The Latest
وحدت نیوز(پاراچنار) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن قومی اسمبلی انجنئیر حمید حسین طوری نے وفد کے ہمراہ انجمن حسینیہ کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے انجمن حسینیہ کے اراکین سے ملاقات کی اور علاقائی امور سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ انجمن حسینیہ کے اراکین نے ایم این اے اور ان کے احباب کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ اس موقع پر انجنئیر حمید حسین طوری نے کہا کہ وہ عوام کی بہتری کے لیے انجمن حسینیہ کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔
وحدت نیوز(کراچی) ملت جعفریہ کے تحت پاک محرم ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس سے وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ باقر زیدی، سروش رضا، علامہ صادق جعفری، مولانا عقیل موسیٰ و دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ابرہیم اکارڈ کسی طور پر قبول نہیں، اس کا مطلب اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے، ابراہام اکارڈ کا ہدف پاکستان اور ایران ہیں، اگر حکومت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کی تو ملک بھر میں تحریک چلے گی اور حکومت ختم کردی جائے گی، ہمارے جن کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہیں، انہیں فوری واپس لیا جائے۔ مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ جو جو کربلا میں خون حسینؑ میں ملوث تھا، وہ کل بھی لعنتی تھا اور آج بھی لعنتی ہے، ہم تمام خلفائے راشدین کی عزت کرتے ہیں، ہماری جانیں جاسکتی ہیں، ہم بتانے کو تیار ہیں کہ کون کون کربلا میں خون حسینؑ میں ملوث تھا، ہمارے جن کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہیں، انہیں فوری واپس لیا جائے، تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر اپنی قوت کا اظہار کریں گے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے شوشے نہ چھوڑیں، دو سال سے غزہ میں ظلم جاری ہے اور دنیا خون کے آنسو رو رہی ہے، پاکستان نظریاتی ملک ہے اور ہمارے قائدین اسرائیل کے خلاف تھے، پاکستان نے کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، ہمارے پاسپورٹ پر بھی درج ہے کہ یہ اسرائیل کے لئے ویلڈ نہیں ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، اب پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوششیں ہو رہی ہیں، ہمارے وزراء اسرائیلیوں سے خفیہ ملاقاتیں کرتے رہے ہیں، یہ کہتے ہیں کہ پاکستان اپنا مفاد دیکھے گا، پاکستان کا مفاد یہ ہے کہ جو 70 ہزار فلسطینی مارے گئے، آپ ان کی لاش پر اسرائیل کو تسلیم کریں گے، امریکا کی غلامی سے ہمارے حکمرانوں کو کیا ملا ہے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کا اجلاس جامعہ خدیجة الکبری میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی، اجلاس میں صوبائی ورکنگ کمیٹی کے اراکین مولانا سید فرخ مہدی، سید ندیم کاظمی، جواد رضا جعفری، ثقلین نقوی، سابق صوبائی رہنما سید وسیم زیدی، حسنین عباس انصاری، فہیم جعفر ایڈووکیٹ، عون رضا انجم ایڈووکیٹ، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا غلام عباس نقوی، ثقلین نقوی، عاصم نقوی، عترت کاظمی، اظہر جوئیہ، تنویر عباس، علی اکبر کاظمی، عاشق حسین، امجد جعفری، صفدر جعفری، رانا فیضان الحسینی، باقر صدیقی، حسن رضا، ملک عمران حیدر، ڈاکٹر شبیر حسین، مبارک شاہ سمیت ملتان کے مختلف علاقوں سے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل عزاداری ونگ جنوبی پنجاب عون رضا انجم ایڈووکیٹ کو ملتان کا نیا ضلعی آرگنائزر نامزد کیا گیا، عون رضا انجم ایڈووکیٹ اس سے قبل ضلع اور صوبہ میں مختلف ذمہ داریوں پر کام کر چکے ہیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نامزد ضلعی آرگنائزر عون رضا انجم نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے جو ذمہ داری دی گئی ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔ اس وقت امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے، ہمیں اپنے اتحاد سے پاکستان اور عالم کو مضبوط کرنا ہے، قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں مظلوموں کی حمایت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کا سالانہ ڈویژنل کنونشن بعنوان "میراثِ کربلا" بی بی پاکدامن لاہور میں شایانِ شان انداز میں منعقد ہوا۔اس موقع پر مرکزی نائب صدر وحدت یوتھ پاکستان مولانا راجہ مصطفیٰ حیدر، مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید اسد نقوی، اور صوبائی رہنما علامہ ظہیر کربلائی نے خصوصی شرکت کی اور فکر انگیز خطابات کیے۔
کنونشن میں لاہور ڈویژن کی کابینہ، مختلف ٹاؤنز کے نمائندگان اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کی اکثریتی رائے سے برادر نقی حیدر کو ایک مرتبہ پھر ڈویژنل صدر وحدت یوتھ پاکستان لاہور ڈویژن منتخب کر لیا گیا۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذیلی ادارے وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی نائب صدر جناب راجہ مصطفی حیدر نے لاہور کا اہم تنظیمی دورہ کیا۔
دورہ لاہور کے دوران انہوں نے وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کے کنونشن میں مرکز کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی، جہاں لاہور ڈویژن کی تنظیمی کارکردگی، اہداف اور مستقبل کی حکمت عملی پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
کنونشن میں دوبارہ منتخب ہونے والے وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کے صدر جناب نقی حیدر سے صوبائی سیکرٹریٹ میں خصوصی ملاقات بھی کی گئی۔ اس ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ لاہور ڈویژن کے دیگر یوتھ نمائندگان بھی شریک تھے۔
اس موقع پر وحدت یوتھ کی تنظیمی فعالیت، نوجوانوں کی فکری تربیت، اور قومی سطح پر یوتھ کردار کے حوالے سے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ راجہ مصطفی حیدر نے نوجوانوں کے جذبے اور وابستگی کو سراہا اور تنظیمی مقاصد کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وحدت نیوز(ننکانہ صاحب) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی آرگنائزر، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے وفد کے ہمراہ ضلع ننکانہ کا تنظیمی و تعزیتی دورہ کیا۔
اس موقع پر علامہ غلام شبیر بخاری (سابق رکن شوریٰ عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان)، سید انوار زیدی (سابق صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ایم ڈبلیو ایم پنجاب) اور دیگر اہم رفقاء بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وفد نے سب سے پہلے سابق مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان علی رضا بھٹی کی والد کے انتقال پر ان کے گھر جا کر تعزیت کی، مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور بلندیٔ درجات کی دعا کی گئی۔
اس کے بعد صوبائی وفد نے ضلع ننکانہ کے تنظیمی برادران سے ملاقات کی اور ایک مختصر کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس میٹنگ میں ضلع ننکانہ کی موجودہ تنظیمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علامہ غلام شبیر بخاری نے تنظیمی برادران کی فعالیت کو سراہا اور آئندہ کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
وحدت نیوز( بھلوال) مجلس وحدت مسلمین شمالی پنجاب کی ورکنگ کمیٹی کے رکن اور ضلع سرگودھا کے ضلعی صدر، حجت الاسلام والمسلمین علامہ استاد ذوالفقار اسدی صاحب نے تحصیل بھلوال کا تنظیمی دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران انہوں نے مجلس وحدت مسلمین تحصیل بھلوال کے ماہانہ اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور تحصیل کابینہ کے اراکین سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تنظیمی فعالیت، دینی شعور کی بیداری اور مدارس دینیہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔علامہ ذوالفقار اسدی نے بھلوال میں واقع مختلف دینی مدارس کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے مدرسہ معارف اسلامی لالہ زار بھلوال، مدرسہ دارالحسینین بھلوال اور پھلروان میں مدرسہ بصائر کا وزٹ کیا، جہاں انہوں نے مدارس کے بانیان، سربراہان اور مدرسین سے ملاقاتیں کیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔
واضح رہے کہ علامہ ذوالفقار اسدی صاحب نے ضلع سرگودھا کی تمام تحصیلوں میں مجلس وحدت مسلمین کے یونٹس کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، اور شمالی پنجاب میں ضلع سرگودھا کو ماڈل ضلع بنانے کی جانب ان کی ضلعی ٹیم کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مدرسیٹ اپ اور تمام ونگز کا مشترکہ اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ مسجد ولی العصر میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی آرگنائزر جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی۔ اجلاس میں مرکزی صدر ایمپلائز ونگ سلیم عباس صدیقی، مرکزی رابطہ سیکرٹری عزاداری ونگ مرزا وجاہت علی، صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس علمائے مکتب اہلیبیت جنوبی پنجاب علامہ طاہر عباس نقوی، ڈویژنل صدر وحدت یوتھ ملتان تیمور حسن، صوبائی صدر عزاداری ونگ انجینئر سخاوت علی سیال، عون رضا انجم ایڈووکیٹ، اراکین صوبائی ورکنگ کمیٹی سید فرخ مہدی، سید ندیم عباس کاظمی، جواد رضا جعفری، ثقلین نقوی، ارتضی نقوی، سید کمیل زیدی، حسن رضا حیدری نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداروں پر ہونے والے بے بنیاد مقدمات کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا، عزاداروں کی معاونت کے لیے قانونی مشاورتی ٹیم اپنا کردار ادا کرے گی، صوبائی و ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر عزاداری کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، عزاداروں کو ریلیف دینے کے لیے اُن کی ضمانت اور کیس کی مکمل پیروی کی جائے گی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری اطلاعات آصف صفوی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی مشکلات کا باعث بنتی جارہی ہے، جبری اجرک والی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کاکاروبار شروع کر دیا گیا ہے، نئی نمبر پلیٹس کے نام پر شہریوں سے رقم کی وصولی بھتہ خوری ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں، عوام سندھ سرکار کی نااہلی کی وجہ سے مختلف بحرانوں کا شکار ہے، شہری پانی و بجلی کی رسد، صحت و تعلیم، سڑکوں پر بے ہنگم ٹریفک، مختلف اضلاع میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور ملازمتوں کے انتظار میں بوڑھے ہورہے ہیں، ان مسائل کے حل کیلئے کوئی سدباب نہیں وہیں شہریوں سے رقم وصول کرنے میں پھرتیاں دکھائی جارہی ہیں، بلاول بھٹو سندھ حکومت کی قانونی بھتہ خوری کا نوٹس لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نمبر پلیٹس کی تبدیلی اتنی ہی ضروری ہے تو شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے کے بجائے مفت فراہم کی جائے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملکی عوام آٹا، چینی، ایشائے خوردونوش کے مہنگے ہونے اور مختلف مافیاز سمیت بے جا لگائے جانے والے ٹیکس سے تنگ ہیں، ملک میں مصنوعی مہنگائی اتحادی حکومت کی دین ہے، وفاقی و سندھ حکومتیں ذخیرہ اندوزی روکنے میں ناکام ہوگئی ہے، پی ڈی ایم ٹو اتحادی صرف عوام کو ریلیف دینے کی باتیں ہی کر رہے ہیں عملی اقدام کچھ نہیں، ملک بھر میں ہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدمات کئے جائیں، مصنوعی مہنگائی پھیلانے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی کرکے قیمتوں کو مستحکم کیا جائے۔
وحدت نیوز(قم) مرکزی سیکریٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی شہید شیخ رسول محمد شحود کی مجلس ترحیم میں خصوصی شرکت اور خطا ب ۔تفصیلات کے مطابق چند دن پہلے شام کے شہر حمص میں معروف شیعہ عالم دین شیخ رسول محمد شحود تکفیری دہشتگردوں کے قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ کل ایران کے شہر قم المقدس میں مقیم سوریہ کے علماء و طلاب کے زیر اہتمام انکے ایصال ثواب کیلئے مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید بزرگوار کے فرزندان و اقرباء سمیت مدرسین اور طلاب کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس مجلس ترحیم میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی خصوصی نمائندگی کرتے ہوئے سیکریٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا کہنا تھا کہ مکتب تشیع کی طول تاریخ میں دین مبین کی سربلندی کیلئے شہادتوں کا تسلسل پایا جاتا ہے۔ مکتب کربلا کے ماننے والوں نے ہر دور کے یزید کے خلاف آواز حق بلند کی ہے اسی لیے جابرانہ و مسلط کردہ حکومتیں ہمیشہ سے شیعہ علماء کرام کے قتل میں ملوث رہی ہیں۔ اور سوریہ میں جب سے جولانی رجیم برسر اقتدار آئی ہے تب سے شام میں تمام اقلیتیںوں کا بے دریغ قتل عام کیا جارہا ہے۔ شہید شیخ رسول شحود سوریہ کے شہر حی المزرعہ حمص کے نہ فقط امام جمعہ تھے بلکہ استقامت اور حریت کے علمبردار تھے۔ انکی شجاعانہ زندگی مکتب اہلبیت کی سربلندی اور اجتماعی خدمات سے لبریز تھی۔ ہم خانوادہ شہید کی خدمت میں ہدیہ تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور شہید بزرگوار کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ پاک انکو جوار اہلبیت علیہ السلام میں جگہ نصیب فرمائے۔ آمین
علاوہ ازیں اس مجلس ترحیم میں کویت کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ حسین معتوق اور سوریہ کے علماء کرام نے بھی خطابات کیئے۔