The Latest

وحدت نیوز(جیکب آباد)آئی ایس او پاکستان جیکب آباد یونٹ کے زیر اہتمام نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عشرہ تکریم شہداء کے موقع پر ان شہدائے اسلام کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جنہوں نے اپنے مقدس لہو سے دین خدا کی آبیاری کی۔ وہ عظیم شہداء جنہوں نے حرم اہل بیت علیہم السلام کی حفاظت کے لئے جام شہادت نوش کیا ہم ان کے احسان کو کبھی نہیں بھلا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے محسن ہیں اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کے شہداء جو سرزمین وطن پر قربان ہوئے ہم ان کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عشرہ تکریم شہداء کے موقع پر عالم اسلام کی مایہ ناز شخصیات شہید اسلام آیت اللہ شہید باقر النمر شہید سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس شہدائے کوئٹہ و دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں ایک مرتبہ پھر دھشت گردی کا کھیل شروع ہو چکا ہے دھشت گرد گروہوں کے درمیان انضمام کی خبریں شرمناک ہیں ملک بھر میں کالعدم تکفیری گروہوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے جس کے باعث نہتے عوام کی زندگی خطرے میں ہے دھشتگردوں کا اسلام آباد پہنچ جانا ریاستی اداروں کی کارکردگی بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہے۔

وحدت نیوز(قم) ایم ڈبلیوایم کے سیکرٹری امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سيد شفقت حسین شیرازی کی طرف سے نور الھدی ٹرسٹ کے چیئرمین اور ایم ڈبلیو ایم کے علماء ونگ مجلس علماء شیعہ کے صدر علامہ سيد حسنین عباس گردیزی کے اعزاز میں ظہرانہ،دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں قومی، ملی اور تبلیغی امور پر تبادلہ خیال، مجلس علمائے امامیہ اور مجلس علمائے شیعہ کی ضرورت و اہمیت اور مشترکات پر بات چیت، پاکستان میں علمائے کرام کی خدمات اور مسائل کا جائزہ اور آئندہ کیلئے نیک خواہشات اور بعض اہم نکات پر توجہ مرکوز کرنےکےحوالے سے گفتگو ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق قم المقدس ایران میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری امورِ خارجہ اور مجلس علمائے امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے نورالھدیٰ ٹرسٹ پاکستان کے چئیرمین اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے علماء ونگ مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے صدر علامہ حسنین عباس گردیزی کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر میزبان شخصیت کی طرف سے موسسہ باقرالعلوم اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی کابینہ کے اراکین بھی مدعو تھے۔

 حاضرین نے اس نشست میں جہاں ماضی کےتنظیمی تجربات اور پاکستان کے حالات کے حوالےسے بات چیت کی وہیں علامہ ڈاکٹر سيد شفقت حسین شیرازی نے بین الاقوامی ادارہ الباقر کے مختلف ذیلی اداروں حوزہ علمیہ امام محمد باقر ع دمشق، موسسہ باقر العلوم قم، الباقر مرکز مطالعات و تحقیقات اسلام آباد، باقر العلوم فلاحی و تعلیمی سوسائٹی پنجاب اور شعبہ تبلیغات "مجلس علمائے امامیہ پاکستان" کا بھی مفصّل تعارف کرایا۔ مہمان شخصیت نے جہاں مذکورہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا وہیں مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے اہداف اور پالیسیوں پر بھی بات کی نیز مبلغین کے حوالے سے مزید کام کرنے کی ضرورت و اہمیت کو بیان کیا۔ حاضرین نے بھی گفتگو میں بھرپور حصّہ لیا۔

 یاد رہے کہ علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی اور علامہ حسنین عباس گردیزی کا باہمی تنظیمی رشتہ بہت قدیمی ہے۔ دونوں شخصیات شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے دور میں اپنے زمانہ طالب علمی میں ایک ہی ڈویژن میں آئی ایس او کے فعال رکن رہے۔ یاد رہےعلامہ حسنین عباس گردیزی ان دنوں سفرِ زیارات پر ایران میں ہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مرکزی کردا ر سازی کونسل، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی دعوت پر 30 دسمبر 2022ء بروز جمعہ 9 بجے شب ایک اہم آن لائن میٹنگ کا اہتمام کیا گیاتھا ۔جس میں تمام صوبائی صدور ، ڈویژنل صدور ،صوبائی سیکریٹری تربیت کو مدعو کیا گیا تھا ۔اس آن لائن میٹنگ میں علامہ سید احمد اقبال رضوی وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان ، برادر سید اسد عباس نقوی مرکزی سیکرٹری سیاسیات ، برادرسلیم صدیقی مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔

میٹنگ میں صوبہ سندھ اور صوبہ ریاست آزاد کشمیر کے صوبائی صدور کے علاوہ تمام صوبوں کے صوبائی صدور نے شرکت فرمائی ۔ مرکزی کردار سازی کونسل کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ مرکزی کردار سازی کونسل قم کے اراکین بھی اس اہم آن لائن نشست میں شریک ہوئے ۔ میٹنگ میں کئی ایک فیصلے کیے گئے ۔

سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنظیمی افراد کی تربیت کے لئے اسٹڈی سرکل(حلقہ مطالعہ) کی روش بہت اچھی متعارف کرائی گئی ہے ۔ اس روش سے نہ صرف افراد کی تربیت ہوگی بلکہ تنظیم میں کام کرنے اورتنظیمی اقدارکو سمجھنے مدد ملے گی ۔ تمام شرکاء میٹنگ نے اس روش(اسٹڈی سرکل ) کو بہت سراہااور کہا کہ یہ سلسلہ اب جاری رہنا چاہیے ۔ ہر 15 روز بعد تنظیمی افراد کو ایک بہترین موقع ملتا ہے کہ مل بیٹھیں اور اسٹڈی سرکل کے علاوہ کئی امور پر بھی گفتگو ہوجاتی ہے اور اضلاع اور یونٹس کو فعال رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی نے آن لائن میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج یہ پہلی آن لائن نشست ہے ۔ میں تمام شرکاء کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے کردار سازی اور تربیتی امور کو اہمیت دی اور وقت نکال کر آج مل بیٹھے ہیں ۔ہم نے یہ سلسلہ باقاعدہ شوری عالی کی منظوری سے شروع کیا ہے ۔ ابھی تک باقاعدہ دو اسٹڈی سرکل پورے ملک مین منعقد ہوچکے ہیں۔اب ہم یکم جنوری2023ء کو تیسری نشست کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان شاءاللہ یہ سلسلہ جاری وساری رہے گا ۔ ابھی تک ہم آیۃ اللہ العظمیٰ شہید سیدمحمد باقرالصدر کی شہرہ آفاق کتاب آزمائش کااسٹڈی سرکل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ البتہ یہ کتاب ممکن ہے چوتھے جلسے میں مکمل ہوجائے ، تو ہمارے پاس اسٹڈی سرکل کے 7 مراحل (منازل) ہیں جنہیں ہم نے اجراء کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مراحل میں رہبر معظم کی کتاب استفتئات ، مجلس وحدت مسلمین کا دستور ، آیۃ اللہ شہید عبدالحسین دستغیب کی کتاب گناہان کبیرہ ، سیرت معصومین ؑ ، اور دیگر کتب بھی اگلے مراحل میں شامل کی گئی ہیں جو مرحلہ وار ان کتب کی سوفٹ کاپی( پی ڈی ایف )کی صورت میں آپ کو ارسال کردی جائے گی ۔ آپ تمام تنظیمی برادران کی خصوصی کاوشیں اس پروگرام کی کامیابی کے لیے بہت ضروری ہیں ۔ جب سے ہم نے یہ سلسلہ شروع کیا 4دسمبرکو پورے ملک میں پہلا اسٹڈی سرکل منعقد ہوا ۔18 دسمبردوسرا اسٹڈی سرکل منعقد ہوا ۔ ان شاءاللہ اس کام میں بہتری آ رہی ہے ۔ آپ علماء کرام اور باتجربہ دوستوں کے تعاون سے یہ سلسلہ بڑھ سکتا ہے ۔ ہماری خواہران نے بھی اس معاملے میں سنجیدگی دیکھائی اور کئی جگہوں پر انہوں نے اسٹڈی سرکل کی یہ نشستیں منعقد کی ۔

میری تمام علماء کرام ، صوبائی صدور ،ڈویژنل صدور اور صوبائی سیکرٹری تربیت سے گزارش ہے کہ اسٹڈی سرکل کی نشستوں کو سنجیدہ لیں اور اجراء کرنے میں اپنا بھرپور کرادارادا کریں ۔ اسٹڈی سرکل ہی سب سے مختصر اور بہتر روش ہے ایک اس تنظیمی کارکن کے لئے جو آج کے مصروف دور میں اپنی تربیت کے ساتھ ساتھ معاشرہ سازی میں اپنا مثبت کردار پیش کرسکتا ہے ۔جو برادران اس نشست میں شریک نہ ہوسکے ان سے گزارش کی گئی کہ تربیتی امور تمام تنظیمی کاموں سے اہم ہیں جس کو اہمیت دیتے ہوئے تمام برادران کو اس طرح کی میٹنگز میں شریک ہونا چاہئیے یہ الھی اور تنظیمی فریضہ ہے، اس طرح کی نشستیں آئندہ بھی ہوتی رہیں گی ان شاءاللہ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے شہدائے راہ وحدت کراچی شہید صفدرعباس ، شہید عبدالعلیم ہزارہ اور شہید علی شاہ موسوی کی نویں برسی اور شہید ِ بیداری ِ ملت عسکری رضا کی گیارہویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں شہر قائد پر مسلط فاشزم اور تکفیریت کےمقابل شہدائے ملت جعفریہ کراچی کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہدائے کراچی نے اپنے پاکیزہ خون سے خوف کے بت کو توڑڈالا تھا۔ ان عظیم شہداء کی لازوال قربانیاں ملت تشیع کے لیئے جرائت، استقامت اور بیداری کے حصول کا ذریعہ بنیں ۔ شہرقائد میں مکتب تشیع کے عظیم فرزندوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے وطن عزیز کی سلامتی واستحکام کی راہ میں پیش کیئے لیکن ہم نے کبھی ریاست کے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا ، شہیدعسکری رضا، شہید استاد سبط جعفر، شہید آغا آفتاب جعفری ،شہید علامہ دیدارجلبانی اور سینکڑوں شہداءکی لازوال قربانیاں ہمارے لیئے مشعل راہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین شہداء کے مقدس پیغام کی وارث اور امین جماعت ہے، ہماری جماعت ایک مسلک کی نمائندگی ضرور کرتی ہےلیکن ہماری جدوجہد کا محور کبھی فرقہ وارانہ سیاست نہیں رہی ۔ ہم نے اپنے قائد شہید کی فکر و فلسفے کی روشنی میں ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت کی چاہے وہ کافر ہی کیوں نہ ہو اور ہر ظالم کی مخالفت کی خواہ وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم وطن عزیز پاکستان میں عادلانہ نظام حکومت کے نفاذ اور بیرونی مداخلت اور غلامی سے نجات کی جدوجہد اپنے خون کےآخری قطرے تک جاری رکھیں گے، یہ شہادتیں ہمارا ورثہ ہیں جو کربلا سے ہمیں ملا ہے،ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے نجیب و کریم شہداءکی راہ کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور خود بھی اسی راہ پر چلتے ہوئے اپنی جانیں جان آفریں کے سپرد کریں گے۔ ایم ڈبلیوایم سال گذشتہ کی طرح اس سال بھی یکم تا 10 جنوری شہدائے راہ ولایت واستقامت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھرمیں عشرہ تکریم شہداءعقیدت واحترام کے ساتھ منائے گی، ملک بھر میں مجالس عزا، کانفرنسز، سیمینارز، دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جائےگا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع شیخوپورہ کے رہنما اور جماعت کے بانی رکن مولانا غلام عباس جعفری (مرید کے) قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے ہیں۔مرحوم کی رحلت پر ایم ڈبلیوایم کے قائدین نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔

چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بانی رُکن مولانا غلام عباس جعفری کے انتقال پُر ملال پردِلی افسوس ہوا، ان کے انتقال پر خانوادگان کوتعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں ، مرحوم انتہائی بااخلاق اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے، دین ومکتب کی خدمت کے حوالے سے انتھک آدمی تھے۔

وائس چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ سید احمداقبال رضوی نے کہا کہ مولانا غلام عباس جعفری بانی رُکن مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے انتقال پر پسماندگان کوتعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں، خداوند متعال بحقِ چہاردہ معصومین علیہم السلام مرحوم کو جوارِ آئمہ علیہم السلام میں جگہ عنایت کرے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔الہی آمین

مرحوم کے انتقال پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما ناصرشیرازی، اسدعباس نقوی، علامہ اعجازبہشتی، ملک اقرار حسین، علامہ باقرعباس زیدی سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے بھی رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری سے انکے شوہر ڈاکٹر تابش حاضر مزاری مرحوم کے انتقال پر اظہار تعزیت کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے معروف صحافی و بیورو چیف بول نیوز اسلام آباد صدیق جان سے بھی انکے آفس میں ملاقات کی اور انکی والدہ مرحومہ کی وفات پر اظہار افسوس اور مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کے حالات دن بدن خراب کئے جا رہے ہیں، مسلط کی گئی حکومت نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور ملک کو آئی ایم ایف کے آگے گروی رکھ دیا ہے۔ بےروزگاری مہنگائی سے عوام بے حال ہو چکی ہے، دشمن ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لئے دہشت گردی کے عفریت کو سیاسی لوگوں کے خلاف استعمال کر سکتا ہے، جیسا کہ بے نظیر کے خلاف کیا گیا اور ایک دہشت گردی کی کاروائی کہہ کر واقعے پر مٹی ڈال دی گئی، ملک کی مقبول سیاسی لیڈر شپ کے خلاف خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں، لوگوں نے سانحہ مشرقی پاکستان سے کچھ نہیں سیکھا۔

انہوں نےکہا کہ اس وقت پاکستانی عوام کا شعور اور سیاسی بصیرت نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے عوامی امنگوں کے برخلاف کوئی بھی اقدام ملک کو بد امنی کی طرف دھکیل دے گا۔ عوام کسی غیر ملکی تسلط کو قبول نہیں کرے گی حکمران اپنے غیر ملکی آقاؤں کی ایماء پر پاکستان کی سالمیت کے لئے خطرہ بن چکے ہیں ہم دنیا میں کسی سے جنگ نہیں چاہتے لیکن امریکہ اور اس کے حواری پاکستان سے دشمنی کرتے ہیں ۔ مستحکم ،پرامن اورترقی کرتا ہوا پاکستان امریکہ کو ہضم نہیں ہوتا پاکستان کے دشمن درحقیقت جنوبی ایشیا کے امن کے دشمن ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیرانسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے انکے شوہر ڈاکٹر تابش حاضر مزاری مرحوم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

ڈاکٹر شیریں مزاری نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور وفد کا شکریہ ادا کیااور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ملکی مسائل سے متعلق خدشات اور سیاسی صورتحال پر ان کی رائے کو عوامی امنگوں کے مطابق قرار دیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما مظاہرشگری، ارشاد بنگش ، شجاعت علی بلتی ودیگر بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےوفد کے ہمراہ معروف صحافی بیوروچیف بول نیوز اسلام آباد صدیق جان سے ان کی والدہ مرحومہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کےصبر کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔

صدیق جان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا آمد پر شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما مظاہرشگری، ارشاد بنگش ، شجاعت علی بلتی ودیگر بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان و رکن گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد علی نوری اور دیگر اراکین کونسل نے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔

اس ملاقات میں گندم ایشو،ترقیاتی فنڈز کا فوری اجراء اور دیگر ایشو پر تبادلہ خیال ہوا،اس موقع پر وفاقی مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے وزیر اعظم پاکستان سے فوری مل کر گندم کوٹے کی جلد بحالی اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان و رکن کونسل شیخ احمد علی نوری اور دیگر اراکین کونسل نے چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی گلگت بلتستان محمد ایوب شاہ کی قیادت میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں گلگت بلتستان میں جاری گندم بحران اور دیگر مسائل زیر غور آئے، اس موقع پر اراکین کونسل اور گورنر گلگت بلتستان نے وزیر اعظم سے ملاقات میں گلگت بلتستان کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوشش کی جائے گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree