The Latest
وحدت نیوز(نگر) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان ضلع نگر کے صدر جنرل سیکرٹری اور صوبائی رہنماؤں نے ضلع نگر کا دو روزہ دورہ کیا۔دورے کے دوران کارکنوں کی تربیت کے حوالے سے خصوصی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا ۔
جس سے صدر ضلع نگر حجت الاسلام و المسلمین شیخ ڈاکٹر فیصل شایاری،ضلع نگر کے جنرل سیکرٹری حجت الاسلام و المسلمین شیخ ڈاکٹر افضل کریمی اورسابق رکن جی بی اسمبلی وصوبائی رہنما حاجی رضوان علی نے خطاب کیا۔
مجلس وحدت مسلمین مرکزی کردار سازی کونسل کے زیر اہتمام روزانہ کی بنیاد پر ان لائن قرآن،نہج البلاغہ،صحیفہ سجادیہ اور فقہی مسائل کا سلسلہ جاری ہے۔ امید ہے مسئولین اور کارکن قائد وحدت کے حکم کی تکمیل کرتے ہوئے روانہ کی بنیاد پر اس بہترین نظام سے استفادہ کریں گے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) شب شہادت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے موقع پرمسجد خدیجہ الکبری علی پور اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد اور انتظامیہ مسجد کے زیر اہتمام منعقدہ تین روزہ مجالس کی پہلی مجلس سے حجت الاسلام و المسلمین شیخ محمد شریف نفیس خطاب فرمایا۔آپ نے اپنے خطاب میں منشور انبیاء اور نظام ھدایت اور ولایت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔امت کی بے رخی اور معاشرہ کی عدم آمادگی ھادی برحق کو اسکے پاکیزہ منصب اور نظام کے باوجود 25 سال خانہ نشینی یا ظالم کیساتھ مصالحت پر مجبور کرتاہے۔معاشرتی بے رخی اور اجتماعی معاملات میں ولی خدا کی نصرت نہ کرنا نظام عدل اور نظام ھدایت کے نفاز میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے معاشرہ میں دینی حکومت کے قیام اور اقدار کی حاکمیت کےلئے امت کی آمادگی ضروری ہے۔
وحدت نیوز(بغداد) مجلس وحدت مسلمين پاکستان کے سربراہ سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ نے آل حکیم کے چشم وچراغ و تیار حکمت کے سربراہ علامہ سید عمار الحکیم سے بغداد میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان عراق وپاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات ، پاکستانی زائرین کے مسائل و عراقی عوام کی جانب سے زائرین سید الشھداء علیہ السلام کے شاندار استقبال اور ہر طرح کی خدمات کی فراھمی ومحبت واپثار جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔
اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ، ایم ڈبلیوایم نجف اشرف کے صدر اور حکمت پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(بغداد) مجلس وحدت مسلمين پاکستان کے سربراہ سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کی وفد کے ہمراہ مجلس اعلى اسلامى عراق کے سربراہ اور عراقی پارلیمنٹ کے سابق ڈپٹی اسپیکر علامہ ڈاکٹر شیخ ھمام حمودی سے بغداد میں ملاقات ۔
اس موقع پرعراق وپاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات ، پاکستانی زائرین کے مسائل و عراقی عوام کی جانب سے زائرین سید الشھداء علیہ السلام کے شاندار استقبال اور ہر طرح کی خدمات کی فراھمی ومحبت وایثار جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔
اس کے علاوہ اھل غزہ وفلسطین پر غاصب اسرائیل کے وحشیانہ انسانیت سوز جرائم وبربریت کی مذمت کی گئی اور فی الفور جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور مظلومین فلسطین وکشمیر کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ، ایم ڈبلیوایم نجف اشرف کے صدر اور حکمت پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)کُرم یکجہتی کمیٹی اسلام آباد کے زیرِ نگرانی ضلع کرم میں طویل بدامنی، جاری دہشتگردی، انتہاء پسندی و شدت پسندی، مسلکی منافرت، مذہبی اہانت، زمینی تنازعات کے حل نہ ہونے اور سلسلہ وار خونریز جنگوں کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سبزہ زار پر اہلیانِ ضلع کرم کا احتجاجی دھرنا آج گیارہواں دن بھی جاری رہا۔اس موقع کرم یکجہتی کمیٹی کے ترجمان شبیر ساجدی نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام اور نسلِ انسانی کے بچاؤ کی خاطر ہمارا پرامن جدوجہد اور احتجاجی تحریک کا سلسلہ بنیادی مطالبات کے پورا ہونے تک انشاءاللہ بدستور جاری و ساری رہے گا، طویل بدامنی، جنگ و خونریز فسادات، کھلم کھلا شدت پسند رویوں کے اظہار، اشتعال انگیز بیانات، زمینی تنازعات اور حکومتی مجرمانہ غفلت نے ضلع بھر کے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، شدت پسند و انتہاء پسند عناصر، تخریبی سرگرمیوں اور مٹھی بھر دہشتگردوں نے ضلع کرم کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔اس موقع خطاب کرتے ہوئے تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل حسین حسینی نے کہاکہ ضلع کرم میں روز امن کا گلا گھونٹا جبکہ بدامنی کو فروغ دیا جاتا ہے، ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کسی نہ کسی طرح مختلف ناموں اور حیلے بہانوں کے ذریعے جنگ کا آغاز کرا کر ضلع بھر میں پھیلا دیا جاتا ہے، جو درجنوں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع اور سینکڑوں لوگوں کے زخمی ہونے کا باعث بنتا ہے، امن جرگوں، وعدوں اور حکومتی دعووں سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے اور انسانی معاشرہ ایک قتل گاہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ سید زاہد حسین کاظمی نے کہا ضلع کرم کی آواز دبانا، شر پسندوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور شرپسندی پھیلانے کو فروغ دینا ایک معمول بن چکا ہے، جو ہر لحاظ سے قابلِ مذمت اور لمحہ فکریہ ہے.
انہوں نے شیعہ سنی اتحاد اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی صورت ملک بھر میں شیعہ سنی منافرت نہیں چاہتے۔اس موقع پرسابق آئی اجی سید ارشاد حسین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے در و دیوار گواہ ہیں کہ ہم بارہا ریاستِ اور حکومتِ وقت سے امن کی بحالی اور جملہ تنازعات کے پرامن حل، لینڈ کمیشن کی فعالیت، ریونیو ریکارڈ، سابقہ فیصلہ جات و امثلہ جات کی روشنی میں حقدار کو حق دلانے اور مذموم کرداروں کو لگام دینے کی بات کرتے چلے آ رہے ہیں مگر اس کے باوجود حکومتی خاموشی اور ریاستی لاتعلقی سمجھ سے بالاتر ہے۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخواہ کے رہنما زاکر نوروز، کرم کے رہنماوں سید محمد شاہ، سید کاظم حسین، عامر طوری، پروفیسر شبیر حسین اور دیگر پختون رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔انہوں نےضلع کرم میں جاری بدامنی اور زمہ داروں کی بے حسی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم بارہا حکومت سے راست اقدام اٹھانے کا پرزور مطالبہ کر چکے ہیں، مگر اربابِ اختیار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی اور خوابِ خرگوش کے مزے لوٹنے میں بدمست ہیں۔کرم یکجہتی کمیٹی کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہمارے احتجاجی دھرنے کو گیارہ روز ہو گئے مگر تاحال خاطر خواہ شنوائی اور حوصلہ افزاء کاروائی عمل میں نہیں آ سکی، جو ریاست کی سوتیلی ماں جیسے سلوک کا منہ بولتا ثبوت ہے۔الغرض! ہم کرم یکجہتی کمیٹی اسلام آباد آج ایک بار پھر تجدیدِ عہد کرتے ہوئے اس عزم کے اظہار کا اعادہ کرتے ہیں کہ ضلع کرم میں مستقل امن کی بحالی، زمینی تنازعات کے پرامن حل، سازشی منصوبہ سازوں کو بے نقاب اور شر پسند عناصر کا راستہ روکنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وحدت نیوز(راولپنڈی)مجلس وحدت مسلمین مرکزی کرادر سازی کونسل کے رکن شیخ محمدجان حیدری نے ضلع راولپنڈی کے دفتر کا دورہ کیا۔جسمیں ضلع راولپنڈی کے نائب صدر محترم محمد رضا کے بھائی اور رکن کابینہ شیخ حسن کے والد صاحب کےلئے فاتحہ خوانی کی۔بعداز آں مجلس وحدت مسلمین پنڈی کے نائب صدر مولانا غلام محمد عابدی سے ملاقات کی اور گزشتہ دنوں قدیمی امام بارگاہ میں ہونے والے حملہ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
ضلع راولپنڈی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے رکن مرکزی کردار سازی کونسل نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی،صوبائی،ضلعی اور یونٹ مسئولین اور اراکین کےلئے اجراء شدہ تربیتی نظام کے منظم اور مسلسل پر تفصیلی گفتگو کی اور اس پروگرام کو تمام مسئولین اور کارکنان کے لئے یکساں مفید قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قرآن نہج البلاغہ،صحیفہ سجادیہ،اور فقہی احکام ہر مسلمان کی بنیادی ضرورت ہےخصوصا مجلس وحدت جیسی الہی جماعت میں کارکنوں کےلئے قرآن وسنت کا مطالعہ نہایت ضروری ہے۔
وحدت نیوز(بغداد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی عراق کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر عادل عبدالمہدی سے وفد کے ہمراہ ملاقات۔ پاکستان عراق تعلقات میں مزید بہتری ، پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کے ویزے ۔ائرپورٹس اور بارڈز کے مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔
اس موقع علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اہل عراق اور حکومت عراق کی جانب سے زائرین امام حسین علیہ السلام کی بہترین خدمت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کے لئے جس طرح محبت اخلاص اور فداکاری کا اظہار کیا جاتا ہے اس کی دنیا میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ دنیا بھر سے آنے والے کئی ملینز افراد کے لئے جس طرح انتظامات کئے جاتے ہیں ان پر ہم حکومت عراق کے شکر گزار ہیں وفد میں مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی بھی ہمراہ موجود تھے۔
وحدت نیوز (نجف اشرف )سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) کی وفد کے ہمراہ نجف اشرف میں مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمى الشيخ بشیر نجفی (حفظہ اللہ) سے ملاقات ۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹرعلامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظہ اللہ) اور ایم-ڈبلیو-ایم کے سیکرٹری امورِ خارجہ ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی (حفظہ اللہ) نے 29 اگست 2024ء کو ایم-ڈبلیو-ایم نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ مرجع عالی قدر آیت اللہ شیخ بشیر حسین نجفی (مد ظلہ الوارف) سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں علامہ راجہ ناصر عباس (حفظہ اللہ) نے آیت اللہ بشیر نجفی(مد ظلہ الوارف) کی خدمت میں سلامِ عقیدت عرض کیا اور مختلف امور میں انکے تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں اس ملاقات میں متعدد امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
آیت اللہ بشیر حسین نجفی (حفظہ اللہ) نے چیئرمین ایم-ڈبلیو-ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری(حفظہ اللہ) اورسیکرٹری امورِ خارجہ علامہ سید شفقت شیرازی(حفظہ اللہ) کے وفد کے ہمراہ تشریف لانے پر انکا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ایم این اے انجینئر حمید حسین صاحب کا ایم این اے نسیم علی شاہ صاحب کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ صاحب سے انکے آفس میں ملاقات۔
ملاقات میں کوہاٹ ٹو پارہ چنار ریلوے لائن پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ کوہاٹ سے خرلاچی براستہ پارہ چنار 192 کلومیٹر کی نئی ریلوے لائن کیلئے بجٹ 25-2024 میں فنڈز رکھ لیئے گئے-
یہ لائن کوئلے کی ترسیل کیلئے 573 کلومیٹر طویل ازبکستان-افغانستان-پاکستان منصوبے کا حصّہ ہے- ٹرانسپورٹیشن کے علاوہ یہ ریلوے منصوبہ تاشقند, کابل اور کوہاٹ کو آپس میں ملا دیگا-
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے حالیہ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اھل خیر سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی بر وقت مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی نا ہونے کے سبب باران رحمت عذاب بن جاتی ہے۔ گذشتہ تباہ کن سیلاب میں حکومت نے مکمل طور پر عوام کو لاوارث چھوڑ دیا تھا اور بیرونی ممالک سے آنے والی امداد بھی متاثرین تک پہنچانے کی بجائے حکمران طبقے کی کرپشن کی نذر ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ بارش کی گذر گاہوں اور سیم نالوں کی بھل صفائی کے لئے مختص رقم کرپشن کی نذر ہونے کے سبب بارش کا پانی تباہی مچاتا ہے۔ جبکہ پانی ذخیرہ کرنے کے لئے بنائے گئے ناقص ڈیم گذشتہ سیلاب میں بہہ کر دگنی تباہی کا باعث بن گئے تھے۔ حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی کے فقدان کے سبب وطن عزیز پاکستان ہر سال بہ یک وقت پانی کی قلت اور بارش کی تباہ کاریوں کا سامنا کرتا ہے۔ جبکہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے چھوٹے چھوٹے ڈیم بنا کر بارش کے پانی کو ذخیرہ کر کے ملک کا وسیع رقبہ قابل کاشت بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی چالیس فیصد ابادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے جن کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں اس لئے غریب لوگ کچے گھروں میں رہتے ہیں کچے گھر اور کچی دیواریں بارش کے موسم میں اپنے مکینوں کے لئے مستقل خطرہ ہوتی ہیں۔ حکومت کی ماضی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان سے حالیہ برسات میں بھی کسی خیر کی امید نہیں لہذا اھل خیر کو آگے بڑھ کر غریب اور پسماندہ طبقات کی مدد کرنی چاہیے۔