The Latest
وحدت نیوز(لاہور) لاہور ،اقبال ٹائون کے علاقہ مانگا منڈی UC-263 یونٹ کی تنظیم سازی، سید عامر شاہ ایڈووکیٹ یونٹ صدر منتخب ۔علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کا اپنے وفد کے ہمراہ مانگا منڈی یوسی 263 آمد، برادر سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ مانگا منڈی یوسی 263 میں توسعہ تنظیم سازی کے سلسلہ میں منعقد کیے گئے اجلاس میں شرکت اور خطاب ،
مجلس وحدت مسلمین مانگا منڈی یونٹ کی تنظیم سازی سید عامر شاہ ایڈووکیٹ یونٹ صدر منتخب ۔ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،پنجاب نے اجلاس میںخطاب کے بعدمانگا منڈی یوسی 263 کے نئے صدر سید عامر شاہ ایڈووکیٹ سے حلف لیا ۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ نئے صدر مانگا منڈی سے درخواست کروں گا کہ جتنا جلد ممکن ہو اپنی یونٹ کابینہ مکمل کریں اورعلاقے میں باقاعدہ تنظیمی ورک کا آغاز کریں۔ان شاءاللہ جلد دوبارہ اس علاقے کا وزٹ کروں گا۔
وحدت نیوز(خیرپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی ضلع خیرپور کے گاؤں پھوٹو خان خاصخیلی پہنچے اس موقع پر مومنین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نےکہا کہ منتظرین امام زمانہ علیہ السلام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ظہور کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے ذریعے ہم صالح نسل بنا سکتے ہیں۔ ظلم و جبر کی حامل استکباری قوتیں خصوصا شیطان بزرگ امریکہ و اسرائیل ظہور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری ملک میں الیکشن سے فرار حیرت انگیز ہے آئین پاکستان اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں 90 دن میں انتخابات کرانا ضروری ہیں۔ امپورٹڈ حکومت بند گلی میں پھنس چکی ہے ہر گزرتے دن کے ساتھ اس حکومت کی رسوائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا ظلم و جبر اور کرپشن و غلامی کے خلاف قیام عوامی بیداری کی نشانی ہے۔ حکومت آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے ایران اور روس سے سستا تیل خریدے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں حکومت عوام کو اشیاء ضروریہ خصوصاً خورد و نوش کی اشیاء سستی قیمت میں فراہم کرے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ماہ مبارک رمضان کا احترام سب پر ضروری ہے حکومت احترام رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔اس موقع پر پھوٹو خان خاصخیلی نے علامہ مقصود علی ڈومکی کو سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ تقریب سے ایم ڈبلیو ایم تحصیل کوٹ ڈیجی کے صدر برادر ذاکر حسین نے بھی خطاب کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مرکزی صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان علامہ سید حسنین عباس گردیزی نےاپنے ایک بیان میں ملک بھر کے علماء ، آئمہ مساجد و جمعہ والجماعت سے اپیل کی ہے کہ اس سال ماہ مبارک رمضان شدید مہنگائی کے دور میں آرہا ہے، حکمرانوں نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی ٹھوس حکمت عملی مرتب نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی بے روزگاری کے سبب سفید پوش خاندانوں اور روزہ داروں کی مشکلات کے پیش نظر ہم سب کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ علماء و خطباء مخیرین کے ساتھ مل کر پریشان حال مسلمانوں کیلئے ماہ خدا میں سحری اور افطاری کو یقینی بنائیں اور مستحقین کیلئے عطیہ ضرور کریں۔
دس برس بیت گئے، ریاست شہید استاد سبط جعفر کے قاتلوں کو کیفرکردار تک نا پہنچا سکی،علامہ باقرعباس زیدی
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ نامور شاعر ادیب ماہر تعلیم و قانون اور بین الاقوامی شہرت یافتہ سوزخواں استاد سیدسبط جعفرزیدی شہید جیسی عظیم شخصیات صدیوں میں جنم لیتی ہیں، انکے قتل کو آج دس برس گذر گئے لیکن ریاست ان کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے میں اب تک ناکام ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیعیان حیدرکرارؑ نے گذشتہ چار دہائیوں میں 20 ہزار سے زائد علماء، ذاکرین، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء، صحافی ،تاجراور طالب علم ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے گئے، مساجد وامام بارگاہوں کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا، ملت جعفریہ نے شہید استاد سبط جعفرزیدی سمیت قیمتی شخصیات کی قربانی پیش کی لیکن کبھی کسی ملک دشمن قوت کے آلہ کار نہیں بنی، کبھی کسی ریاستی ادارے پر حملہ آور نہیں ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سبط جعفرزیدی جیسی شخصیات صدیوں میں پیداہوتی ہیں، 20 گریڈ کے سرکاری ملازم ہونے کے باوجود سادگی ان کی پہچان تھی،ان کا خلاء مدتوں پر نہیں ہوسکتا، ریاست اور قانون نافذ کرنے والے کی نااہلی کی اس سےبدتر مثال اور کیا ہوگی کہ دیگر کی طرح سبط جعفرزیدی شہید کے قتل میں ملوث دہشت گرد بھی آج تک آزادہیں۔
وحدت نیوز(قصور)علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کا اپنے وفد کے ہمراہ ضلع قصور (پتوکی ) کا وزٹ ۔ ضلع کابینہ کے اجلاس میں شرکت ۔ ضلع کابینہ سے حلف لیا اور تنظیمی برادران سے خطاب کیا ۔
برادر سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب بھی علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے ہمراہ تھے ۔ تنظیمی برادران سے پنجاب کی موجودہ سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
توسیع تنظیم اور مرکزی کردارسازی کونسل کے پروگرام اسٹڈی سرکل پر بھی گفتگو کی گئی اور نئی کابینہ سے درخواست کی گئی کہ مرکزی کردار سازی کونسل کے پروگرامز کو ترجیحی بنیادوں پر اجراء کیا جائے ۔ اور اپنے ضلعی امور میں اولویت دی جائے ۔
وحدت نیوز(مانگا منڈی)علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب نے اپنے وفد کے ہمراہ مانگا منڈی کاوزٹ کیا جہاں وہ رائے ناصر علی کی عیادت کے لئے ان کی رہائش گاہ رائے ہاوس پہنچے اور رائے ناصر علی کی تیمار داری وعیادت کی ۔ رائے ناصر علی کافی عرصے سے شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں ۔
گذشتہ ماہ ان کے پاوں کا آپریشن بھی ہوا تھا ۔اب الحمد للہ روبصحت ہیں ۔ صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم صوبہ پنجاب کے ہمراہ صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب برادر سید حسن رضا کاظمی بھی ہمراہ تھے ۔ دونوں صوبائی راہنماوں نے رائے ناصر علی کے لئے جلد صحتیابی کی خصوصی دعا کی ۔اللہ تعالی بحق اہل بیت علیہم السلام رائے ناصر علی جلد صحتیاب فرمائے ۔ آمین ۔
وحدت نیوز(آرٹیکل) ملک پاکستان میں علمائے امامیہ اور محبان اہل بیت ع کو سیاست میں کردار ادا کرتے دیکھ کر کچھ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ دین کا اور شیعیان علی ع کا سیاست سے کیا تعلق ؟ تو انکو بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر سیاست میں کردار ادا کرنا کسی پر واجب ہے تو وہ صرف اور صرف محبان اہل بیت علیہ السلام ہیں کیونکہ کہ حضرت مُحَمَّد ﷺ و مولا علی ع سے لیکر امام حسن عسکری ع تک تمام معصومین ع نے اپنے دور میں دین اسلام کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی امور کو خود سنبھالنے کی بھر پورکوشش کی اور جب امام آخرالزمان ع ظہور فرماٸیں گے تو امام عالی مقام عالم اسلام میں عدل و انصاف کی حکومت قائم کرینگے ۔
جب ہمارے تمام معصومین ع نے تمام سیاسی امور کو خود چلایا تو انکے پیروکار سیاست سے دور کیسے رہے سکتے ہیں ۔ ہر دور میں محبان اہلبیت ع نے سیاسی امور میں اپنا کردار ادا کیا اور کرتے رہیں گے ۔
کیونکہ جب بھی امام ع کا ظہور ہو تو ہمیں امور سیاست میں تیار ہونا چاہیے تاکہ امام کی عالم اسلام میں قاٸم ہونے والی عدل و انصاف کی حکومت کا حصہ بن سکیں وہ لوگ ہمیں نہ بتاٸیں کے ہمیں سیاسی کردار ادا کرنا چاہیے یا نہیں جن کے سیاسی لیڈران نعرہ حیدری لگا کر محرم الحرام میں کالے کپڑے پہن کر سب سے بڑے مولاٸی ہونے کا دعویٰ کر کے عوام سے ووٹ لیتے آٸے ہیں ۔
دراصل شیعان علی ع کو سیاست میں کردار ادا کرتا دیکھ کر انکی سیاست خطرے میں پڑ گٸی ہے۔ کیونکہ پاکستان میں کوٸی سیاسی پارٹی ایسی نہیں کہ جن کے لیڈران مولا علی ع کا نام لیے بغیر سیاست کرتے ہوں اگر ہمارا سیاست سے کوٸی تعلق نہیں بنتا تو وہ نام نہاد سیاست دان کیوں نعرہ حیدری لگا کر ہم سے ووٹ لیتے ہیں ۔
اور ایک جماعت تو ایسی بھی ہے جو دعویٰ کرتے ہیں کے وہ پاکستان میں واحد جماعت جو حسینیت کو فالو کرتی ہے شہیدوں کی جماعت ہے ۔ سیاسی اور قومی امور کے وارث ہمارے علما کرام و قاٸدین ہیں۔ جو ہمیں بتاٸیں گے مکتب تشیع نے سیاست میں کردار ادا کیسے کرنا ہے۔ نہ کہ ہمیں وہ سیاست دان بتاٸیں گے جو عوام کا خون چوستے ہیں اور اپنی عیاشی میں گم ہیں ۔ ہمارے علما و قاٸدین ہمیں بتاٸیں گے کے اس وقت وطن عزیز میں سیاسی کردار ادا کرنا ہے۔
تحریر : زوار جہانزیب مہدوی
ضلعی سیکرٹری میڈیا سیل
مجلس وحدت مسلمین ڈی جی خان
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے سا بق رکن شوریٰ عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید آلِ محمدجعفری سے ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی خط میں انہوں نے کہا کہ آپ کی والدہ محترمہ کے انتقال کا سن کر دلی دکھ ہوا، ماں وہ عظیم ہستی ہے جس کی بےلوث محبت کا کوئی ثانی نہیں ، ماں کی دعائیں مضبوط حصار کی طرح ہماری حفاظت کرتی ہیں، ماں جیسے عظیم رشتے کا یوں جدا ہوجانا یقیناً ایک انتہائی کرب ناک صدمہ ہے تاہم حکم ربانی سے مفر بھی تو نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی ان ساعتوں میں میری طرف سے تعزیت و تسلیت پیش خدمت ہے۔دعا گو ہوں کہ رب کریم آپ کی والدہ محترمہ کو جوار جناب سیدہ سلام اللہ علیہا میں جگہ عنایت فرمائے اور پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا ہو۔ آمین
وحدت نیوز(دادو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے آج ضلع دادو کے سیلاب متاثرہ گاؤں کھوسہ جوہی برانچ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم دادو کے ضلعی نائب صدر اصغر علی حسینی، نائب صدر مولانا عبداللطیف گوپانگ، یونٹ صدر اور دیگر کارکنان بھی انکے ہمراہ تھے۔
انہوں نے اس موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ارباب اقتدار عوامی مسائل، غربت و افلاس سے بے نیاز ہو کر اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں اور آئی ایم ایف کے پریشر میں آکر ہر روز پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کا طوفان آیا ہے۔ کمرتوڑ مہنگائی کے سبب لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین غریب اور محروم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔ جو غریبوں کے درد کو محسوس کرتی ہے۔ وہ سیاستدان اور حکمران غریب کے درد کو نہیں سمجھ سکتے جو منہ میں سونے کا چمچ لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع دادو اور تحصیل خیرپور ناتھن شاہ تباہی اور بربادی کی تصویر پیش کر رہا ہے۔ مگر یہاں تعمیر نو کے سلسلے میں اب تک حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ اس محروم علاقے میں تعمیر نو کے سلسلے میں تعاون کریں۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم یونٹس کی لائبریری کے لئے کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے، امپورٹڈ حکومت آئی ایم ایف کی ایماء پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہی ہیں اور عوام کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ہے، عوام پاکستان کو مہنگائی اور غربت کا پیکیج دینے والوں کا محاسبہ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں، حکمرانوں نے مہنگائی کو کم نہیں کیا تو عوام کو سڑکوں پر آنے سے کوئی روک نہیں سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں وحدت ہاؤس انچولی میں پولٹیکل کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مولانا حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری، زین عباس، سبط اصغر، کاظم عباس سیمت دیگر ارکین بھی موجود تھے۔
علامہ مبشر حسن نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لینے کیلئے عوام پر مہنگائی کے تابڑ توڑ حملے کا سلسلہ بند کیا جائے، حکمران عوام پر رحم کریں اور مہنگائی کو قابو کریں، آئی ایم ایف استحصالی ادارہ ہے جو پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہے، آئی ایم ایف غریب عوام دشمن پر مبنی پالیسیوں پر گامزن ہے اور پاکستان کے عوام کو بھوک وافلاس میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے مہنگائی کے ذریعے ان کا آخری نوالہ تک چھینا جارہا ہے، عوام کے مسائل حل نہ کرنیوالی حکومت زیادہ چل نہیں سکتی، حکمران ماضی سے سبق حاصل کریں، دعوؤں کا دور ختم ہوچکا اب عوام کو معاشی ریلیف دینا ہوگا، مہنگائی کو روکنے میں حکمران بے بس ہیں، ملک کو سیاسی و معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے بیرونی پالیسیوں کو مسترد کرنا ہوگا، حکومت توانائی بحران کے خاتمے اور سستی بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرے۔