The Latest

وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ہم اسلامی انقلاب کے بعد کے زمانے میں جی رہے ہیں، انقلاب سے پہلے دنیا دو مشرقی اور مغربی بلاکوں میں تقسیم ہوئی تھی، امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) اللہ کی لازوال طاقت کا سہارا لے کر دونوں بلاکوں کے مدمقابل کھڑے ہوئے اور ملت ایران نے اٹھ کر انقلاب بپا کیا اور پوری دنیا کو بدل کر رکھ دیا اور ثابت کرکے دکھایا کہ قومیں مغرب و مشرق کا سہارا لئے بغیر بھی کھڑے ہوسکتے ہیں۔

 تہران میں اسلامی سربراہی کانفرنس ہال میں، اہل بیت (ع) عالمی اسمبلی کی مجلس عمومی کے ساتویں اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے بعد عظیم تر اسرائیل کا طلسم ٹوٹ گیا اور ہم نے ایک نئے تشخص کی تعمیر کی حالانکہ اسلامی انقلاب سے پہلے عرب ممالک ہمیشہ اسرائیل کے مقابلے میں شکست کھا جاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ تمام لوگ جو مکتب امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کے پیروکار ہیں، یعنی وہ جو رہبر انقلاب اسلامی، جو عدل و انصاف کے قیام اور ظلم کے خلاف جدوجہد کا پرچم سنبھالے ہوئے ہیں کی پیروی کرتے ہیں، وہ سب کے سب کامیاب و فتح یاب ہیں۔

 علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمیں باور کرنا چاہیئے کہ ایک خاص قسم کے دور سے گذر رہے ہیں، ہم کفر و منافقت کے مورچوں کو فتح کریں گے، کیونکہ ہم نے ثابت کرکے دکھایا ہے کہ کامیاب ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں، روس اور یوکرین کی جنگ کے بعد طاقت مغرب سے مشرق کی طرف پیش قدمی کیا کرتی تھی لیکن اب یہ عمل الٹ گیا ہے، چنانچہ محور مقاومت کے رکن ممالک کو طاقتور، متحد اور منظم ہونا چاہیئے تاکہ اپنی پیش قدمی کو بدستور جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شیعہ اور سنی عوام اسلامی انقلاب سے متاثر ہوئے اور پاکستانی عوام اسلامی انقلاب پر اعتماد رکھتے ہیں، دشمن آیا اور دہشت گردوں کو ساتھ لایا، وہ ہمیں توڑنا چاہتے تھے لیکن جو مکتب امام اور ولی فقیہ نے متعارف کرایا ہے وہ راہ کشا ہے اور ہم اس پر عمل کرکے کامیاب ہو سکتے ہیں، ہم نے دشمن کو شکست دی، دہشت گرد پاکستان میں ناکام ہوگئے اور ہمارے فرزندان پاکستان ذرہ برابر بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ مراجع تقلید کی طرف سے حوزات علمیہ کا کوئی متصدی متولی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نظام ہائے حکومت کو بدل دینا چاہتے ہیں اور نیا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں۔علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو مغربی ایشیا میں شکست ہوئی اور اب جنوبی ایشیا میں بحران پیدا کرنے کے درپے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ کمزور حکومتیں قائم ہوں اور وہ عوام کی مرضی کے خلاف عمل کریں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کہتے ہیں کہ ہم غلامی قبول نہیں کرتے، خودمختاری اور استقلال چاہتے ہیں، نہ یہ کہ امریکی ہمارے لئے فیصلے کرتے رہیں، ہمارے عوام استکبار کے تسلط سے باہر آگئے اور ہمارا ملک پھر بھی امریکیوں کو فوجی اڈے نہیں دے گا۔

چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہمارے پاس بہت سارے نوجوان علماء اور فضلاء ہیں جو انقلاب کے دھارے میں پروان چڑھے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اولاً ہمارے پاس پروگرام ہونا ضروری ہے اور ہمارے پاس پوری دنیا میں ایسے جوانوں کا ہونا ضروری ہے، ثانیاً ہمارے ملک میں اسماعیلی، نوربخشی وغیرہ جیسے فرقے ہیں، چنانچہ ہمیں ان کے ساتھ ربط و تعلق رکھنا چاہیئے، وسیع رابطوں سے ہماری طاقت میں اضافہ ہوتا ہے اور امریکیوں کو شکست دے سکتے ہیں؟ حزب اللہ کیوں اور کیسے اس مقام پر پہنچی ہے؟ اس لئے کہ وہ ولی فقیہ کی مطیع محض ہے، چنانچہ ہمیں ولایت فقیہ کا مطیع محض ہونا چاہیئے، اس راستے پر گامزن ہونے کے لئے بصیرت کی ضرورت ہے، ہمیں مسائل کی تشریح کرنا چاہیئے اور انشاءاللہ ولی فقیہ کے پرچم تلے فاتح و کامیاب ہونگے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ عزاداری کونسل کا آن لائن اجلاس مرکزی سربراہ شعبہ عزاداری  علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام اور صفر میں عزاداروں کے خلاف درج مقدمات اور کے پی کے میں متنازعہ نصاب تعلیم میں خاندان رسالت خصوصاً حضرت ابوطالب علیہ السلام کی شان میں گستاخی اور ملت جعفریہ کے علماء و اکابرین کے نام شیڈول فور میں ڈالنے جیسے موضوعات پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملت جعفریہ کے علماء و اکابرین نے تسلسل کے ساتھ متنازعہ نصاب تعلیم میں متنازعہ نکات اور تکفیری سوچ کی نشاندھی کی جسے نظر انداز کیا گیا۔ کے پی کے حکومت ملت جعفریہ کے تحفظات دور کرتے ہوئے متنازعہ نصاب تعلیم کی اصلاح کرے اور خاندان رسالت کی شان اقدس میں گستاخی کے مرتکب عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے حکومتوں کی جانب سے محرم اور صفر میں عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج شرمناک عمل ہے جو اھل تشیع کی مذہبی آزادی پر حملہ ہے۔ آئین پاکستان نے پاکستان کے شہریوں کو جس آزادی کی ضمانت دی ہے وہ چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ آئی جی پولیس پنجاب کا چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر جاری کردہ لیٹر غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جسے وکلاء کی مشاورت سے ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملت کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے ہر سطح پر ملت کے حقوق کی جنگ لڑے گی ان مقدمات کے حوالے سے آئندہ ھفتے ملتان اور اسلام آباد میں کانفرنسز کی جائیں گی۔

آن لائن اجلاس کے موقع پر ایم ڈبلیو ایم عزاداری کونسل کے پی کے کے صوبائی سربراہ سید نیئر عباس جعفری، مرکزی دفتر کے مسؤل برادر ارشاد بنگش، عزاداری کونسل پاکستان کے ایڈووکیٹ سید حسنین بخاری، ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید زعیم زیدی اور ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کے صوبائی سربراہ علامہ سید یاسر سبزواری نے عزاداری سے متعلق ایف آئی آرز و ایجنڈا کے نکات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(شکارپور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شعبہ عزاداری کونسل کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی کی ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم شکار پور اصغر علی سیٹھار و دیگر تنظیمی ذمہ داران کے ہمراہ ایس ایس پی شکارپور شیراز نظیر سے ملاقات۔

 علامہ مقصود علی ڈومکی نے چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر تحصیل لکھی غلام شاہ کے شہر چک کے مومنین پر درج ایف آئی آر پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے ایف آئی آر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیدل چل کر چہلم شہدائے کربلا میں شامل ہونا کسی طور پر بھی غیر قانونی عمل نہیں ہوسکتا۔ اھل تشیع کی مذہبی آزادی اور عبادت کا احترام ریاستی اداروں کے فرائض میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 ربیع الاول کی شب چک سٹی میں اسیران اھل بیت علیھم السلام کی کربلا سے مدینہ منورہ واپسی کی یاد میں تاریخی عزاداری و مجلس عزا منعقد ہوتی ہے اس سلسلے میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ شکارپور ضلع ماضی میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے نشانے پر رہا ہے۔ کالعدم دہشت تنظیموں کی شرانگیز سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی شیراز نظیر نے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کو اپنا فرض اولین سمجھتی ہے۔ اس سلسلے میں ہمارا باہمی تعاون قیام امن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چک سٹی میں سالانہ مجلس عزا و عزاداری بسلسلہ واپسی قافلہ سادات اسیران شام کی سیکورٹی کے سلسلے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایس ایس پی شیراز نظیر کو اھل سنت کے ممتاز عالم دین مولانا مفتی نظام الدین شامزئی کی کتاب عقیدہ ظہور حضرت مہدی علیہ السلام کا تحفہ پیش کیا۔ ملاقات کے دوران سابق ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان کماریو بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(کراچی)دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کی جانب سے ہفتہ وار اجتماعی دعائے توسل، مجلس اور ماتمداری بسلسلہ  شہادت جناب رسول خداﷺ و امام حسنؑ کا محفل شاہ خراسان روڈ پر انعقاد، مولانا نعیم الحسن نے دعا کی تلاوت کا شرف حاصل کیا، اور مجلس عزا سے خطاب کیا، مرثیہ و سوز خوانی شہریار مہدی و برادران نے کی، جبکہ نوحہ خوانی علی مرتضیٰ رضوی اور عدنان سیفی کربلائی نے کی، آغا نعیم الحسن نے جناب رسول خداﷺ و امام حسن مجتبیٰؑ کی حیات زندگی پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر دعا کمیٹی اور صوبائی رہنما ناصر حسینی نے سرکار حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر یوم شہادت امام حسن مجتبیٰؑ پر تعزیت کے لیے آنے والے عزاداران امام حسن مجتبیٰؑ اور خواتین، انتظامیہ و پولیس کی سرپرستی میں تکفیری دہشت گردوں کی جانب سے بدتمیزی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبداللہ شاہ غازی حضرت امام حسن مجتبیٰؑ کی اولادوں میں سے ہیں ان کے مزار پر ہمیں عزاداری و ماتمداری سے کوئی نہیں روک سکتا ہم انتظامیہ اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بے گناہ گرفتار عزاداروں کو فی الفور رہا کیا جائے اور جھوٹے مقدمات ختم کیئے جائیں۔

صوبائی رہنما آغا ناصر حسینی نے بلوچستان میں آرمی ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت افسوسناک ہے ہم شہداء کے خانوادوں کو دلی ہمدردی و اظہار تعزیت پیش کرتے ہیں، آخر میں شہدائے ملت جعفریہ و  پاک فوج کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، اجتماعی دعا میں مومنین و مومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نصاب کمیٹی کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے متنازعہ نصاب تعلیم میں اہلبیتؑ کی شان میں گستاخیاں کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ٹیکسٹ بک بورڈ نے متنازعہ نصاب تعلیم میں اہل بیت علیہم السلام کی شان میں بدترین گستاخیاں کی ہیں جبکہ قاضی شریح جیسے دشمنان اہل بیت کی مدح کی گئی ہے، اور دشمنان اہل بیتؑ کو اسلام کے ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

 ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شیعہ، سنی علماء کرام اور اکابرین کی مسلسل نشاندھی کے باوجود نصاب تعلیم میں فرقہ وارانہ تکفیری سوچ پر مبنی متنازعہ مواد خصوصاََ حضرت عمران ابوطالب علیہ السلام اور خاندان رسالت کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کی چوتھی پشت سے شہر قائد میں موجود امام زادہ حضرت عبد اللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر عزاداری کرنے والے ملت تشیع کے مرد و خواتین پر پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کے بیہمانہ تشدد اور مقدمے کے اندراج کو غیر آئینی اور غیر انسانی سلوک قرار دیتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزار کے اندر لاٹھی چارج اور شیلنگ کرکے دربار کے تقدس کو بھی مجروح کیا گیا ہے، دربار کی توہین اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے پولیس افسران اور دیگر عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ قوم لاوارث نہیں ایسے متعصبانہ اقدامات کے خلاف خاموش نہیں بیٹھیں گے، عبداللہ شاہ غازیؒ ایک ولی اللہ ہیں، ان کے مزار پر تمام مکتبہ فکر کے لوگ اپنے طور طریقے سے عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری عبادت ہے، ہمیں اس سے روکا نہیں جا سکتا، گزشتہ روز عزاداروں پر پولیس گردی کے خلاف اگر حکومت کی جانب سے کوئی الیکشن نہ لیا گیا تو ملت تشیع حکومت اعوانوں کے سامنے احتجاج کا اپنا قانونی و آئینی حق رکھتی ہے، اولیاء اللہ کے مزارات کسی سے بھی مخصوص نہیں بلکہ یہ مزارات اسلام کی عزت اور پاکستان میں بسنے والے تمام مسالک کیلئے عزت و احترام کا مرکز ہیں، گزشتہ دنوں ایک کالعدم فرقہ وارانہ جماعت کے افراد نے اہل تشیع خواتین زائرین کو مزار سے نکالنے کی کوشش کی اور فرقہ وارانہ نعرے بازی کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر موجود ہیں، جبکہ زائرین کی جانب سے یہ پروگرام باقائدہ پرمیشن لے کر کیا گیا تھا، شرپسندی و فرقہ واریت پھیلانے والے افراد کے خلاف حکومت کی جانب سے تاحال کوئی مقدمہ قائم نہیں کیا گیا اور نہ ہی اب تک کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی گئی ہے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ یہ دربار کسی کی شخصی یا فرقہ واریت پھیلانے والی کالعدم جماعت کی ملکیت نہیں بلکہ محکمہ اوقاف کی زیر نگرانی ہے جو ایک سرکاری ادارہ ہے، حضرت بی بی پاک دامن، حضرت بری امام، حضرت لعل شہباز قلندر سمیت محکمہ اوقاف کی زیرنگرانی ملک میں متعدد مزارات ایسے ہیں جہاں عزاداری کی جاتی ہے، امام زادہ حضرت عبد اللہ شاہ غازیؒ میں عزاداروں کے خلاف دہشت گردی کے مقامات درج کرنے والے قانون کے بنیادی احکامات سے بھی نابلد ہیں، ایسے متعصب افسران کو فوری طور ہر برطرف کیا جانا چاہیئے جو عبادت کے آئینی حق کو دہشت گردی قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے زیر اثر پولیس گردی کا یہ معمولی واقعہ نہیں اس کے خلاف پورے ملک سے آواز بلند کی جائے گی۔

وحدت نیوز(جھل مگسی) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی جانب سے گنداواہ ضلع جھل مگسی میں آغا سھیل اکبر شیرازی صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان ،ضلعی صدر حبیب اللہ ضلعی نائب صدر سید وفا عباس شاہ بخاری ،ضلعی سیکرٹری جنرل گہنور خان نجف اورضلعی سیکرٹری تبلیغات مولانا گلزار حسین کلواڑ نے گنداواہ کے سیلاب وبارش متاثرین میں ایک سو بیگ راشن 200جوڑے کپڑے تقسیم کئے۔

 اس موقع پر آغا سہیل اکبر شیرازی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جھل مگسی سیلاب اور بارشوں سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے کچھ علاقوں میں ابھی تک پانی موجود ہے اس ضلع میں  مزید راشن ودیگر گھریلو اشیاء کی اشد ضرورت ہے تاکہ جو متاثرین رہ گئے ہیں ان میں بھی راشن وغیرہ تقسیم کیا جاسکے اس لیے مخیرین حضرات سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے۔

وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر شیخ مولانا صادق جعفری نے کراچی پریس کلب میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پے در پے پاکستانی وفود کا دورہ اسرائیل اور ان وفود میں شامل افراد کے خلاف کاروائی نہ کرنا حکومت کے اسرائیل سے خفیہ روابط کی نشاندہی کرتا ہے،قطر میں وزیر اعظم شہباز شریف کی موساد رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق خبروں کی بھی کسی قسم کی حکومتی تردید کا نہ آنا حکومتی بد نیتی کو آشکار کرتا ہے۔پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ مولانا حیات عباس نجفی،مولانا محمد عباس مطہری،مولانا بشیر انصاری،مولانا ملک عباس،جناب میر تقی ظفر صاحب بھی موجود تھے  ۔

رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اہم عہدے پر کام کرنے والے نسیم اشرف اور مشہور معروف ٹی وی چینلز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا دورہ اسرائیل پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور پاکستان کے نظریاتی استحکام کے خلاف سازش کا حصہ ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے تمام شہریوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے جو ماضی اور حال میں غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کا دورہ کر چکے ہیں اور فلسطینی عوام کے قاتل صدر اور عہدیداروں سے ملاقات کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل پاکستانی صحافیوں کا اسرائیل جانا قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد اور افکار کی توہین کے مترادف ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم نے دو ٹوک موقف دیتے ہوئے اسرائیل کو غاصب اور ناجائز ریاست قرار دیا تھا تاہم کوئی بھی حکومت یا فرد قائد اعظم کے بنیادی اصولوں کو تبدیل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ایک تنظیم پاکستان کے صحافیوں کو مسلسل اسرائیل کا دورہ کروانے میں سرگرم عمل ہے اور پاکستان کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں یا پھر یوں کہا جائے کہ اس جرم میں حکومتی و ریاستی ادارے بھی ملوث ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد اورخود مختار ریاست ہے اور کسی بھی عرب ریاست کو یہ حق نہیں دیا جائے گا کہ پاکستان کو عرب  مفادات کی خاطر اسرائیل کے ساتھ نتھی کیا جائے۔رہنماؤں نے پاکستان آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ پاکستان سے مسلسل اسرائیل دورہ کرنے کی خبروں پر سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور ملک میں ایسے اقدامات کی روک تھام کے لئے باقاعدہ قانون سازی کو یقینی بنایا جائے۔ رہنماؤں نے پاکستانی صحافیوں اور دیگر افراد کے اسرائیل دورہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور عوام سے اپیل کی کہ خیانت کاروں کے خلاف آواز بلند کریں۔

 رہنماؤں نے علماء کرام سے اپیل کی ہے جمعہ نماز کے خطبوں میں اسرائیل جانے والے خیانت کاروں کے چہروں کو عوام کے سامنے آشکار کیا جائے۔یاد رہے کہ اسرائیل لاکھوں فلسطینی مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل کر غاصبانہ قبضہ کرکے بنائی گئی ناجائز ریاست ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔مسئلہ فلسطین عربوں کا نہیں بلکہ اسلام اور امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔اگر تمام عرب ریاستیں اسرائیل کے سامنے گھٹنے ٹیک دیں تب بھی پاکستاناور دنیا بھر کے مسلمان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور اس پر قابض کسی بھی جعلی ریاست کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔اسرائیل ایک ناسور ہے اور اس کا واحد حل مقاومت ہے، رہبر معظم سید علی خامنہ ای جیسی بابصیرت قیادت اور شہید قاسم سلیمانی رح کی مجاہدانہ کوششوں کے سبب آج فلسطینی مجاہدین بہت طاقتور ہوچکے ہیں اور اب وہ اسرائیلیوں کو اسرائیل کے اندر جواب دیتے ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)پاک فوج ہیلی کاپٹر کےحادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرچیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا اظہار افسوس ،ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ فوجی نوجوانوں کی شہادت پر سوگواران کی خدمت میں ہدیہ تعزیت وتسلیت پیش کرتا ہوں،بلوچستان میں دو ماہ کے دوران دوسرا بڑا فضائی حادثہ تشویشناک ہے،پاک فوج کے جوان قیمتی اثاثہ ہیں۔حادثات کے محرکات کا تدارک ضروری ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام یوم شہادت حضرت  امام حسنؑ کی مناسبت سے وحدت ہاؤس انچولی میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا، جس سے نجف اشرف سے آئے مہمان عالم دین علامہ حیات عباس نجفی نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن (ع) کا ہر عمل حکمت و دانش سے بھرپور اور ہر قول اپنے اندر علم کے خزانے سمیٹے ہوئے تھا، آپؑ سراپا حق و صداقت تھے۔ انہوں نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ ظاہری جاہ و منصب سے تو دستبرداری اختیار کی جاسکتی ہے لیکن راہ حق سے ایک لحظے کے لئے بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام نے سیاسی تدبر اور حکمت عملی سے اپنے محبین کو ان کی جانوں اور ناموس کو تحفظ فراہم کیا، امام (ع) کی سیرت سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ اپنی قوم کی جانوں کا دفاع ہر عہدے اور ہر اختیار پر مقدم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ہر تعلق ہر عہدے سے دستبردار تو ہوا جا سکتا ہے لیکن قوم کے حقوق کی پاسداری سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی اپنے رہبر کے ہمراہ میدان عمل میں موجودگی مقصد کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے، وہ قوم کبھی باوقار مقام نہیں حاصل کر سکتی جو عمل سے کترائے اور زبانی جمع خرچ سے منزل کی جستجو کرے، اگر قوم وفا نہ کرے تو امام حسن علیہ السلام جیسے عظیم رہنما کو بھی تنہائی کا صدمہ جھیلنا پڑتا ہے اور دشمن کو اپنے مکر و فریب میں کامیابی حاصل ہوتی ہے، حق بات پر استقامت دکھانا اہل بیت اطہار علیہم السلام کا شعار ہے، ہم مظلوم کے حمایتی اور ظالم کے ہمیشہ مخالف رہیں گے۔ مجلس عزا میں علامہ صادق جعفری، ملک غلام عباس، مولانا نشان حیدر سیمت کثیر تعداد میں کارکنان و عزاداران نے شرکت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree