The Latest
وحدت نیوز(ہنگو) مجلس وحدت مسلمین ضلع ھنگو کے انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہوگئےجس کے نتیجہ میں مولانا شیر افضل عسکری صاحب تین سال کے لئے ضلع ھنگو کے صدر منتخب ہوئے ۔اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر مولانا ارشاد علی ،صوبائی رھنما مولانا نذر علی روحانی ،مولانا ریاض علی صادقی،مولانا تطھیر حسین مجلسِ علماء شیعہ ضلع ھنگو کے جنرل سیکرٹری مولانا ھدایت حسین مجلسِ علماء شیعہ کے رھنما مولانا نورشاد علی سابقہ ضلعی سیکرٹری جنرل اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اورملک وقوم کی سلامتی اور استحکام کی دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان کے نامور ٹی وی اینکر پرسن امیر عباس کی اہلیہ اینکر پرسن مشعال بخاری کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہونےکے باعث خالق حقیقی سے جاملیں، مرحومہ کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےدلی افسوس اور تعزیت کااظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے دو برس کینسر جیسے مہلک مرض کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، شریک حیات کا داغ مفارقت برادر عزیز امیر عباس کیلئے انتہائی کرب و اذیت کا موقع ہے، ایسے لمحے شہدائے کربلاؑ کا غم ہی بہترین مرہم ہے جو ان کے زخموں کا مداوا کرسکتا ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ خدا وند متعال مرحومہ کے گناہان کبیرہ و صغیرہ کو معاف فرمائے انہیں جنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمائے ۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیر اہتمام پاکستان اور عالم اسلام کے عظیم شہدا کو خراچ تحسین پیش کیا گیا، اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کی گئیں۔ تقریب سے ضلعی صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے خطاب کرتے ہوئے عظیم شہدا ولایت و مقاومت کو خراج تحسین پیش کیا اور مدافعین حرم و شہدائے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ مقررین نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ عارف حسین الحسینی، قاسم سلیمانی، ابو مہدی المہندس و دیگر کی عظمت کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہید شہادت کے بعد اپنی قوم پر دور رس اثرات مرتب کرتا ہے۔ شہید قوم کی غیرت کا نشان ہوتا ہے اور لہو دے کر انسانیت کو زندہ کرتا ہے.
انہوں نے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرم نے اپنی گزشتہ تقریروں میں کیا کہ ہم نے 7ہزار رب ڈالر اس ریجن کے حالات خراب کر دیئے ہیں مگر یہاں ہمیں شکست ہوئی جس کی بڑی وجہ خطہ میں موجود عالم اسلام کے ہیروز ہیں، انہوں نے کہا شہد قاسم سلیمانی امت مسلمہ کے ہیرو ہیں آج یہاں یاد کیے جانے والے شہدا میں حاج قاسم سلیمانی اور ان کے رفقا کی شہادتیں خصوصی پیغام رکھتی ہیں، جنھوں نے شیطان بزرگ امریکا، اسرائیل اور اس کے سامراجی اتحادیوں کی ناک میں تادم مرگ نکیل ڈال کر رکھی۔ اس موقع پر شہدائے پاکستان کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں بزرگ عالم دین جامعہ جعفریہ کے سابق پرنسپل علامہ شیخ حسین علی رفیعی کی وفات پر ان کے فرزند انجینئر حاجی جواد رفیعی سے تعزیت کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے شوریٰ عالی کے رکن اور سابق صوبائی وزیر قانون آغا سید محمد رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایک باکردار عالم دین معاشرے کی اصلاح کا سبب ہے۔
جبکہ عالم ربانی کی وفات سے قومی سانحہ ہوتا ہے۔ حدیث پاک میں ہے کہ جب ایک فقیہ عالم کی وفات ہوتی ہے تو اسلام میں ایسا شگاف پڑتا ہے۔ جسے کوئی چیز نہیں بھر سکتی۔ اس موقع پر سید اسد عباس نقوی نے علامہ شیخ حسین علی رفیعی کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین امام جمعہ کوئٹہ علامہ غلام حسنین وجدانی کی بلا جواز گرفتاری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کے سلسلے میں ہونے والے اقدامات پر مشاورت کی گئی۔
وحدت نیوز (پشاور) اسلام آباد میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور پاراچنار میں تحصیل چئیرمین جناب مزمل حسین فصیح کی حکومتی بےحسی کے خلاف پریس کانفرنس نے خیبرپختونخواہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے پر مجبورکردیا۔مجلس وحدت مسلمین کے پی کے اور تحریک انصاف کے پی حکومت کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔
ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری , مرکزی راہنما علامہ سید عبدالحسین الحسینی، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر ساجدی کی بیرسٹر محمد علی سیف صوبائی وزیر اطلاعات و مشیر خاص وزیر اعلیٰ کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے ۔
مذاکرات میں صوبے بھر کے مسائل پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر وجنرل سیکریٹری نے واضح کر دیا کہ پاراچنار ، ہنگو ،کوہاٹ، ڈی آئی خان، پشاور اور ہزارہ ڈویژن کے مسائل حل کئے بغیر پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا مشکل ہوگیا ہے ۔
وفد نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم کے منتخب تحصیل میئر کے فنڈز روک کر صوبائی حکومت نے اہلیان کرم پر ظلم وزیادتی کی ہے، کوٹلی امام حسینؑ کی اراضی پر قبضے کا معاملہ بھی تاحال حل نہیں کیا گیا،ہم پہلے اپنی کمیونٹی کے مسائل کا حل چاہتے ہیں اس کے بعداتحاد پر بات آگے بڑھےگی ۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد کی جانب سے تحفظات اور شکایات سننے کے بعد بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ میں ایک ہفتے کی مہلت دیں میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمودخان تک آپ کے تمام مطالبات پہنچاکر تفصیلی بات کرکے آپ سے دوبارہ رابطہ قائم کروں گا۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے نائب صدر علامہ ارشاد علی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملت جعفریہ کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، ہنگو میں عوامی فلاح و بہبود کے اہم اداروں کو معتصابہ رویئے کے تحت ہمارے ایریا سے دور دارز علاقوں میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ ایک مخصوص مکتب فکر کو ہر لحاظ سے دیوار سے لگایا گیا، جن علاقوں میں طالبان قابض ہوئے تھے وہاں کے لوگوں کو بے دخل کر کے گھروں کو مسمار کیا تھا وہاں حکومت نے ان مکینوں کو آباد کر کے نئے گھر بنائے۔ مگر ہمارے صرف ایک علاقہ شاہوخیل کے مکین آج بھی مسمار گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ صف اول میں کھڑے ہونے کے باوجود کوہاٹ، پاراچنار، ڈی آئی خان سمیت تمام اضلاع میں مسائل جوں کے توں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی سے ملاقات کے علاوہ مرکزی قائدین سے فون کرانے کے باوجود صوبائی حکومت جان بوجھ کر ہمارے مسائل حل نہیں کررہی ہے جس سے یہ واضح تاثر ملتا ہے کہ صوبائی حکومت کسی کی ایماء پر ہمارے مطالبات ماننے کو تیار نہیں ہے لہذا ہم بھی صوبائی حکومت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جب تک ہمارے بنیادی حقوق ہمیں فراہم نہیں کئے جاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ ہمارے ساتھ دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی رابطے کررہے ہیں ان پر بھی غور و فکر جاری ہے۔ علامہ ارشاد علی نے کہا کہ جو بھی عمران خان کے ویژن کو اگر نقصان پہنچا رہے ہیں تو پی ٹی آئی کے چیئرمین کو بھی چاہیئے کہ انکے خلاف ایکشن لیں اور پارٹی کو پہنچنے والے نقصان سے روکیں۔ عمران خان کو جو نقصان بیرونی دشمن نہیں پہنچا سکے وہ نقصان اندر والے اپنے پہنچارہے ہیں۔
وحدت نیوز (لاہور) غلامی سے انکار، آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری ہماری پاک سرزمین پر غیر ملکی فوجی اڈوں کی مخالفت، پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہی ہونگے، یہ پاکستان کی عوام کا بیانیہ، ہمارا بیانیہ ہے اور پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے جو دین اسلام کا حکم بھی ہے، ہم اس بیانیے پر آخری سانس تک ثابت قدم رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ہمارے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا ہے جو وعدے کیئے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ قرآن بورڈ اور امن کمیٹیوں میں نظر انداز کیا گیا اور عزاداری کے جلوسوں پر کاٹی گئی ایف آئی آرز بھی خارج نہیں کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے پاس صوبائی اسمبلی کا ووٹ عمران خان کی امانت ہے وہ جہاں کہیں گے ہم دے دیں گے کسی کے کال کرنے سے نہیں اور نہ ہی ہمیں کوئی کال کرنے کی جرآت کر سکتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہمارے تحفظات کو سنا ہے اور درست قرار دیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ بہت جلد مجلس وحدت مسلمین کوپنجاب اور خیبرپختونخواہ میں درپیش مسائل کو حل کر دیا جائے گا۔
واضح ریے کہ اس ملاقات میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا ، ایم ڈبلیوایم کے رہنما سید ناصرعباس شیرازی ، اسدعباس نقوی اور دیگر بھی موجود تھے، ایم ڈبلیوایم نے عمران خان کی یقین دہانی کے بعد ووٹ ان کے کہنے پر پرویز الہیٰ کو دینے کا یقین دلایا دیا ہے ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے رہنماؤں کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارے تحفظات چوہدری پرویز الٰہی کی طرز حکومت پر ہیں ابھی تو کمزور حیثیت میں پرویز الٰہی یہ سب کچھ کر رہے ہیں اگر پاورفل ہو جاتے ہیں تو پھر کیا ہوگا، ہم عمران خان کے پاس جا کر استعفیٰ تو دے سکتے ہیں لیکن کسی کا پریشر ڈالنا برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی ہمیں کوئی دباؤ میں لانے کا سوچے۔
انہوں نے کہا کہ بلتستان کے عوام کا سب سے بڑا مطالبہ ہے کہ پہلے نمائندگی دی جائے پھر ٹیکسز ادا کریں گے وفاقی حکومت کی طرف سے جی بی کے فنڈز میں کٹوتی، گندم کی فراہمی اور سبسڈی میں کمی کرنا، خالصہ سرکار کے نام پر عوام کی زمینیں ہتھیانہ انتہائی افسوس ناک اور غیر منصفانہ عمل ہے ایسے اقدامات سے قومیں جڑتی نہیں تقسیم ہوتی ہیں۔ ہم عوامی زمینیوں کو جبری چھینے کی مزمت کرتے ہیں فیڈرل گورنمنٹ نے بیس ارب کے فنڈز روک رکھے ہیں اور عوام کو اشتعال دلاکر اس طرف لے جایا جا رہا ہے جو کہ خطرناک ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ دنوں سے منفی درجہ حرارت میں احتجاجی دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں عوام سات دہائیوں سے چیخ رہے ہیں کہ ہمیں پاکستان کا آئینی حصہ بنایا جائے عوامی حقوق کے لئے دئیے جانے والے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں ہم نے اپنے صوبائی اسمبلی کے ممبران کو ان مسائل کے حل کے لئے خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں گلگت بلتستان کے معاملات اور حالات دیکھ رہے ہیں جلد فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کرم ایجنسی میں انتخابات جیتے ہیں آج تک صوبائی حکومت نے کرم ایجنسی کے چیئرمین کو فنڈز جاری نہیں کیئے، کرم کی عوام کی ترقی کے عمل کا روکا جانا کسی صورت قبول نہیں ہے، ہمارا خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ سے بھی شکوہ ہے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ وہ ہمارے معاملات درست کرنے کے لیے جلد عملی اقدامات اٹھائیں گے۔