The Latest
وحدت نیوز(سکھر)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین روہڑی یونٹ ضلع سکھر کے زیر اہتمام موسم گرما کی تعطیلات میں بچوں کے لیے سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اسلام شناسی اور امام زمانہ علیہ السلام کے عنوان سے منعقدہ تربیتی کیمپ میں محترمہ شبانہ بتول شاکری نے تدریس کے فرائض انجام دیے ۔ دس روزہ تربیتی ورکشاپ میں تجوید القرآن ، حفظ موضوعی آیات قرآن ، نماز اور اسلام شناسی کے موضوعات پر بچوں کو تعلیم دی گئی علاوہ ازیں بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا سمر کیمپ کے اختتامی دن بچوں سے امتحان لیا گیا محترمہ فرزانہ اظہر اور محترمہ عمرین رضا نے بچوں کی حوصلہ افزائ کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیر اہتمام الصادق امامبارگاہ اسلام آباد میں شہید صدر ایران ابراہیم رئیسی اور ان کے شہید رفقاء کی یاد میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا مجلس ترحیم میں شہر بھر سے خواتین نے بھرپور شرکت کی چئیرمین ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری ، مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم سید ناصر شیرازی ، پرنسپل جامعہ بعثت مولانا مہدی کاظمی ، عالمہ اہلسنت محترمہ آسیہ مدنی اور مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے مجلس ترحیم سے خطاب کیا ۔
مقررین نے شہیدِ خدمت ابراہیم رئیسی کی خدمات اور ان کی شخصیت پر روشنی ڈالی انہوں نے بیان کیا کہ شہید ابراہیم رئیسی اور شہید امیر حسین عبدالہیان نے فلسطین کے لیے سفیر کا کردار ادا کیا فلسطینی عورتوں اور بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کیا اور مظلومین کی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے ۔ مقرین نے شہداے اسلام کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔مجلس کے اختتام پر جناب علامہ راجا ناصر عباس جعفری صاحب نے شریکۃ الحسین سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کے مصائب بیان کیے ۔
وحدت نیوز(راولپنڈی)ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی جانب سے مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی کی زیر صدارت خانہ فرہنگ ایران راولپنڈی میں تحفظ عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں راولپنڈی اسلام آباد کی ذاکرات اور معلمات نے شرکت کی ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کلچرل کونسل ثقافتی قونصلیٹ جمہوری اسلامی ایران جناب مجید مشکی صاحب نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی قربانی کا مقصد لوگوں کو حیرت ، نادانی اور جہالت کی تاریکیوں سے نجات دینا تھا اگر ہم مکتب اہلبیت علیھم السلام میں اپنی جانب سے کسی چیز کی کمی بیشی کرتے ہیں تو بارگاہ الہی میں ہمارا مواخذہ ہوگا اور غلطی پر ہمیں سزا بھی بھگتنا ہوگی۔ منبر حسینی کی تمام تر محافل لوگوں کے ساتھ خدا کو جوڑنے کے لیے ہونی چاہییں انہوں نے مزید کہا ہمیں بہت خوشی ہوئ کہ ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی جانب سے منبر امام حسین علیہ السلام سے خطاب کرنے والوں کے لیے ایک بہترین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے اور ایسی کانفرنسز کا آغاز سال میں کئ بار ہونا چاہئے یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
رکن نگران کونسل ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ و پرنسپل جامعہ بعثت مولانا حسن مہدی کاظمی اور شرکاء کے درمیان سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں آقا حسن مہدی کاظمی نے ذاکرات و عالمات کو ان کےسوالات کے حوالے سے بہترین رہنمائ فراہم کی ۔
ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی سیکرٹری تحفظ عزاداری محترمہ فہیمہ زینب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ تمام اہل منبر کو یہاں جمع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم مل کر اپنا تزکیہ نفس کریں اور اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں جب تک ہم تزکیہ نفس نہیں کریں گے اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش نہیں کریں گے منبر امام حسین علیہ السلام کا حق ادا نہیں کر سکتے۔
کانفرنس کے اختتام پر مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے خطاب میں کہا کہ آپ تمام بہنوں کی تہہ دل سے مشکور ہوں جو ہماری دعوت پر یہاں تشریف لائیں تحفظ عزاداری کانفرنس کا مقصد آپ تمام معززین کو چند نکات کی طرف متوجہ کروانا ہے جو اس نفسا نفسی اور ڈیجیٹل دور میں ہم بھولتے جا رہے ہیں آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ مغرب کی یونیورسٹیز میں بیداری کی لہر دوڑ رہی ہے طلباء و طالبات فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم پر سراپا احتجاج ہیں دوسری جانب ہمارے جوان کا حال دیکھیں جن کے تعلیمی اداروں میں بے راہ روی اور فحاشی کو فروغ دیا جا رہا ہے یہ سب کیوں ہے ؟ اس لیے کہ ہم اپنے معاشرے میں پھیلنے والی برائیوں کو ختم کرنے کے لیے کوئی کردار پیش نہیں کر رہے یہ مجالس و عزاداری ہماری پہچان ہیں ، ہماری زندگی ہیں لیکن ان مجالس میں منبر حسینی سے جب تک دین کا پیغام نہیں پہنچایا جائے گا ،عزاداری کو با مقصد اور با ہدف نہیں بنایا جائے گا ہماری قوم تباہی کا شکار ہوتی رہے گی ۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کو بیدار اور دیندار بنانے کے لیے ہم اپنی مجالس عزا و دیگر محافل میں وہ گفتگو کریں جس سے ہمارا خدا اور آئمہ معصومین علیھم السلام ہم سے راضی ہوں ۔کانفرنس کے اختتام پر سینئر رہنما ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ نرگس سجاد نے شہداے اسلام کے بلندی درجات اور مظلومین فلسطین کے حق میں دعا کی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین علمدار روڈ کوئٹہ کی صدر باجی کنیز صاحبہ کے گھر کابینہ ممبرز کے عہدوں اور ذمہ داریوں اور دیگر ادائیگی فرائض کے متعلق ایک اہم میٹنگ منعقد ہوا ۔ جس میں محترم آغا ہادی شاہ نے کابینہ کی اراکین کو مجلس وحدت مسلمین کے منشور اور اصل اہداف و مقاصد کو از روئے حدیث اور روایات آئمہ طاہرین علیہیم السلام اور دین حق کے علمبرداروں کی حیات و ممات کو مد نظر رکھتے ہوئے اجاگر کیا ۔
نیز تمام کابینہ ممبرز کو ہر قسم کے شیطانی وسوسوں اور فتنہ آخر زمان سے متعلق اپنے ایمان کی حفاظت اور امور کی مخلصانہ انجام دہی کی نصیحت کی گئی۔ الحمداللہ میٹنگ کے اختتام پرضلعی صدر کے کابینہ کے افراد کا انتخاب ہوا، جنکو اگلی میٹنگ میں انکی صلاحیت کیمطابق زمہ داری سونپی جائیگی۔ انشاء اللہ
وحدت نیوز(اسلام آباد)امامبارگاہ امام جعفر صادق علیہ السلام اسلام آباد میں منعقدہ مجلس ترحیم بیاد شہدائے خدمت کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی جانب سے شہدائے خدمت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مصوری مقابلہ اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ، شہید ہم سے یہ کہ رہے ہیں لہو ہمارا بھلا نہ دینا اور شہادت تا ظہور مہدی عج کے عنوان پر بچوں نے مصوری مقابلے میں حصہ لیا جس میں پہلی تین بہترین تصاویر بنانے والے بچوں کو مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے انعامات دیے اس موقع پر مجلس ترحیم میں آنے والے شرکاء نے شہداء کی بلندی درجات کے لیے ایک صفحہ قرآن تلاوت کرکے ھدیہ کیا۔
علاوہ ازیں خواتین نے ایک جملہ برائے شہداء کی سرگرمی میں بھرپور حصہ لیا اور اپنے الفاظ میں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ محترمہ معصومہ نقوی نے ضلع راولپنڈی اور اسلام آباد کی مسئولین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے مرکز کی جانب سے منعقدہ ان پروگرامز میں اپنی بھرپور خدمات پیش کیں۔
وحدت نیوز(لاہور) لاہور 18جیٹھ (ہندی سال کے اعتبار سےروز عاشورا)کی مناسبت سے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ سید علی اکبر کاظمی لاہور واشنگ لائن امام بارگاہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا:علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ کربلاکی تاریخ کا مطالعہ کرنا ہے توآج ہمارے سامنے انقلاب اسلامی کی تحریک موجود ہے ۔ قربانیوں اور ایثار کی اعلیٰ مثالیں اس تحریک میں ملتی ہیں ۔ میں آج صرف دونقاط کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتاہوں ۔ 1۔حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی پرعزم، روشن خیال اور انقلابی قیادت میں انقلاب اسلامی ایران کی تحریک کربلا کی سیاسی تشریح کے نقطہ نظر سے متاثر ہوا تھا۔
انہوں حضرت امام حسین علیہ السلام کے بارے کئی مقامات پر اس سلسلے میں بات کی تھی۔ ان کی تقاریر کا ایک مجموعہ قیام عاشورا در کلام و پیام امام خمینیؒ کے عنوان سے مرتب اور شائع کیا گیا ہے، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تقریروں میں سے چند جملے پیش کرنا ضروری سمجھتا ہوں :جب حضرت سیدالشہداء (ع) مکہ مکرمہ پہنچے اور ان حالات میں جب وہ مکہ سے نکلے تو یہ ایک عظیم الشان سیاسی اقدام تھا۔حضرت امامؑ کی تمام حرکتیں سیاسی حرکتیں تھی مذہبی سیاسی (اسلامی سیاسی) حرکتیں؛ اور یہی مذہبی سیاسی حرکت تھی جس نے بنی امیہ کو ختم کر دیا اور اس تحریک کی وجہ سے اسلام کو کچل دیا جاتا۔دوسری جگہ امام خمینیؒ فرماتے ہیں:2۔حضرت سید الشہداء(ع) بھی حکومت سنبھالنے کے لیے آئے تھے۔
درحقیقت وہ اسی (مقصد) کے لیے آئے ہیں اور یہ ایک انسانی اعزاز ہے۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ حضرت سید الشہداء(ع) حکومت کرنے نہیں آئے تھے (غلطی میں ہیں)۔ نہیں،حضرت حکمرانی کے لیے آئے تھے کیونکہ حق حکمرانی حضرت سید الشہداء(ع) کے چاہنے والوں کے ہاتھ میں ہوناچاہیے، ان لوگوں کے ہاتھ میں جو حضرت امام عالی مقامؑ کے کے پیروکار ہیں ۔اگر آج ہم متفق ہوجائیں اور ولی فقیہ کی پیروی کرلیں توکامیاب ہوجائیں ۔ ہماری کامیابی کاراز ولی فقہیہ کی حکومت میں ہے ۔ اورولی فقہی کی حکومت کی کامیابی کاراز کربلا کی سیاسی تحریک سےمنسلک ہے۔ لہذاہمیں ایک جگہ پر اکٹھا ہونا پڑے گا ۔ تاکہ سیاسی طور پر مضبوط ہوجائیں ۔ والاساری زندگی دوسرے کے محتاج بن کر رہ جائیں گے ۔
وحدت نیوز(کراچی)شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤکیلئے مختلف مقامات کی طرح مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے انچولی بس اسٹاپ مین شاہراہ پاکستان پر بھی سبیل بنام امام حسینؑ کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹھنڈے شربت اور پانی سے مسافروں اور راہگیروں کو سیراب کیا گیا ،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی، نائب صدر علامہ مختاراحمد امامی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری ، ڈویژنل پولیٹیکل سیکریٹری علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ ملک غلام عباس، امتیاز عباس ودیگر رہنما بھی شہریوں کی خدمت کیلئے موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی کی قیادت میں مختلف قافلہ سالاروں کی انجمنوں پر مشتمل ایک وفد نے ایرانی سفیر آقای رضا امیری مقدم سے آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور انکے رفقا کے شہادت پر تعزیت کی۔اس موقع پر زائرین کے مسائل کم کرنے پرگفتگو کی گئی۔ زائرین کو اربعین کے موقع پر فری ویزہ ، ویزہ ٹائم میں توسیع ، انشورنس فیس ختم کرنے اور زائرین کے بسوں کے فیول مسائل بھی حل کرنے پر بات چیت کی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدرت مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس، جس میں ملکی سیاسی اور ملی امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان علامہ سید حسنین عباس گردیزی ، صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، رابطہ سکرٹری محسن شہریار اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی موجود تھے۔
وحدت نیوز(ڈی آئی خان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلعی کابینہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ہمراہ مختلف یونٹس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ضلعی صدر علامہ سید غضنفر علی نقوی ضلعی سیکرٹری فنانس مولانا سید حسنین ضلعی سیکرٹری روابط سید علی رضا و دیگر ہمراہ تھے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے رکنو اور نون محلہ میں نو منتخب یونٹ کابینہ سے حلف لیا اور مومنین کرام و تنظیمی کارکنوں سے خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آج پوری دنیا میں اھل حق باطل طاغوتی قوتوں کے خلاف صف آراء ہیں۔ حماس اور غزہ کے مظلوم عوام نے اپنے جہاد صبر و استقامت سے اسرائیل کو پوری دنیا میں ذلیل و رسواء کیا ہے۔
یونٹ کابینہ نون کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے یونٹ کابینہ میں جوانوں کی شمولیت کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی سمت متعین کرنے میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے انقلاب اسلامی سمیت دنیا بھر کی انقلابی تحریکوں میں نوجوانوں نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
آج یورپی ممالک کی یونیورسٹیز میں نوجوان اسرائیلی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی آقا خامنہ ائ دام ظلہ نے نوجوانوں کے نام جو خط تحریر کیا ہے وہ یورپ کے جوانوں کو صراط مستقیم کی طرف رہنمائی کا کام کرے گا۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے رکنو جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے تنظیمی کارکن مرحوم علی رضا اعوان کی وفات پر ان کے والد محترم و دیگر ورثاء سے تعزیت کی۔