The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) زائرین کو ویزے کے حصول میں مشکلات ، سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس کی پاکستان میں متعین عراقی سفیرسے ملاقات ۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پاکستان میں تعینات عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ سےعراقی سفارت خانہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستانی زائرین کو ویزہ کے اجراء میں درپیش مشکلات، غیر ضروری تاخیر اور دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی۔عراقی سفیر نےعلامہ راجہ ناصرعباس کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ویزوں کے بلاتاخیر اجراء کو یقینی بناتے ہوئے حائل مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔
معزز سفیرحامد عباس لفتہ اور سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے درمیان عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جشن آزادی کی مناسبت سے پودا لگا کر ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا ہے، اس موقع پر انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث ماحولیاتی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، جن پر قابو پانے کے لیے شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلام درخت لگانے کا حکم دیتا ہے جبکہ ہمارے ہاں درختوں کو کاٹا جاتا ہے، جسی کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہئیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جنہیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے زیادہ خطرات لاحق ہیں، صحت مند اور خوشگوار آب و ہوا کے لیے درخت لگائے جائیں، یہ صدقہ جاریہ ہے جس میں تمام پاکستانیوں کو اپنا حصہ شامل کرنا چاہیے، ہر شخص اپنی زندگی میں اپنے حصے کے دو درخت ضرورت لگائے، یہ ہماری نسلوں کے لیے بھی یادگار ہو گا، وحدت یوتھ پاکستان کے نوجوانان جشن آزادی کے موقع پر شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں، نوجوانوں سے میری گزارش ہے کہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
وحدت نیوز(خیبر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خیبر ایجنسی کے ایم این اے اقبال آفریدی کی بہن کی وفات پر فاتحہ خوانی اور مغفرت کے لئے دعاء کی۔ اس موقع پر چئیرمین سنی اتحاد کونسل حامد رضا، سابق وزیر داخلہ شہریار خان آفریدی، مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم ناصر عباس شیرازی، صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ جہانزیب علی جعفری، ایم ڈبلیو ایم کے ایم این اے انجنئیر حمید حسین، ایم این اے بنوں مولانا نسیم علی شاہ اور ایم این اے ہنگو یوسف خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اقبال آفریدی سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے حقوق کی خاطر آواز بلند کر رہے ہیں۔ جنہیں مختلف ہتھکنڈوں سے کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ اعجاز حسین بہشتی و دیگر کے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کی مذمت کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوام الناس کے حقوق کے خاطر آواز بلند کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ اعجاز حسین بہشتی، انجمن امامیہ کے رکن شیخ ذوالفقار انصاری، عوامی تحریک کے صدر وزیر حسنین اور طلباء و نوجوانوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج خطے کے حالات خراب کرنے کی کوشش ہے۔ عوام الناس کی جانب سے اپنی ذاتی زمینوں پر قبضے کے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہر خطے میں عوام کا حق ہے کہ وہ کسی بھی ناانصافی اور غیر قانونی عمل کے خلاف آواز بلند کرے۔ عوام الناس سے ان کا حق چھینا جا رہا ہے۔ جسکی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور طلباء کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج انکی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔ جس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہیں، جن کا نوٹس لیا جائے۔
وحدت نیوز(سکردو)ممبر جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں علامہ اعجاز بہشتی، شیخ فدا علی ذیشان ،انجمن امامیہ کے رکن شیخ ذولفقار انصاری، شیعہ علما کونسل بلتستان کے رہنما شیخ احمد حسین ترابی، عوامی تحریک بلتستان کے صدر وزیر حسنین، یوتھ ایکشن کمیٹی کے رہنما آغا رضا اور دیگر مختلف افراد پر ایف آئی آر کا اندراج دانستہ طور پر خطے کے حالات خراب کرنے کی سازش ہے۔
اپنے بنیادی حقوق اور زمینوں پر قبضہ کرنے کی غیر قانونی کوشش کے خلاف آواز بلند کرنا خطے کے ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔اپنا یہ آئینی حق چھیننے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ علمائے دین اور خطے کے حقوق کے علمبرداروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتا ہوں اور ان ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ اگر اختیارات کے ناجائز استعمال کے اس سلسلے کو روکا نہ گیا تو پھر خطے کے حالات پر قابو پانا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس علماء مکتب اہلبیت ریاست آزاد جموں و کشمیر کی مجلس عاملہ کا اجلاس، اجلاس میں ریاستی کابینہ کے علاوہ 4 اضلاع شریک ہوئے۔ اضلاع نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ ضلع باغ حجۃ الاسلام علامہ افتخار الحسن جعفری صاحب ، جہلم ویلی سے مولانا حافظ سہیل عباس کاظمی صاحب ، مظفرآباد سے مولانا حافظ محبت حسین کاظمی صاحب جبکہ نیلم ویلی مولانا سید اقرار حسین نقوی صاحب نے اپنے اپنے ضلع کی کارکردگی رپورٹ کو پیش کیا۔
ریاستی صدر سید حمید حسین نقوی نے ریاست آزاد جموں کشمیر کی کارکردگی کو اجلاس مجلس عاملہ کے سامنے رکھا سوال و جواب سیشن میں ریاستی سیکرٹری مالیات مولانا احمد علی کاظمی صاحب ، ریاستی سیکرٹری تبلیغات جناب سید شبیر کاظمی صاحب ، ضلعی صدر علامہ افتخار الحسن جعفری صاحب و مولانا سید ساجد کاظمی صاحب نے سوالات کیے۔مرکزی سیکرٹری جنرل صاحب نے اجلاس سے خطاب کیا اور ریاستی کابینہ کے ماہانہ اجلاسوں پر زور دیا۔
حجۃ الاسلام علامہ اقبال بہشتی صاحب نے ریاستی امور کو مزید بہتر کرنے پر گفتگو کی۔علامہ ممتاز حسینی صاحب نے اپنے خطاب میں مجلس علماء مکتب اہلبیت آزاد کشمیر کے کام کو سراہتے ہوتے ہوئے مزید بہتری پر زور دیا۔ دعا کے بعد نماز باجماعت علامہ ممتاز حسینی صاحب کی اقتداء میں ادا کی گئی۔اجلاس میں مرکزی نائب صدر حجۃ الاسلام علامہ اقبال بہشتی صاحب، مرکزی جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام علامہ اصغر عسکری صاحب مر،کزی سیکرٹری روابط مولانا عیسی امینی صاحب اوررکن مرکزی نظارت حجۃ الاسلام علامہ ممتاز حسینی صاحب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) جشن آزادی کے موقع پر وحدت یوتھ کی جانب سے ملک گیر شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی نے وحدت یوتھ کوئٹہ ڈویژن کے صدر حیدر علی ہزارہ کو ایک سو عدد سایہ دار و پھل دار درخت حوالے کئے، اس موقع پر انہوں کہا کہ"شجر کا معنی درخت اور" کار" کا معنی کام کے ہیں۔شجر کاری سے مراد درخت لگانا ہے۔شجر سے انسان کا رابطہ اٹوٹ انگ ہے کیونکہ درخت انسانوں کو آکسیجن مہیا کرتا ہے ۔ شجر کاری کم اور جنگلات کی اندھا دھند کٹائی نے نہ صرف ماحول کو مسموم کیا ہے بلکہ یہ قبیح فعل ماحولیاتی آلودگیوں اور موسمی تبدیلی کا باعث بن رہا ہے۔
درخت ماحول میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں۔درخت درجہ حرارت کو اعتدال و توازن میں رکھنے کے لئے معاون مدد گار بنتے ہیں۔امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا:خداوند متعال نے اپنے انبیاء اور رسولوں کے لئے درخت لگانے اور زراعت کا پیشہ انتخاب کیا تاکہ وہ آسمان کی مسلسل بارشوں سے نالاں نہ رہیں بلکہ ہمیشہ خدا کی رحمت ( بارش) کا مسلسل انتظار کرتے رہیں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور فضا کو سانس لینے کے قابل بنانے کے لیے درخت لگانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوامی حقوق کے حق میں آواز بلند کرنے پر ایف آئی آر کا اندراج خلاف قانون اور بلا جواز ہے، گلگت بلتستان میں عوامی حقوق کے حق میں آواز بلند کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی، انجمن امامیہ کے رکن شیخ ذولفقار انصاری، عوامی تحریک بلتستان کے صدر وزیر حسنین اور دیگر طلباء و جوانوں پر ایف آئی آر کا اندراج خلاف قانون و بلا جواز ہے، اس بہیمانہ کاروائی سے دانستہ طور پر حالات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی حقوق اور ذاتی زمینوں پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوششوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا گلگت بلتستان کی عوام کے لیے جرم بن گیا ہے، عوام اپنے بنیادی حقوق چھیننے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، علمائے کرام اور خطے کے پرامن جوانوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں فی الفور خارج کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، عوام کو آئینی حقوق سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ایف آئی آرز کے ذریعے دبانے کے مذموم ہتھکنڈے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، عقل و حکمت سے عاری فیصلے کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔
وحدت نیوز(حب) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے حب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر سید قربان علی شاہ رضوی نائب صدر سید لعل شاہ دوپاسی عمران حسین انگاریہ جنرل سیکریٹری سعید احمد لاشاری ڈویژنل صدر یوتھ ونگ سید خادم حسین شاہ و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر بخاری امام بارگاہ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آل محمد کی محبت ایمان جبکہ آل رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بغض و عداوت کفر و نفاق کی علامت ہے۔ مشکل ترین حالات میں عاشقان اھل بیت نے قربانیاں دے کر اھل بیت علیھم السلام سے اپنا عہد وفا نبھایا ہے۔ آج بھی دشمنان اسلام اسرائیل اور امریکہ کے مقابلے میں پیروان اہلبیت ہی سینہ سپر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت کی ترجمان بن چکی ہے۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوانوں میں پاکستان کے مظلوموں کی آواز ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم نے پارا چنار سمیت ملک بھر میں شیعہ سنی وحدت و اتحاد کے لئے قابل قدر جدوجہد کی ہے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلعی صدر سید قربان علی شاہ متولی نصیر مگسی و دیگر کے ہمراہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں بخاری امام بارگاہ کے سامنے دو عدد درخت لگائے۔علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلعی سیکرٹری تربیت گل محمد سیلرو کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے بھائی کی وفات پر ورثاء سے تعزیت کی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی نے 77ویں جشن آزادی کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست یوم آزادی جہاں ہمیں عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے وہیں ہم پر یہ زمہ داری ڈالتا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں اور پاکستان مستقل طور پر اپنے فیصلوں میں خودمختار ہو اور کسی کے تحت تسلط نا ہو، کسی کی غلامی نا کرے،کسی بھی قوت کے سامنے نا جھکے یہی وہ پاکستان ہے جو قائد اعظم و علامہ اقبال چاہتے تھے کہ جس میں ہر مسلک و مذہب امن و آشتی و آزادی کے ساتھ زندگی گزارے اور ایک دوسرے کا احترام کریں،خدا وند عالم سے دعا ہے کہ اس وطن عزیز کی حفاظت فرمائے اور اس ارض پاک کے دشمنوں کو نیست و نابود فرمائے۔ آمین