The Latest
وحدت نیوز(ملتان)مجلس علمائے مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس امام بارگاہ سائبان زہراء سبزہ زار کالونی ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی صدر جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مجلس علمائے مکتب اہلیبیت پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ محمد اصغر عسکری نے بطور مرکزی نمائندہ شرکت کی۔ صوبائی شوریٰ کے اجلاس میں صوبائی کابینہ کے علاوہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ضلعی صدور، جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری تربیت نے شرکت کی۔
اجلاس میں یوتھ ونگ کے سیکرٹری علامہ اعجاز حسین بہشتی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری سلیم عباس صدیقی ، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صدر علامہ اقتدار نقوی، عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صدر ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال، علامہ وسیم عباس معصومی، علامہ ساجد رضا اسدی، علامہ ذوالفقار علی حیدری، علامہ طاہر عباس نقوی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں سہہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آمدہ سہہ ماہی کے اہداف کا تعین کیا گیا۔ صوبائی شوریٰ کے اجلاس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خصوصی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ امام مظلوم کا ذکر ہر ظالم و جابر کو ناگوار گزرتا ہے، ذکر سید الشہداء اور عزاداری سید الشہداء ظلم اور ظالمین کے خلاف علم بغاوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ تحفظ حقوق تشیع کانفرنس و چہلم شہدائے پاراچنار کی مناسبت سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ اعجاز حسین بہشتی نے مزید کہا کہ عید غدیر کو سب سے بڑی عید کے طور پر منائیں، اپنے علاقوں کو غدیری رنگ میں ڈھالیں، اگر غدیر کو فراموش نہ کیا جاتا تو عاشور برپا نہ ہوتا۔ میں جوانوں سے اپیل کرتا ہوں غدیری ماحول کو پروان چڑھائیں اور حقیقی ولایت کا پرچار کریں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرے کیونکہ 2009 سے لے کر اب تک یورپ میں 360 سے زائد مرتبہ قرآن کریم کی بے حرمتی کی گئی ہے۔ سویڈن کی متعصب عیسائی حکومت دنیا بھر میں مسلم عیسائی خونی فسادات کی آگ بھڑکانا چاہتی ہے۔ پاکستان کے تمام علماء کرام سے مطالبہ ہے کہ 7 جولائی جمعہ کو اپنے خطبات میں قرآن پاک سے تمسک کے طور پر منا کر اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ سید محمود رضا اخلاقی، مولانا فضل ربی، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، ایم ڈبلیو ایم علمدار روڈ کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ، سید ابراہیم اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحی کو قرآن پاک کو نذرآتش کرنے کی اجازت سویڈن عدالت نے دی۔ قرآن پاک کی بے حرمتی سے 2 ارب مسلمانوں کے دل چھلنی ہوئے ہیں۔ پچھلے 14 سالوں میں یورپ اور امریکہ میں اسلام قبول کرنے والوں کی شرح 3 فیصد سے بڑھ کر 8 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ غیر یورپی ممالک جس میں امریکہ سرفہرست ہے میں تیزی سے اسلام پھیل رہا ہے۔ جاپان جہان 2000 تک ٹوکیو میں صرف ایک مسجد تھی، آج پورے جاپان میں 4 ہزار 1 سو مساجد ہیں۔ روس جہاں قرآن مجید کی تلاوت پر پابندی اور نماز پڑھنا جرم تھا۔ آج سائبیریا، بلغاریہ، ماسکو میں 300 سے زائد مساجد ہیں۔ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے اسلام مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے توہین قرآن کریم جیسے شرمناک عمل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملکوں سے سویڈن سفیر کو احتجاجاً ملک بدر کریں اور تمام اسلامی ممالک اور مسلم امہ سویڈن مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کریں۔
پاکستان کے کروڑوں شہری سمجھتے ہیں کہ حکومت پاکستان کا صرف مذمتی بیان ناکافی ہے۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلام آباد میں متعین سویڈن سفیر کو فی الفور ملک بدر کیا جائے۔ سویڈن کی متعصب عیسائی حکومت دنیا بھر میں مسلم عیسائی خونی فسادات کی آگ بھڑ کانا چاہتی ہے۔ اقوام متحدہ سویڈن میں آخری مقدس کتاب قرآن کریم اور انبیاء اکرام علیہ اسلام کی بے حرمتی کا نوٹس لے اور قرآن کریم کی توہین کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے قانون سازی کرے۔ قرآن کی جس طرح توہین سویڈن نے سرکاری سطح پر کی، اس سے تو قرآن مجید کے ایک حرف کو فرق نہیں پڑا لیکن مغرب کی اخلاقی تاریخ کے سیاہ دھبوں میں ایک بڑے دھبے میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے تمام علماء کرام سے مطالبہ کیا کہ 7 جولائی بروز جمعہ اپنے خطبات میں قرآن پاک سے تمسک کے طور پر منا کر اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا جائے اور حکومت سوئیڈن کے سفیر کو ملک بدر کرے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان عزاداری ونگ کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی نے کہا ہے کہ عزاداری سید الشہداء ہماری بنیادی اساس ہے اور ہماری بقاء کی ضامن ہے، ایام عزاداری حقیقی طور پر تبلیغ کے ایام ہیں، محرم اور صفر میں معنوی، فکری، اخلاقی اور نظریاتی تربیت کا بہترین موقع ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ دشمن عزاداری سے خائف ہے، طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے عزاداری کی واہ میں رکاوٹیں پیدا کرتا ہے، ہمیں ان ایام عزا کو بطور طاقت استعمال کرنا چاہیے اور پیغام محمد وآل محمد کو عام کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ تحفظ حقوق تشیع کانفرنس و چہلم شہدائے پاراچنار کی مناسبت سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ملک اقرار حسین علوی نے مزید کہا کہ ہم عزاداروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، جنوبی پنجاب عزاداری کا گڑھ ہے لیکن بدقسمتی ہے یہاں آئے روز مسائل پیدا کیے جاتے ہیں۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام امام بارگاہ سائبان زہرا میں ''تحفظ حقوق تشیع کانفرنس و چہلم شہدائے پاراچنار کی مناسبت سے نمائندہ اجتماع منعقد ہوا۔
جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی، ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ اعجاز حسین بہشتی، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری سلیم عباس صدیقی،مجلس علمائے مکتب اہلیبیت کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری، ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی سیال، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے صدر علامہ اقتدار حسین نقوی، مجلس علمائے مکتب اہلیبیت جنوبی پنجاب کے صدر علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفیٰ انصاری، علامہ وسیم عباس معصومی، علامہ ظفر حسین حقانی، انجمن تحفظ عزاداری کے رہنما سہیل حسنین بھٹہ، مخدوم حسن رضا مشہدی، حسنین بخاری، شاہد حسین زیدی، آفتاب کریم گردیزی، عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے رہنما سردار صفدر حسین خان، عون رضا انجم، سید ظفر عباس زیدی، سید وسیم زیدی، دلاور زیدی سمیت دیگر عزاداروں، بانیان مجالس، منتظمین جلوس، لائسنسداران اور نوحہ خواں حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجتماع میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے علماء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رہنمائوں نے اپنے خطابات میں فلسفہ غدیر اور محرم کے حوالے سے گفتگو کی۔ رہنمائوں نے آمدہ محرم الحرام کے حوالے سے تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں اور دشمن کے عزائم کو ناکام و نامراد بنائیں۔
وحدت نیوز(یوکے) مجلس وحدت مسلمین یوکے کی جانب سے سویڈن میں قران کریم کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان صدر ایم ڈبلیوایم یوکے مولانا ابرار حسینی نےکہا کہ حال ہی میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی ایک گھناؤنا جرم ہے جس کا مقصد مسلمان اقوام کو اشتعال دلوانا اور مغربی معاشرے میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا بیج بونا ہے-
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم میں بالعموم اور اسلامی دنیا میں بالخصوص سب سے زیادہ قابل احترام اور مقدس کتاب قران کریم پر حملہ دراصل ازادی کے نام پر انسانیت پر حملہ ہے۔ آج اس عظیم اسمانی کتاب کی توہین پر دنیا پھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ہم اس پست ترین غیر اخلاقی حرکت کو ایک بڑا جرم قرار دیتے ہوئے تمام انسانی حقوق کے اداروں کو اس مذموم عمل کی شدید مذمت کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
جو آزادی کے نام پر کئی ملین انسانوں کے دلوں کو رنجیدہ خاطر کرکےایک بین الاقوامی جرم کا ارتکاب ہے جس پہ بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ اور دیگر ابراھیمی مذاہب کے علماء کرام کو نوٹس لینا چاہئیے- ہم آخر میں اس بدترین غیر انسانی حرکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہم قران کریم سے عہد کرتے ہیں کہ ہم عظمت قران و اسلام کے لئے اپنی ہر شہ قربان کرنے کو تیار ہیں-
وحدت نیوز(کراچی) سوئیڈن حکومت کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دینا ناقابل برداشت عمل ہے مقدسات کی توہین کسی صورت بھی قابل قبول نہیں سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی پر روسی صدر ویلادمیر پوٹین کا موقف قابل ستائش یے سوئیڈن کی حکومت واقعے میں ملوث گستاخ کو سخت سزادے۔بے حرمتی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور حکومت کا کر دار مجرمانہ ہے سوئیڈن عملے اور سفیر کو بلا کر اس کی سرزنش کی جائے۔ان خیالات اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صدر علامہ صادق جعفری نے اتوار کی شام کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کیا۔
احتجاج میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام شخصیات سمیت ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی مظاہرین نے سوئیڈن حکومت امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی احتجاجی مظاہرین نے سوئیڈن کے خلاف شدید نعرے بازی کی سوئیڈن کا پرچم بھی نظر آتش کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے سے دیگر مقررین نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوئیڈن میں توہین کا یہ پہلا واقعہ نہیں حکومت پاکستان سوئیڈن کے سفیر کو فوری ملک بدر کریں۔ تمام عالم اسلام سوئیڈن حکومت سے سفارتی تعلقات منقطع کرے سوئیڈن کی حکومت نے فریڈم آف ایکسپریشن کے کالے قانون کو لاگو کیا۔سوئیڈن کا یہ کالا قانون صہیونی کالا قانون ہے۔عالمی استعمار امریکہ و اسرائیل ایسے تمام کالے قانون اور بے حرمتیوں کے پیچھے ہیں ۔افسوس سے کہنا پڑھتا ہے کے ملکی موجودہ حکومت اپنے خلاف تو فوری کاوائیاں عمل میں لاتی ہے مگر قرآن کی بے حرمتی کے خلاف آج تک کوئی مذمت نہیں سوئیڈن کے سفیر کو ملک سے بے دخل اور حکومتی سطح پر احتجاج کیا جائے۔
احتجاجی مظاہرے میں علامہ مبشر حسن ،ڈاکٹر صابر ابو مریم،اسحاق قرآیتی، ملک غلام عباس، عبدالوحید یونس، قاری ادریس، مولانا نشان حیدر، مولانا بشیر انصاری، رضی حیدر، احسن عباس ، ذوالفقار علی بھٹو، قیصر رضا، قیصر زیدی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ ونگ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ تصور علی مھدی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سویڈن میں قرآنِ پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے افسوسناک واقعے پر پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے پوری امت مسلمہ میں غم و غصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے خلاف تمام مسلمانوں کو یکجا ہوکر مؤقف دینا چاہیے اور عالمی سطح پر ایسی قانون سازی کرنی چاہیے جو ایسے واقعات کو روکے اور ان میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچائے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون کے خلاف آواز بلند کی جائے۔
وحدت نیوز(سکردو) رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سویڈن میں قرآنِ پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے خلاف تمام مسلمانوں کو متحد مؤقف اپنانا چاہیے اور عالمی سطح پر ایسی قانون سازی کرنی چاہیے جو ایسے واقعات کو روکے اور ان میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچائے. آزادی اظہار کی آڑ میں قرآن مجید کو نذرآتش کرکے گھناؤنے فعل کا ارتکاب کیا گیا جو کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں۔ جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔
لہذا مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ یو این سے مطالبہ کریں کہ سویڈش حکومت کی جانب سے اس قبیح فعل کی اجازت دینے پہ سویڈن کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔کیونکہ ایسے اقدامات سے انتہا پسندی جنم لیتی ہے۔مسلم ممالک کے سربراہان کو چاہیے کہ اس دلخراش واقعہ پر یکجا ہو کر احتجاج ریکارڈ کرائیں اور متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغرب یہ جان لے دوسرے مذاہب کی مقدسات کی توھین کرنا کبھی بھی اظہار رائے کی آزادی نہیں کہلاتا، بلکہ تنگ نظری، خباثت کہلائے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سویڈن میں اسلام کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی انتہائی شرمناک ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پر یہ قبیح حرکت مسلمانوں کے جذبات کو برانگیختہ کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے، آزادی اظہار کی آڑ میں کسی بھی مذہب کے مقدسات کی توہین ناقابل معافی جرم ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا، اسلامی مقدسات کی اہانت مغربی ممالک میں تسلسل سے جاری ہے، جسے روکنے کے لیے مسلم اُمہ میں اتحاد وقت کی اشد ضرورت ہے، اگر مسلم دنیا وحدت کے قرآنی اصول پر عمل پیرا ہو جائے تو اس طرح کے عمل بارے کوئی سوچے گا بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی بھی صورت میں دوسرے مذاھب کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، مہذب قومیں اور معاشرے اس طرح کے واقعات کو کبھی برداشت نہیں کرتے، سویڈن میں پولیس کی موجودگی میں ہونے والی اس گھناؤنی حرکت پر مسلمین جہان کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے، سویڈن حکومت اس عمل پر معافی مانگ اور اس شخص کو قرار واقعی سزا دے، یہ مکروہ اقدام اقوام متحدہ کے بنیادی حقوق کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، حکومت وقت اس ایشو پر اپنا اصولی موقف واضح کرے، تحفظ حقوق انسانی کے نام نہاد دعوے دار عالمی اداروں اور تنظیموں کی اس عمل پر مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے، عالمی برادری کی دوہرے معیار پر مبنی پالیسی اس طرح کے توہین آمیز عمل کا باعث بن رہی ہے اور اس میں ملوث کرداروں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔