The Latest
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاھور کی جانب سے خواتین کے لیے ماہ مبارک میں سہ روزہ اعتکاف کا اہتمام کیا گیا چھبیس ، ستائیس،اٹھائیس رمضان المبارک علی مسجد وفاقی کالونی جوھر ٹاون لاھور میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع لاھور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی کی زیر سرپرستی سہ روزہ اعتکاف کا انعقاد کیا گیا اس بابرکت اور پر رونق محفل میں جہاں اجتماعی عبادات ، نماز باجماعت ،دعا و مناجات اور تلاوت قرآن کا شرف حاصل کیا گیا وہیں خواتین کی فکری و روحانی تربیت کے لیے دروس کا اہتمام بھی کیا گیا ۔اعتکاف کے پہلے روز محترمہ ذکیہ نقوی نے اعتکاف کی اہمیت و فضیلت اور شرعی مسائل سے متعلق خواتین کو آگاہی دیا۔ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رکن شوری عالی علامہ سید مبارک علی موسوی نے انبیاء کرام کی سیرت اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالی اور عبد و معبود کے تعلق اور رابطے کی ضرورت و اہمیت بیان کی ستائیسویں شب کی مناسبت سے اجتماعی اعمال انجام دیے گئے اور دعاے افتتاح اور جوش کبیر کی تلاوت کی گئی ۔
علاوہ ازیں مولانا حسن مہدی کاظمی پرنسپل جامعہ بعثت و رکن شوری عمومی ایم ڈبلیو ایم پاکستان نے بھی خواتین کو اپنے مخصوص انداز میں درس دیا انھوں نے مادیت سے معنویت و روحانیت کے سفر پر تفصیلا روشنی ڈالی اس معنوی و روحانی محفل میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے بھی شرکت کی اور شرکائے اعتکاف سے خطاب کیا جس میں اعتکاف اور اجتماعی عبادات کی فضیلت بیان کی اور دعا کی اہمیت اور اس کے ذریعے خدا کی معرفت اور قرب کیسے حاصل کیا جائے پر گفتگوکی سہ روزہ اعتکاف کے اختتام پر اس با برکت محفل کا حصہ بننے والی تمام خواتین میں محترمہ حنا تقوی اور محترمہ عظمی نقوی نے اسناد تقسیم کیاعتکاف میں نوے سے زائد خواتین نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے فلاحی شعبے خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ ٹرسٹ کی جانب سے ماہ مبارک رمضان میں 138ضرورت مند خاندانوں میں 4لاکھ روپے کے راشن بیگز کی تقسیم ۔رمضان راشن پیکیج ملیرکے تمام شہری اور دہی علاقوں میں بلاتفریق رنگ ونسل مذہب ومسلک تقسیم کیا گیا۔ خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ ٹرسٹ ضلع ملیر کے سیکریٹری سعید رضوی نے ایک بیان میں کہاکہ الحمد اللہ خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈیویلپمنٹ ٹرسٹ ضلع ملیر نے اپنی سابقہ روایات کو برقراررکھتے ہوئے ماہ مبارک رمضان میں خوشنودی الہٰی کیلئے 134ضرورت مندخانوانوں میں ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کے راشن بیگز اور 108خاندانوں میں 50ہزار روپے مالیت کی 10کلو وزنی آٹے کی بوریاں تقسیم کی ہیں ۔
سعید رضوی نے مطابق ادارے نے گھگرپھاٹک، بہرام بگٹی گوٹھ، جوگی موڑ، ماروی گوٹھ، باؤٹ گوٹھ، جعفرطیار، کھوکراپاراور دیگر علاقوں میں ضرورت مندوں میں راشن بیگز اورآٹا فراہم کیا ہے۔ عوام نے اس کارخیرپر ایم ڈبلیوایم کا تہہ دل سے شکریہ اداکیا ہے ۔
سعید رضوی نے کہاکہ یہ تمام امور خیریہ مخیر مومنین ومومنات کے تعاون سے ممکن ہوتے ہیں۔ جن مومنین ومومنات نے اس برس راشن پروجیکٹ میں حصہ لیا خدا ان کی توفیقات خیرمیں اضافہ فرمائے اور اس کار خیر کا بہترین اجر انہیں نصیب فرمائے ۔ امید کرتے ہیں آپ کا تعاون ہمارے ساتھ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) البصیرہ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام اسلام آباد میں یوم آزادی پاکستان و یوم القدس سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شیعہ سنی ، مذہبی و سیاسی خواتین نمائندگان نے شرکت کی۔ اس سیمینار سے دختر جناب سید ثاقب نقوی اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع اٹک کی سیکرٹری اطلاعات محترمہ زینب نقوی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا قرآن کی آیت حق آگیا اور باطل مٹ گیا اور بیشک باطل مٹنے کے لیے ہے کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ خداوند کا وعدہ ہے کہ وہ مستضعفین کو غلبہ عطا کرے گا ۔یوم القدس در حقیقت باطل کی نابودی و رسوائی کا اعلان ہے۔ رہبر انقلاب سید علی خامنہ ای کا فرمان بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ القدس کے دن مردہ باد امریکہ و اسرائیل سے فضا گونجنی چاہیے۔ امت مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کی مثال قائم کرتے ہوئے باطل صیہونی طاقتوں کو شکست دینا ہوگی ۔مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق اور قبلہ اول کے تحفظ و تقدس کے لیے تمام عالم اسلام کو ملکر آواز اٹھانی چاہیے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری مالیات محترمہ قراة العین اور مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ روبینہ شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) رہبر کبیر امام خمینیؒ کے فرمان پر جمعة الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القدس بھرپور طریقے سے منایا گیا ۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں منعقدہ القدس ریلیوں میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی جانب سے بھرپور شرکت کی گئی۔لاھور ، چینیوٹ ، اسلام آباد، اٹک ، فیصل آباد ، حیدر آباد اورملک کے دیگر اضلاع میں خواتین ہاتھوں میں امریکہ و اسرائیل مخالف پلے کارڈز اٹھائےاور اپنے ننھےبچوں کے ہمراہ حالت روزہ اور شدید گرمی کے موسم میں القدس ریلیوں میں شریک ہوئیں۔
وحدت نیوز(مری) جامعہ آمنہ بنت الھدی بھمروٹ سیداں مری بمناسبت شہادت امیر المومنین حضرت علی علیہ سلام مجلس عزا کا انعقاد ہوا جس سے پرنسپل جامعہ آمنہ بنت الھدی اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری ساسیات محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری ،محترمہ تغزل شاداب اور محترمہ سیدہ ماریہ بتول جعفری نے خطاب کیا۔
محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولا کائنات کی ہستی زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لئے نمونہ عمل ہے اگر دنیا محمد و آل محمد علیہ سلام کی سیرت اپنا لیتی تو شرق و غرب میں کسی پر ظلم نہ ہوتا مسلم حکمرانوں کو یہود و نصاریٰ کی غلامی چھوڑ کر قرآن و اہلبیت علیہ سلام کو اپنے لیے ماڈل بنائیں پاکستان کی تحریک ہی لا الہ الااللہ کی بنیاد پر چلائی گئی پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الااللہ لیکن بدقسمتی سے قائد اعظم کی ناگہانی وفات کے بعد حکمران اشرافیہ نے پاکستان کی سمت ہی تبدیل کردی ۔
ان کا کہنا تھا کہ جس اسرائیل کو قائد اعظم محمد علی جناح نے عرب اور اسلامی دنیا کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا تھا آج پاکستان میں بھی اسے تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں ہم یہ بات ببانگ دہل کہتے ہیں کہ جب تک قائد اعظم اور اقبال کے نظریاتی وارث موجود ہیں اسرائیلی نجس وجود کو پاکستان کی مقدس سرزمین سے تسلیم نہیں کرنے دیں گے سیرت امیرالمومنین ع کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کیونکہ مولا علی علیہ سلام کے غلاموں کی سیرت ہی یہی ہے کہ ہم ہر ظالم کے دشمن اور ہر مظلوم کے حامی تھے ہیں اور رہیں گے ۔
انھوں نے کہا کہ بفرمان امام خمینی رضوان اللہ علیہ یوم القدس یوم الاسلام ہے انشاء اللہ اس ماہ رمضان کے جمعۃ الوداع کو پہلے سے بڑھ کر شایان شان طریقے سے منائیں گے میری ماؤں بہنوں بیٹیوں سے گزارش ہے کہ ہوم القدس کے موقع پر ریلیوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) اُم ابیھا مدرسہ و تعلیم بالغاں سکول حیدر آباد میں اجتماعی اعمال شب قدر انجام دیے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر انتظام چلنے والا فلاحی پراجیکٹ ام ابیھا مدرسہ و تعلیم بالغاں سکول حیدر آباد میں گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی اجتماعی اعمال شب قدر انجام دیے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رابطہ سیکریٹری محترمہ سیمی نقوی کی ہمراہی میں ادارے کی طالبات اور دیگر خواتین نے اعمال شب قدر انجام دیے اور اکیس رمضان کی مناسبت سے مصائب و شہادت امیرالمومنین ع بیان کی۔
وحدت نیوز(لاہور) خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ویویلپمنٹ ٹرسٹ شعبہ فلاح وبہبود مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کی جانب سے ماہ مبارک رمضان میں قرب الہی کی خاطر مخیر مومنین ومومنات کے تعاون سے ایک لاکھ اسی ہزار روپے لاگت کے 144راشن بیگز لاہور کے مختلف علاقوں کے ضرورت مندخاندانوں میں تقسیم کردیئے گئے۔
اس کے علاوہ پروجیکٹ انچارج سیدسجاد نقوی نے اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام مخیر مومنین ومومنات اور تمام والنٹیئرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے جن کے تعاون سے یہ کار خیر پایہ تکمیل تک پہنچا۔
امام علی ؑ پیغمبر اسلام ؐکے علاوہ تمام اولو العزم پیغمبروں کے اوصاف کا خلاصہ ہیں، محترمہ معصومہ نقوی
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین امامیہ کالونی یونٹ ضلع لاہور کی جانب سے بمناسبت شہادت امام علی علیہ سلام مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں یونٹ کابینہ کی تمام ممبران سمیت علاقے کی خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ مجلس عزا سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے خطاب کیا ۔
انھوں نے سیرت و فضائل امام علی ابن ابی طالب بیان کرتے ہوئے کہا کہ مولا علی ع نے اپنی وصیت کے پہلے جملے میں ہی کامیاب زندگی گزارنے کا سنہری اصول بیان کر دیا آپ ؑ نے فرمایا “اوصیکم بتقوی اللہ فان تقوی اللہ دواء داء قلوبکم “میں آپ سب کو تقوی الھی کی وصیت کرتا ھوں کیونکہ یہ تقوی دلوں کی بیماریوں کو ختم کرنے والا ہے۔
انہوںنے مزیدکہاکہ تقوی اختیار کرنے سے انسان جہاں گناہوں سے بچتا ہے وہیں وہ راہ تکامل کی منزلیں بھی طے کرتا جاتا ہے اگر ہم امام المتقین ع کی اس وصیت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو یقینا دنیا و آخرت کی سعادت ہمارے قدم چومے گی۔
وحدت نیوز(لاہور) علیؑ کا شیعہ ہونا یقیناً ایک بھاری ذمہ داری ہے شیعہ یعنی پیروی کرنے والا قدم بہ قدم پیچھے چلنے والا ، ایک پیروکار علیؑ ہمہ وقت اپنے مولا ع کی سیرت و کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے عمل انجام دیتا ہے ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع لاھور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے جعفریہ کالونی یونٹ میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ایم ڈبلیو ایم جعفریہ کالونی یونٹ کی جانب سے بسلسلہ شہادت مولا علی ع مجلس عزا منعقد کی گی جس سے محترمہ حنا تقوی ضلعی مسئول ایم ڈبلیو ایم لاھور نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علم لدنی کے مالک مولا علی ع خداوند عالم کی جتنی معرفت رکھتے ہیں اسی مقدار میں اس کی عبادت اور اس کی بارگاہ میں راز و نیاز اور راتوں کو جاگ جاگ کر مناجات کرتے ہیں۔ یہ مسئلہ اس قدر اہمیت کا حامل ہے کہ خداوند عالم ملائکہ کے سامنے حضرت علی علیہ السلام کی عبادتوں پر فخر کرتا ہے۔
وحدت نیوز (گلگت) سیرت و تعلیمات امام حسن ع کو معاشرے میں عام کرتے ہوے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ اھلبیت ع کے حقیقی پیروکاروں میں شامل ہو سکیں۔ محترمہ سائرہ ابراھیم ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین گلگت ڈویژن کی جانب س زینب کبری اکیڈمی میں ولادت امام حسن ع کی مناسبت سے جشن اور افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں اکیڈمی کی طالبات کے علاوہ اہل علاقہ نے بھی شرکت کی۔
اس جشن سعید سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری یوتھ اور سیکرٹری جنرل گلگت ڈویژن محترمہ سائرہ ابراھیم نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ خداوند کی لطف و عنایت سے ہم اس مبارک ماہ کے رحمتیں اور برکتیں سمیٹ رہے ہیں روزہ ہمیں صبر و برداشت سکھاتا ہے بھوک اور پیاس کی شدت ہمیں ہمارے معاشرے اور آس پاس نادار و تنگدست لوگوں کا احساس دلاتی ہے کہ جو غربت کے باعث فاقے کرنے پر مجبور ہیں اور یہی احساس ہم میں معاشرے میں فقیر و نادار طبقے کا دست و بازو بننے کا جذبہ جگاتا ہے لیکن اگر ہم نے اپنا مقصد فقط بھوکا پیاسا رہنا بنا لیا اور روزے کے حقیقی مفہوم و مقصد کو درک نہ کیا تو حقیقتاً ہماری اس بھوک پیاس نے زحمت کے سوا کچھ نہ دیا۔
سیرت امام حسن ع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امام حسن مجتبیٰ کے یوم ولادت پر فقط ان کے نام کا دسترخوان سجا لینا کافی نہیں بلکہ ان کی سیرت و تعلیمات کو عام کرتے ہوے معاشرے میں عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ اھلبیت علیھم السلام کے حقیقی پیروکاروں میں شمار ہو سکیں۔