The Latest
وحدت نیوز (اٹک) ایام فاطمیہ کے سلسلے میںایم ڈبلیوایم شین باغ یونٹ کی جانب سے اٹک میں مجلس عزا کا انعقاد ھوا جس میں محترمہ فائزہ نقوی نے فضائل و مصائب جناب سیدہ فاطمة الزھرا س بیان کیے۔ بعد ازاں محترمہ زینب سجاول نے خطاب کیا اور کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیھا نے دین اسلام کی تشہیر و حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دیں شھادت مولا حسین ع کے بعد اگر جناب زینب س کا جہاد نہ ہوتا تو آج کہیں اسلام کا نام و نشان نہ ہوتا۔
نو فروری کو اسلام آباد میں منعقدہ چہلم مدافعین حرم حاج قاسم سلیمانی اور ابو مھدی المھندس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان شہداءکا ہم پر عظیم احسان ہے جنھوں نے ہمارے مقامات مقدسہ کی حفاظت میں طویل جہاد کیا اور جان کی قربانی دی ان عظیم شھداء کی یاد منانا ہمارے لیے باعث سعادت ہے اور ہماری فکری و معنوی تربیت کے لیے ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ نو فروری کے دن چہلم شہدائے مدافعان ِ حرم میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنا کر شہداءکو خراج عقیدت پیش کریں۔
وحدت نیوز (لاہور) مقبوضہ جموں کشمیر کی مظلوم ماؤں، بہنوں کی صداؤں کی گونج پوری دنیا میں سنی جا رہی ہے، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم یہ پیغام مظلوم کشمیری ماؤں ،بہنوں، بیٹیوں کو دینا چاہتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں آپ تنہا نہیں پوری پاکستانی قوم آپ کیساتھ ہے، 5فروری کو پاکستانی عوام گھروں سے باہر نکلیں اور کشمیری مظلومین کی حمایت میں ریلیوں، جلسوں اور جلوسوں میں شرکت کے ذریعے دنیا کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا پیغام پہنچائے، بھارتی جارحیت کادنیا مشاھدہ کر رہی ہے لیکن امن اور انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے بغیر ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے ہونا بھارت کے جارحانہ اقدامات کشمیری مجاھدین کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق کا ہمیشہ سے بھرپور دفاع کرتی رہی ہے اور آگے بھی اس حمایت کو جاری رکھے گی ان کا مزید کہنا تھا بھارت نے کشمیری مسلمانوں کی مرضی کے خلاف ریاست پر قبضہ کرکے ظلمتوں کے نئے دور کا آغازکر رکھا ہے جس کی مثال موجودہ انسانی تاریخ میں نہیں ملتی دنیا کو امن و سلامتی کا پیغام دینے والی طاقتیں حتی کہ بعض اسلامی ممالک کی خاموشی اس بات کی غمازی ہے کہ وہ اس بربریت میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین پر قابض استعماری و سامراجی قوتیں دراصل انسانیت قدشمن قوتیں ہیں جو کہ عنقریب نابودی کے دہانے پر ہونگی، کشمیری و فلسطینی مجاھدین کی بے مثال قربانیاں اور شہادتیں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور صبح آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔
ہمیں ہر لمحہ خود کو امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی نصرت کے لئے تیار رکھنا چاہئے، محترمہ حنا تقوی
وحدت نیوز(لاہور) محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے چکری، ضلع راولپنڈی میں بسلسلہ ایام فاطمیہ منعقد کردہ مجلس عزا سے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ جس طرح سیدہ نساء العالمین ع نے وقت کے امام کی نصرت کے لیے آواز حق کو بلند کیا اسی طرح آج امام زمانہ علیہ السلام کے ظہور کی راہیں ہموار کرنے کے لئے خواتین کو اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہنا چاہیے ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم امام کے وجود پر ایمان تو رکھتے ہیں ان کے ظہور پر یقین بھی رکھتے ہیں لیکن اپنے اعمال سے ظہور اور ذکر کو بھلا دیا ہے۔ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ ہمارا کوئی عمل ایسا نہ ہو جو امام کی مرضی کے موافق نہ ہو۔محترمہ حنا تقوی نے حاضرین مجلس کو مجلس وحدت مسلمین کے تنظیمی طرز عمل و منشور سے آگاہی بھی فراہم کی۔
وحدت نیوز(جھنگ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کے مقام پر مجلس عزا سے خطاب کیا۔ اپنے بیان میں انھوں نے سیدة النساء العالمین جناب فاطمہ زھرا س کے مناقب و سیرت بیان کیے۔
انھوں نے کہا کہ سیدہ کائنات عورت کے ہر کردار میں بہترین نمونہ اور اسوہ کاملہ ہیں، انھوں نے کہاکہ دختر رسول ص مثالی ماں کے طور پر بچوں کی تربیت کے بہترین اصول متعارف کروارہی ہیں جن میں محبت سے بچوں کی شخصیت کو پروان چڑھانا ، دوسروں کے حقوق کی رعایت دینا، تقوی و پرھیزگاری ، ورزش و کھیل اور اعلیٰ محاسن اخلاق ان اعلی اقدار و اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک ماں معاشرے کو فلاح و معنوی ترقی پر استوار کر سکتی ہے،مجلس عزا میں مومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے ایام فاطمیہ کے سلسلے میں ٹاؤن شپ یونٹ، نادرآباد، سیکریٹریٹ اور جوہر ٹاؤن کے مقامات پر منعقد کردہ مجالس عزا سے خطاب کیا۔
محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ سیدہ نساء العالمین نے دانش کدہ نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں تربیت پائی اور بیت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پروان چڑھیں۔ دور حاضر میں جبکہ امت کی بیٹیاں تہذیب کفر کی نقل میں اپنی ناموس وعزت سے بے خبر ہورہی ہیں انہیں سیرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ وہ ایک آئیڈیل خاتون اسلام کی زندگی کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال سکیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جنرل سیکرٹری محترمہ حنا تقوی نے گڑھی شاہو یونٹ میں ایام فاطمیہ کے سلسلے میں منعقد کردہ مجلس عزا سے خطاب کیا۔مجلس عزا میں حالات حاضرہ پر گفتگو کی گئی اور فضائل و مصائب جناب زہرا سلام اللہ علیہا بیان کیےگئے۔
مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ دور حاضر کی مسلم خاتون حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی کنیزی کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن اپنی عملی زندگی میں ان کی سیرت سے بہت دور نظر آتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام کو ایسی بلند کردار خواتین کی ضرورت ہے جن کی جھولیوں سے سرفروشان اسلام مل سکیں۔انہوں نے کہاکہ سیدہ نساءالعالمینؑ پیکر عفت و حیا،سراپا صبر و رضا، مخدرہ عصمت و طہارت اور خواتین کیلئےبہترین نمونہ عمل ہیں۔
حالات حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ حنا تقوی کا کہنا تھا کہ عراقی عوام کی جانب سے گیٹ آؤٹ امریکہ ریلی کا بھرپور انعقاد طاغوتی طاقتوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری نشرو اشاعت محترمہ عظمیٰ تقوی اور سیکرٹری جنرل حیدرآباد محترمہ ارم محسن کی جانب سے شھید قاسم سلیمانی اور رفقاء کی یاد میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر کی نامور ذاکرات و مدیراتِ مدارس خواتین نے شرکت کی اور شھید راہ حق حاج قاسم سلیمانی سے اظھار عقیدت کرتے ہوئےاور ان کے عظیم کارناموں اور مجاھدانہ زندگی پر خراج عقیدت پیش کرتے ھوئے اپنے اپنے خیالات کا اظھار کیا ،محترمہ عظمی تقوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے پروگرام میں علاقے بھر سے خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان حیدر آباد کی جانب سے بروز جمعة المبارک امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی جس میں ضلع حیدرآباد کے علاوہ مرکزی و صوبائی نمائندگان اور بچوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس احتجاجی ریلی میں علمائے کرام کی جانب سے خطے میں امریکی دھشت گردی ، جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مھدی المھندس کی شھادت اور امریکہ کا دنیا کو جنگ کی طرف دھکیلنے کے خلاف پر زور مذمتی خطاب کیے گئے۔
ریلی کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی رابطہ سیکرٹری محترمہ سیدہ سیمی نقوی کی زیر نگرانی معصومہ قم گرلز گائیڈ نے اھم کردار ادا کیا اور شرکاے ریلی سے بھرپور تعاون کیا خواتین نے شھید قاسم سلیمانی اور شھید ابو مھدی المھندس کی تصاویر اٹھا کر عقیدت کا اظھار کیا اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے لگا کر اظھار نفرت کیا۔
وحدت نیوز(چینیوٹ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ سیدہ معصومہ نقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ضلع چینیوٹ محترمہ حنفیہ عمر دراز نے تحصیل لالیاں کا دورہ کیا اور نیا یونٹ تشکیل دیا ۔محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے تحصیل لالیاں میں منعقدہ ایام فاطمیہ کی مجلس عزا سے خطاب کیا۔ بعد ازاں تقریب حلف برداری منعقد کی گئی جس میں محترمہ نجمہ بتول کو یونٹ سیکرٹری جنرل اور محترمہ کنیز فاطمہ کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا اور حلف لیا گیا۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے فلاحی شعبے خیر العمل ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے فلاحی سرگرمیاں جاری ، موسم سرما کے پیش نظر ضرورت مند افراد میں گرم کپڑوں کی تقسیم محترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی خصوصی ہدایات پر محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور محترمہ نسیم زہرہ سیکرٹری شعبہ عالمات و ذاکرات نے شہر کے مختلف پسماندہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس دوران سردی کی شدت کے باعث پریشان مومنین کی حالت زار کو مد نظر رکھتے ہوئے کپڑے اور گرم چادریں تقسیم کی گئیں۔
شہزادئ کونین سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے فرمان کو بیان کرتے ہوئے محترمہ عظمیٰ نقوی کا کہنا تھا کہ اپنے اردگرد ایسے افراد کہ جن کے پاس لباس نہیں انہیں لباس اور جن کے پاس کھانا نہیں انہیں کھانا مہیا کرو بی بی فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کا یہ قول ہمیں اپنے معاشرے کے نادار اور مستحق طبقے کے حقوق کی یاد دہانی کرواتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایام فاطمیہ کے دوران مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور اس خدمت کو بھرپور انداز میں سر انجام دیتے ہوئے مزید علاقوں میں اپنے مستحق بہن بھائیوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔