The Latest
وحدت نیوز(سرگودھا)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی کے ہمراہ معروف سیاسی شخصیت سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اسلم مڈھیانہ کی وفات پر تعزیت کے لئے ان کے آبائی گاؤں مڈھ رانجھا پہنچا۔ اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور مرحوم کے فرزند اویس اسلم مڈھیانہ خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ موجود تھے، وفد میں صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی، ممبر صوبائی کابینہ علامہ ظہیر الحسن کربلائی، ضلعی صدر سرگودھا ذوالفقار اسدی، سابق وائس چیئرمین جان محمد والا اظہر نکھر ایڈووکیٹ بھی شامل تھے، مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت و فاتحہ خوانی کی گئی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی، خدا وند متعال مرحوم کے گناہان صغیرہ وکبیرہ معاف فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین۔
وحدت نیوز(گلگت) قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی وپارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین کاظم میثم نے ڈی جی گلگت بلتستان ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شجاع عالم سے ملاقات کی۔
ملاقات میں کواردو سترانگلونگما، کتپناہ، برگے، بسینگو، سیرمک حیدرآباد گلگت اور دیگر مقامات پر جاری سیلابی تباہ کاریوں کی بحالی اور ریسکیو کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سکردو شہر میں متعدد مقامات پر سیلاب اور دریائی کٹاو سے عوام کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوئے ہیں لیکن ان کی تاحال بحالی کے لیے خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔ کواردو سترانگلونگما اور کتپناہ کے عوام در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن حفاظتی بند کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اسی طرح برگے کے متاثرین کی بھی بحالی تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
ڈی جی نے کہا کہ کلائیمیٹ چینج یقینا ایک بڑا چیلنج جس کے طویل المیعاد بنیادوں پر سب مل کر ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔ جی بی ڈی ایم اے اپنی محدود وسائل کے باوجود سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے انکی بحالی کے لیے سرگرداں ہیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کو سکردو کے سیلابی علاقوں اور دریائی کٹاو کے متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کے احکامات جاری کیے۔
وحدت نیوز(مشھد مقدس) عالم مجاہد علامہ شہید عارف حسین الحسینی کی 36 ویں برسی اور شھداء پارہ چنار ، شہید القدس رھبر تحریک حماس فلسطین اسماعیل ھنیئہ اور شہید القدس الحاج فواد شکر ودیگر شھداء کی مناسبت سے رواق دار الرحمہ حرم مطہر رضوی میں تبلیغات اسلامی مدیریت زائرین غیر ایرانی اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد کے زیر اہتمام سفیر نور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں سربراہ امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے خصوصی شرکت کی اور شرکائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فرزند امام خمینی قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی حیات طیبہ اور افکار حسینی پر روشنی ڈالی۔
سربراہ امور خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کونہ کونہ میں خطِ امام راحل کا پرچار کرنے والی شخصیت صرف اور صرف قائد شہید تھے اور انکا یہ عظیم کارنامہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ بے شک شہید قائد کی شہادت سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا ناممکن ہے لیکن فرزندان شہید قائد آج بھی قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں شہید کا علم حریت و استقلال بلند کیے ہوئے ہیں۔ اور انشاء اللہ یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔ ہم۔شہید قائد کے افکار کو رہتی دنیا تک زندہ رکھیں گے اور خط امام خمینی کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
ڈاکٹر شفقت شیرازی نے خطے کے بدلتے ہوئے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا اسرائیل نے تہران میں اسماعیل ھنیئہ اور بیروت میں الحاج فواد شکر کو نشانہ بنا کر بہت بڑی حماقت کی ہے جہاں غاصب صہیونی ریاست نے بین الاقوامی قوانین کو روندا ہے وہیں پر غزہ میں وحشیت و بربریت وانسانیت سوز مظالم اور بیروت پر حملہ کر کے اپنی ڈیٹ اف ایکسپائری بے گناہوں کے خون سے مہر لگا دی ہے۔ اسرائیلی کا غاصبانہ وجود عالمی اور بالخصوص خطے کے امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ مقاومت اسلامی وایران اس سے عنقریب سخت انتقام لیں گے۔
علاوہ ازیں کانفرنس سے مجمع جہانی اھل البیت مشھد مقدس کے مسئول حجة الاسلام والمسلمين شيخ ايمانى مقدم نے بھی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض برادر قاسم شمسی سابق مرکزی صدر آئی ایس او نے ادا کئے۔
وحدت نیوز(مشھدمقدس)سفیر انقلاب، عالم مجاھد، علامہ شھید عارف حسین الحسینی کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے رواق دارالرحمہ حرم مطہر رضوی مشہد مقدس میں ادارہ تبلیغات اسلامی مدیریت زائرین غیر ایرانی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ مشہد مقدس کے تعاون سے سفیر نور کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام، طلاب عظام، مرد و خواتین نے شرکت کی، پروگرام کی ابتدا تلاوت کلام مجید سے کی گئی جسکی سعاوت معروف قاری فاضلی نے حاصل کی۔ پروگرام کے پہلے مقرر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے مسئول حجة الاسلام المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی تھے جنھوں نے قائد شھید علامہ عارف حسین الحسینی کی شخصیت پرتفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا شہید نے امام راحل خمینی بت شکن کے پیغام کو پاکستان بھر میں جس خوبصورتی سے اور تندہی سے پہنچایا وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا شہید کی شخصیت تمام جہات سے کامل شخصیت تھی۔ ڈاکٹر شیرازی نے ادارہ تبلیغات اور مدیریت زائرین غیر ایرانی کا اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہدمقدس کے مسئولین کا پروگرام کو منعقد کرانے پر شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے دوسرے مقرر مجمع جھانی اہل البیت شعبہ مشھد کے مسئول جناب حجالاسلام والمسلمین علامہ ایمانی مقدم تھے۔اُنہوں نے کہا شھید عارف الحسینی ایک معروف انقلابی شخصیت تھے وہ مکتب امام راحل کے فرزند تھے جنہوں نے امام خمینی رضوان اللہ کی آواز پر لبیک کہا اور امام پھر تا دم شھادت آپکا ساتھ دیا۔
انہوں نے شہید القدس اسماعیل ھنیہ کو ایک عظیم مجاھد اور ایک عظیم لیڈر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ھنیہ کا خون رایگان نہیں جائے گا، سید محمد موسوی نے اپنی پرسوز آواز میں شھید کو خراج عقیدت پیش کیا اور ترانہ پڑھا، پروگرام کی نظامت کے فرائض سید قاسم شمسی نے اداکیے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجاہد اسلام شہید راہ قدس اسماعیل ہانیہ کی یاد میں خانہ فرھنگ اسلامی جمہوریہ ایران کوئٹہ کے زیر اہتمام تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ تعزیتی تقریب میں سابق سینیٹرنوابزادہ لشکری رئیسانی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی ،جماعت اھل سنت کے مرکزی رہنما سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ خالد سلطان القادری، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے صوبائی صدر مولانا عبد القادر لونی، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی، بزرگ عالم دین علامہ محمد جمعہ اسدی، ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی رہنما مولانا انوار الحق حقانی ،مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمٰن ،سابق وفاقی وزیر ہمایوں عزیز کرد، میزبان آقای سید ابوالحسن میری و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر مجاہد اسلام حماس کے بہادر رہنما جناب اسماعیل ہانیہ سے متعلق تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ فلسطین کے چالیس ہزار مظلوم شہداء کا پاکیزہ خون اسرائیل کی نابودی کا سبب بنے گا۔ اپنے تین فرزندوں پوتوں نواسوں اور خاندان کے ستر افراد کی شہادت کے باوجود شہید اسماعیل ہانیہ راہ حق پر ثابت قدم رہے شہید اسماعیل ہانیہ نے صبر و استقامت کی نئی تاریخ رقم کی۔ شہید اسماعیل ہانیہ نے آگاہانہ شہادت کا انتخاب کیا۔ ان شاءاللہ عزوجل شہداء کے پاکیزہ خون کے نتیجے میں فلسطین عنقریب آزاد ہوگا۔
وحدت نیوز(سرگودھا)ماہ محرم الحرام کا آخری خمسہ بمناسبت آخری پرسہ داری اختتام ماہ محرم الحرام کے حوالے سے ہرسال سیال موڑ سرگودھا میں مجالس عزاء منعقد ہوتیں ہیں جس سے مختلف علماء کرام ذاکرین اور خطباء اپنے انداز میں خطاب فرماتے ہیں ۔ ان مجالس عزاء کے بانی جناب سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہیں یہ علاقہ ان کا آبائی علاقہ ہے ان کے مرحوم والد بزرگوار سردار غلام عباس شاہ علاقے کے معروف زمیندار اور ایک سماجی شخصیت تھے ۔
جناب سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ مرکزی جنرل سیکرٹری پچھلے 4 سالوں سے مسلسل ان مجالس عزاء کے باقاعدہ بانی ہیں اور مجالس عزاء کی تمام ترذمہ داری کو اپنے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے خود نبھاتے ہیں ۔ سیال موڑ میں مسجد حیدر کرار بھی جناب سید ناصر عباس شیرازی کی کاوشوں کے نتیجے میں پائہ تکمیل تک پہنچی ہے ۔ اسی مسجد میں 5 اگست 2024ء بروز سوموار کو مجلس عزاء منعقد ہوئی جو پچھلے سہ روزہ مجالس کا تسلسل تھی ۔ مجلس عزاء میں جناب سید ناصر عباس شیرازی مرکزی جنرل سیکرٹری کے علاؤہ معززین علاقہ اور عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
مجلس عزاء سے ذاکر اہلبیت ع جناب بشیر حیدری ،ذاکر اہلبیت ع جناب ناصر عباس ،صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی اور جناب مولانا ظہیر کربلائی نے خطاب کیا ۔ مجلس عزاء میں میں اتنی معنویت اور روحانیت تھی کہ شرکاء مجلس عزاء نے تمام خطباء اور ذاکرین کا مذہبی اور انقلابی نعروں سے استقبال کیا ۔علامہ سید علی اکبر کاظمی نے بہت ہی خوبصورت انداز میں فضائل ومصائب اہلبیت ع بیان کیے ۔ مجلس عزاء کے آخر میں ماتم داری اور نوحہ خوانی بھی کی گئی جس میں سید ناصر عباس شیرازی مرکزی جنرل سیکرٹری ،صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب ،مولانا ظہیر کربلائی اور لوکل دیگر سماجی ،سیاسی اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی ۔
وحدت نیوز(سرگودھا)صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی نے اپنے وفد کے ہمراہ سابق ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا جناب راجہ امجد سے ملاقات کی اوران کی خیریت دریافت کی دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی تنظیمی وسیاسی صورتحال پر گفتگو ۔ اس موقعہ پر جناب ذوالفقار اسدی ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا ،جناب احمد خان تحصیل صدر مجلس وحدت مسلمین تحصیل کوٹمومن ،صوبائی آفس سیکرٹری ظہیر کربلائی اور تحصیل بھلوال کے صدر بھی موجود تھے ۔
راجہ امجد نے کہا کہ کسی بھی جماعت کے کارکن اس جماعت کے لئے اثاثہ ہوتے ان کی ہر حال میں حوصلہ افزائی ہونی چاہیئے ۔اور ہر مشکل وقت یہ کارکن ہی جماعت کا ساتھ دیتے ہیں ۔ جماعت کو بھی ان کا خیال رکھنا چاہیے ۔صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا کہ بندہ چوتھی مرتبہ ہے کہ بھلوال کا وزٹ کررہا اس کے علاؤہ 8 جنوری سے اب تک پورے پنجاب کے مختلف اضلاع جس میں سب سے زیادہ وزٹ چنیوٹ اور سرگودھا کے کیے گئے ہیں ۔اب مختلف اضلاع کے 213 وزٹ ہو چکے ہیں۔ جس کی تائید راجہ امجد صاحب نے بھی کی ۔دستوری سسٹم تشکیل دینے کے لئے وقت تو لگتا ہے ۔
جناب علی اکبر کاظمی صاحب نے کہا کہ ہمیں صرف دستوری سیٹ اپ تشکیل دینے ہیں ۔ جب دستور کے مطابق ضلعی ڈھانچہ تشکیل پا گیا وہی ضلع آئڈیل ضلع بن جائے گا پنجاب میں ہم دن رات اسی پر کام کررہے ہیں ۔ آپ بزرگان کی سرپرستی سے ان شاءاللہ جلد ہی اپنے اہداف تک پہنچ جائیں گے ۔ بس آپ بزرگوں کا تعاون چاہیئے ۔ جس پر راجہ امجد نے کہا ہم ہر وقت آمادہ ہیں بس کام کریں ہمارا آپ کا ساتھ ہو گا ۔ ان شاءاللہ
وحدت نیوز(بھلوال)صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی کا اپنے وفد کے ہمراہ تحصیل بھلوال سرگودھا کا دورہ ۔ صوبائی صدر نے تحصل بھلوال کے موضع نبی شاہ بالا میں عالم ربانی جناب علامہ سید محمد باقر شیرازی سے ملاقات کی اور قبلہ باقر شیرازی صاحب کے بہنوئی کے انتقال پر مرحوم کی بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی اور دعائے مغفرت کرائی ۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب کچھ دیر باقر شیرازی صاحب کے ہمراہ رہے اور پنجاب کی سیاسی ،تنظینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور ملکی مجموعی سیاسی حالات پر گفتگو کرتے رہے ۔
وحدت نیوز (ملتان) صوبائی صدر مجلس علماءمکتب اہلبیت جنوبی پنجاب،ممبر متحدہ علماءبورڈ پنجاب و پرنسپل جامعہ شہید مطہری ملتان علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا ہے کہ قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، اپنے اصول و نظریات پر استقامت اورتحاد بین المسلمین ان کی شخصیت کے اہم اور نمایاں پہلو تھے جن کی وجہ سے وہ بہت کم وقت میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ایک بہترین رہنما کے طور پر متعارف ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید قائد کی 36ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاانہوں نے کہا کہ5 اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس دن علامہ عارف حسین الحسینی کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کردیا گیا۔اگرچہ علامہ حسینی کا حوالہ مذہبی تھا لیکن انہوں نے ایک نئی سوچ اور فکر دی اور نئی طرح ڈالی انہوں نے مظلوموں اور محکوموں کے لئے آواز بلند کی اور اتحاد و وحدت کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔
علامہ قاضی نادر علوی نے مزید کہا کہ قائد شہید نے اپنی تمام زندگی عالمی استعمار کی سازشوں اور طاغوتی چیرہ دستیوں کے خلاف اور محروم و مظلوم طبقات کے حقوق کے لئے جدوجہد میں صرف کر دی اور بالخصوص پاکستان میں بیرونی سازشوں کا بروقت ادراک کر کے ان کے خلاف عملی جدوجہد کر نے کی طرح ڈالی، بیرونی سارشوں کے علاوہ پاکستانی عوام کو درپیش اندرونی سارشوں کو بے نقاب کرنے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے بھر پور کاوش بھی شہید حسینی کا خاصہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ قائد شہید نے مارشل لاءدور میں جہاں عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا وہاں ہر مکتب کے عوام کو اتحاد و وحدت اور ہم آہنگی کا درس دیا اور عملی طور پر اتحاد بین المسلمین کے لیے خدمات انجام دے کر پاکستان کے مسلمانوں کو ایک لڑی میں پرونے کی بھرپور کو شش کی، وحدت کے لیے عملی جدوجہد کا درس دیتے رہے آج یقینا اتحادووحدت سے ان کی روح شادمان ہوگی۔
علامہ قاضی نادر حسین علوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شہید کے پیروکاروں کو چاہیے کہ وہ شہید قائد کی شخصیت کا روشن فکری کے ساتھ مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں محروم و مظلوم طبقات کو درپیش مسائل کے حل ً فرقہ واریت کے خاتمے' طبقاتی تقسیم 'بد عنوانی' بے راہ روی اورمعاشرتی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں۔ اس کے علاوہ پاکستان کو درپیش سب سے بڑے بحران مہنگائی اوربے روزگاری کے خاتمے کے لیے مکمل عزم اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں،اس موقع پر جامعہ شہید مطہری میں شہید علامہ عارف حسین الحسینی ،شہید اسماعیل ہنیہ و شہداءفلسطین و غزہ،شہدا پارا چنار اور شہدا ءپاکستان کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ایکس x پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر بھارت کے ناپاک عزائم کے خلاف نفرت کے اظہار کا دن ہے۔مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو ختم کرنے کے لیے بھارتی حکومت کے یک طرفہ فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ بھارتی افواج کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر جاری ظلم و تشدد کے خلاف انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ قطعاً قابلِ قبول نہیں۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھارتی حکومت مسلسل پامال کر رہی ہے جو ایک عالمی ادارے کے لیے چیلنج ہے۔کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت کے لیے پاکستان کی حکومت کو موثر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت عالمی فورمز پر کشمیر کا مقدمہ لڑنے سے قاصر نظر آ رہی ہے۔