The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری کسان اتحاد کے پر امن احتجاج اور مطالبات کی حمایت کرتے ہیں جن میں بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس کا خاتمہ ، ٹیوب ویل کے یونٹوں پر دی گئی سبسڈی کی بحالی ،کھادوں کی قیمتوں میں کمی، معیاری بیجوں کی فراہمی اور سستی کیڑے مار ادویات کا میسر ہونا شامل ہے فصل کی کاشت سے لے کر کٹائی تک اٹھنے والے بھاری اخراجات نے کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے کسان اتحاد کے مطالبات جائز اور حقیقت پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت جواب دے کہ آخر کسانوں کا کونسا مطالبہ ناجائز ہے جس کی وجہ سے مذاکرات ناکام رہے ہیں اور کسان سات دنوں سے دھرنا دینے پر مجبور ہیں کسان اس کمر توڑ مہنگائی میں اپنا پیٹ پالے یا ملک کے لیے اناج اگائے جب فصل پر لاگت ہی آمدن سے زیادہ ہوگی تو کسان فصل اگانے کو ترجیح کیسے دے گا لہذا حکومت کو چاہیے کہ ہوش کے ناخن لے اور کسانوں کے مطالبات کو فی الفور منظور کرے تاکہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہو سکے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے زیر اہتمام کابل میں بے گناہ طلبا و طالبات کے قتل عام و ذاکر اہل بیتؑ نوید عاشق کے قتل کے خلاف خراسان تا نمائش چورنگی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سےخطاب کرتے ہوئے علامہ باقر عباس زیدی، علامہ شیخ محمد صادق جعفری، علامہ حیات عباس نجفی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نامور ذاکر نوید عاشق بی اے کو دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی اداروں کی نااہلی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگز کا منظم آغاز کیا جارہا ہے، دہشت گرد عناصر کے پشت پناہ حکومت کے اندر موجود ہیں، ملکی سالمیت و بقاء کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، مقتدر قوتیں ہوش کے ناخن لیں، شدت پسند طاقتوں کا راستہ روکنے کے لئے سخت ترین اقدامات کرنے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے ملک بچانے کے لئے قومی سلامتی کے دشمنوں پر آہنی ہاتھ ڈالیں، قانون و انصاف کے تقاضوں کی راہ میں تعصب، مسلکی سوچ اور جانبداری جیسی چیزوں کو رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔ انہوں نے نوید عاشق کے قاتل اور دیگر ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سزا میں تاخیر ان کے حوصلے میں اضافے کا باعث بنتی ہے، شدت پسند ملک و قوم کے مجرم ہیں انہیں قانون کے شکنجے میں لانا ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ مقررین نے کہا کہ دارالحکومت کابل کے شیعہ اکثریتی علاقے دشت برچی میں معصوم بچیوں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے برسر اقتدار آنے کے دوران شیعہ ہزارہ برادری پر ظالمانہ اور غیر انسانی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں سینکڑوں معصوم جانوں کا نقصان ہو چکا ہے لیکن طالبان حکومت ہزارہ برادری کا تحفظ کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال کے عرصے میں کئی سفاکانہ حملے کئے گئے ہیں جن میں ہسپتال، تعلیمی مراکز مساجد و امام بارگاہ شدید متاثر ہوئے ہیں معصوم بچیوں پر کیا گیا یہ تیسرا بزدلانہ حملہ ہے، اس بربریت پر انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹنے والے عالمی اداروں اور ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ طالبان حکومت اس ظلم وبربریت کے ذمہ دار ہیں، اس طرح کے مسلسل حملے جاری رہنا اور حکومتی اداروں کی طرف سے انہیں روکنے میں مسلسل ناکامی انکی کارکردگی اور سوچ پر سوالیہ نشان ہے، اب تک ان حملوں میں ملوث افراد اور شدت پسند گروہوں کی حکومتی سطح پر نہ تو باقاعدہ نشاندہی کی کئی ہے اور نہ ہی منصوبہ بندی کرنے دہشت گرد قانون کی گرفت میں آئے۔
مقررین نے امامزادہ حضرت عبد اللہ شاہ غازیؑ کے مزار پر عزاداری کے جرم میں گرفتاراسیروں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ سندھ حکومت متعصبانہ ورویہ ترک کرکے تمام اسیروں کو فوری رہا کرے، دہشت کردی کی دفعات پر مشتمل بلاجواز ایف آئی آرفوری ختم کی جائےاور کمشنر کراچی کی جانب سے مزار پر عزاداری کے خلاف جاری نوٹیفکیشن فوری واپس لیا جائے ۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں متاثرین سیلاب اور وارثان شہداء کے درمیان 70 راشن اور 115 مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے۔ ہم مولائے کائنات حضرت علی مرتضیٰ علیہ السلام کے ماننے والے ہیں جو راتوں کو روٹی کی بوریاں اٹھا کر غریبوں کے گھر جاتے اور ان کی مدد فرماتے تھے۔ پیروان اہل بیت آل رسول کی سیرت طیبہ کی روشنی میں خدمت انسانیت کو اپنا شعار بنائیں۔ ہم متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک حسب استطاعت ان کی خدمت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شیعہ سنی مسلمان مل کر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ھفتہ وحدت منائیں گے۔ اتحاد بین المسلمین قرآن کریم سنت نبوی اور سیرتِ اہل بیت علیہم السلام سے ثابت ہے۔ اسلام دشمن سامراجی قوتیں امت مسلمہ کے درمیان اختلافات کو ہوا دے کر انتشار اور افتراق پیدا کرنا چاہتی ہیں جو ان کے سامراجی اھداف لڑاؤ اور حکومت کرو کے استکباری منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت مسلمہ کے جذبے کے تحت شیعہ سنی علماء کرام مشائخ عظام وارثان شہداء و اکابرین کی قیادت میں 23 اکتوبر کو جیکب آباد میں عظیم الشان لبیک یا رسول اللہ ریلی نکالی جائے گی۔
وحدت نیوز(شکارپور)چہلم امام حسینؑ کے موقع پر تعلقہ لکی غلام شاہ ضلع شکارپورچک میں جلوس اربعین میں پیدل شریک ہونے والے عزاداروں پر ریاستی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں نامزد تمام عزادار مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے صدر اصغر علی سیٹھار کی شب وروز کوششوں سے سول کورٹ سے باعزت بری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جلوس اربعین میں پیدل شرکت کرنےکو جرم قرار دیکر ماورائے آئین و قانون تعلقہ لکی غلام شاہ ضلع شکارپورچک کے درجنوں عزاداروں پر درج مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے سول جج نے کیس کو خارج کرتے ہوئے تمام نامزد عزاداروں کو باعزت بری کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔
اس موقع پر تمام عزاداروں اور ان کے اہل خانہ سمیت مومنین شکار پور نے مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے صدر اصغر علی سیٹھار کا خصوصی شکریہ ادا کیاجن کی مسلسل جدوجہد اور کوششوں سے عدالت نے ان تمام عزاداروں کو باعزت بری قرار دیا ہے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام مرکزی کردار سازی ورکشاپ نومبر کے پہلے ھفتہ میں اسلام آباد میں ہوگی۔جسمیں ملک بھر سے صوبائی کابینہ کے اراکین شریک ہونگے۔مرکزی رہنما اور سینئر اساتید مختلف علمی ،فکری اور ثقافتی موضوعات پر لیکچر دینگے۔
ایم ڈبلیوایم کےوائس چئیرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام مرکزی کردارسازی ورکشاپ برائے صوبائی مسئولین انشاءاللہ 4،5،6 نومبر کو جامعہ امام صادق ؑ اسلام آباد میں منعقد ہوگی ۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سینئر نائب صدر علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے دیگر شیعہ جماعتوں کے رہنمائوںاور ذاکرین عظام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کےدو ٹوک انداز میں فرمایا تھا کہ ریاست کو آپ کے مذہب سے سروکار نہیں آپ سب آزاد ہیں ہر کوئی اپنی مذہبی آزادی کے ساتھ عبادات بجا لائے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک کو اشرافیہ نے قائد اعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے اصولوں سے ہٹا کر مسلکی مملکت بنانے کے لیے دہشت گرد پال کر قوم کی گردن پر مسلط کر دئیے پاکستان بنانے کی مخالف قوتوں کو پاکستانیوں کے سر پر سوار کر کے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کر دیا گیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ ہزاروں شہادتیں دینے کے بعد ملک امن کی آغوش میں آنے سے پہلے ہی نہ امن کردیا جاتا ہے۔بین الاقوامی شہرت یافتہ ذاکر اہل بیتؑ جناب نوید عاشق بی اے دوران مجلس فائرنگ سے شہید کرنا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سوالیہ نشان ہے ان کے بیگناہ قتل کی پُر زور مذمت کرتے ہیں،حکومت شہید کے قاتل کا جلد ٹرائل کر کےاور اس کے سہولت کاروں کو فلفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔ شھید کا قاتل فقط وہ ملعون نہیں جس نے گولی چلائی ۔شھید کے قتل پر جوڈیشل انکوائری مقرر کر کے حقائق سامنے لائے جائیں۔ ان تمام افراد کو کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے ذہن سازی کی،نشانہ بازی کی تربیت دی ،اسلحہ فراہم کیا۔ہر سہولت کار قانون کے شکنجے میں آنا چاہیے۔ سیالکوٹ سمیت ملک بھر میں انتہا پسندوں کی دہشتگردانہ کاروائیوں کیخلاف پنجاب حکومت کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے۔ آج گجرات میں ایک نامور خطیب کو مجلسِ عزا سے خطاب کرنا تھا شہر میں داخلہ پر پابندی لگا دی کہ ان پر ایف آئی آر ہے یہ بھی قتل نہ ہو جائیں۔ لاقانونیت کی تمام حدیں پار کی جا رہی ہیں۔ ہم پاکستانی ہیں ہمیں بھی جینے کا حق دیا جائے۔ قتل بھی ہم ہوتے ہیں پابندی بھی ہمارے اوپر لگائی جاتی ہے ۔ہم گھر میں مجلس کروانا چاہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے اجازت لو۔آئین پاکستان کی کس شق کے تحت ہم سے اجازت کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
مقررین نے کہا کہ پنجاب بھر میں اربعین کے جلوس میں منظم ہو کر شامل ہونے پر ایف آئی آرز درج کر لی جاتی ہیں۔ہم اپنے پیشواؤں کی مشکلات و مصیبتوں اور ان پر ہونے والے مظالم کا تذکرہ کسی کے مقدسات کا نام لئے بغیر کریں تو بھی ایف آئی آرز درج کر لی جاتی ہیں۔ فور شیڈول ،سولہ ایم پی او ،سیون اے ٹی اے، پانچ منٹ مجلس و جلوس لیٹ ہونے پر لگا دی جاتی ہے۔دوسری طرف سر عام خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی شان میں گستاخی کرنے والا نہ صرف دندناتا پھرتا ہے بلکہ نوجوانوں کو ورغلا کر نفرت کے بیج بوتا پھرتا ہے ۔چند شر پسند امن کا کھلواڑ کرتے ہیں اور ادارے آڈیو لیکس بناننے اور پھیلانے پر لگے ہیں ۔ہم سات کروڑ شیعان حیدر کرار پاکستان میں بستے ہیں ۔ہمارے صبر کا اور کتنا امتحان لیا جائے گا ۔بس کر دو !خدا کے لیے دہشت گرد بنانا اور پالنا بند کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ جو دہشت گردوں کی پشت پناہی میں شہرہ رکھتا ہے،اس کے وزیر داخلہ بنتے ہی پنجاب میں قتل و غارت گری شروع ہو جاتی ہے۔وفاقی حکومت کے مشیرعطا تارڑ کالعدم جماعتوں کے دفاتر جا کر ان کو شہہ دیتے ہیں ۔گورنر پنجاب جھنگ میں کالعدم جماعت کے دفتر جاتے ہیں اور ان کی پشت پناہی کرتے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے ادارے ان شرپسندوں کی پس پردہ پشت پناہی کرتے ہے،جس کی زندہ مثال ایام عزا بلخصوص چہلم امام حسین علیہ السلام کے پر امن شرکاء پر پنجاب بھر میں درجنوں غیر قانونی ایف آئی آرز کا اندراج ہے۔ہم پنجاب حکومت کی منافقانہ پالیسی کی مذمت کرتے ہیں اور متنبہ کرتے ہیںکہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم بلوچستان کی طرح آپ کی بھی حکومت کو پورے ملک کے لئے ایک مثال بنا دیں۔
بروز منگل شہید کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ مرغزار کالونی سے اٹھایا جائے گا ان کی نماز جنازہ تقریباً 12:30بجے دن گورنر ہاؤس کے سامنے ادا کی جائے گی ،ان کی تدفین مومن پورہ قبرستان لاہور میں کی جائے گی لاہور انتظامیہ،تمام متعلقہ اداروں سے گزارش ہے کہ سیکورٹی ودیگر انتظامات میں تعاون کریں۔آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان شہید کے نماز جنازہ میں کیا جائے گا ۔
پریس کانفرنس میں علامہ محمد باقر گھلو وفاق المدارس شیعہ پاکستان، علامہ کرامت عباس حیدری چیرمین خطباء و ذاکرین کونسل پاکستان، علامہ وقار الحسنین نقوی مرکزی کنوینر شیعہ شہریان پاکستان ،پیر سید نوبہار شاہ،چیئرمین شیعہ پولیٹیکل پارٹی پاکستان،سید حسن رضا کاظمی صوبائی رہنماء ایم ڈبلیو ایم پنجاب ،علامہ امتیاز عباس کاظمی،امام جمعہ سمن آباد لاہور ،علامہ حافظ کاظم رضا نقوی امام جمعہ بحریہ ٹاؤن لاہور،سیٹھ عدنان حیدر رہنماء ایم ڈبلیو ایم ،خرم نقوی رہنماء ایم ڈبلیو ایم ،امیر عباس مرزا رہنماء ایم ڈبلیو ایم ،نجم عباس خان صدر ایم ڈبلیو ایم لاہور، قاسم علی قاسمی صدر شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن،حیدر ثقفی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن ،چوہدری صغیر ورک چیرمین تحفظ عزا کونسل پنجاب اورملک امیر مختار ،قمر عباس جدون ودیگر بھی شریک تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے معروف ذاکر اہل بیتؑ نوید عاشق بی اے کی شہادت پر اپنے تعزیتی و مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ذاکراہل بیتؑ نوید عاشق کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جانا سیکورٹی اداروں کی نااہلی ہے۔ملک میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگز کا منظم آغاز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے پشت پناہ حکومت کے اندر موجود ہیں،مقتدر قوتیں ملکی سالمیت و بقا کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے سے باز رہیں،ریاستی اداروں کو ملک بچانے کے لیے قومی سلامتی کے دشمنوں پر آہنی ہاتھ ڈالنا ہو گا،انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے شیعہ ذاکر کے قاتل اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے مرکزی سیکرٹری تعلیم و تربیت محترمہ فرحانہ فصاحت اور مرکزی سیکرٹری عالمات و ذاکرات محترمہ عصمت بتول کے ہمراہ وحدت ہاوس لاہور میں اہم میٹنگ کی جس میں مجلس وحدت مسلمین وومن ونگ سے منسلک خواہران کے لیے تربیتی پلان مرتب کیا گیا۔
اس موقع پر سیدہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ جب تک معاشرے میں خواتین کی تربیت پر کام نہیں کیا جائے گا کسی بھی قسم کی مثبت تبدیلی معاشرے میں لانا نا ممکن ہے ،معاشرے کی اصلاح سازی اور ایک مہدوی معاشرے کے قیام کے لیے ہماری خواتین کو تعلیم و تربیت کے مراحل سے گزرنا ہوگا اور اس مقصد کے حصول کے لیے کارکنان کی تربیتی ورکشاپس اور ایک ماہ میں ایک روزہ تربیتی و علمی نشستوں کا اہتمام کیا جانا بہت ضروری ھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) ماہ ربیع الاول سے مرکزی صدر ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی ملک بھر کے اضلاع کا تنظیمی دورہ کریں گی جس میں سابقہ کارکردگی رپورٹس اور مستقبل کے لائحہ عمل اور ذمہ داریاں طے کی جائیں گی۔
اس سلسلے کے آغاز میں مرکزی صدر نے ضلع اسلام آباد کی سیکرٹری جنرل صدیقہ کائنات اور ان کی کابینہ سے ملاقات کی جس میں پچھلی کارکردگی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا ۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ضلع راولپنڈی کی عبوری سیکرٹری جنرل محترمہ سمعیہ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ شائستہ کو منتخب کیا گیا دونوں ذمہ داران سے حلف لیا گیا دونوں مسئولین تین مہینے کے لیے ضلع راولپنڈی میں اپنی تنظیمی خدمات ادا کریں گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی آفس محترمہ بینا شاہ اور ضلع اسلام آباد و راولپنڈی کی مسئولین محترمہ صدیقہ کائنات ، محترمہ سمعیہ اور محترمہ شائستہ نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی آفس میں مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سیداسد نقوی کے ساتھ اہم میٹنگ کی۔
اجلاس میں ماہ ربیع الاول میں ولادت با سعادت سرور کائنات حضرت محمد مصطفی ص و ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس میں خواتین کی شرکت اور انتظامی امور سے متعلق پروگرام ترتیب دیا گیا۔
اس سلسلہ میں مرکزی صدر وومن ونگ سیدہ معصومہ نقوی نے بذریعہ ٹیلی فون خواہران کو تاکید کی۔ اس کانفرنس میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے اور ان کے طعام ، نشست اور نماز کے انتظامات بہترین انداز میں ترتیب دیا جائے۔