وائس چیئرمین زاہد حسین، اصغریہ آرگنائزیشن کے رہنما انعام علی آغانی، آئی ایس او کے یونٹ صدر و دیگر رہنما شریک ہوئے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا بنیادی حق ہے ایک متعصب ملا کی جانب سے مجلس عزا اور عزاداری کی مخالفت افسوسناک ہے محکمہ اوقاف کے مینیجرلاڑکانہ نے متعصبانہ نوٹیفکیشن نکال کر غیر قانونی کام کیا ہے ہم سندہ حکومت اور صوبائی وزیر اوقاف سے امید رکھتے ہیں کہ محکمہ اوقاف کے متعصب مینیجر کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے اس متعصبانہ نوٹیفکیشن کو کینسل کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ 1945 سے جو خاندان درگاہ حاجی لطیف شاہ کے متولی اور سجادہ نشین ہیں ان کو علم پاک اور مجلس عزا سے وہ ملا روک رہا جو خود ہر مہینے درگاہ کے ایریا میں جلسہ کرتا ہے۔ مجلس عزا اور عزاداروں کے خلاف ایک فرقہ پرست ملا نے نماز جمعہ کے اجتماع مسجد میں جو دھمکیاں دی ہیں انتظامیہ اس کا نوٹس لے۔اس موقع پر تمام اکابرین اور تنظیمی ذمہ داران نے بالاتفاق قرار دیا کہ درگاہ حاجی لطیف شاہ پر غازی عباس علمدار علیہ السلام کا علم پاک کے بیرک کی تبدیلی اور مجلس عزاء ہمارا بنیادی قانونی اور آئینی حق ہے۔ حکومت اور محکمہ اوقاف اس حق کو تسلیم کرتے ہوئے مومنین میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree