The Latest

وحدت نیوز (لاہور) علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کا اپنے وفد کے ہمراہ لاہور علی رضا آباد میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب منعقدہ برسی کے اجتماع اور کانفرنس میں شرکت کی اور شہید انقلاب ڈاکٹر محمد علی نقوی اور دیگر شھداء ملت کی قبور پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے اسکاوٹس نے باقاعدہ علی رضا آباد مسجد مریم اور مرقد شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے میں دروازے سے استقبال کیا ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے امید مستضعفین جہاں, مہدی دوراں، زمین پر آخری حجت خدا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارہویں جانشین حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کے پُر مسرت موقع پراپنے پیغام میںکہا کہ پوری انسانیت اور عالم اسلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مہدی موعودؑ کا وجود مقدس عالم بشریت کیلئے مرکز امید و نجات ہے، فرزند رسول ؐ حضرت امام مہدیؑ کا انتظار نا فقط شیعہ بلکہ دنیا کاہر مظلوم اور محروم کررہاہے،حجت خدا کا یہ انتظام سب سے عظیم عبادت ہے، آپ ؑ ہی وہ عظیم ہستی ہیں جو ظلم وجور سے پرُ اس دنیا کو عدل وانصاف سے بھردیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ نیمہ شعبان کی بابرکت سعاعتوں میں ہمیں جہاں اپنے مرحومین و شہداء کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا ہے وہیں قوم کے بے گناہ اسیران کی جلد رہائی کیلئے بھی خصوصی دعاکرنی ہے اور ملک وقوم کی خوشحالی ، امن وامان کے قیام کیلئے بھی دعا کرنی چاہئے۔

وحدت نیوز(اوکاڑہ)پاکستان عوامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین نے کمر توڑ مہنگائی کے خلاف مشترکہ طور پر پرامن احتجاجی ریلی نکالی ریلی جو مدینہ چوک دیپال پور سے نکالی گئی جس کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر تصدق حسین اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما سید انوار زیدی نے کی ۔

ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سٹی پریس کلب پہنچی ،جہاں مقررین نے احتجاجی ریلی  کے شرکاء سےخطاب کرتے ھوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے عوام پریشان حال ہے اور حکومت بیرونی قرضوں کے حصول کے لیے ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا ہے آٹا ،چینی، گھی ، پٹرول بجلی، گیس انتہائی مہنگی کر دی گئی ہے غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

 انہوں نے حکومت کے  خلاف اپنے غم وغصے کا اظہار کرتے ھوئے کہا کہ اس ظالم حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانے کے قابل بھی نہیں رھے غریب عوام خود کشیوں پر مجبور ھو گئی ہے اور حکمران طبقہ صرف عوام کو طفل تسلیاں دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بانی آئی ایس او پاکستان شہید ڈاکٹرسید محمد علی نقوی ؒ کے 28ویں یوم شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی متحرک شخصیت کو خراج عقیدت وسلام پیش کرتا ہوں، شہید کی ملک وملت کے لیے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آپ کی شخصیت ہمارے اور جوانوں کے لیے اسوہ اور رول ماڈل ہے، آپ میں وہ تمام اعلیٰ ترین خصوصیات موجود تھیں جو ایک اسلامی، ولایئی اور انقلابی مبارز میں ہونی چاہیں۔

شہید ڈاکٹر نقوی ؒ اپنی ملت کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں منظم انداز سے کامیاب و کامران ہوتا دیکھنے کی شدید آرزو رکھتے تھے اور ساری زندگی اسی عظیم مقصد کے حصول میں مصروف عمل رہے۔ تمام ملی تنظیموں کے عہدیداران اور قوم کو ڈاکٹر شہید کے راستے پر گامزن رہنے کے لیے انکی زندگی کے صفحات کو پڑھ کر اور انکے افکار کو درک کر کے اپنی اجتماعی و انفرادی کاوشوں کو جاری رکھنا چاہیے۔

وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی سے وحدت یوتھ ونگ پاکستان لاڑکانہ ڈویژن  کے صدر منصب علی کربلائی نے مدرسہ خاتم النبیین جیکب آباد میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر غلام مقصود علی ڈومکی کو وحدت یوتھ ونگ ڈویژن سیٹ اپ کے بارے میں معلومات سے آگاہ کیا گیا۔

 اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہوئی ہے کہ ڈویژن لاڑکانہ میں وحدت یوتھ ونگ کا سیٹ اپ بنایا گیا ہے، مزید کہا کہ نوجوان ملت کا سرمایہ ہیں ہم آپ نوجوانوں کو کسی بھی موڑ پر اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہم ہر موڑ پر آپ کے ساتھ ہیں، مجھے خوشی ہوئی ہے کہ ڈویژن سطح پر وحدت یوتھ ونگ کا سیٹ اپ مضبوط بنانے کے لئے آپ کردار ادا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم ملک گیر مذہبی و سیاسی جماعت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جانثار ہیں، وحدت یوتھ ونگ پاکستان کا سیٹ اپ ملک بھر میں وسیع کیا جائے گا۔

وحدت نیوز(شکارپور)شب نیمہ شعبان کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع شکار پور کی مختلف مساجد میں قائم قرآن و دینیات سینٹرز کا دورہ کیا اور جشن میلاد حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی مناسبت سے مستحق طلباء و طالبات میں عید گفٹ تقسیم کئے۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما غلام شبیر برڑو ،نظام دین انقلابی، گلشیر احمد سیٹھار ،کامران علی دل و دیگر موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شب برائت اور منجی عالم بشریت حضرت امام زمانہ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی خوشی میں ہمیں معاشرے کے محروم اور غریب بچوں کو شامل کرنا چاہیے الحمدللہ وطن عزیز پاکستان میں اھل خیر نے ہمیشہ مستحق لوگوں کی مدد کی ہے۔ آئمہ اہل بیت علیہم السلام راتوں کو معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کی گھر گھر جا کر مدد کرتے تھے ان کی پشت مبارک پر ان بوریوں کے نشانات پڑ جاتے تھے جو روٹیاں کاندھے پر اٹھا کر مستحقین کے دروازوں پر پہنچاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مہنگائی اور افراط زر کا تمام تر بوجھ غریبوں پر ڈال دیا ہے۔ مقروض ملک کے حکمرانوں کےپروٹوکول اور عیاشی میں کمی آنے کی بجائے اضافہ نظر آرہا ہے۔ حکمرانوں کی کرپشن عیاشی اور بدانتظامی کا حساب غریب عوام سے وصول کیا جا رہا ہے لوگوں کے پاس کھانے کو آٹا نہیں جس کے باعث کہیں بھوکے والدین بچوں کو بیچ رہے ہیں اور کہیں خودکشی کر رہے ہیں اب وقت آ چکا ہے کہ معاشرے کے مظلوم اور محروم لوگ اس ظالم نظام کے خلاف بغاوت کریں۔ اب فرسودہ ظالم نظام سے ٹکرانے کا وقت آچکا ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سیداحمد اقبال رضوی نے بانی آئی ایس او پاکستان شہید ڈاکٹرسید محمد علی نقوی ؒ کے 28ویں یوم شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی جہاں انفرادی فرائض انجام دیتے تھے وہاں اجتماعی ذمہ داریوں سے بھی اپنے آپ کو سبکدوش نہیں سمجھتے تھے، ایسا درد مند انسان جو اپنے دین وملت کے لیے ہر وقت میدان میں موجود رہتا ہے اور مقدس نما خوش شکل اور انحرافی دین پر کاربند افراد ان سے حسد کرتے ہوئے ان کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں ان پر تہمتیں لگاتے ہیں، کیونکہ یہ منحرف لوگ خود میدان میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے اپنے آپ کو انکے مقابلے میں پست اور حقیر سمجھتے ہیں۔

جبکہ میدان مبارزہ میں حاضر رہنے والے افراد کی زندگی کا مقصد اپنی ذاتی زندگی نہیں ہوتی بلکہ دین اسلام کی سربلندی اور کامرانی ہوتا ہے ڈاکٹر شہید ان عظیم شخصیات میں سے ایک تھے، جنہوں نے اپنی قوم میں دین ناب اور انقلاب اسلامی کی حقیقی فکر اور روح کو شعوری طور پر متعارف کرانے میں اپنا عملی کردار ادا کیا۔

وحدت نیوز(لاہور)منجی عالم بشریت حضرت بقیتہ اللہ کی ولادت با سعادت اور نیمہ شعبان کے پر مسرت موقع پر سینئر رہنما مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا کرم اور احسان ہے کہ اس نے ایک بار پھر ہمیں اس مبارک شب کی برکتوں اور رحمتوں کو اپنے دامن میں سمیٹنا نصیب کیا نیمہ شعبان راز الہی سے بھرپور رات ہے پس جس نے اس شب کی عظمت کو درک کرتے ہوئے ذیادہ سے ذیادہ بندگی و عبادت خدا میں صرف کیا سعادت مندی و خوش بختی اس کا مقدر ٹہرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ انسانیت اس وقت آزمائشوں بلاوں اور مصیبتوں کے دور سے گزر رہی ہے ایسے میں انسان مایوسی و نا امیدی کے اندھے کنوئیں میں جا گرتا ہے جہاں اندھیرے اور تاریکی کا بسیرا ہے لیکن لاکھ شکر اس ذات الہی کا ہم اس مکتب کے پیروکار ہیں جہاں جب ظلم بڑھتا جاتا ہے تو امید کا دیا روشن تر ہوتا جاتا ہے یہ امید ظہور امام مھدی عج کی امید ہے جو ہمیں ہر طرح کی مایوسی و تاریکی سے بچاے ہوئے۔

 انہوں نے مزید کہا عالم بشریت کو یہ جان لینا چاہیئے کہ ان کا نجات دہندہ رسول اسلام (ص) کے فرزندوں میں سے ایک فرزند، حضرت مہدی عجل الله تعالیٰ فرجه الشریف ہیں دنیا والوں کو معلوم ہونا چاہیئے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے بشریت کی نجات کیلئے ایک مصلح ظہور کرے گا، لہٰذا دنیا والوں کو انتظار اور ظہور کے مسئلے سے آگاہ ہونا چاہیئے اور منتظران امام زمن عج کو غیبت میں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہونا چاہیئے۔

وحدت نیوز(لاہور)نیمہ شعبان و ولادت با سعادت یوسف زہرا ، فرزند حیدر ، جانشین پیمبر ، حجت آخر حضرت امام مھدی علیہ سلام کے پر مسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین سیدہ معصومہ نقوی نے کہا کہ شب پندرہ شعبان عبادت و مناجات الہی کی شب ہے رب کریم آج کی شب اپنے بندوں پر بہت مہربان ہوتا ہے یہ مبارک رات گناہوں کی مغفرت ، رزق میں فراوانی ،حاجات کی قبولیت اور معرفت خدا کے حصول کا بہترین وسیلہ ہے۔

 انہوں نے کہا ہماری تمام تر مشکلات اور اس پر آشوب زمانے میں امن و نجات کا ذریعہ فقط ظہور امام مھدی عج ہے لھذا آج کی شب خدا کے حضور گڑگڑا کر اپنے آقا و مولا کے ظہور میں تعجیل کی دعا مانگی جائے ، پوری کائنات  رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آخری جانشین کے انتظار میں ہے ہر با شعور اور گہری فکر رکھنے والا فرد چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو کہیں نہ کہیں ایک نجات دہندہ کا منتظر ہے یہ شیعیان حیدر کرار کی خوش نصیبی کے ہم اس منجی بشریت کی پہچان و معرفت رکھنے والے ان کی ولایت و مودت کا اقرار کرنے والے اور ان کے ظہور کے منتظرین ہیں ۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ملت تشیع اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرتے ہوئے امام مھدی عج کے ظہور کی زمینہ سازی کرے ،مائیں اپنے بچوں کی تربیت اس نہج پر کریں کہ وہ امام عصر عج کے ظہور کے لیے آمادہ ہوں ہر پیر و جوان مرد و خواتین امام عج کے ظہور کے لیے معاشرے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ جب اس عظیم جانشین الہی کا ظہور ہو تو ہمارا شمار بھی ان کی سپاہ میں ہوسکے۔

وحدت نیوز(لاہور)عاشق امام خمینی ، سفیر انقلاب ، بانی آئ ایس او پاکستان شہید  ڈاکٹر محمد نقوی کی 28ویں برسی کے موقع پر دختر شہید محمد علی نقوی و رہنما ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا شہید ڈاکٹر، بت شکن زمان حضرت امام خمینی رح کے سچے اور عملی جاں نثار تھے۔ وہ ایسے پاکستانی تھے جنہوں نے اپنے عمل سے انقلاب اسلامی اور نظریہ ولایت فقیہ سے اپنے اخلاص کو دوسروں پر ثابت کیا۔ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کی ذات سے ان کے عشق اور محبت کیلئے ان کی زندگی بے شمار مثالوں سے بھری پڑی ہے مکتب امام خمینی کے اس جانثار سپاہی نے وطن عزیز میں ملت تشیع کے جوانوں میں بھی تحرک و بیداری کی روح پھونکی ، استکبار و استعمار کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا سکھایا اور ہر ظالم و جابر قوت کے سامنے ڈٹ جانا سکھایا۔

 ان کا کہنا تھا کہ بابا کی شہادت سے صرف ان کی اولاد نہیں بلکہ پوری ملت یتیم ہوگئ شہید ایک مسیحا ،ہمدرد ، مونس و غمخوار اور نا امیدی و یاس میں امید کا چراغ جلانے والے تھے آپ کی شخصیت مسیحائ کا کام کرتی تھی آپ کی بلند اخلاقی صفات اور اعلی ظرفی نے نوجوانوں کو آپکا گرویدہ بنا رکھا تھا ان کا کہنا تھا ہمیں شہید کے افکار و نظریات کو زندہ رکھنا اور اس پر عمل پیرا ہونا ہے یہ انکے پاکیزہ لہو کا ہم پر قرض ہے اگر ہم اپنے شہدا کے بتاے ہوئے رستوں مقاومت و جدوجہد مسلسل کو فراموش کر دیں اور صرف اپنی ذاتی زندگیوں تک محدود ہوجائیں تو یقینا یہ بہت بڑی خیانت ہوگی جو ہم شہدا کے لہو سے کریں گے آج شہید کی برسی کے موقع پر خداوند عالم سے دعاگو ہیں کہ ہمیں شہدا کی طرح استقامت و مقاومت کے رستے پر چلتے رہنے کی توفیق عطا فرماے۔ آمین

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree