The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام آباد کی جانب سے پارہ چنار میں چار روز سے جاری جنگ کے خلاف نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کی طرف سے پارہ چنار میں جنگ شروع کرنے والی طاقتوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ ہم اس جنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس فتنے کو مزید پھیلنے سے روکے، ان مظلوم بچوں اور خواتین کا ریاست سے سوال ہے کہ آخر کس جرم کی پاداش میں ان پر وحشیانہ انداز میں لشکر کشی کی گئی ہے، کیا ہم پاکستان کے شہری نہیں ہیں، چاروں اطراف سے ہیوی اسلحے سے بمباری ہو رہی ہے اور افغانستان سے درجنوں دہشت گرد داخل ہو کر میزائلوں کا کھلم کھلا استعمال کر رہے ہیں، انہیں روکنا اور جواب دینا کس کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے کہا کہ ریاست کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے اور ضلع کرم پارہ چنار کے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیئے، زمینی تنازعات ہر جگہ پر موجود ہیں لیکن ان مسائل پر مسلکی لبادہ اوڑھ کر فرقہ واریت کو ہوا دینا سراسر شر پسندی ہے، جب وہاں کے دونوں اطراف کے عمائدین مسائل کو باہمی اتفاق و اتحاد سے حل کرنا چاہتے ہیں تو پھر یہ کونسی قوتیں ہیں جو جنگ کے شعلے بھڑکا رہے ہیں، ریاست کو ان عناصر کا سختی سے قلع قمع کرنا ہوگا۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے پارہ چنار کمیونٹی کی سوشل کارکن نائلہ الطاف نے کہا کہ یہ کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے جو شر پسند عناصر بھی اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش میں مصروف ہیں دراصل وہ ضلع کرم کے امن کے اصل دشمن ہیں، یہ جنگیں اور لشکر کشیاں پہلے بھی کئی مرتبہ ہو چکی، جن کا نتیجہ سوائے علاقے کے معصوم عوام کے نقصان کے سوا کچھ نہیں نکلا، لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ان تمام زمینی تنازعات کو متعلقہ اداروں، مقامی انتظامیہ اور عمائدین کے ذریعے حل کروانے میں اپنا عملی کردار ادا کرے، تاکہ وہاں کی عوام امن سے زندگی گزار سکیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان ڈویژن کے زیراہتمام پاراچنار میں طالبان اور داعش کے محاصر ے کے خلاف ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ وسیم عباس معصومی، قائمقام ضلعی صدر مرزا وجاہت علی، آئی ایس او کے ڈویژنل صدر ابوذر ہادی نے کی۔ مظاہرین نے تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے پاراچنار کے محاصرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملکی حالات خراب کیے جارہے ہیں، پاراچنار کا چاروں اطراف سے محاصرہ ملکی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہے، پاراچنار اور اس کے گردو نواح میں دہشتگردوں کا حملہ سیکیورٹی فوسرزکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے قائمقام ضلعی صدر مرزا وجاہت علی، ڈویژنل صدر آئی ایس او ابوذر ہادی، مولانا علی حسنین نقوی، مولانا محمد رضا مومن اور دیگر نے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)امام جمعہ کوئٹہ اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن شوریٰ عالی علامہ سید ہاشم موسوی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کوئٹہ کے صدر عرفان حیدر نے کہا ہے کہ ریاست اور ریاستی ادارے اپنا فرض ادا کرتے ہوئے پارہ چنار میں فوری جنگ بندی کا بندوبست کرے اور زمینی تنازعے کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ملک کے اندر بیٹھی کالی بھیڑوں کی مدد سے منظم سازش کے تحت محرم الحرام سے پہلے فرقہ وارانہ تصادم کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلسنت اور اہل تشیع امن چاہتے ہیں، لیکن چند عناصر زمین تنازعے کو فرقہ وارانہ شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کو تحفظ دینا حکومت اور حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی ادارے اپنا فرض ادا کرتے ہوئے پارہ چنار میں فوری جنگ بندی کا بندوبست کرے اور زمینی تنازعے کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے۔
وحدت نیوز(مظفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ علامہ سید تصور جوادی بہادر عالم دین اور انتھک مجاہد تھے۔ ملک، ملت اور مذہب کے لئے ان کی خدمات اور قربانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے دورہ کشمیر کے دوسرے دن مجاہد عالم دین علامہ سید تصور جوادی شہید کے فرزند علمدار مہدی اور دیگر ورثاء سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ مظفر آباد ڈویژن کے صدر سید بلال سبزواری کی وفات پر ان کے والد سید فرزند سبزواری و دیگر ورثاء سے بھی تعزیت کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ریاست کشمیر کے دفتر میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے سید تصور عباس موسوی سے صوبائی سیکرٹری سیاسیات اور سے صوبائی سیکرٹری کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کشمیر کے صوبائی صدر علامہ سید یاسر عباس سبزواری، اراکین صوبائی کابینہ ڈاکٹر عابد علی قریشی، سید تصور عباس موسوی، صوبائی صدر بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی، علامہ سہیل اکبر شیرازی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ علامہ سید تصور جوادی جہد مسلسل پر یقین رکھنے والے بہادر عالم دین اور انتھک مجاہد تھے۔ حسینیت کی راہ میں منزل شہادت تک گئے اور دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے کے باوجود دشمن سے خوفزدہ نہ ہوئے۔ ملک، ملت اور مذہب کے لئے ان کی خدمات اور قربانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ علامہ سید تصور جوادی پر دہشتگردانہ حملے میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ سے کراچی میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں مولانا محمد صادق جعفری، رضی حیدر رضوی، علامہ مبشر حسن، مولانا حیات عباس نجفی، سید زین رضا رضوی، مولانا ملک غلام عباس، وحدت یوتھ کراچی کے صدر حسن رضا، مساجد و امام بارگاہ فیڈریشن ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر مزمل حسین کاظمی، امتیاز زیدی، حیدر زیدی، ضیغم نقوی سمیت دیگر تنظیمی ذمہ داران شامل تھے۔ ملاقات کے دوران محرم الحرام سے قبل کراچی کے تمام اضلاع میں مساجد و امام بارگاہ کے اطراف صفائی و ستھرائی، جلوسوں کے روٹ پر کارپیٹنگ، پیچ ورک، پیور بلاک، اسٹریٹ لائٹ کے کاموں اور امن و امان کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے دیگر علماء کرام اور عمائدین کے ہمراہ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس اور احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار بوشہرہ اور ڈنڈر گاؤں کے بنگش قبیلے کے دو خاندانوں کے درمیان زمینی تنازعہ پر 7 جولائی کو لڑائی شروع ہوئی، دونوں طرف کے مشران لڑائی کو روکنے کے لئے سرگرم ہو گئے، شیعہ سنی عمائدین پاراچنار میں موجود تھے، انتظامیہ اور فوجی بریگیڈیر کے ساتھ مذکرات کر رہے تھے کہ جنگ کیسے بند کی جائے لیکن اسی دوران پہلے تری مینگل کی طرف سے طاق میں بیٹھے ہوئے بدنام زمانہ افغانی دہشتگرد پیواڑ پر حملہ اور ہوئے اور اگلے دن صدہ کے مشران پاراچنار میں موجود تھے کہ اسحاق نامی ایک شرپسند نے زبردستی صدہ کی جانب سے لڑائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مشر کی جانب سے یہ وائس ریکارڈ اور دیگر ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں کہ بدمعاش بندہ ہمارے امن کو خراب کرنا چاہ رہا ہے، اس وقت بوشہرہ گاؤں زمینی تنازع سے شروع جنگ کئی علاقوں تک پھیل چکی ہے، کئی مقامات پر بھاری ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے، پاڑہ چمکنی سے کئی بار ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار پر میزائل فائر کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیواڑ پر اٹھارہ فٹ کے میزائل افغانستان سے فائر کیے جار رہے ہیں، ہم یہ واضح کر دیں کہ پاراچنار میں جاری لڑائی زمینوں کے تنازعات پر شروع ہوئی ہے، اس لڑائی کے شروع ہونے سے پہلے قاتل قبیلے کے کالعدم شرپسندوں نے گھر گھر جاکر فرقہ ورانہ اشتعال انگیز تقاریر سے شدت پسندی کو ہوا دی، اب کرم کے طول و عرض میں اسے فرقہ وارانہ جنگ کا رنگ دینے کی مذموم کوشش جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شیعہ، سنی عمائدین سے گزارش کرتے ہیں کہ خدارا اس خون ریز لڑائی کو ختم کریں، اس سے صرف نفرتیں پھیلتی ہیں اور بے گناہ قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، کئی بچے یتیم ہو جاتے ہیں، اس کا کوئی فائدہ نہیں، ہم حکومت وقت سے سوال کرتے ہیں کہ آخر کس طرح بارڈر کی خاردارتاروں کو کاٹ کر وہاں سے دہشت گرد عناصر پاراچنار میں داخل ہوئے؟ بارڈر پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو پاراچنار میں داخل ہونے سے کیوں نہیں روکا؟ اٹھارہ فٹی میزائل پڑوسی ملک سے داغے جارہے ہیں، سرکار جواب کیوں نہیں دے رہی ہے۔؟ دیگر اضلاع سے بھی گاڑیاں بھر بھر کر پاراچنار اور پاڑا چمکنی میں شرپسندوں کو جمع کیا گیا جبکہ ان کو کسی چیک پوسٹ پر کیوں نہیں روکا گیا؟
انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاراچنار میں جاری لڑائی کو روکنے میں سنجیدگی سے کردار ادا کرے، ہم طوری بنگش آبادی کو ختم کرنے کی مذموم کوشش کو ناکام بنا دیں گے، جو کہ دہشتگردوں اور متعصب بیوروکریٹس کی پوری نہ ہونے والی زہریلی سوچ کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگی۔ کیونکہ یہ کوششیں اس سے پہلے بھی درجنوں مرتبہ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم کے مشران آپ سے بار بار مطالبہ کر رہے ہیں کہ آپ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مورچوں پر شیلنگ کریں، مورچے خالی کرائیں، بار بار سست روی کیوں دیکھائی جا رہی ہے، دونوں فریقین کے مورچوں پر سرکاری اہلکار پوزیشن سنبھالیں، زمینی تنازعات پر کئی کمیشن بنے اور ناکام ہو کر واپس گئے، اس وقت بھی ایک کمیشن کام کرنے پاراچنار گیا تھا، آخر کونسے محرکات ہیں جو زمینوں کو کاغذات کے مطابق تقسیم ہونے نہیں دے رہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بلاتعصب زمینوں کے تنازعات کو حل کیا جائے، جس نے بھی زمینوں پر ناجائز قبضے کئے ہیں اس کے خلاف کاروائی کر کے قبضہ چھڑوایا جائے۔
مئی تری منگل میں شہید اساتذہ کو ابھی تک انصاف نہیں ملا نہ ہی حکومت نے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ک۔ ایک دہشتگردی کے بعد کوئی کاروائی نہ ہونے کی وجہ سے اگلی دہشتگردی کے لئے دہشتگرد عناصر تیار بیٹھے ہوتے ہیں لہذا ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ 4 مئی میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کر کے نشان عبرت بنایا جائے، تاکہ آئندہ ایسا کوئی سانحہ پیش نہ آئے۔ 7 جولائی سے جاری جنگ میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ اس واقعہ پر غیر جانبدارانہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جو بھی عناصر ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے، جن افراد نے صدہ، پاڑہ چمکنی، تری مینگل محاذ کھول رکھے ہیں اور جن کے نام بالکل واضح ہیں، ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ جس میں کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے شر پسند ملوث ہیں جنہوں نے ہنگو، کوہاٹ اور وزیرستان تک امن و امان کا ماحول خراب کیا ہوا ہے ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی عمل میں لائی جائے، اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ ثابت حسین شیرازی، علامہ عابد حیسن شاکری، سید علامہ سید یاشم رضا، آخونزادہ مظفر علی، مولانا نور آغا بہشتی سمیت زعمائے قوم شریک تھے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت پاراچنار میں طالبان دہشت گردوں کی لشکر کشی کے خلاف خراسان تا نمائش ریلی نکالی گی جس میں کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی سے علامہ صادق جعفری اور سماجی رہنما خالد راؤ نے خطاب کیا اور علامہ مبشر حسن نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ احتجاجی ریلی میں مولانا اشرف حسین کاشفی، عزادری سیل کے صدر رضی حیدر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری نے کہا کہ پاراچنار میں پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن پر طالبان کا حملہ باعث تشویش ہے، پاراچنار کے شیعہ پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار پر طالبان کی دہشت گردوں کی لشکر کشی پر امپورٹڈ حکومت کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، محرم الحرام سے قبل شیعہ قوم پر حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، حکومت اور ریاستی ادارے اپنی ادا کریں اور پاراچنار میں جنگ بندی کرانے میں اپنا کردار ادا کریں، محرم الحرام سے قبل ایک سازش کے تحت ملک بھر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دیا جارہا ہے، ملک بھر کی محب وطن عوام میں اپنے پاراچنار کے بھائیوں کے لئے تشویش پائی جاتی ہے، ریاستی ادارے ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردوں کو لگام دیں ورنہ پاکستان بھر کی سڑکیں لبیک یا حسینؑ کے نعروں سے گونج اٹھیں گی۔
وحدت نیوز(لاہور)پارا چنار میں دہشتگردی کیخلاف چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر میں پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف مقامات ٹھوکر نیاز بیگ، امامیہ کالونی، شادمان اور جعفریہ کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے دہشتگردی میں ملوث افراد کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مظاہرین سے بذریعہ ٹیلی فون خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے قبل پارا چنار کا دلخراش واقعہ انتہائی پریشان کن ہے۔ لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنیوالوں کی ساری توجہ اور توانائیاں سیاسی مخالفین کو دبانے کی جانب ہیں، اسی لیے دہشتگردوں نے پارا چنار میں اپنی موجودگی ظاہر کی ہے۔
شادمان میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور دہشتگردی کا قلع قمع کرے۔ ادارے بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کریں سوچا جائے تو یہ دہشت گردوں نے اپنے مذموم عزائم ظاہر کر دیئے ہیں ہم اس افسوسناک واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ حکومت دہشت گردوں کی طرف توجہ دے سیاسی مخالفین کیخلاف بعد میں انتقامی کارروائیاں کر لے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وحدت نیوز( مظفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ۔ قوم اور قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پارا چنار کے مظلوم عوام کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی عنقریب کامیاب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاست کشمیر کے تنظیمی دورے کے موقع پر مظفرآباد میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی دفتر میں صوبائی صدر علامہ یاسر عباس سبزواری اور اراکین صوبائی کابینہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاراچنار میں فرقہ وارایت کی آگ بھڑکانے والے ملک و ملت کے بدخواہ ہیں۔ شیعہ سنی علماء اور عوام مل کر دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔
ریاستی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کی بجائے پاراچنار میں قیام امن کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار اس قوم کے محسن قائد شہید کی سرزمین ہے۔ پوری قوم پاراچنار کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم اور قومی جماعت مجلس وحدت مسلمین پارا چنار کے مظلوم عوام کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی عنقریب کامیاب ہوگی۔ کشمیر میں بھارتی مظالم ناقابل قبول ہیں۔ اقوام عالم اور حقوق انسانی کے عالمی ادارے بھارتی بربریت کا نوٹس لیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ریاست کشمیر کے صدر علامہ سید یاسر عباس سبزواری نے آزاد کشمیر میں تنظیمی صورت حال فعالیت سے آگاہ کیا۔ انہوں تحریک آزادی کشمیر کے سلسلے میں کشمیری عوام کی مسلسل قربانیوں کی تفصیلات بیان کیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے پاراچنار کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار میں جاری فسادات کی شدید مذمت کرتے ہیں یہ خطہ بھی پاکستان کا ایک حصہ ہے جسے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر نظرانداز کیا جا رہا ہے حکومتی اداروں کو احساس ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے ۔
انہوں نے کہا غیر ملکی طالبان اور دہشت گرد خطے میں ہیوی اسلحے کے ساتھ حملے کر رہے ہیں جس سے قتل و غارت کا سا ماحول جنم لے رہا ہے اس سنگین صورتحال میں ہمارے ادارے کیوں غفلت کا شکار ہیں ہم پاک آرمی اور امن و امان بحال کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس علاقے کے مظلومین جو کہ پر امن اور محب وطن شہری ہیں ان کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ارض پاک کےدشمنوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت بروقت اقدام نہیں کرتی اور اس پارا چنار کے حساس حالات سے کنارہ کشی کرتی ہے تو ہمیں اجازت دی جائے کہ شیعہ قوم مظلومین پاراچنار کے دفاع کے لیے آواز بلند کرے اور رضاکارانہ خدمات پیش کرے