The Latest

وحدت نیوز(بولان)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان ضلع بولان کی شوری کا اجلاس مرکزی امام بارگاہ ڈھاڈر میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ ظفرعباس شمسی نے کی ۔جبکہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی اور مجلس علمائے شیعہ بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ ذوالفقارعلی سعیدی نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر اکثریت رائے سے سید انورعلی شاہ دوپاسی کو ضلع بولان کا ضلعی صدر منتخب کیا گیا۔

وحدت نیوز (سکردو) صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی کی صدارت میں مجلس وحدت مسلمین ضلع کھرمنگ کے ضلعی تنظیمی کنونشن کا انعقاد سادات گوہری میں ہوا۔ کنونشن میں ضلع کھرمنگ کے سابق سربراہ شیخ اکبر علی رجائی نے ٹینیور مکمل ہونے پر کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ تقریب سے صوبائی صدر آغا علی رضوی سمیت صوبائی سکریٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق حکیمی، میر واعظ سادات گوھری، سید عباس کاظمی، سابق ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ یعقوب محمدی و دیگر نے خطاب کیا۔

کنونشن میں سابق ضلعی کابینہ ممبران سمیت کھرمنگ کے 12 یونٹوں کے عہدیداران اور زمہداران نے شرکت کی۔ تنظیمی ضوابط کے مطابق یونٹ نمایندوں اور سابق کابینہ ممبران کیطرفسے نئے ضلعی سربراہ کے انتخاب کیلئے متوقع امیدواروں پر مشاورت ہوئی جسکے نتیجے میں پارلیمانی سکریٹری شیخ اکبر علی رجائی کے ساتھ شیخ حسن محمدی اور شیخ یعقوب محمدی کا بطور امیدوار انتخاب ہوا۔

 الیکٹورل کالج کی ووٹنگ کے بعد شیخ اکبر علی رجائی اگلے ٹینور کیلئے ضلعی صدارت کے عہدے کیلئے منتخب ہوئے۔ نومنتخب ضلعی صدر سے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی نے انکے عہدے کا حلف اٹھایا۔ بعد ازاں کابینہ سازی کا عمل شروع ہوا اور ابتداء میں نومنتخب صدر نے شیخ حسن محمدی کو ضلعی جنرل سیکرٹری، شیخ یعقوب محمدی کو سینئیرنائب صدر جبکہ آغا مبارک کاظمی کو سینئیر نائب صدر کے طور پر نامزد کیا جن سے انکے عہدوں کا حلف لیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے صوبائی صدر آغا علی رضوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مقدس ہدف کیلئے میدان عمل میں سرگرم عمل ہے۔ ہم صرف سیاست نہیں بلکہ تعلیم و تربیت اور دیگر تمام سماجی معاملات میں اپنی شرعی وظیفہ پر عمل پیرا ہیں۔ نو منتخب ضلعی صدر ورکن جی بی اسمبلی شیخ اکبر رجائی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے نصب العین کیمطابق ہر ممکن عوامی جدو جہد کا عزم کرتا ہوں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) حسن عارف کو شجر طیبہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا نیا میر کاروان برائے سال 2022ء تا 2023 ء منتخب ہونے پر دل کی اتہا گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں امید ہے کہ نو منتخب مرکزی صدر اپنے پیش رو صدور کی طرح امامیہ طلباء کی رہنمائی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے برادر حسن عارف کو آئی ایس او پاکستان کا نیا مرکزی صدر منتخب ہونے پر اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔

 واضح رہے کہ حسن عارف کا انتخاب سالانہ مرکزی کنونشن کے آخری روز کیا گیا ان سے علامہ غلام عباس رئیسی نے حلف لیا،حسن عارف آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سینیئر نائب صدر اور لاہور ڈویژن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ حسن عارف کا تعلق خوشاب سے ہے اور وہ لاہور میں ایل ایل بی کے طالبعلم ہیں۔

وحدت نیوز(توسہ شریف )مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے رہنماوں نے صوبائی صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی کی سربراہی میں ضلع تونسہ کا تنظیمی دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے ایم ڈبلیو ایم ضلع تونسہ کے اجلاس میں شرکت کی۔

میڈیا سیل مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے مطابق صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید وسیم زیدی اور سیکرٹری تنظیم سازی سید دلاور زیدی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سہیل نسیم کو ضلعی آرگنائزر ایم ڈبلیو ایم تونسہ منتخب کرلیا گیا۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے صدر علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں عجب سیاسی صورتحال ہے، عالمی استعمار کی سازشوں کا مرکز بنا ہوا ہے، دشمن پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر نگاہیں جمائے ہوئے بیٹھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جیل موڑ یونٹ کے دورہ کے موقع پر اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔

 اس موقع پر ضلعی رہنما انجینئر سخاوت علی سیال اور یونٹ مسئولین موجود تھے۔ علامہ وسیم عباس معصومی نے کہا کہ پاکستانی قوم کسی بھی صورت میں امریکی غلامی کو برداشت نہیں کرے گی، ہمیں فخر ہے کہ امریکہ کے خلاف سب سے پہلے آواز ہمارے مکتب نے بلند کی، ہم اس ملک میں کسی بھی قسم کی غیرملکی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں، ہم اپنے ملک کو خودمختار اور آزاد دیکھنا چاہتے ہیں بدقسمتی سے ماضی میں اس ملک کے فیصلے واشنگٹن میں ہوتے رہے، حکمران ہمارے ہوتے ہیں لیکن ایجنڈا امریکہ کا یہاں چلتا ہے۔

وحدت نیوز(لیہ)ساجد حسین گشکوری کو مجلس وحدت مسلمین لیہ کا ضلعی آرگنائزر منتخب کرلیا گیا۔ میڈیا سیل مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے مطابق اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کی ضلعی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب علامہ سید اقتدار حسین نقوی اور صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید دلاور زیدی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم لیہ کے مسئولین نے بھی شرکت کی اور طے کیا گیا کہ ساجد حسین گشکوری کو مجلس وحدت مسلمین لیہ کے ضلعی آرگنائزر کی ذمہ داری سونپی جائے۔

وحدت نیوز(خیرپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی پہنچ کر سیلاب متاثرین کی خیمہ بستی کا دورہ کیا اور سیلابی پانی کی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم تحصیل کوٹ ڈیجی کے آرگنائزر سرفراز علی ملاح، ایم ڈبلیو ایم کے رابطہ سیکرٹری مہتاب حسین ذاکر حسین، محمد باقر انیل حسین و دیگر تنظیمی کارکن ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر متاثرین سیلاب سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک سو متاثر خاندانوں میں راشن اور امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مشکلات ابھی کم نہیں ہوئیں کیونکہ سردی کا موسم شروع ہوتے ہی گرے ہوئے مکانات میں رہنے والوں کو خیمے اور کمبل کی ضرورت ہے۔ لوگوں کی زراعت تباہ ہونے کے سبب انہیں آٹے اور راشن کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ عوام کو امداد کیوں نہیں ملی؟ اور آخر بلند و بالا دعووں کے باوجود حکومت متاثرین سیلاب کی مدد کرنے میں کیوں ناکام رہی؟ انہوں نے کہا کہ ضلع خیرپور کا تحصیل ہیڈکوارٹر کوٹ ڈیجی سیلاب کے باعث تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے مگر سندھ حکومت کی جانب سے اسے مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔ حکومت اور فلاحی ادارے متاثرین سیلاب کو گندم کے بیج اور کھاد کی فراہمی میں مدد کریں۔

وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کے دوران تعمیر وطن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پوری قوم امریکہ مخالف اور آزاد پاکستان بیانیہ کے تحت متحد ہوچکی ہے، ملت تشیع پاکستان کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مادر وطن استعماری قوتوں کے ناپاک شکنجے میں ہو اور ہم اس وطن کے باوفا بیٹے الگ تھلگ اور لاتعلق ہوکر بیٹھے رہیں یہ ہمارے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی تربیت نہیں ہے، پاکستان تاریخ کے نازک ترین دوراہے پر کھڑا ہے۔ یہی وقت ہے کہ جب ہمیں اپنی درست سمت کا تعین کرنا ہے۔

ملک کے 22 کروڑ عوام کی اکثریت نے بیرونی غلامی کے طوق کو اپنے پیروں سے اتار پھینکنے کا تہیہ کرلیا ہے، شیعیان حیدر کرارؑ اس ملک کا اہم حصہ ہیں جن کی تاریخ قربانیوں سے لبریز ہے، آئی ایس او نے پاکستان میں نا صرف نوجوانوں میں بلکہ قوم کے ہرفرد میں انقلاب اور وطن سے محبت کا جذبہ بیدار کیا ، شہداء کے مقدس لہو کی پاسبان تنظیم نے ہر دور میں سختیوں اور مشکلات کے باوجود وطن سے محبت کا راستہ ترک نہیں کیا ۔امید ہے کہ یہ کاروان اسی طرح تاظہور امام حجت ؑ رواں دواں رہے گا۔

وحدت نیوز(جعفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جعفر آباد کے سیلاب متاثرہ گاؤں اللہ آباد کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب میں راشن اور کمبل تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کی کشیدہ کاری اور سلائی کڑھائی کا کام کرنے والوں کی تعریف کی، جو سیلاب جیسی مصیبت کے دوران بھی سلائی کڑھائی کے کام میں مصروف رہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیلاب کی مشکلات کا ہمارے با ہمت لوگوں نے خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور ہماری خواتین نے گھر کے کام کاج کے ساتھ ساتھ سلائی کڑھائی پر توجہ دی جو کہ لائق صد تحسین عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کئی دردناک کہانیاں چھوڑ کر گیا۔ متاثرین سیلاب نے عزم و ہمت سے اس دردناک صورت حال کا مقابلہ کیا اور اب تعمیر نو کا آغاز کیا ہے۔ حکومت اور فلاحی ادارے متاثرین سیلاب کی بحالی کے عمل میں ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے علل و اسباب کا بھی جائزہ لے کہ آخر اتنی بڑی تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟

وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ٹیلیفونک رابطہ، عمران خان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی خیریت دریافت کی ، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کوحقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کچھ دیر قبل چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو ٹیلیفون کرکے ان کی احوال پرسی کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کے ساتھ انہیں داخلی خودمختاری ، آزاد خارجہ پالیسی ، یکساں نظام انصاف، اور استعماری قوتوں سے حقیقی آزادی کیلئے لاہور سے اسلام آباد تک نکالے گئے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

ذرائع کے مطابق علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے احوال پرسی پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وطن کے استحکام اور استقلال کی خاطر بیرونی طاقتوں کی غلامی سے نجات کا حصول ہمارے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی کی دیرینہ آرزو تھی ۔ ہم اپنے قائد کے افکار ونظریات کی پیروی کرتے ہوئے وطن عزیز میں بیرونی مداخلت اور عدم استحکام کا راستہ روکنے کی ہر کوشش کا ساتھ دیں گے ۔

 علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عمران خان کی جانب سے حقیقی آزادی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت کو قبول کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم آزاد خارجہ پالیسی ، داخلی خودمختاری اور ملک دشمن استعماری قوتوں کی غلامی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم حقیقی آزادی مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور انشاءاللہ بھرپور شرکت کریں گے ۔

واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو گرجانے کے سبب پاؤں میں چوٹ لگنے کی وجہ سے زخم آئے تھے آپ گذشتہ کئی روز سے علیل ہیں اور گھر ہی میں آرام فرما ہیں۔ عمران خان نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جانب سے لانگ مارچ میں شرکت کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree