The Latest
وحدت نیوز(لاہور) صوبائی سیکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب شادمان لاہور میں مرکزی کردارسازی کونسل کے زیر اہتمام اورمجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبائی اور ضلعی آرگنائزننگ کمیٹیوں اور صوبائی وحدت یوتھ کے باہمی اشتراک سےاسٹڈی سرکل منعقد ہوا،
آیۃ اللہ العظمیٰ شہید سید محمد باقرالصدر ؒکی شہرہ آفاق کتاب ’’آزمائش ‘‘ کے صفحہ نمبر 55سے لیکر صفحہ نمبر 65 تک شرکاء نے کتاب کو پڑھا ۔
علمائے کرام نے ان صفحات کا خلاصہ اور وضاحت کی جسے شرکاء نے بہت سراہا ۔ اب اگلا اسٹڈی سرکل 8 جنوری بروز اتوارکو صوبائی اور ضلعی مسئولین اور صوبائی وحدت یوتھ صوبہ پنجاب کی باہمی ہم آہنگی سے منعقد ہوگا۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی ہدایت پر شہید آیت اللہ باقرالصدر کی شہرہ آفاق کتاب آزمائش کی قومی اجتماعی مطالعاتی مہم (اسٹڈی سرکل) کی دوسری نشست مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گلگت ڈویژن کے زیر اہتمام صدر شعبہ خواتین گلگت ڈویژن محترمہ بی بی سلیمہ کی رہائش گاہ برمس پائین میں منعقد ہوئی جس میں ڈویژنل نائب صدر خواہر صائمہ شفیع، برمس پائین یونٹ کی صدر خواہر شہزادی، برمس بالا یونٹ کی صدر سبی زہراء نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر مختلف یونٹس کی کارکنان بھی شریک تھیں۔
محترمہ انعم زہرا نے شہرہ آفاق کتاب آزمائش کی مختلف موضوعات کی تشریح بیان کی، اس کے علاوہ رہبر معظم کی کتاب استفتاءات رہبری کا مطالعہ بھی کیا گیا۔ دعائے سلامتی امام زمانہ عج سے نشست کا باقائدہ اختتام ہوا،اگلااسٹڈی سرکل جنوری کے پہلے اتوار کو بی بی سلیمہ سابقہ اسمبلی ممبر و صدر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین گلگت کی رہائش گاہ میں ہوگا۔
وحدت نیوز(اٹک) قبل از اسلام خواتین کو ہر علاقے اور ہر مذہب میں کم تر سمجھا جاتا اور انہیں تذلیل کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا مگر اسلام کی آ مد کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خواتین کو عزت و تکریم عنایت کی انہیں بلند مقام و مرتبہ عطا کیا۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ چمن صاحبہ نے مجلس عزا سے خطاب کےدوران کیاجس کا انعقاد بعنوان زن زندگی اور آزادی اسلام کی نگاہ میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اٹک کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اپنے خطاب میں محترمہ چمن فاطمہ نے مزید کہا کہ معاشرے میں امن و سکون خواتین کو ان کا حقیقی مقام ، عزت اور اختیار عطا کرنے سے دین اسلام نے بہت خوبصورتی کے ساتھ خواتین کے حقوق اور انہیں اسلامی قوانین کی حدود میں رہتے ہوئے آزادی عطا کی ہے مغربی معاشرہ خواتین کو آزادی کے نام پر بے راہروی کا شکار کر رہا ہے یہ ہم پر ہے کہ آنکھیں کھولیں اور درست راہ کا انتخاب کریں ۔اس مجلس سے محترمہ فائزہ صاحبہ نے بھی خطاب کیا اور خواتین کے معاشرے میں کردار پر روشنی ڈالی ۔مجلس کا اہتمام امام بارگاہ حسینیہ کاملپور سیداں میں کیا گیاتھا۔
وحدت نیوز(جھل مگسی) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر ضلع جھل مگسی بلوچستان میںزیر نگرانی صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا،تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کیجانب مسجد امام مہدی گارڈن ٹاؤن گنداواہ ضلع جھل مگسی میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر سہیل اکبر شیرازی کی زیر نگرانی اسٹڈی سرکل کا انعقاد ہوا جس میں علامہ شہید باقر الصدر کی کتاب آزمائش اور استفتاءات رہبر کا مطالعہ کیا گیا۔
اسٹڈی سرکل میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و ضلعی رہنماؤں صدر مجلس علماء شیعہ جھل مگسی مولانا علی نواز عرفانی اور ضلعی کابینہ کے اراکین مولانا گلزار حسین نعیمی، گہنور خان، نجف مرزا ،رحیم بخش ،غوث بخش ترین ،تحصیل گنداواہ کے صدر سید زاہد حسین شاہ ،حسینی یونٹ حسینی محلہ کے صدر اطہر صادق شیرازی، اظہر صادق شیرازی، غلام محمد شیرازی ، ڈاکٹر علی شیرازی ،محمد طفیل شیرازی نے شرکت کی۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر نے کہا کہ آئندہ بھی باقائدگی سےاسٹڈی سرکل کی نشستوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وحدت نیوز(نگر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان ضلع نگر کے عزم و عمل تنظیمی کنونشن میں پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی و صوبائی وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں مجلس وحدت مسلمین کے کردار کےسب معترف ہیں۔ پاکستان کی سرزمین میں آزاد خارجہ پالیسی، ہمارے فیصلے اسلام آباد میں کرنے، خودمختار پاکستان، امریکی غلامی نامنظور کا نعرہ جب ہم لگاتے تھے تو اسے امپورٹڈ نعرہ کہا جاتا ہے جبکہ وہ ہر پاکستانی کا نظریہ تھا آج پورا پاکستان اسی نظریے پر گامزن ہے کہ پاکستان کو آزاد و خود مختار ہونا چاہیے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کابنیادی اور مشترکہ اصول سب کے سامنے ہے جو پاکستان کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کا فارمولہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت کسی کی حمایت و مخالفت اصولوں کے مطابق کرتی ہے۔ نظریہ، دستور و منشور، قیادت اور فعالیت کے عنوان سے کوئی ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ یہ جماعت کسی خاندان کی کاسہ لیسی کرنے والی جماعت نہیں بلکہ اصولوں کے لیے جدوجہد کرنے والی جماعت ہے۔ پچہتر سالوں میں باریاں بدلنے والی جماعتوں نے ملک کو بحران کی طرف دھکیل دیا آج پاکستان مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ پاکستان کی موجودہ مشکلات کی ذمہ دار وہی جماعتیں ہیں جنہوں نے اس ملک کو لوٹنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے سیاسی جد وجہد جاری رکھیں گے۔ہر وہ عمل جو گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے برخلاف ہو اس کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اور گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے جدو جہد ہر صورت میں جاری رکھیں گے اور گلگت بلتستان جو کہ پچھتر سالوں سے حقوق سے محروم ہے ان حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر جدو جہد جاری رکھیں گے،یقینا مستحکم و خوشحال گلگت بلتستان خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔
وحدت نیوز(سکردو) وزیر زراعت گلگت بلتستان و صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین کاظم میثم نے سکردو میں جاری کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں گھل مل گئے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تعلیم کو ترجیح اول پر رکھنے کے بعد صحت مندانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور کھیل کے میدان کو امن محبت اور اتحاد و یگانگت کی آماجگاہ بنانے کی تلقین کی۔
انہوں نے جسمانی وزرش دور حاضر میں ایک صحت مند دماغ کے لیے ناگزیر قرار دی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور سکرین نے نوجوانوں کو لہو لعب میں مبتلا کرنے کے ساتھ سٹریس انزائٹی اور دیگر نفسیاتی و اخلاقی برائیوں میں مبتلا کر دیا ہے جس کے سبب منشیات کے استعمال میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانان صحت مندانہ سرگرمیوں کو جاری و ساری رکھیں۔ کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت کی کاوشیں چل رہی ہیں اور نوجوان جہاں بلائیں انکی خدمت کے حاضر ہو جائیں گے۔ نئی پود کو ہر میدان میں لیڈ کرنے کی ضرورت ہے جس کی صلاحیت ہمارے جوانوں میں بدرجہ اتم موجود ہے۔میچ میں آمد پر انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے وزیر زراعت کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(سکردو)صوبائی وزیر زراعت و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے مڈل سکول رزسنا کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹی کی طرف سے اس سکول کا قیام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا سکول کی منظوری اور تعمیر نو کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیر زراعت گلگت بلتستان نے کہا کہ تعلیمی بیداری کا سلسلہ پورے علاقے میں شروع ہوا ہے جو کہ انتہائی نیک شگون اور روشن مستقبل کا ضامن ہے۔ انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکبادی دی۔ منسٹر ایگریکلچر نے طلبا اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) صدر مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ ڈاکٹر سید یاسر عباس سبزواری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سابق صدر ایم ڈبلیوایم آزاد جموں کشمیر اور داعی اتحادبین المسلمین علامہ سید تصور حسین جوادی پر حملے میں ملوث تکفیری دہشت گردوں کی گرفتاری قابل ستائش اقدام ہے لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ ان دہشت گردوں کو کیفر کردار تک بھی پہنچایا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین ریاست آزادجموں وکشمیر کے صدر علامہ سید یاسر عباس سبزواری نے کہا کہ علامہ تصورحسین جوادی کو 2017 میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس ظالمانہ حملے میں انکی اہلیہ محترمہ بھی زخمی ہوئی تھیں، عوام میں ابھی تک غم وغصہ باقی تھا کہ ابھی تک قاتل گرفتار نہیں ہوئے لیکن دہشت گردوں کی گرفتاری کی خبر سن کر اب امید پیدا ہوئی کہ ان قاتلوں کو کیفر کردار تک بھی پہنچایا جائے گا تاکہ کوئی دوبارہ اس طرح کے ظالمانہ اور وحشیانہ اقدام کی جرائت نہ کر سکے، ہم انتظامیہ سے پرزو مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد ازجلد ان دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائےتاکہ انصاف کےتقاضےپورے ہو سکیں۔
وحدت نیوز(کشمور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع کشمور کے ضلع صدر میر فائق علی خان جکھرانی کی رہائش گاہ پر مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت ضلع کشمور میں جاری اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے خلاف سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے اختتام پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر غلام مصطفیٰ میرانی امیر جماعت اسلامی ضلع کشمور ، دلمراد ڈاھانی صدر سندہ یونائیٹڈ پارٹی ضلع کشمور ، اکرم خان باجکانی صدر سندہ ترقی پسند پارٹی ضلع کشمور ، عبدالعزیز سومرو جنرل سیکریٹری پاکستان تحریک انصاف ضلع کشمور ، سجاد احمد بروہی صدر قومی عوامی تحریک ضلع کشمور ، بشیر احمد میرانی ڈویژنل صدر پاک سرزمین پارٹی میزبان ایم ڈبلیو ایم کے ضلع صدر سردار زادہ میر فائق علی خان جکھرانی و دیگر رہنماؤں نے ضلع کشمور میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آئے روز اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کے سبب ضلع کشمور کے عوام خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ یہ بات کتنی شرمناک ہے کہ پولیس تاوان کی رقم ادا کرکے ڈیل کے تحت مغوی بازیاب کرا رہی ہے۔ کشمور ضلع وانا اور وزیرستان کا منظر پیش کر رہا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز ڈاکوؤں کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں۔ سپریم کورٹ معصوم بچوں کے اغواء اور ظلم و تشدد کا از خود نوٹس لے۔
وحدت نیوز(لاہور) پاکستان کی معروف علمی سماجی شخصیت جناب آغا سید امیر علی شاہ نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کےمشیر رائے سیاسی امور سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کےمعاون خصوصی برائے سیاسی اموربننے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں ملت کو درپیش مشکلات اور ان کے حل کے متعلق گفتگو کی گئی ۔
خصوصی مشیر برائے سیاسی اموروزیر اعلیٰ پنجاب نے نے یقین دلایا کہ میری پہلی ترجیحی ملک اور ملت کی خدمت ہے ۔ جہان تک ممکن ہوا آپ بزرگان کے تعاون اور مشاورت سے حکومت وقت کو بروقت آگاہ کرتا رہوں گا ۔ اور ان مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے ایک دقیقہ فروگزاشت نہیں کروں گا ۔
وفد کے معزز ارکین نے سید اسد عباس نقوی کےلئے دعا کی اللہ تعالیٰ آپکو مزید ملت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ مشیر خصوصی برائے سیاسی امور وزیر اعلیٰ پنجاب نےآغا سید امیر علی شاہ اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا ۔
اس ملاقات پاکستان کی معروف بزرگ شخصیت پیر سید نوبہار علی شاہ، لاہور شہر کے بزرگ آستانہ گلشن زہراء بھیکے والے موڑ کے متولی جناب سیٹھ ظفر عباس،برادر سید حسن رضا کاظمی صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب بھی موجود تھے۔یہ ملاقات معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب کے آفس واقع ایوان وزیر اعلی پنجاب لاہور میں ہوئی جو ایک گھنٹہ تک جاری رہی ۔