The Latest
وحدت نیوز(لاہور)شہید اسماعیل ہانیہ کی المناک شہادت کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ صدر سیدہ معصومہ نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہانیہ کی المناک شہادت پر تمام عالم اسلام اور رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں ۔شہادت مومن کی میراث ہے اور یہ شہادتیں مجاہدین اسلام کی ہمتوں کو مزید بلند کرتی ہیں جیسے دشمنوں کے لیے شہید سردار ق ا س م ، زندہ سردار ق ا س م سے ذیادہ خطرناک ثابت ہوئے اسی طرح شہید اسماعیل ہانیہ کی شہادت بھی دشمنان دین کی نابودی کا باعث بنے گی ان شاء اللہ شہدائے اسلام کا خون رنگ لائے گا اور اسرائیل کا ناپاک وجود ختم ہوجائے گا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعے کو دنیا بھر میں امام حسین علیہ السلام کے چھ ماہ کے شہزادے جناب علی اصغر علیہ السلام کی یاد میں یوم علی اصغر منایا جاتا ہے اسی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ضلع جہلم ، اٹک ، چینیوٹ ، ٹنڈو محمد خان ، پشاور ، رحیم یار خان سکھر اور گلگت میں یوم علی اصغر علیہ السلام کے عنوان سے مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں حسینی مائیں اپنے شیر خوار اور ننھے بچوں کو سبز پوشاکیں پہنا کر اور ماتھے پر نام علی اصغر علیہ السلام کی سرخ پٹیاں باندھ کر لاتی ہیں ان مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا عالمی یوم علی اصغر علیہ السلام دنیا کو عالمی و جہانی حکومت امام مھدی عج علیہ سلام کی طرف متوجہ کرتا ہے باشعور حسینی مائیں ان اجتماعات میں شرکت کرتے ہوئے اپنے نونہالوں کو ہاتھوں پر بلند کرکے منجی عالم بشریت امام آخر الزمان علیہ سلام کے حضور نذرانہ پیش کرتے ہوئے یہ عہد کرتی ہیں کہ ہمارے یہ بچے امام حسین علیہ السلام کے ننھے شہزادے سے بڑھ کر نہیں یہ بھی راہ علی اصغر ع پر چلتے ہوئے اپنے وقت کے امام پر قربان ہونے کے لیے تیار ہونگے اور ہم مائیں جناب ام رباب سلام اللہ علیھا کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ایک لحظہ بھی تاخیر نہیں کریں گی۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے ماہ محرم الحرام کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا کہ آغاز ایام عزا کی مناسبت سے امت مسلمہ ، رہبر معظم سید علی خامنہ ای و بالخصوص وارث کربلا امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ شریف کی خدمت اقدس میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں ۔محرم الحرام کی آمد پر ہر وہ دل جو امام حسین علیہ السلام سے عشق کرتا ہے غمزدہ ہوجاتا ہے چاہے وہ شیعہ ہو یا سنی بلکہ غیر مسلم بھی امام عالی مقام سے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں اور ان کا غم مناتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سیدالشہدا علیہ السلام اور ان کے رفقاء و خانوادے کی لازوال قربانیوں کا سب سے بڑا مقصد امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا احیاء ، دین محمدی کی حفاظت اور دم توڑتی انسانیت کا شرف و عزت بحال کرنا تھا محرم و صفر میں مجالسِ عزاء و پرسہ داری، جلوس ہائے عزاداری و ماتم داری، نذر و نیاز اور پانی کی سبیلیں یہ سب در واقع اسی مقصد کو عام کرنے کے لیے ہیں کہ امام عالی مقامؑ نے دشتِ نینوا میں تین دن کی بھوک و پیاس کے ساتھ اپنے اعزاء و اقرباء اور انصار کے ہمراہ ظالم و جابر اور مئےخوار حاکمِ وقت کے خلاف قیام کیا اور یہ پیغام دیا کہ ظلم کے خلاف خاموش رہنا، درحقیقت ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے علماء و ذاکرین اور عالمات و ذاکرات منبر حسینی کے ذریعے معاشرے میں قیام امن کا پیغام دیں اور ایک الہی اور حسینی معاشرے کی تشکیل اور ظہور امام مہدی عج کی زمینہ سازی کے لیے نوجوان نسل کو تیار کریں اور اپنے صحیح العقیدہ پیغامات ، اتحاد بین المسلمین، ،حقیقی درس کربلا اور حالات حاضرہ بالخصوص حماسہ فلسطین کے حوالے سے ان مجالس عزا کے ذریعے ملت کو آگاہی و بیداری دیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی کی سربراہی میں علمدار روڈ کوئٹہ کی تنظیمی مسئولین کی نشست میں تمام ممبران کی ہم آہنگی سے محترمہ فرزانہ یونس کو ایم ڈبلیو ایم علمدار روڈ کا صدر جبکہ محترمہ شکریہ تبسم سلطانی کو نائب صدر اور محترمہ کنیز فاطمہ کو سیکریٹری تنظیم سازی منتخب کیا گیا۔
اس موقع پر مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے نو منتخب کابینہ کو تین ماہ کے دوران پندرہ یونٹس کی تشکیل اور بہترین تنظیمی امور انجام دینے کی ہدایات کیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین وومن ونگ کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی نے کوئٹہ کے تنظیمی دورے کے دوران ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ علمدار روڈ کوئٹہ کی جانب سے منعقدہ تحفظ عزاداری کی نشست میں شریک ذاکرات سے ملاقات کی۔ سیدہ معصومہ نقوی نے کہا کہ ماہ محرم الحرام و صفر میں مجالس عزا کے ذریعے الہی معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کیا جائے ۔امام حسین علیہ السلام کے کربلا میں قیام اور قربانیوں کا اصل مقصد بیان کرنا ہر عالمہ اور ذاکرہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
سید الشہدا علیہ السلام کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے امر بالمعروف و نہی از منکر کو معاشرے میں عام کرنا ، دور حاضر کی یزیدیت سے اظہار بیزاری اور مظلومین کی حمایت کا شعور سامعین میں اجاگر کرنا ، حماسہ فلسطین کے بارے میں آگاہی دینا اور امام زمان علیہ السلام کے ظہور کے لیے مجمع کو آمادہ کرنا یہ ایسے عنوانات ہیں جن پر بات کرنا اور لوگوں کے اذہان کو اس طرف متوجہ کرنا نہایت ضروری ہے ان کا مزید کہنا تھا مجالس امام حسین علیہ السلام کے توسل سے اہل بیت اطہار علیھم السلام کی حیات طیبہ کے مختلف پہلووں کو بیان کر کے معاشرے کی اخلاقی و نظریاتی تربیت کرنا تمام اہل منبر کی ذمہ داری ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین علمدار روڈ کوئٹہ کے زیر اہتمام جشن عید غدیر و مباہلہ کو انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی اور رکن نگران کونسل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین مولانا حسن مہدی کاظمی صاحب نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا جشن میں ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ ہزارہ ٹاون یونٹس نے بھی شرکت کی اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے غدیر اور مباہلہ کے پیغامات پر روشنی ڈالی۔ قول امیر المومنین علیہ السلام کے مطابق ہر ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار بننے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ایام عزا کے دن نزدیک ہیں مجالسِ سید الشھدا علیہ السلام کے تبرکات کو اسرائیلی مصنوعات سے پاک رکھیں بانیان تبرک کے انتخاب پر خصوصی توجہ دیں اور حتی الامکان اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اسلام آباد کی جانب سے مری میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ اسلام آباد کی جانب سے جامعہ آمنہ بنت الھدی بھمروٹ سیداں مری میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا ، ورکشاپ میں تجوید القرآن ، احکام دین، عقائد ، تفسیر سورۃ الحجرات ، اخلاق اور حالات حاضرہ کے موضوع پر دروس دیے گئے معرفت ولایت و امامت تربیتی ورکشاپ میں مولانا حسن جعفری ، مولانا ضیغم عباس ،مولانا شیخ کاظم ، مولانا سید صفدر حسین نقوی ، مولانا سید وقار حسین نقوی اور برادر ناصر شیرازی مرکزی جنرل سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم نے تدریس کے فرائض انجام دیے ورکشاپ کے تیسرے روز امتحان لیا گیا اور پوزیشن لینے والی بچیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔
سربراہ ایم ڈبلیوایم سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس کی زیر صدارت شعبہ خواتین کی مرکزی نگراں کونسل کا اجلاس
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان خواتین ونگ کی مرکزی نگران کونسل کا اجلاس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان جناب سنیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں نگران کونسل کے تمام معزز اراکین نے شرکت ۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان خواتین ونگ کی فعالیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیااور خواتین کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا گیا۔ البتہ کچھ پالیسی امور کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی اور خواتین کی کارکردگی کے حوالے سے مزید بہتر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اس سلسلے میں ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں ۔ مجموعی طور پر نگراں کونسل نے خواتین ونگ کی فعالیت اور اقدامات کی تعریف کی ۔ خواتین ونگ کی نگران کونسل کا اجلاس ہر تین ماہ بعد منعقد ہوتا ۔
ان شاءاللہ اگلا اجلاس ستمبر کے آخر میں منعقد ہو گا ۔ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے اور کئی اہم امور پر سیر حاصل بحث بھی ہوئی ۔ اجلاس میں مرکزی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان جناب علامہ سید احمد اقبال رضوی ،سابقہ ایم پی اے و مرکزی صدر خواتین ونگ محترمہ سیدہ زہراء نقوی ، مرکزی جنرل سیکرٹری جناب سید ناصر عباس شیرازی ،مرکزی سیکرٹری سیاسیات جناب سید اسد عباس تقوی ،مرکزی صدر مجلس وحدت مسلمین خواتین ونگ و ممبر قرآن بورڈ پنجاب جناب سیدہ معصومہ نقوی ، پرنسپل جامعہ بعثت جناب سید مھدی حسن کاظمی ، مرکزی مسئول امور خوتین ونگ ظہیر الحسن کربلائی نے شرکت کی ۔ اجلاس صبح سات بجے سے دن ساڑھے گیارہ بجے تک جاری رہا ۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پشاور کے زیر اہتمام نورِ ولایت تا چراغ ہدایت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی خطاب مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے کیا انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے بشریت کی ہدایت کے لیے ہر دور میں اپنے ہادی و رہنما بھیجے اور ہر دور میں شیطان نے بھی نمرود و شداد و فرعون و یزید کی صورت میں ان ہدایت کے چراغوں کے خلاف محاذ آرائ کی انہوں نے کہا کہ آج اسرائیل ، امریکہ اور ان کے اتحادی سر زمین انبیاء و بیت المقدس کے مدافع فلسطینیوں پر ظلم و ستم کا پہاڑ توڑ رہے ہیں شیطان صفت اسرائیل کے سفاکانہ مظالم پر معصوم فلسطینیوں کا صبر و جرات پوری دنیا کے درد دل رکھنے والے ضمیروں کو بیدار کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ان طاغوتی و صہیونی طاقتوں کی ناک رگڑنے اور انہیں ذلت سے دوچار کرنے اور ان کے ناپاک منصوبوں کو خاک میں ملانے والی شخصیت رہبر معظم سید علی خامنہ ای اور ان کے جانباز سپاہی ہیں۔ کانفرنس سے مرکزی رابطہ سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ زینب بنت الھدی اور محترمہ فائزہ نقوی پرنسپل دی نالج سٹی کالج اٹک نے بھی خطاب کیا مقررین نے کانفرنس کے عنوان نور ولایت تا چراغ ہدایت پر اپنے خطاب کیا کانفرنس میں عید غدیر کی مناسبت سے کوئز اور آرٹ مقابلہ بھی ہوا جسکے بعد انعامات تقسیم کیے گئے۔
وحدت نیوز(لاہور) ملک کے دیگر اضلاع کی طرح لاہور میں بھی مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر اہتمام تحفظ عزاداری کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں مرکزی سیکریٹری عالمات و ذاکرات محترمہ عصمت بتول نے خصوصی شرکت کی ۔ کانفرنس کی میزبانی کے فرائض محترمہ حنا کاظمی یونٹ صدر فیصل ٹاون ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ لاہور نے انجام دیے کانفرنس میں شریک ذاکرات نے مقصد عزاداریِ ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا بعد ازاں جناب مولانا حسن مہدی کاظمی نے تحفظ عزاداری کے موضوع پر اہم نکات بیان کیے اور ذاکرات کو با مقصد و با ہدف عزاداری کے فروغ کے لیے رہنمائ فراہم کی۔