The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے غاصب اسرائیل کے ہاتھوں تحریک آزادی فلسطین کے عظیم ہیرو مجاہد اسلام شہید اسماعیل ھانیہ کے قتل کو بدترین دھشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے راہ حق کے پاکیزہ لہو کے سبب عنقریب فلسطین آزاد ہوگا۔ غاصب اسرائیل کے ہاتھوں اولیائے خدا کا خون بہایا جا رہا ہے۔ اسرائیل عصر حاضر کا فرعون بن کر گذشتہ دس ماہ میں اب تک چالیس ہزار مظلوم فلسطینیوں کا خون بہا چکا ہے۔ جب کہ اسرائیل نے اپنے نا جائز وجود سے لے کر اب تک جو خون ریزی کی ہے وہ اس کے علاؤہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید اسماعیل ہانیہ شوق شہادت سے سرشار انتھک مجاہد تھے۔ شہید راہ حق اسماعیل ہانیہ تحریک آزادی فلسطین کی راہ میں اپنے جوان بیٹوں اور پوتوں سمیت خاندان کے عزیزوں کی قربانی دے کر خود درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ تحریک آزادی فلسطین کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انقلاب اسلامی دنیا کے مظلوموں کی پناہ گاہ ہے۔ فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت انقلاب اسلامی کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔ چالاک اور مکار دشمن اس حساس موقعے پر فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دے کر انقلاب اسلامی اور مقاومتی محاذ کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ بعض نادان دوست اپنی نادانی کے سبب دشمن کی سازش کا حصہ بن کر اس حساس مرحلے میں تحریک آزادی فلسطین کو کمزور کر رہے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کو اسرائیل و امریکہ کی مذموم جسارت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے خلاف یہود ونصاریٰ کی کارروائیاں مزید بے لگام ہوتی جا رہی ہیں، اسماعیل ہانیہ پر حملہ کر کے عالم اسلام کے وقار کو نشانہ بنایا گیا ہے، کسی غیر ملک میں ایک مہمان کو نشانہ بنانا جنگی آداب اور انسانی اقدار کے منافی ہے، اسرائیل یہ ثابت کرنے پر تلا ہوا ہے کہ عالم اسلام اس کے ہدف پر ہے اور وہ جسے جب چاہے نشانہ بنا سکتا ہے، غاصب ریاست کا یہ تکبر اس کی جلد نابودی و بربادی کی پیش گوئی ثابت ہو گا، اسرائیل و امریکہ کی چالوں کو ناکام بنانے کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ پر اسرائیل کا یہ حملہ اسرائیل کی سالمیت و بقاء پر حملہ ثابت ہو گا، اسماعیل ہانیہ کی شہادت حماس کے لیے ایک بڑا دھچکا ضرور ہے لیکن اس نقصان سے اس الہٰی تنظیم کی جرآت، جدوجہد اور مزاحمت میں کمی نہیں آئے گی بلکہ اس کی طاقت کا مظاہرہ پہلے سے کہیں گنا زیادہ دیکھنے میں آئے گا، حماس کے نوجوانوں کی دو ہی منزلیں ہیں، آزادی یا شہادت۔ شہادت کے آرزومندوں کو اس طرح کی کارروائیوں سے ڈرایا جانا ممکن نہیں۔
وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری برائے امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے فلسطین کی جدوجہد کرنے والی شجاع عوام کی خدمت میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے عظیم رہنما حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ شہید اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے موقع پر دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اسماعیل ہانیہ وقار اور استقامت کی علامت تھے، انہوں نے اپنی جان ایک منصفانہ اور عظیم مقصد کے لیے قربان کی، یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کریں گی بلکہ فلسطینی مقاومت کی حمایت اور فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے ہمارے عزم میں اضافہ کریں گی، ہم اپنے خدا اور فلسطینی عوام سے عہد کرتے ہیں کہ فتح حاصل ہونے تک ان کے منصفانہ مقصد کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) اہلیان پاراچنار کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے پانچویں روز بھی علامتی احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں راولپنڈی اسلام آباد کے عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرین نے تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کے شہادت پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل و امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔مقررین نے اسرائیلی دہشتگردی اور پارا چنار میں جاری بدامنی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج اسرائیل نے دنیا اسلام کے مظلوم لیڈر اسماعیل ہانیہ کو جس طرح شہید کیا ہے اس نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا عالم کو دیکھایا ہے۔
احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ اہل کرم کا دکھ ہمارا دکھ ہے پارہ چارہ کشیدگی میں پچاس لوگوں کی شہادت نے پورے پاکستان کو غم زدہ کر دیا ہے ۔ خیبر پختونخواہ کی عوام امن چاہتی ہے ۔ مقتدر قوتوں علاقے کی امن کو خراب کرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں ، زمنی تنازعات کو فرقہ وارنہ لڑائی بنانے والے شدت پسندوں کو لگام ڈالی جائے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد ملی چاہئے اور یہ ان کا انسانی و بنیادی آئینی و قانونی حق ہے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ اسرائیل یہ سمجھتا ہے کہ وہ مقاومت کی لیڈر شپ کو نشانہ بنا کر تحریک کو کمزور کر دے گا۔ یہ اسرائیل اور اس کے حواریوں کی خام خیالی ہے شہادت ہمارا ورثہ ہے ایک قیادت شہید ہوتی ہے تو اس بڑھ کر ایک اور مظبوط قیادت سامنے آجاتی ہے ۔ مقاومت اسلامی اسرائیل سے اس جنایت کا سخت حساب لے گی۔ اسرائیل خطے میں کھلی جنگ چاہتا ہے تاکہ دنیا کے سامنے خود کو مظلوم بنا کر پیش کر سکے ۔
سربراہ جماعت اہل حرم مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا مسئلہ نہیں ہے یہاں پر تکفیری اور شدت پسند عناصر ہر معاملے کو فرقہ ورانہ مناٖفرت میں تبدیل کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں ۔ جب کرم کے لوگ امن کا پرچم لہرا رہے ہیں تو اسے وقت میں اچانک لڑائی کا شروع ہو جانا کیا معنی رکھتا ہے ۔ کچھ لوگوں کے مفادات فساداور تخریب کاری سے وابستہ ہیں ۔یہ لوگ ملک کو شدت پسندی اور ناامنی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں ۔ میں ضلع کرم کے تمام اہلسنت اور اہل تشیع براداران سے دست بستہ گزارش کرتا ہوں کہ فوری جنگ روک دیں اور اپنے علاقائی اور زمینی تنازعات میں کسی دوسری طاقت کو مداخلت کا موقع نا دیں ۔ اپنے معاملات بیٹھ کر حل کریں ۔
احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شبیر حسین نے کہا کہ آج کرم بھی غزہ بنا ہوا ہے، جہاں معصوم شہریوں کا قتل عام ہو رہا ہے، راستوں کی بندش ہے، ادویات اور خوردونوش کی اشیاء ختم ہو چکی ہیں، فیول کسی بھی پیٹرول پمپ پر دستیاب نہیں ہے لہذا ہم اپنی ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرم میں دیرپا امن کے لئے اقدامات اٹھائیں جائے۔
اس موقع پر کرم ویلفیئر کے رہنما محمد حسین طوری نے بھی پارا چنار میں جاری بدامنی پر حکومت وقت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کرم میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کریں، احتجاجی دھرنے سے سید کاظم حسین، ذاکر حسین طوری، اکبر صابری اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کرم ایجنسی کی حالیہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کرم کے حالات پر قابو پانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ حالیہ واقعات میں متعدد بے گناہ افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ پارا چنار کے پرامن عوام کو جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جو قابل مذمت ہے۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ پارا چنار میں پرامن لوگ زندگی بسر کرتے ہیں۔ جو جنگ سے بیزار آ گئے ہیں، تاہم بعض قوتیں جو امن کی بجائے جنگ کو مسلط کرنا چاہتے ہیں اس وقت فتنہ کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔علامہ علی حسنین نے کہا کہ پارا چنار کی حالیہ پرتشدد واقعات نے حکومت کی ناکامی کو روز روشن کی طرح عیاں کر دیا ہے۔ اس وقت مختلف ذرائع سے ملنے والی اطلاعات میں کم از کم 35 افراد کے شہید ہونے اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی خبریں موصول ہوئی ہیں، جن میں خواتین اور معصوم بچے کے زخمی ہونے کا بھی تذکرہ ہے۔ ہم اس بات پر حیران ہیں کہ ایسی صورتحال میں حکومت اور ریاست کیا کر رہی ہے۔ کیا عوام کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ان پر عائد نہیں ہوتی۔
علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی پارا چنار میں امن قائم کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ امن و امان سب سے پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قیام امن کے لئے تمام تر کوششیں کرتے ہوئے جنگ کا راستہ روکا جائے۔ ہم پارا چنار میں مکمل امن چاہتے ہیں۔
بعد ازاں کوئٹہ پریس کلب کے باہر پاراچنار پر تکفیری دہشت گردوں کے حملوں اور بے گناہ شیعہ عوام کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے مقررین نے خطاب کیا اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے نائب صدرو امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی ،ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے نائب صدر علامہ ولایت حسین جعفری ، سید اقبال شاہ طوری ور اتحاد طوری برادران شامل تھے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) اہلیان پاراچنار کے زیر اہتمام احتجاجی دھرنا ہوا۔جس میں کثیر تعداد میں مرد وخواتین نے شرکت کی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔جس میں پاراچنار میں سات روز سے جاری خونریز جنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین حسینی نے کہا کہ کرم میں 2007ء سے مسلسل قتل عام ہو رہا ہے ایک گولی چلنے سے دوسرے گولی چلنے کے وقفے کو امن کہتے ہیں، اس وقت پاراچنار کے راستے بند ہیں، ادویات اور اشیاء خوردونوش کی شدید کمی ہے، لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ دیرپا امن کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اقبال بہشتی نے کہا کہ پاراچنار ہمیشہ دشمن کی نظر میں رہا ہے، معمولی سے تنازعہ پر سینکڑوں معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں، اس کا فائدہ کس کو ہو رہا ہے، کب تک یہ خون کی ہولی کھیلی جاتی رہے گی، ریاستی رٹ کے لیے یہ سب بہت بڑا چیلنج ہے، ضلع کرم کے شیعہ سنی عوام کبھی بھی لڑائی نہیں چاہتے، حکومت کو عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیئے اور فی الفور اور مستقل بنیادوں پر جنگ بندی کو یقینی بنانے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔
وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے باہمی اشتراک سے پاراچنار میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کے ہاتھوں دسیوں شہداء اور سینکڑوں زخمیوں کے لئے لاہور پریس کلب کے سامنےبھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں اہلیان لاہور کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔ مظاہرے میں خواتین ،بچے ،جواں اور تمام تنظیموں کے نمائندے شریک تھے ۔
علمائے کرام اور مقررین نے شہدائے پاراچنار کو خراج عقیدت پیش کیا اور حکومت پاکستان اور ریاست پاکستان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی سہولت کاری ختم کی جائے ۔ دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے ۔ اور پاراچنار کے باسیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ اگر حکومت نے اس سلسلے میں عملی اقدامات نہ اٹھائے تو پورے پاکستان اور پاکستان کے گلی کوچوں سے خواتین ،بچےاور جوان نکلیں گے اور پاراچنار کی جانب امن مارچ کریں گے ۔ پارا چنار کے تمام بسنے والے محب وطن شہری اور پاکستان کے غیرت مند بیٹے ہیں ۔ تمام پاکستانیوں کو پاراچنار کے جوانوں پر ناز ہے ۔ جس بہادری اور دلیری سے انہوں دشمن کا مقابلہ کیا اس پر ساری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ۔ دشمن بزدل ہے اور وہ امریکہ اسرائیل کی شہ پر پارا چنار پر حملہ اور ہے ۔ اسے معلوم نہیں کہ یہ سب حیدر کرار کے ماننے والے حسینی جوان ہیں ۔ان شاءاللہ پاراچنار دشمن اسلام اور دشمن پاکستان کا قبرستان بنے گا ۔
پاراچنار میں شیعہ و سنی متحد ہیں یہ یزیدی تکفیری ٹولہ ہے جو پاراچنار پر حملہ آورہے ۔ ابھی تک 32 جوان حسینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہیں ۔ جبکہ کئی دہشت واصل جہنم ہوچکے ہیں ۔ پریس کلب کے سامنے لوگوں نے لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم لبیک یا حسین علیہ السلام کے نعروں سے فضا گونجتی رہی اوراسی طرح اسلام اور پاکستان کے دشمن امریکہ اسرائیل کے خلاف زبر دست نعرے بازی کی گئی اور لوگ کافی دیر تک نعرے لگاتے رہے ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی زیر صدارت صوبائی دفتر کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی طور پر شرکت کی، جبکہ صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا ذاکر حسین درانی، سیکرٹری تنظیم سازی سید حسن ظفر، رابطہ سیکرٹری سید گلزار علی شاہ بخاری و دیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر زائرین کے مسائل کے حل کے لئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ جبکہ علمدار روڈ پر زائرین کے لئے مرکزی سبیل کیمپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے گذشتہ دو ماہ کی فعالیت کی رپورٹ پیش کی اور آئندہ تین ماہ کا مجوزہ پروگرام پیش کیا۔ جسے بحث و گفتگو کے بعد منظور کیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ زمینی راستے سے ایران و عراق سفر کرنے والے زائرین بلوچستان کے راستے سے زیارات کے لئے جاتے ہیں، لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ وہ زائرین کی مشکلات کو حل کرتے ہوئے زائرین کے لئے سہولیات فراہم کرے۔ بلوچستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ زائرین کی خدمت کرتے ہیں۔ ہمیں بے لوث ہو کر زائرین کرام کی حسب استطاعت خدمت کرنی چاہئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پارا چنار لہو لہو ہے، مگر حکومت اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پارا چنار بہادر اور با وفا لوگوں کی سرزمین ہے، جس کو ایک سازش کے تحت آگ و خون میں دھکیلا جا رہا ہے۔ حالیہ انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی کوششوں سے شیعہ سنی وحدت کے عملی مظاہرے نے دشمن کو خوفزدہ کر دیا۔ حکمرانوں کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ پارا چنار اکیلا نہیں، پورے ملک کا دل پارا چنار کے لئے دھڑکتا ہے۔
وحدت نیوز(پاراچنار)مجلس وحدت مسلمین ضلع کرم کے ضلعی صدر و تحصیل مئیر مولانا مزمل حسین فصیح نے جنگ بندی نہ کرنے کو حکومتی ناکامی قرار دیا ہے، اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت کو ہر سطح پر آگاہ کیا کہ زمینون کے تنازعات پر فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دی جارہی ہے لہذا زمینون کے تنازعات کا حل نکال کر کرم کا امن بحال کریں، مگر افسوس کہ ریاست کسی صورت ان تنازعات کا حل نکالنا نہیں چاہتی، جس کی وجہ سے قیمتی جانوں کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں گزشتہ 6 دنوں سے جاری خونریز لڑائی میں قتل ہونے والے افراد کی تعداد 3 درجن سے زائد ہوچکی ہے اور 100 سے زائد زخمی بھی ہیں۔
مولانا مزمل حسین نے کہا کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ خونریزی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، مگر افسوس حکومت اور سیکورٹی ادارے حیلے بہانوں سے جنگ بند کرنے میں سنجیدہ نہیں، جو انہتائی افسوسناک ہے۔ ہم حکومت کے اس مجرمانہ رویئے کی سخت مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگ بندی کرکے محصور ضلع کرم کے تمام روڈز کھولے جائیں اور مزید نقصانات سے بچنے کے لئے متنازعہ زمینوں کے مسائل کو کاغذات مال کے مطابق حل نکالا جائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے اور بہتر اقدامات کے لائے اتحاد علماء اسلام کا قیام خوش آئند ہے۔ علماء کرام معاشرے کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ متحد ہوکر اس پلیٹ فارم کے توسط سے بہت سے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر بزرگوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے علمائے کرام اپنے حد تک معاشرے کے لئے ذاتی حد تک کام کرنے میں مصروف رہے ہیں، تاہم اتحاد علماء اسلام کے نام سے علمائے کرام نے متحد ہوکر ایک نئے اور بہتر تسلسل کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اقتصادی، معاشرتی و ازدواجی مسائل کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ جو علمائے کے تعاون سے حل ہو سکتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس اتحاد کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ جس سے مجموعی طور پر معاشرے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے اتحاد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اتحاد علماء اسلام کے قیام کی تائید کرتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ اتحاد اپنے مقاصد کے حصول میں کامیابی حاصل کرے۔