The Latest
وحدت نیوز(پاراچنار ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان تحصیل پاراچنار کی کابینہ کا اجلاس تحصیلِ صدر سید مسرت علی شاہ کی زیر صدارت تحصیل آفس میں منعقد ہوا، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، کابینہ اراکین نے چار پوائنٹ ایجنڈا پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
تحصیل صدر ایم ڈبلیوایم نے کہا کہ پاراچنار میں امن وامان کا قیام ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، انشاءاللہ ہر سالہائے گذشتہ کی طرح اس سال بھی شایان شان اندازمیں یوم القدس منایاجائے گا۔
وحدت نیوز(لاہور)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی لکی مروت میں پولیس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت ، شہید ڈی ایس پی سمیت اہلکاروں کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور واقعے میں زخمی ہوئے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا ۔
چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا کہ قوم کے تحفظ کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم دہشت گردوں کے سامنے قوم کی ڈھال بننے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت وسلام پیش کرتے ہیں، مٹھی بھر دہشت گردوں نے ملک کا امن داو پر لگا رکھا ہے ان دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی ہو گی، دہشت گردوں کے پشت پناہوں اور سہولت کاروں کو بھی جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ جب تک ان سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا جائے گا یہ سلسلہ نہیں رکے گا۔
انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن کی خیبر پختونخوا میں تسلسل سے جاری غیر انسانی کاروائیوں کو منظم حکمت عملی کے تحت روکنا ہوگا، آئے روز پشاور، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں یہ ٹارگٹ کلرز دہشت گرد حملے کر رہے ہیں، ہم دہشت گردی کی کاروائیوں سے ملکی امن و امان کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، پر امن فضاء کو تہہ وبالا کرنے والے عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے قوم پر عزم ہے، سفاک دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس و حدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید حسین شاہ زیدی نے ایک بیان میں کہا کہ آج بھی دنیا کے ہر مہذب اور ترقی یافتہ ملک میں حکمرانوں سے لے کر عام شہری تک قانون کی پابندی اور اس کی پاسداری کو اپنے لئے ناگزیر سمجھتا ہے اور اس تصور کی بدولت ایسے ممالک کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس حوالے سے اسلام کے نظام عدل اور قانون کی پابندی بھی ایک مثال کا درجہ رکھتی ہے جو پوری انسانیت کے لئے ایک رہنما اصول کے زمرے میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں نہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جاسکتی ہے اور نہ ہی کوئی حکمران اپنی سیاسی بالا دستی کے باعث کسی عدالت کو متاثر کرکے اپنے حق میں کوئی فیصلہ کراسکتا ہے۔یہ امر واضح ہے کہ قانون کی بالا دستی کا احترام اور اس کی پیروی حکمران طبقے سمیت پاکستان کے ہر شہری پر لازم ہے۔ اس سے کسی کو بھی مستثنیٰ قرار نہیں دیا جاسکتا اس لئے کہ جب تک کوئی قوم آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کا عملی ثبوت پیش نہیں کرتی وہ قوم زندگی کے کسی بھی شعبے میں ترقی نہیں کرسکتی ۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کےشعبہ فلاح وبہبودالمجلس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام،ضلع لاہور کے تعاون اورجعفریہ کالونی یونٹ کے برادران کی بھر پور کاوشوں سے ضلع لاہور میں رمضان المبارک کے مہینہ میں راشن تقسیم کا انتظام کیا گیا۔ماہ مبارک رمضان میں ہرسال کی طرح امسال بھی ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہور کے خصوصی تعاون اور جعفریہ کالونی یونٹ کے دوستوں کی بھرپور شبانہ روز محنت سے صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود جناب شیخ عمران علی کی زیر نگرانی لاہور میں خصوصی رمضان راشن تقسیم کیا گیا ۔
راشن کی تقسیم کا مقصد مہنگائی کےدور میں سب کو سحر وافطار میں شامل کرنا ہے۔ راشن کی تقسیم کےموقعہ پر صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود کا کہنا تھاکہ ہر سال ماہِ مقدس رمضان المبارک کی آمد پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ جاتی ہیں ، جن پر حکومت بھی اگر کوئی ریلیف دے تو پھر بھی یہ عام حالات سے مہنگی ہی رہتی ہیں۔ افسوس کہ امسال بھی ایسا ہی دیکھنے میں آیا ہے اورخود ساختہ اضافے کے باعث انتہائی بنیادی ضرورت کی اشیاءکی قیمتیں یکدم آسمان کو چھونے لگی ہیں، سبزیوں کے دام بڑھا دیے گئے جبکہ پھلوں کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا۔
دنیا بھر کے مہذب ممالک میں ان خصوصی دنوں اور تہواروں کے موقع پر اشیائے ضرور یہ کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہے جب کہ وطنِ عزیز میں الٹی گنگابہتی ہے۔ ہر سال ہی رمضان المبارک میں گرانی اپنے عروج پر پہنچی ہوتی ہے۔ دودھ، آٹا، گھی، تیل،سبزیاں وغیرہ سب مہنگے ہو جاتے ہیں اور پھل تو غریبوں کے لیے شجر ممنوعہ اس لیے ہو جاتے ہیں کہ وہ ان کی خریداری کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
ان حالات کو دیکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کےصوبائی شعبہ فلاح وبہبود نے اضلاع کے تعاون اور یونٹس کی کاوشوں سے ماہ رمضان میں راشن کی تقسیم کا بندوبست کیا ہے ۔ تاکہ غریب عوام کو کچھ نہ کچھ کہیں سے ریلیف مل سکے ۔ ہم ایم ڈبلیو ایم ضلع لاہورجعفریہ کالونی یونٹ کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں ماہ مبارک کے پہلے عشرے میں یہ سعادت نصیب کی اور اس کار خیر میں ہم سب کو شریک کیا ۔ اللہ تعالی ان دوستوں کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے ۔ آمین ۔
وحدت نیوز(سکردو)صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی نے وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے سکردو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے مختلف ایشوز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر آغا علی رضوی نے گلگت بلتستان میں جاری بجلی بحران، گندم ایشو اور لینڈ ریفارم پہ تحفظات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے موقع پر ہی چیف انجینئر بلتستان کو ہدایت جاری کی کہ بجلی بحران کو جتنا جلدممکن ہو سکے فوری حل کرے، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے بجلی بحران میں کمی لانے کے لئے محکمہ پاور کے چیف اور ایکسیئن کو یقین دلایا کہ جس قسم کے تعاون کی ضرورت ہو صوبائی حکومت تعاون کے لئے تیار ہے۔ گندم ایشو اور لینڈ ریفارمز کے حوالے سے بھی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر آغا علی رضوی نے پی ڈی ایم کی جانب سے جی بی کے فنڈز روکنے اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور جی بی پولیس کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کی اور وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ جی بی کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کانفرنس بعنوان "حمایتِ مظلومینِ جہاں و آزادی القدس" ادارہ موسسہ علومِ اسلامی جماران میں منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں فلسطین فاؤنڈیشن چیپٹر لاہور، مجلس علمائے شیعہ، مجلسِ وحدت مسلمین، آئی ایس او پاکستان، امامیہ آرگنائزیشن لاہور اور مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ سمیت دیگر ملی اداروں اور طلباء تنظیموں کے سربراہان و نمائندگان نے شرکت کی اور یوم القدس جیسی عالمی جہد کی اہمیت پر گفتگو کی۔
وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں اسرائیل صفحہ ہستی سے نابود ہو جائے گا اور فلسطین کے مظلوم عوام آزاد فضاوں میں سانس لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اب فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امسال بھی عالمی یوم القدس روایتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر تمام جماعتوں کے قائدین کی جانب سے بھی عالمی یوم القدس کو بھرپور تعاون اور جوش و جذبہ سے اجتماعی سطح پر منانے کا عزم کیا گیا۔ لاہور میں بھی مشترکہ القدس ریلی کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔
وحدت نیوز(نصیر آباد)ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے پاکستان میں غاصب اسرائیل کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ٹکڑوں پر پلنے والے خائنوں کی جانب سے غاصب اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی تمام تر سازشیں ناکام ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع نصیر آباد کے گاؤں میر ہزار خان لہر کا دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کا آخری جمعہ مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے مخصوص ہے۔ دنیا بھر کے عوام مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے میدان میں آئیں۔ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے عالمی یوم القدس کا اعلان کرکے قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی۔
ان شاءاللہ بیت المقدس جلد آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 75 سال سے فلسطینی عوام کے خلاف غاصب اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر کے ہر باضمیر انسان کو بولنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے اسرائیل کو ایک غاصب اور ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔ قائداعظم کے پاکستان میں غاصب اسرائیل کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ٹکڑوں پر پلنے والے خائنوں کی جانب سے غاصب اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی تمام تر سازشیں ناکام ہوں گی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے مستحق طلباء و طالبات میں ھدایا تقسیم کئے۔
وحدت نیوز(شکارپور)وحدت یوتھ ونگ ضلع لاڑکانہ کے صدر منصب علی کربلائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضلع شکارپورمیں آئے روز وارداتیں ہورہی ہیں چوریاں، اغوا، روز کا معمول بن چکا ہے شکارپور پولیس امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔
انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک بھائی بہن کی لاش لیکر جارہا ہے اور خانپور روڈ پر ڈاکوؤں دن دھارے اس ایمبولینس کا راستہ روک کر لوٹ مار کرتے ہیں اس واقعے پر بہت افسوس ہوا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ شکارپور میں امن امان کی صورتحال خراب ہے اور روڈ رستے ڈاکوؤں کے حوالے ہوچکے ہیں اس نے مزید کہا کہ ہم آئی جی سندھ ڈی آئی جی لاڑکانہ سے مطالبہ کرتے ہیں واقعہ کا نوٹس لے کر ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر مولانا شیخ صادق جعفری نے بارگاہ فاطمہ انچولی میں ضلع سینٹرل کی جانب سے منعقدہ درس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر و رضا اور ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، خالق کائنات نے امت محمدی پر روزے اس لئے فرض کئے کہ وہ متقی بن جائیں، ہم نے ایک دن اللہ کے حضور اپنے ہر عمل کا جوابدہ ہونا ہے، لہذا اپنی زندگیوں کو اسلام کے حقیقی اصولوں کے مطابق ڈھالا جانا چاہیئے۔ اس موقع پر ڈویژن نائب صدر یعقوب شہباز، ضلع سینٹرل کے صدر مولانا ملک غلام عباس جعفری، مولانا حیات عباس و دیگر موجود تھے۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ اسلام ہمیں دوسروں کی جان و مال کے تحفظ، ظالمین سے دوری، ذخیرہ اندوزی کی مذمت اور مظلومین کی حمایت کا درس دیتا ہے، روزہ خود کو محض بھوکا یا پیاسا رکھنے کا نام نہیں بلکہ اپنے نفس کے محاسبے اور دوسروں کے احساس کا نام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ایسے بھی کئی خاندان ہیں جن کے بچے مدتوں سے لاپتا ہیں، ان کے اہل خانہ ہر سال سحری و افطاری کے اوقات میں ان کی کمی کو شدت سے محسوس کرتے ہیں، حکومت ان جبری گمشدہ افراد کو بازیاب کرائے، رمضان میں کی گئی اس نیکی کا اجر کئی گنا زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرکے مہنگائی پر کسی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، اشیائے خوردونوش کو سستا کرکے اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان المبارک میں ایک دوسرے کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھا جائے اور اپنی عبادات میں وطن کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ دعا کی جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین پاکستان کے تقدس کی پامالی کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ اس اہم قومی مسئلے پر اپنا شعوری کردار ادا کریں، آئین وقانون کی بالادستی اور تحفظ کی خاطر پوری قوم اعلیٰ عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ آئینی اصولوں کے مطابق 90 روز میں انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، جس سے انحراف آئین پاکستان کی کھلی خلاف ورزی ہے، ریاست پاکستان کی اساس آئین ہے، اس مقدس کتاب کا تقاضا ہے کہ انتخابات وقت پر کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار اعلیٰ اور تمام تر اختیارات کا حقیقی مالک صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ ریاستِ اختیارات جیسی امانت کو عوامی منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ الیکشنز کے انعقاد سے راہ فرار اختیار کرنا ملکی و آئینی بنیادوں کو ہلانے کے مترادف ہے، لہذا آئین و قانون کی بالادستی کے لیے پوری قوم اعلیٰ عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے، اقتصادی طور پر اس وقت پاکستان کڑے وقت سے گزر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی تلوار ہمارے سر پر لٹک رہی ہے، معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے قرض ملنے کی کوئی امید نہیں، اس ہیجانی کیفیت کا واحد حل بروقت اور شفاف انتخابات میں پوشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مادر وطن کو ان مشکل حالات سے نکالنے بری طرح ناکام اور قاصر ہے، ایسی فضاء اور پالیسیاں اختیار کی جا رہی ہیں کہ ملک مزید سیاسی و معاشی بحران کے دلدل میں دھنس رہا ہے، سیاسی استحکام کے بغیر نہ تو معیشت بہتر ہو گی اور نہ ہی معاشرت، جب تک ملک سیاسی عدم استحکام میں گرا رہے گا عوامی مسائل گھمبیر تر ہوتے جائیں گے، انتشار اور مکروفریب کی سیاست سے عوام کا جمہوری اداروں اور سیاسی نظام سے اعتماد اٹھ جائے گا۔