The Latest

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ غدیر و عاشورا کانفرنس کا جامعہ الصادق جی نائن اسلام آباد میں انعقاد، کانفرنس میں ملک بھر سے بزرگ و جید علمائے کرام کی کثیر تعداد میں شرکت اور خطاب، کانفرنس میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجمع جہانی اہل بیت کے سربراہ آیت اللہ رضا رمضانی دامت برکاتہ اور ملک بھر سے آنے والے علمائے کرام اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔

شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہر وہ شخص جس سے انقلاب کی خوشبو آئے جو خط ولایت پر چلنے والا ہو اور ہمارے رہبر عزیز آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ائ کا دست و بازو ہو وہ ہمارے سر کا تاج ہے، ہم رہبر کبیر حضرت امام خمینی انکے نائب بر حق رہبر معظم سید علی خامنہ ائ اور قائد شہید علامہ عارف الحسینی کے راستے پر جان تو دے سکتے ہیں مگر اسے چھوڑ نہیں سکتے، اس عظمت بھرے اور مفید اجتماع میں آیت رضا رمضانی کی شرکت کا گہرا اثر ہے۔

کانفرنس سے اپنے خصوصی خطاب میں آیت اللہ رضا رمضانی نے کہا کہ میں تمام علمائے کرام اور بالخصوص علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان آیام مبارکہ میں مفید ترین اجتماع کا انعقاد کیا، یہ مبارک ترین دن ہیں فرمان امام جعفر صادق علیہ السلام کے مطابق ولایت امام علی علیہ السلام ولادت امام علی علیہ السلام سے زیادہ مہم ہے، ولایت مولا علی دراصل تحرک اور رابطہ ہے رسالت حضور گرامی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ ملت جعفریہ میں عقیدہ توحید روشن اور واضح ہے، ختم نبوت، ولایت، عاشورہ اور مہدویت ہمارے نصاب کے اہم ترین عنوانات ہیں، ختم نبوت کے حوالے سے وطن عزیز میں ملت تشیع کی خدمات اور کاوشیں روز روشن کی طرح عیاں ہیں، اس کے ثبوت کے لیے ملکی تاریخ میں جب قادیانیت کا مسئلہ زیر بحث آیا تو جہاں علمائے اہلسنت کی خدمات شامل تھیں وہاں ہمارے بزرگ علماء کا کردار بھی اہم تھا۔

کانفرنس سے علامہ سید حسنین عباس گردیزی ،علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ جہانزیب علی جعفری علامہ سید ثمر عباس نقوی و دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض علامہ اصغر عسکری اور ڈاکٹر عیسیٰ آمینی نے انجام دیے۔

وحدت نیوز(لاہور)وحدت یوتھ ونگ پاکستان کے مرکزی صدر علامہ تصور علی مھدی نے آج آن لائن ڈویژنل صدور کے ساتھ پہلی میٹنگ رکھی میٹنگ کا آغا تلاوت کلام الہیٰ سے کیا گیا اور دوسری نشست تعارفی رکھی گئی، میٹنگ میں ڈویژنل صدور نے آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

 اس موقع پر مرکزی صدر علامہ تصور علی مھدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام میں وحدت یوتھ ونگ کے ممبران اور عہدیداران تین نکات پر توجہ دیں اور اس کی رپورٹ بھی مرکز کو ارسال کریں گے، ماہ محرم الحرام میں یوتھ کی جانب سے کم از کم ایک مجلس عزا کا انعقاد کیا جائے، اور حضرت علی علیہ السلام یوتھ کا آڈیل ہونا چاہیے، دوسری بات محرم الحرام میں وحدت کے جوانان سبیلیں لگائیں، تیسری بات، یوتھ کے جوانان امام بارگاہوں و عزاداری روٹس پر صفائی ستھرائی کے انتظامات و سیکورٹی انتظامات میں بانیان سے تعاون کریں، اور امام زمانہ عج کے سچے سپاہی بنیں عزاداری جلوس کے دوران نماز باجماعت کا اہتمام کریں بانیان سے روابط کو مضبوط بنائیں۔

وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پارہ چنار میں زمینی تنازعات پر حکومتی عدم توجہی آئے روز خون ریزی کا باعث بن رہی ہے، زمینی تنازعہ کا تصفیہ نہ ہونے کی وجہ سے ہر گزرتا دن علاقے کی فضاء میں کشیدگی کا موجب بنا ہوا ہے، حکومت کی طرف سے اس اہم ترین معاملے پر امن اوامان قائم کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آتے جو انتہائی تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ پارہ چنار جو کہ پاکستان کا بارڈر ایریا ہے اور ایک حساس ترین علاقہ ہے، یہاں پر پانی اور زمنیون کے تنازعات کی وجہ سے فرقہ وارانہ فسادات جنم لیتے ہیں، اس کشیدہ صورتحال کے اثرات ضلع کرم تک محدود نہیں رہتے بلکہ ضلع کرم سے باہر نکل کر ہنگو،کوہاٹ، پشاور اور دیگر علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں، جو کہ ارباب اختیار کے لیے لمحہ فکریہ ہے، لہذا ہمارا حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ ہے کہ ان زمینی تنازعات کا نوٹس لیتے ہوئے ٹھوس اور تصفیہ طلب اقدامات اٹھا کر ان مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے، تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا اور علاقے کے امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس وقت پاراچنار میں جاری خون ریز لڑائی جاری ہیں ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں۔کہ ضلع کرم جاری لڑائی کو بندکیا جائے۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام امام بارگاہ گلشنِ زہرا بھیکے وال لاہور میں  تحفظ حقوق تشیع کانفرنس منعقد ہوئی ہے جس میں وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔بانیان مجالس و جلوس ہائے عزاء سمیت کارکنوں کی بڑی  تعدادنے شرکت کی اور آئندہ کے لائحہ عمل بالخصوص محرم الحرام میں درپیش مشکلات اور ان کے حل کیلئے عزاداری ونگ کو فعال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے، بانیان مجالس و جلوس ہائے عزا، ماتمی سنگت اور عوام اہل تشیع نواسہ رسولؐ، حضرت امام حسین ؑ اور ان کے جانثار رفقا کی یاد منانے کے لیے تیاریاں کررہے ہیں،عزاداری سید الشہداء پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ پہلے کیا نہ اب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  اگر کسی نے ایام سوگ میں عزاداری میں رکاوٹ ڈالی، مجالس کو ختم کرایا یا پھر انسانی حقوق کی پامالی کی تو اس کا ذمہ دار وہی ہوگا۔ہم نے نواسہ رسولؐ، سے گردن کٹوانی سیکھی ہے، جھکانی نہیں سیکھی۔ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ ہر سال تکفیری عناصر سرگرم ہوجاتے ہیں، جو خود کو خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی کہتے ہیں لیکن نواسہ رسولؐ، حضرت امام حسینؑ کے لیے عزاداری میں رکاوٹ کا باعث بن کر نہ جانے کون سے اسلام کی خدمت کر رہے ہیں؟،ایسے لوگوں کی وجہ سے امن و امان کوشدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

 مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی ، مرکزی صدر عزاداری ونگ ایم ڈبلیو ایم پاکستان ملک اقرار حسین علوی،جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پنجاب سید حسن کاظمی،ڈاکٹر افتخار نقوی صدر عزاداری ونگ ایم ڈبلیو ایم پنجاب،اسد علی کربلائی سیکرٹری اطلاعات پنجاب، صدر مجلس وحدت مسلمین لاہور نجم خان اور فخر حسنین رضوی صدر عزاداری ونگ ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عزاداری سید الشہد ا کو نہیں روک سکتی۔ تبلیغی مجالس اور جلوس ہائے عزا برپا کرکے ہم چودہ سو سال سے یزیدی قوتوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہر دور میں باطل کوشکست دے کر سرفراز ہوئے ہیں۔عزاداری ہماری طاقت اور اتحاد کا محور ہے۔ہم کسی حکومت یا مسلک کے خلاف نہیں،ظلم و جبر اور یزیدیت کے خلاف جلوس ہائے عزا نکالتے ہیں،مگر یزید کے بچے کربلا کی پیاس کی یاد میں پانی کی سبیلوں کو روک کر اپنی اصلیت ظاہر کرتے ہیں۔ ہم ایام محرم الحرام میں ملک کے تمام شہروں میں مانیٹرنگ سیل قائم کریں گے جو سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں گے اور جہاں ضرورت پڑی وہاں ریاستی مشینری کو بھی متوجہ کیاجائے گا۔

وحدت نیوز(سکردو) گلگت بلتستان کی موجودہ مخدوش سیاسی صورتحال پر ایک ہنگامی اجلاس مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صدر آغا علی رضوی کی صدارت میں سیاسی کونسل کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پچھتر سالوں سے آئینی حقوق کے محروم متنازعہ خطہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کا آئینی حصہ بننے کی راہ تک رہے ہیں۔ یہاں کے عوام نے ڈوگروں سے جنگ کرکے اس خطے کو آزاد کرایا اور پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ تب سے اب تک اس خطے کو وہ سہولیات تو میسر نہیں جو دیگر صوبوں کے عوام کو تاہم مارشل لاء کا نفاذ ہو یا دیگر عوام کش اور جمہوریت دشمن فیصلے، گلگت بلتستان کو نشانہ ضرور بنایا جاتا ہے۔ آئینی حقوق، قومی اسمبلی میں نمائندگی، سینٹ میں نمائندگی اور دیگر مالیاتی اداروں میں نمائندگی کا مطالبہ کرے تو کہا جاتا ہے متنازعہ خطہ ہے، سی پیک میں حصہ مانگیں تو کہا جاتا ہے ملک دشمن ہے، کرگل لداخ اور دیگر بارڈرز کھولنے کا مطالبہ کرے تو غدار کہا جاتا ہے جبکہ رجیم چینج جیسے غیرجمہوری، غیراخلاقی آپریشن کرنا ہوتو اس خطے کی حساسیت اور متنازعہ حیثیت بھی بھول کر دنیا بھر میں پاکستان کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ قومی اداروں میں گلگت بلتستان کے حقوق اور عوامی مسائل پر آواز کی رسائی نہ ہونے کا ظلم اپنی جگہ حد تو یہ ہے کہ اس محروم خطے کے عوام کے حقوق کے لیے اٹھنے والی آواز اور عوامی فورم، جمہوری ادارہ گلگت بلتستان کی اسمبلی کو سیل کرکے عوام کے مینڈیٹ اور مقتدر ایوان کی توہین کی جاتی ہے۔ جمہوری ملک میں متنازعہ خطہ گلگت بلتستان کی اسمبلی کو سیل کرکے اس ہاوس کے کسٹوڈین، معزز سپیکر اسمبلی کو گیٹ کے اندر داخل نہ ہونے دینا اور اسمبلی اراکین کی توہین کرنا جی بی کی سیاسی تاریخ کا بدترین دن ہے اور ہر سال 5 جولائی کو یوم سیاہ کے طور منایا جائے گا۔ ان ہتھکنڈوں کے ذریعے وطن عزیز پاکستان میں رجیم چینج آپریشن کو جی بی میں توسیع دینا دشمنوں کو خوش کرنے اور عوام کو اداروں کے خلاف بڑھکانے، عددی اکثریت کو ختم کرکے کم مینڈیٹ والوں کو غیرجمہوری طریقے سے برسر اقتدار لانے اور ساتھ ساتھ مختلف تعصبات کو بڑھکانے کی کوشش ہورہی ہے جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین سکردو میں کل اہم پریس کانفرنس کرے گی جس میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

وحدت نیوز(راولپنڈی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام دربار پیارے شاہ چوہڑپال راولپنڈی میں عالی شان  جشن غدیر منایا گیا۔ جشن غدیر سے جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب نے خطاب کیا جبکہ جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی انور جعفری مرکزی سیکرٹری فلاح وبہبود مجلس علماء اہلبیت پاکستان جوکہ کراچی سے تشریف لائے تھے نے آخری خطاب کیا علامہ سید عزادار حسین شاہ خطیب دربار پیارے نے آخری دعا کرائی۔

وحدت نیوز(ڈی آئی خان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ توہین قرآن کریم کے حوالے سے فی الفور قانون سازی کرتے ہوئے اسے سنگین جرم اور دہشت گردی قرار دے۔ یہ بات انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر شیعہ علماء کونسل اور ایم ڈبلیو ایم کے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں قرآن کریم اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کے شرمناک واقعات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ انبیاء کرام اور آسمانی کتابوں کی توہین سنگین جرم اور دہشت گردی ہے۔

اقوام متحدہ توہین قرآن کریم کے حوالے سے فی الفور قانون سازی کرتے ہوئے اسے سنگین جرم اور دہشت گردی قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر رحمت (ص) اور قرآن کریم کی توہین کے واقعات مغرب کی اسلام دشمن ذہنیت کا عکاس ہے۔ مسلمان ملکوں پر لشکر کشی، مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی اور اسلاموفوبیا مغربی سامراجی قوتوں کی مجرمانہ ذہنیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسلمان ممالک سویڈن سفراء کو ملک بدر کریں اور سویڈن مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔ احتجاجی مظاہرے سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ محمد رمضان توقیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ بلوچستان کے زیر اہتمام مسجد و امام بارگاہ امام زمانہ علیہ السلام میں صوبائی تحفظ عزاداری کانفرنس اور چہلم شہدائے پارا چنار منعقد ہوا۔ تقریب سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، سابقہ صوبائی صدر علامہ برکت علی مطہری، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی صدر عزاداری ونگ محمد رضا ہزارہ، صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس حاجی جواد رفیعی و دیگر نے خطاب کیا۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کربلا کے مقصد کو سمجھنے کے لئے ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کے خطبات اور خطوط کا بغور مطالعہ کرنا ہوگا۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنی تحریک کے دوران لوگوں کو کتاب خدا قرآن کریم اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف دعوت دی۔ عزاداری تحریک کربلا کا تسلسل ہے، جو ہر دور کی یزیدیت کے خلاف حق کی آواز ہے۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ غدیر کو بھلانے کے سبب کربلا بپا ہوئی۔ سر زمین بلوچستان عاشقان اہل بیت کی دھرتی ہے۔ جنہوں نے اپنے پاکیزہ لہو سے تشیع کی حفاظت کی۔ محمد رضا ہزارہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایام عزاء کے دوران شعبہ عزاداری بلوچستان بھر میں اپنی خدمات سر انجام دے گا۔

وحدت نیوز(کراچی)اجتماعی دعائے توسل اور محفل میلاد بسلسلہ ولادت باسعادت حضرت امام علی نقی علیہ السلام اور یوم تکمیل دین ولایت امام علیؑ عید غدیر خُم کا انعقاد محفل شاہ خراسان روڈ پر کیا گیا، دعائے توسل کی تلاوت کی سعادت مولانا زاہد حسین ہاشمی نے حاصل کی، جس میں ماتمی انجمنوں، سماجی، سیاسی، اسکاؤٹس کے نمائندوں کی کثیر تعداد اور مومنین و مومنات نے شرکت کی۔ محفل میں معروف شعرائے کرام، منقبت خواں حضرات نے نذرانہ عقیدت پیش کیا، جن میں ناصر آغا، ثاقب رضا ثاقب، اریب ہادی، علی رضا جعفری، محمد رضا، علی حیدر، رضی زیدی، محمد علی جلالوی، ریاست میر، راشد جلالوی، محمد تقی ایڈووکیٹ، عروج واسطی، نقی لاہوتی نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مولانا مختار علی، ندیم حسین رضوی، بوبی شاہ، عظیم جاوا، ضامن عباس، جاوید حسین نقوی اور قمر عباس رضوی بھی موجود تھے۔

علامہ اظہر حسین نقوی، علامہ سجاد شبیر رضوی، ناصر حسینی نے عید غدیر خم کے موضوع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرتِ محمد مصطفیؐ  نے حج سے واپسی پر حجاج کرام کو جمع کیا اور اعلان کیا کہ جس کا میں مولا اس کے علیؑ مولا، تو ہمیں سیرت محمد مصطفیؐ پر عمل پیرا ہو کے غدیر خم کے پیغام کو یاد رکھنا چاہیئے اور اس غدیری اعلان پر عمل پیرا ہوکر دنیا کی ظالم طاقتوں سے مقابلہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی ذمہ داریوں سے دستبردار کسی صورت نہیں ہونا چاہیئے، آج عالم اسلام غدیر خم سے توسل کرکے مسائل کے حل کے لئے دعا کریں۔ مقررین نے مشہور ترانہ سلام فرماندہ پر حکومت کی جانب سے ممکنہ پابندی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ سلام فرماندہ میں ایسا کوئی مواد نہیں جس سے مذہبی منافرت یا فرقہ واریت ظاہر ہو۔ مقررین نے مسنگ پرسنز کی بازیابی اور شاتم امام زمانہؑ باکسر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ آخر میں دعا کے اختتام پر مومنین و مومنات میں نیاز تقسیم کی گئی۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ کے مکینوں کو کیسکو کی جانب سے مناسب سہولیات فراہم نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کو بجلی فراہم کرنے کیلئے تاحال ان پرانے ٹرانسفارمرز کا استعمال کیا جا رہا ہے جنکی کپیسٹی آخری درجے تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناقص ٹرانسفارمرز کی وجہ سے بجلی کی ترسیل میں مشکلات کے باعث علاقے میں نہ صرف روز مرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے، بلکہ اسکول، مدارس اور کاروبار بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

 انہوں نے کیسکو حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کے حل کیلئے علمدار روڈ کے ٹرانسفارمرز کو تبدیل کرکے نئے ٹرانسفارمرز لگائے جائے، تاکہ لوڈشیڈنگ کے مسائل بھی حل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کیسکو ایک پروفیشنل ادارہ ہونے کا ثبوت دے اور جن علاقوں میں ایک ہی ٹرانسفارمر کا استعمال کرکے متعدد محلوں کو بجلی فراہم کی گئی ہے، وہاں اعلیٰ معیار کو مدنظر رکھ کر ٹرانسفارمر کی تعداد میں اضافہ کرے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree