The Latest
وحدت نیوز(لاہور) ولادت با سعادت سید الشہدا امام حسین علیہ السلام و حضرت عباس علمدار علیہ سلام کے موقع پر سینیئر رہنما مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ تین شعبان اس عظیم ہستی کی ولادت کا دن ہے جس نے دین اسلام کو زندگی و دوام عطا کی سید و سردار شہداء امام حسین علیہ سلام تمام حریت پسندوں کے رہبر و رہنما ہیں چاہے وہ دین اسلام کے پیروکار ہوں یا کسی اور مذہب کے ماننے والے ہوں امام عالی مقام ایسی آفاقی ہستی ہیں جو ہر مذہب و مسلک میں بلند مقام و حیثیت کے حامل ہیں ذاتِ امام حسینؑ ایسی چھاؤنی ہیں، جس میں تمام اہلِ حق جمع ہو سکتے ہیں ۔
حضرت غازی عباس علیہ سلام کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حضرت عباس علیہ السلام ۴ شعبان کو پیدا ہوئے اور اس وقت تک آنکھ نہیں کھولی جب تک ان کے بھائی امام حسین علیہ السلام نے انھیں اپنے ہاتھوں میں نہیں لیا۔ بچپن ہی سے انھیں امام حسین علیہ السلام کے ساتھ بہت محبت تھی سلام ہو قمر بنی ہاشم علمدار کربلاء کی بہادری، صبر و وفا اور استقامت پر جو اپنے امام کے ایسے مطیع اور وفادار تھے جن پر دین اسلام ہمیشہ ناز کرتا رہے گا۔
انہوں نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ سلام کے الہیٰ، آفاقی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل حل کرے، ظالم و جابر قوتوں کے خلاف ڈٹ جائے اور ان پر واضح کر دے کہ ہم حسینی ہیں، جو ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار تو بن سکتے ہیں، لیکن اپنے نظریات اور اصولوں سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے صدر سید احسن عباس رضوی نے موجودہ ملکی صورتحال ، مہنگائی او رجیل بھروتحریک کےتناظر میں میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ خوف کا بت اب ٹوٹ چکا ہے، لاقانونیت ، ظلم اور مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے، نااہل امپورٹڈ حکومت نے بیڈ گورننس کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں،اشرافیہ اپنی عیاشیوں ختم کرنے کے بجائے عوام کا روز عوام کا گلا دبا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نو ماہ میں ملک کی حالت کسی قحط ذدہ ریاست کی نظر آنے لگی ہے، آٹا غائب، پیٹرول بجلی آئے روز مہنگی ، ڈالر آسمان پر، گیس دستیاب نہیں اور حکمرانوں کے الَلّے تَلَلّےختم ہونےکا نام نہیں لے رہے، اب عوامی غیض و غضب حکمرانوں کی دروازے پر دستک دے رہا ہے، قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کے حکم پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، جیل بھروتحریک میں بھرپور حصہ لیں گے ۔
وحدت نیوز(لاہور) ولادت با سعادت حضرت اباعبداللہ الحسین و ابوالفضل العباس علیھم السلام کے پر مسرت موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین ؑ کے ساتھ پیغمبر اکرم (ص) کی محبت اور وابستگی احادیث مبارکہ سے بھرپور انداز میں عیاں ہوتی ہے۔ رسول خدا (ص) نے امام حسین ؑ کو اپنے آپ سے اور اپنے کو امام حسین ؑ سے قرار دے کر عالم انسانیت پر واضح کر دیا کہ ان دونوں ہستیوں کا باہمی تعلق گہرا اور راسخ ہے۔ لہذا نبوت و لایت کے پاکیزہ گھرانے میں پرورش پانے والی اس معصوم ہستی کی سیرت و کمالات کا مطالعہ اور ان تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی ہمیں گناہ آلود معاشرے کو دینی اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعے اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عباس ابن علی ؑ دنیا میں وفا شعاری اورجانثاری کا اعلی نمونہ تھے ۔ جس طرح امیر المومنین علی ابن ابی طالب نے پیغمبر گرامی ؐ کے ساتھ وفاشعاری کی داستانیں رقم کیں اسی طرح حضرت عباس ؑ نے نواسہ پیغمبر ؐ کے ساتھ وفا اور محبت کے تمام تقاضوں کو عروج بخشا۔ ان کی شخصیت جبر و آمریت اور ظلم و بربریت کے خلاف قیام کا استعارہ ہے اور حق پرستوں اور وفا شعاروں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ اور روشنی کا مینار ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ساتھیوں سمیت جیل بھروتحریک میں خود گرفتاری دینے کے اعلان پر تشکر کا اظہار کیا ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ہماری جیل بھرو تحریک میں ہمارا ساتھ دینے اور خاص طور پر کل راولپنڈی میں خود کو گرفتاری کیلئے پیش کرنے پر ہم مجلسِ وحدت مسلمین اور علامہ راجہ ناصر عباس کے نہایت مشکور ہیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس نے تھوڑی دیر قبل نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کل بروز جمعہ 3 بجے سہہ پہر کمیٹی چوک راولپنڈی سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جیل بھروتحریک میں گرفتاری دینے کا اعلان کیا تھا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولیٹیکل سیکریٹری علامہ مبشر حسن میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے کراچی کی عہدیداران وکارکنان بھی جیل بھروتحریک میں گرفتاریاں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوف کا بت ٹوٹ چکا ہے، لاقانونیت ، ظلم اور مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے، عوامی غیض و غضب حکمرانوں کی دروازے پر دستک دے رہا ہے، ہم اب چین سے نہیں بیٹھیں گےاور عوام کی خاطر گرفتاری دیں گے،مادر وطن کے حق کیلئے اس رستے پر گامزن رہیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے کا اعلان، کل راولپنڈی میں ساتھیوں سمیت گرفتاری دوں گا، الیکشن میں تاخیری حربے عوام کے حق پر کھلم کھلا ڈاکہ ڈالنا ہے، پاکستان کے عوام یہ ہرگز برداشت نہیں کریں گے، جیسے ستر کی دھائی میں ملک ٹوٹا، پھر سے انہیں حالات کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔ وطن کو دو لخت کرنے والے وطن کے غدار تھے لوگ چپ تھے بے خبر تھے اور وطن ٹوٹ گیا لیکن آج اگر کوئی نوشتہ دیوار نہیں پڑھ سکتا تو وہ اندھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کہ جا رہی ہے، ہم اس رستے میں ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ملک میں مسلکی تقسیم کو ہوا دی جا رہی ہے اور یہ ہم نہیں ہونے دیں گے, فرقہ وارانہ بنیادوں پر متنازعہ بل پاس کروانے کی مذموم کوشش کی گئی، قائد اعظم نے مسلم پاکستان بنایا تھا اگر مسلکی ملک کی تحریک ہوتی تو یہ ملک کبھی بھی معرض وجود نہ آتا، ملک میں تکفیریت کو فروغ دے کر اس کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، ہم اپنے قانونی حق کو پریکٹس کریں گے۔ہم اپنے سالہاسال سے بے گناہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جدو جہد کریں گے آگر ان پر کوئی الزام ہے تو ملکی عدالتوں میں پیش کیا جائے، ملک میں آئین اور قانون سے بالاتر کوئی ادارہ اور طاقت نہیں۔
انہوں نے کہا ہم ظالموں کے خلاف کھڑے ہونگے خوف کا بت ٹوٹ چکا ہے اور عوام کی خاطر گرفتاری دیں گے، مادر وطن کے حق کے لئے اس رستے پر گامزن رہیں گے اگر نواز شریف کی حکومت بھی اس طرح گرائی جاتی اس کی بھی حمایت کرتے، ہمارے لئے فرد اہم نہیں ملک کا آئین اور قانون اہم ہے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے خلاف عوام باہر نکلیں، تاریخ کی بدترین مہنگائی سب کے سامنے ہے معیشت بدحال ہے یہ ملک کو مردہ لاش بنا کر جہاں سے نوچنا چاہیں نوچ لیں۔ ہمارا ملک گزشتہ دس ماہ سے شدید بحرانوں کا شکار ہے، چودہ جماعتوں کی حکومت اپنے 87 وزراء کے باوجود امن و اماں پر قابو نہیں پا سکتی، وطن عزیز ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی و معاشی بحران کے دلدل میں دھنستا جا رہا ہے اور غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہم اس عمل سے الگ تھلگ ہیں، ہمارا داخلی استحکام نہیں رہا چھوٹے چھوٹے ملک مداخلت کر رہے ہیں۔ یہ کسی جماعت کی جنگ نہیں پاکستان کی جنگ ہے ہم پاکستان کی بقا کے لئے اس کی خود مختاری کے لیے میدان میں نکلے ہیں اس وطن کی مٹی اور ہوا ہماری ناموس ہے اسے ہرگز غیروں کے حوالے نہیں کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کی پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما سینیٹر پیر صابر شاہ سےان کے آفس میں ملاقات ۔ ایم ڈبلیوایم کے وفد میں مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری سید اسدعباس نقوی ،مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ اعجاز حسین بہشتی، ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے صوبائی صدر آغاسید علی رضوی اور مرکزی سیکریٹری روابط محسن شہریار شامل تھے۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد نے سینیٹر پیرصابر شاہ کی توجہ قومی اسمبلی سے منظور شدہ متنازعہ فوجداری ترمیمی بل کی جانب مبذول کرواتے ہوئےاپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ یہ بل قومی سلامتی و استحکام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ثبوتاژ کرنے کی مذموم سازش ہے، ملکی حالات اور ماضی کے واقعات ایسے کسی شدت پسندانہ سوچ کے عکاس بل کی منظوری کی اجازت نہیں دیتے، ایک ایسا بل جس میں محترم اور مقدس شخصیات کا کوئی معیار معین نہیں ،سزا اور جزا کے تعین کیلئے کوئی طریقہ کار وضع نہیں کس طرح آئینی تقاضوں کو پورا کرتا ہے ؟
بعد ازاں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر پیر صابر شاہ نےایم ڈبلیوایم رہنماؤں کے متنازعہ فوجداری ترمیمی بل پرتمام تر تحفظات کو بغور سنا اور انہیں منطقی قرار دیتے ہوئے ان تحفظات کودور کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ عصرحاضر کے نامور دانشور، داعی وحدت،مفکر ومدبر ، ادیب وخطیب سیدثاقب اکبر نقوی مرحوم کے گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات کی اور قبر پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
تفصیلات کے مطابق علامہ راجہ ناصرعباس حفظ اللہ نے علمائے کرام اور تنظیمی عہدیداران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملی یکجہتی کونسل اور صدرنشین البصیرہ ٹرسٹ سید ثاقب اکبر نقوی کے پسماندگان سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی اور مرحوم کی دینی قومی اور ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ مرحوم ایک نفیس اور ہر دلعزیز شخصیت کے حامل تھے۔ان کی رحلت ملک وقوم کا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، انہوں نے اپنی پوری زندگی اتحاد و وحدت کی ترویج و فروغ میں صرف کردی،ملی یکجہتی کونسل کے قیام کیلئے مرحوم نے شب وروز جدوجہد کی ،مرحوم ایک بہترین مصنف، شاعر اور ادیب بھی تھےجن کی بیشمار تصانیف ان کے علمی وادبی ذوق وشوق کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم ثاقب اکبر نقوی کے انتقال سے پیداہونے والا خلاء مدتوں پرنا ہوسکے گا، خدا وند متعال مرحوم ومغفور کی مغفرت فرمائے ، انہیں جوار آئمہ معصومین علیہم السلام میں محشور فرمائے اور ان کے تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صابرین کا اجر عظیم مرحمت فرمائے۔
بعد ازاں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے وفد اور ثاقب اکبر نقوی کے پسماندگان کے ہمراہ مرحوم کی قبر پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نےوفد کے ہمراہ ترکی کے سفارتخانے کا دورہ کیا، ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی نے آپ کا استقبال کیا اور ملاقات کی جس میں چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے ترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات کے دوران چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ترکی اور پاکستان دو اہم برادر اسلامی ملک ہیں جن کی عوام مذہبی ودینی حوالوں سے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ان دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان ثقافتی و تہذیبی مماثلتیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جنہیں دونوں اقوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے مزید کہا کہ ترک عوام کا عزم و استقامت دیدنی ہے،ترک عوام نے دنیا میں اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں مقام حاصل کیا، ترک عوام اپنی دلیر قیادت کی بدولت مشکل کی اس گھڑی پر باطریق احسن قابو پا لیں گے۔
اس موقع پر علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے تعزیتی کتاب پر ترکی کے بہادر عوام کے نام تعزیتی کلمات بھی درج کئے ۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے صدر آغا سید علی رضوی، صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم ، مرکزی معاون سیکریٹری امور خارجہ علامہ ضیغم عباس و دیگر بھی ہمراہ موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی جانب سے اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کےلئے پی ٹی آئی کے رہنماوں سمیت کارکنان کی ایک کثیر تعداد چیرنگ کراس پر جمع ہوئے ۔جہاں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نےایک وفد کے ہمراہ جیل بھرو تحریک کے مرکزی جلسے میں شرکت کی اور علامہ علی اکبر کاظمی نے خطاب کیاجسے پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سینیٹر اعجاز چوہدری نے سراہا اور شکریہ اداکیا ۔
مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی وفد میں علامہ ظہیر کربلائی ،برادر سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری، برادر سید آغا حسین شاہ زیدی صوبائی سیکرٹری سیاسیات ،برادر شیخ عمران علی صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود، برادر سجاد حسین نقوی ،برادر نجم عباس خاں ،برادر آفتاب ہاشمی ،برادر نقی مھدی آرگنائزر ضلع لاہور ،برادر کاظم نقوی ،برادر اسد عباس نقوی ایڈووکیٹ ،برادر رانا کاظم ودیگر موجود تھے ۔
جیل بھرو تحریک میں آغا سید حسین شاہ صوبائی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیوایم پنجاب نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گرفتاری پیش کرنے کے لئے اپنے آپ کو پیش کیا حتی کہ پولیس وین پر بھی گئے مگر پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا ۔